صحائف
عقائد اور عہُود ۹۳


فصل ۹۳

۶ مئی ۱۸۳۳، کرٹ لینڈ، اوہائیو میں، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے دیا گیا مُکاشفہ۔

۱–۵، تمام جو اِیمان دار ہیں خُداوند کو دیکھیں گے؛ ۶–۱۸، یُوحنّا نے گواہی دی کہ خُدا کے بیٹے نے فضل پر فضل پایا جب تک اُس نے باپ کے جلال کی مَعمُوری نہ پائی؛ ۱۹–۲۰، اِیمان دار لوگ بھی، جو فضل پر فضل پاتے ہیں، اُس کی مَعمُوری پائیں گے؛ ۲۱–۲۲، وہ جو مسِیح کے وسیلے سے پَیدا ہوتے ہیں پہلوٹھے کی کلِیسیا ہیں؛ ۲۳–۲۸، مسِیح نے ساری سچّائی کی مَعمُوری پائی اور اِنسان بھی فرماں برداری سے یہی کر سکتے ہیں؛ ۲۹–۳۲، اِنسان اِبتدا میں خُداکے ساتھ تھا؛ ۳۳–۳۵، عناصر اَبَدی ہیں، اور اِنسان قیامت میں خُوشی کی مَعمُوری پا سکتا ہے؛ ۳۶–۳۷، خُدا کا جلال فہم ہے؛ ۳۸–۴۰، مسِیح کی مُخلصی کے سبب سے بچّے خُدا کے حُضُور معصوم ہیں؛ ۴۱–۵۳، راہ نما بھائیوں کو حُکم دیا گیا ہے کہ اپنے خاندانوں کو مُنَظّم کریں۔

۱ سچّ، خُداوند یُوں فرماتا ہے: اَیسا ہو گا کہ ہر وہ جان جو اپنے گُناہوں کو ترک کرتی اور میرے پاس آتی، اور میرا نام پُکار تی، اور میری آواز کی فرمان برداری کرتی اور میرے حُکموں کو مانتی ہے، مُجھے رُوبرُو دیکھے گی اور جانے گی کہ مَیں ہُوں؛

۲ اور کہ حقیقی نُور مَیں ہُوں جو ہر شخص کو مُنوّر کرتا ہے جو اِس دُنیا میں آتا ہے؛

۳ اور مَیں باپ میں ہُوں، اور باپ مُجھ میں ہے، اور باپ اور مَیں ایک ہیں—

۴ باپ اِس لیے کہ اُس نے مُجھے اپنی مَعمُوری عطا فرمائی، اور بیٹا کیوں کہ مَیں دُنیا میں تھا اور بدن کو اپنا خیمہ بنایا، اور بنی آدم کے درمیان میں بسا۔

۵ مَیں دُنیا میں تھا اور مَیں نے باپ سے پایا، اور اُس کے کام صاف ظاہر ہُوئے

۶ اور یُوحنّا نے میرے جلال کی مَعمُوری دیکھی اور گواہی دی، اور یُوحنّا کے بیان کی مَعمُوری بعد میں ظاہر کی جائے گی۔

۷ اور اُس نے یہ کہتے ہُوئے گواہی دی: مَیں نے اُس کا جلال دیکھا، جو اِبتدا میں تھا، بنائے عالم سے پہلے؛

۸ پَس، اِبتدا میں کلام تھا، کیوں کہ وہ کلام تھا، یعنی نجات کا پیامبر—

۹ دُنیا کا نُور اور مُخلصی دینے والا؛ سچّائی کا رُوح، جو اِس دُنیا میں آیا، کیوں کہ دُنیا اُسی کے وسِیلے سے بنائی گئی تھی، اور اُس میں آدمیوں کی زِندگی اور آدمیوں کا نُور تھا۔

۱۰ اور دُنیائیں اُس کے وسِیلے سے بنائی گئیں، اِنسان اُس کے وسِیلے سے پَیدا ہُوئے، ساری چِیزیں اُس نے، اور اُس کے وسِیلے سے، اور اُس کے لیے بنائی گئیں۔

۱۱ اور مَیں، یُوحنّا، گواہی دیتا ہُوں کہ مَیں نے اُس کا اَیسا جلال دیکھا، جَیسے باپ کے اِکلوتے کا، جو فضل اور سچّائی سے بھرا ہے، یعنی سچّائی کے رُوح سے، جو آیا اور مجسم ہوا، اور ہمارے درمیان رہا۔

۱۲ اور مُجھ، یُوحنّا، نے دیکھا کہ اُس نے پہلے مَعمُوری نہ پائی، مگر فضل پر فضل پایا۔

۱۳ اور اُس نے مَعمُوری کو پہلے سے نہ پایا، مگر فضل اور سچّائی پاتا رہا جب تک اُس نے مَعمُوری نہ پا لی؛

۱۴ اور یُوں وہ خُدا کا بیٹا کہلایا، کیوں کہ اُس نے مَعمُوری پہلے سے نہ پائی۔

۱۵ اور مَیں، یُوحنّا، گواہی دیتا ہُوں، اور نظر کرو، افلاک کھولے گئے اور رُوحُ القُدس اُس پر کبوتر کی طرح نازِل ہُوا، اور اُس پر ٹھہر گیا، اور آسمان سے یہ کہتی ہوئی آواز آئی: یہ میرا پیارا بیٹا ہے۔

