صحائف
عقائد اور عہُود ۶۵


فصل ۶۵

۳۰ اَکتوبر ۱۸۳۱ کو حائرم، اوہائیو میں، دُعا کی بابت نبی جوزف سمِتھ کے وسِیلے سے دیا گیا مُکاشفہ۔

۱–۲، خُدا کی بادِشاہی کی کُنجیاں اِنسان کو زمِین پر دی گئی ہیں، اور اِنجِیل کا دعویٰ فتح پائے گا؛ ۳–۶، آسمان کی ہزار سالہ بادِشاہی زمِین پر آ کر خُدا کی بادِشاہی سے مِل جائے گی۔

۱ سُنو، اور دھیان لگاؤ، اُس کی آواز پر جو اُوپر سے نیچے بھیجا گیا ہے، جو قادِر اور قُدرت والا ہے، جِس کی گشت زمِین کی اِنتہاؤں تک ہے، ہاں، جِس کی صدا تمام آدمیوں کے لیے ہے—خُداوند کی راہ تیار کرو، اُس کے راستے سِیدھے بناؤ۔

۲ خُدا کی بادِشاہی کی کُنجیاں اِنسان کو دی گئی ہیں، اور وہاں سے اِنجِیل زمِین کی اِنتہاؤں تک پھیلے گی، اُس پتھر کی طرح جو پہاڑ سے بغیر ہاتھوں کے کاٹا گیا ہو لُڑھکتا جائے گا، یہاں تک کہ وہ پُوری زمِین پر پھیل جائے۔

۳ ہاں، ایک آواز چِلاتی ہے—خُداوند کی راہ تیار کرو، برّے کی فسح تیار کرو، دُولھا کے لیے تیاری کرو۔

۴ خُداوند سے دُعا کرو، اُس کا مُقَدَّس نام پُکارو، اُس کے عجیب کام لوگوں میں بیان کرو۔

۵ خُداوند کو پُکارو، تاکہ اُس کی بادِشاہی زمِین پر پھیلے، تاکہ باشِندے اُسے قَبُول کریں، اور آنے والے دِنوں کے لیے تیار ہوں، جِن میں اِبنِ آدم، اپنے جلال کے نُور میں ملبوس، آسمان سے نیچے آئے گا، تاکہ خُدا کی بادِشاہی سے مِلے جو زمِین پر قائم ہے۔

۶ پَس، اَیسا ہو کہ خُدا کی بادِشاہی پھیلے، تاکہ آسمان کی بادِشاہی آئے، کہ تُو، اَے خُدا، آسمان کی طرح زمِین پر بھی جلال پائے، تاکہ تیرے دُشمن زیر ہوں؛ پَس عزت، قُدرت اور جلال، ہمیشہ ہمیشہ کے لیے تیرا ہے۔ آمین۔