صحائف
عقائد اور عہُود ۵۳


فصل ۵۳

۸ جُون ۱۸۳۱، کرٹ لینڈ، اوہائیو میں، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے اَلگرنون سِڈنی گلبرٹ کو دیا گیا مُکاشفہ۔ سِڈنی گلبرٹ کی درخواست پر، نبی نے بھائی گلبرٹ کی کلِیسیا میں ذِمّہ داری اور تَقرُّری کے بارے میں خُداوند سے دریافت کِیا۔

۱–۳، سِڈنی گلبرٹ کی کلِیسیا میں بُلاہٹ اور چناؤ بحیثیتِ بُزرگ مُقرّر ہونا ہے؛ ۴–۷، اُسے اُسقُف کے نمایندے کے طور پر بھی خدمت کرنا ہے۔

۱ دیکھ، میرے خادِم سِڈنی گِلبرٹ، مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، کہ مَیں نے تیری دُعاؤں کو سُنا ہے؛ اور تُو نے مُجھے اِس لیے پُکارا کہ تُجھ پر خُداوند تیرے خُدا کی طرف سے کلِیسیا میں تیری بُلاہٹ اور چناؤ کے بارے میں آشکار کِیا جائے، جو مَیں نے اِن آخِری ایّام میں قائم کی ہے۔

۲ دیکھ، مَیں، خُداوند، جو دُنیا کے گُناہوں کے لیے مصلُوب ہُوا، تُجھے حُکم دیتا ہُوں کہ تُو دُنیا کو ترک کرے گا۔

۳ تُو اپنی تَقرُّری کو قَبُول کر، یعنی کہ بُزرگ کی، تاکہ میرے کلام کے مُطابق اِیمان، توبہ اور گُناہوں کی مُعافی، اور سروں پر ہاتھوں کے رکھے جانے سے رُوحُ القُدس پانے کی مُنادی کرو؛

۴ اور اِس کلِیسیا کے لیے اُس جگہ پر نمایندہ بھی بنو جو اُسقُف کی طرف سے اُن حُکموں کے مُطابق مُقرّر کی جائے گی، جو بعد میں دیے جائیں گے۔

۵ اور پھِر، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، کہ تُم میرے خادِموں جوزف سمِتھ جُونیئر، اور سِڈنی رِگڈن کے ساتھ سفر کرو گے۔

۶ دیکھ، یہ پہلی رُسُوم ہیں جو تُم پاؤ گے؛ اور باقی آنے والے وقت میں، میرے تاکِستان میں تیری محنت کے مُطابق ظاہر کی جائیں گی۔

۷ اور پھِر، مَیں چاہتا ہُوں کے تُو سیکھے کہ صرف وہی بچایا جائے گا جو آخِر تک برداشت کرتا ہے۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