۱۶ اور مَیں، یُوحنّا، گواہی دیتا ہُوں کہ اُس نے باپ کے جلال کی مَعمُوری پائی؛

۱۷ اور اُس نے، دونوں آسمان اور زمِین میں، ساری قُدرت پائی، اور باپ کا جلال اُس کے ساتھ تھا، کیوں کہ وہ اُس میں بستا تھا۔

۱۸ اور اَیسا ہو گا، کہ اگر تُو اِیمان دار ہو گا تو یُوحنّا کے بیان کی مَعمُوری پائے گا۔

۱۹ اور یہ باتیں مَیں تُجھے اِس لیے دیتا ہُوں کہ تُو جانے اور سمجھے کہ کیسے عِبادت کرنا ہے، اور جان لے کہ تُجھے کس کی عِبادت کرنا ہے، تاکہ تُو باپ کے پاس میرے نام سے آئے، اور مُقرّرہ وقت میں اُس کی مَعمُوری پائے۔

۲۰ کیوں کہ اگر تُو میرے اَحکام پر عمل کرے گا تُو اُس کی مَعمُوری پائے گا، اور مُجھ میں پُر جلال ہو گا جَیسا مَیں باپ میں ہُوں؛ پَس، مَیں تُم سے کہتا ہُوں، تُم فضل پر فضل پاؤ گے۔

۲۱ اور اب، مَیں تُجھ سے سچّ کہتا ہُوں، مَیں اِبتدا میں باپ کے ساتھ تھا، اور مَیں پہلوٹھا ہُوں؛

۲۲ اور سب جو میرے وسیلے سے پیدا ہُوئے ہیں اُسی جلال کے حِصّہ دار ہیں، اور پہلوٹھے کی کلِیسیا کے ہیں۔

۲۳ تُم بھی اِبتدا میں باپ کے ساتھ تھے؛ وہ جو رُوح ہے، یعنی سچّائی کا رُوح؛

۲۴ اور سچّائی چِیزوں کا عِلم ہے جَیسے وہ ہیں، اور جَیسے وہ تھیں، اور جَیسے وہ ہوں گی؛

۲۵ اور جو بھی اِس سے زیادہ یا کم ہے اُس بدکار کا رُوح ہے جو اِبتدا سے ہی جُھوٹا تھا۔

۲۶ سچّائی کا رُوح خُدا کی طرف سے ہے۔ مَیں سچّائی کا رُوح ہُوں، اور یُوحنّا نے اِس کی گواہی یہ کہتے ہُوئے دی: اُس نے سچّائی کی مَعمُوری پائی، ہاں، یعنی تمام سچّائی کی؛

۲۷ اور کوئی شخص مَعمُوری نہیں پاتا، سوائے اُس کے کہ جو اُس کے حُکموں پر عمل کرتا ہے۔

۲۸ وہ جو اُس کے حُکموں پر عمل کرتا ہے سچّائی اور نُور پاتا ہے، جب تک وہ سچّائی میں پُرجلال نہ کِیا جائے اور سب چِیزیں نہ جان لے۔

۲۹ اِنسان بھی اِبتدا میں خُدا کے ساتھ تھا۔ فہم، یا سچّائی کا نُور، تخلیق یا بنایا نہ گیا، نہ ہی در حقیقت بنایا جا سکتا ہے۔

۳۰ تمام سچّائی اُس حلقے میں جِس میں خُدا نے اُسے رکھا ہے آزاد ہے، کہ خُود عمل کرے، اِسی طرح تمام فہم بھی؛ ورنہ کوئی وُجُود نہ ہوتا۔

۳۱ دیکھو، یہاں اِنسان کی مرضی ہے، اور یہاں اِنسان کی سزا ہے، کیوں کہ وہ جو اِبتدا سے تھا اُن پر صاف ظاہر کِیا گیا ہے، اور وہ نُور کو قَبُول نہیں کرتے۔

۳۲ اور ہر آدمی جِس کی رُوح نُور کو قَبُول نہیں کرتی سزاوار ہے۔

۳۳ پَس اِنسان رُوح ہے۔ عناصر اَبَدی ہیں، اور رُوح اور عنصر لانیفک طور پر جُڑے، خُوشی کی مَعمُوری پاتے ہیں؛

۳۴ اور جب جُدا ہوتے ہیں، اِنسان خُوشی کی مَعمُوری نہیں پا سکتا۔

۳۵ عناصر خُدا کا خیمہ ہیں؛ ہاں اِنسان خُدا کا خیمہ ہے یعنی ہیکلیں؛ اور جو ہیکل ناپاک ہے، خُدا اُس ہیکل کو تباہ کرے گا۔

