صحائف
عقائد اور عہُود ۳


فصل ۳

جولائی ۱۸۲۸، ہارمونی، پنسلوانیا میں، نبی جوزف سمِتھ کو مورمن کی کِتاب کے پہلے حِصّہ کے ۱۱۶ صفحات کے ترجمہ شُدہ مسوّدے، جو لحی کی کِتاب کہلاتی تھی، کی گُم شُدگی سے مُتعلّق مُکاشفہ دیا گیا۔ نبی نے ہچکچاتے ہُوئے یہ صفحات اپنی تحویل سے مارٹن ہیرس کو دے دیے تھے، جِس نے تھوڑے عرصہ کے لیے مورمن کی کِتاب کے ترجمے کے لیے بطور نقل نویس کے خدمت کی تھی۔ مُکاشفہ اوریم اور تمیم کے وسیلےسے دیا گیا۔ (دیکھیے فصل ۱۰۔)

۱–۴، خُداوند کی راہ ایک اَبَدی مدار ہے؛ ۵–۱۵، جوزف سمِتھ ضرور توبہ کرے یا ترجمے کی نعمت سے محروم ہو؛ ۱۶–۲۰، مورمن کی کِتاب لحی کی نسل کو بچانے کے لیے آتی ہے۔

۱ خُدا کے کاموں، اور منصُوبوں اور اِرادوں، کو ناکام نہیں کِیا جا سکتا، اور نہ اِنھیں خاک میں ملایا جا سکتا ہے۔

۲ کیوں کہ خُدا ٹیڑھی راہوں پر نہیں چلتا، نہ وہ دائیں ہاتھ مُڑتا ہے نہ ہی بائیں، نہ وہ اپنی کہی ہُوئی باتوں سے پھِرتا ہے، پَس اُس کی راہیں سیدھی ہیں اور اُس کی راہ اَبَدی مدار ہے۔

۳ یاد رکھو، یاد رکھو، خُدا کے کام نہیں، بلکہ اِنسانوں کے کام ناکام ہوتے ہیں۔

۴ پَس اِس کے باوُجُود کہ کوئی شخص کئی مُکاشفے پا سکتا ہے، اور کئی عظیم کام کرنے کی قُدرت رکھ سکتا ہے، اگر پھِر بھی وہ اپنی طاقت پر گُھمنڈ کرتا ہے، اور خُدا کی مشورت کو ہیچ جانتا ہے، اور اپنی مرضی اور نفسانی خواہشات کا تابع ہو جاتا ہے، وہ ضرور گِرتا اور عادِل خُدا کا غضب اپنے پر لاتا ہے۔

۵ دیکھو، تُجھے اِن چِیزوں کا اَمین ٹھہرایا گیا ہے، بلکہ تیرے لیے اَحکام بھی کتنے کڑے تھے؛ اور وہ وعدے بھی یاد رکھ جو تیرے ساتھ کیے گیے تھے، بشرطیکہ تُو اُن کی حُکم عدُولی نہ کرتا۔

۶ اور دیکھ، تُو نے کتنی بار خُدا کے اَحکام اور قوانین کی حُکم عدُولی کی ہے اور آدمیوں کی ترغیبات پر متوجہ ہو چُکا۔

۷ پَس، دیکھ، تُجھے خُدا سے زیادہ آدمیوں سے ڈرنا نہ چاہیے تھا۔ اگرچہ آدمی خُدا کی مشورت کو ہیچ جانتے، اور اُس کے کلام کو رَدّ کرتے ہیں—

۸ تاہم تُجھے وفادار رہنا چاہیے تھا؛ اور وہ اپنا بازُو بڑھاتا اور دُشمن کے تمام آتشی تِیروں کے خِلاف تُجھے بچاتا؛ اور وہ ہر مُصِیبت کے وقت تیرے ساتھ ہوتا۔

۹ دیکھ، تُو جوزف ہے، اور تُو خُداوند کا کام کرنے کے لیے چُنا گیا تھا، لیکن خطا کے سبب سے، اگر تُو باخبر نہیں ہے تو تُنزلی پائے گا۔

۱۰ مگر یاد رکھ، خُدا رحیم ہے؛ پَس، اُس سے توبہ کر جو تُو نے میرے دیے گئے حُکم کے خِلاف کِیا ہے، اور تُو ابھی تک چُنیدہ ہے اور دوبارہ اِس کام کے لیے بُلایا گیا ہے؛

۱۱ اگر تُو اَیسا نہیں کرتا تو تُو رَدّ کر دیا جائے گا اور دُوسرے آدمیوں کی مانِند بن جائے گا، اور تیرے پاس مزید نعمت نہ ہوگی۔

۱۲ اور جب تُو اُسے جِس کا ترجمہ کرنے کے لیے خُدا نے تُجھے بصیرت اور قُدرت بخشی ہے کسی کے حوالے کرتا ہے، تو جو مُقَدَّس ہے اُسے بدکار شخص کے حوالے کرتا ہے،

۱۳ جِس نے خُدا کی مشورت کو حقیر جانا ہے اور خُدا کے حُضُور کیے گئے مُقَدَّس ترین وعدوں کو توڑا ہے اوراُس نے اپنی رائے پر اِنحِصار اور اپنی حِکمت پر گُھمنڈ کِیا ہے۔

۱۴ اور یہی وجہ ہے کہ ایک عرصہ کے لیے تُو نے اپنے اِمتیازات کھو دیے—

۱۵ کیوں کہ تُو نے اِبتدا سے اپنے ہدایت دینے والے کی مشورت کو پامال ہونے دیا۔

۱۶ اِس کے باوُجُود، میرا کام آگے بڑھے گا، جِس طرح یہودیوں کی گواہی کے وسِیلے نجات دہندہ کا عِلم اِس دُنیا میں آیا، اُسی طرح نجات دہندہ کا عِلم میرے لوگوں تک آئے گا—

۱۷ اور نیفیوں، اور یعقوبیوں، اور یُوسفیوں، اور ضورامیوں تک، اُن کے آباواجداد کی گواہی کے وسیلے—

۱۸ اور اِس گواہی کا عِلم لامنوں، اور لیموئیلوں، اور اسمٰعیلیوں کو ہوگا، جو اپنے آباواجداد کی بدیوں کے سبب بےاعتقادی میں بھٹکے، جِن کو خُداوند نے اُن کے اپنے بھائی نیفیوں سے، اُن کی بدیوں اور اُن کی مکرُوہات کے سبب برباد ہونے دیا۔

۱۹ اور اِسی مقصد کے لیے یہ اَوراق محفُوظ کر لیے گئے ہیں، جو اِن بیانات پر مُشتَمِل ہیں—کہ خُداوند کے وعدے پُورے ہوں، جو اُس نے اپنے لوگوں سے کیے؛

۲۰ تا کہ لامنی اپنے آباواجداد کا عِلم پائیں، اور کہ وہ خُداوند کے وعدوں کو جانیں، اور کہ وہ اِنجِیل پر اِیمان لائیں اور کہ یِسُوع مسِیح کی فضیلت پر توکل کریں، اور اُسی کے نام پر اِیمان کے وسِیلے سے جلال پائیں، اور کہ اپنی توبہ کے وسِیلے سے بچائے جائیں۔ آمین۔