صحائف
عقائد اور عہُود ۷۱


فصل ۷۱

یکم دسمبر ۱۸۳۱ کو حائرم، اوہائیو میں، نبی جوزف سمِتھ اور سِڈنی رِگڈن کو دیا گیا مُکاشفہ۔ نبی نے سِڈنی رِگڈن کو بطورِ کاتب اپنے ساتھ لیے ہُوئے اِس رویا کے ملنے تک بائِبل کے ترجمے کو جاری رکھا تھا، اِس دوران میں اُسے وقتی طور پر مُلتوی کِیا تاکہ وہ یہاں دی گئی ہدایت کو پُورا کر سکیں۔ بھائیوں کو جا کر غیردوستانہ جذبات کو کم کرنے کے لیے مُنادی کرنا تھی جو کلِیسیا کے خِلاف عزرا بوتھ کے لِکھے ہُوئے خطُوط کی اشاعت کی وجہ سے اُبھرے تھے، جو برگشتہ ہو چُکا تھا۔

۱–۴، جوزف سمِتھ اور سِڈنی رِگڈن کو اِنجِیل کی مُنادی کے لیے بھیجا گیا؛ ۵–۱۱، مُقَدَّسین کے دُشمن شرمِندہ کیے جائیں گے۔

۱ دیکھو، خُداوند اپنے خادِموں جوزف سمِتھ جُونئیر اور سِڈنی رِگڈن سے یُوں فرماتا ہے، کہ وقت درحقیقت آ گیا ہے کہ میری دانِست میں یہ ضروری اور اَہم ہے کہ تُم میری اِنجِیل کی مُنادی کے لیے اپنے مُنہ کھولو، صحائف میں سے بادِشاہی کی اُن باتوں کے بھیدوں کی تفسیر کرو، جو رُوح اور قُدرت کے اُس حِصّے کے مُطابق تُمھیں دیا جائے گا، جَیسا کہ مَیں چاہتا ہُوں۔

۲ مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، تھوڑے وقت کے لیے، اِردگِرد کے علاقوں کے سب لوگوں میں مُنادی کرو، اور کلِیسیا میں بھی، جب تک یہ تُم پر ظاہر کِیا جائے گا۔

۳ درحقیقیت یہ ذِمّہ داری تھوڑے عرصے کے لیے ہے، جو مَیں تُمھیں دیتا ہُوں۔

۴ پَس، تُم میرے تاکِستان میں مُشقّت کرو۔ زمِین کے باشِندوں کو بُلاؤ، اور گواہی دو، اور اَحکام اور مُکاشفوں کے لیے راہ تیار کرو جو آنے والے ہیں۔

۵ اب، دیکھو یہ حِکمت ہے؛ جو کوئی پڑھتا ہے، وہ سمجھے اور قَبُول بھی کرے؛

۶ پَس جو اِسے قَبُول کرتا ہے اُس کو اور کثرت سے دیا جائے گا، یعنی اِختیار۔

۷ پَس، اپنے دُشمنوں کو شرمِندہ کرو، اُنھیں دُنیا کے سامنے اور پوشیدگی میں اپنی مُلاقات کے لیے بُلاؤ؛ اور تُم جِس قدر اِیمان دار ہو گے اُن کی شرم اُسی قدر ظاہر کی جائے گی۔

۸ پَس، اُنھیں خُداوند کے خِلاف اپنی مضبُوط دلیلیں لانے دو۔

۹ درحقیقت خُداوند تُم سے یُوں فرماتا ہے—اَیسا کوئی ہتھیار نہیں جو تُمھارے خِلاف بنایا گیا ہے کہ کامیاب ہو۔

۱۰ اور اگر کوئی شخص تُمھارے خِلاف اپنی آواز اُٹھائے وہ میرے اپنے مُقرّرہ وقت پر شرمِندہ کِیا جائے گا۔

۱۱ پَس، میرے حُکموں پر عمل کرو؛ وہ سچّے اور برحق ہیں۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