۳۶ خُدا کا جلال فہم ہے، یا باالفاظِ دیگر، نُور اور حق۔

۳۷ نُور اور حق اُس اِبلِیس کو ترک کرتے ہیں۔

۳۸ ہر اِنسان کی رُوح اِبتدا میں معصوم تھی؛ اور خُدا نے اِنسان کو زوال پذیری سے بچایا، اِنسان پھِر سے اپنی شیرخواری کی حالت میں آئے، خُدا کے حُضُور معصوم۔

۳۹ اور وہ بدکار آتا ہے، اور نافرمانی کے ذریعے سے اور اُن کے باپ دادا کی روایات کے ذریعے سے بنی آدم سے، نُور اور سچّائی لے جاتا ہے۔

۴۰ لیکن مَیں نے تُجھے حُکم دیا ہے کہ اپنے بچّوں کی نُور اور سچّائی سے تربیت اور پرورش کر۔

۴۱ لیکن میرے خادِم فریڈرک جی وِلیمز مَیں تُجھ سے سچّ کہتا ہُوں، تُو اِس سزا میں ٹھہرا ہُوا ہے؛

۴۲ تُو نے اپنے بچّوں کو حُکموں کے مُطابق نُور اور سچّائی نہیں سِکھائی؛ اور وہ بدکار ابھی تُجھ پر اِختیار رکھتا ہے، اور تیری اِیذا کا سبب ہے۔

۴۳ اور اب مَیں تُجھے حُکم دیتا ہُوں—اگر تُو چھڑایا جانا چاہتا ہے تُجھے اپنا گھر دُرست کرنا ہو گا، کیوں کہ تیرے گھر میں بُہت سی اَیسی چِیزیں ہیں جو دُرست نہیں۔

۴۴ سچّ، مَیں اپنے خادِم سِڈنی رِگڈن سے کہتا ہُوں، کہ اپنے بچّوں کے بارے میں کُچھ چِیزوں میں اِس نے اَحکام پر عمل نہیں کِیا ہے؛ پَس، پہلے اپنا گھر دُرست کرو۔

۴۵ سچّ، مَیں اپنے خادِم جوزف سمِتھ جُونئیر سے کہتا ہُوں، یا باالفاظِ دیگر، مَیں تُجھے دوست پُکاروں گا، کیوں کہ تُم میرے دوست ہو، اور تُم میرے ساتھ مِیراث پاؤ گے—

۴۶ مَیں نے تُجھے دُنیا کے واسطے خادِم پُکارا، اور تُم میرے واسطے اُن کے خادِم ہو—

۴۷ اور اب، مَیں اپنے خادِم جوزف سمِتھ جُونئیر سے سچّ کہتا ہُوں—تُم نے حُکموں پر عمل نہیں کِیا، اور ضرور ہے کہ خُداوند کے حُضُور ملامت کے لیے پیش کِیا جائے؛

۴۸ تیرے خاندان کو ضرور توبہ کرنا اور کُچھ چِیزیں ترک کرنا ہیں، اور تُمھاری باتوں کو مزید سنجیدہ توجہ دینا ہے، ورنہ وہ اپنی جگہ سے ہٹائے جائیں گے۔

۴۹ جو کُچھ مَیں کسی ایک سے کہتا ہُوں مَیں سب سے کہتا ہُوں؛ ہمیشہ دُعا کر اَیسا نہ ہو کہ وہ بدکار تُجھ پر اِختیار پائے، اور تُجھے تیری جگہ سے ہٹائے۔

۵۰ میرے خادِم نیول کے وِٹنی کو بھی، جو کلِیسیا کا اُسقُف ہے، ملامت کی ضرورت ہے، اور اپنے خاندان کو دُرست کرے، اور دیکھے کہ وہ گھر میں زیادہ جاں فِشان اور وابسطہ ہیں، اور ہمیشہ دُعا کریں، ورنہ وہ اپنی جگہ سے ہٹا دیے جائیں گے۔

۵۱ اب، مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، میرے دوستو، میرا خادِم سِڈنی رِگڈن اپنے سفر پر روانہ ہو، اور جلدی کرے، اور خُداوند کے سالِ مَقبُول اور نجات کی اِنجِیل کی مُنادی کرے، مَیں اُسے قُوّتِ گویائی عطا کرُوں گا؛ اور تیری باہم رضامندی کی پُراِیمان دُعا سے مَیں اُسے بچائے رکھوں گا۔

۵۲ اور میرا خادِم جوزف سمِتھ جُونئیر، اور فریڈرک جی وِلیمز بھی جلدی کریں، اور اِیمان کی دُعا کے مُطابق اُنھیں دیا جائے گا؛ اور جِس قدر تُو میری باتوں پر عمل کرے گا تُو اِس دُنیا میں شرمِندہ نہ ہوگا، نہ ہی آنے والے جہان میں۔

۵۳ اور مَیں تُجھ سے سچّ کہتا ہُوں، کہ یہ میری مرضی ہے کہ تُو میرے صحائف کا ترجمہ کرنے میں جلدی کر، اور تارِیخ کا عِلم حاصل کر، اور ممالک کا، اور بادِشاہتوں کا، اور خُدا اور اِنسان کے قوانین کا علم حاصل کر، اور یہ سب صِیُّون کی نجات کے لیے ہے۔ آمین۔