صحائف
عقائد اور عہُود ۲۵


فصل ۲۵

جولائی ۱۸۳۰، ہارمونی، پنسلوانیا میں، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے دیا گیا مُکاشفہ۔ (دیکھیے فصل ۲۴ کی شہ سُرخی) یہ مُکاشفہ ایما سمِتھ، نبی کی اَہلیہ، کے حوالے سے خُداوند کی مرضی ظاہر کرتا ہے۔

۱–۶، ایما سمِتھ، برگُزیدہ خاتون ہے، اور اپنے خاوند کی مدد اور تسلّی کے لیے بُلائی گئی ہے؛ ۷–۱۱، وہ کِتابت کے لیے، صحائف کی تفسیر کرنے کے لیے، اور گیتوں کے اِنتخاب کے لیے بُلائی گئی ہے؛ ۱۲–۱۴، راست باز کا گیت خُداوند کے لیے دُعا ہے؛ ۱۵–۱۶، اِس مُکاشفے میں فرماں برداری کے اُصُول سب پر لاگو ہوتے ہیں۔

۱ خُداوند اپنے خُدا کی آواز سُن، جب مَیں تُم سے، میری بیٹی، ایما سمِتھ، بات کرتا ہُوں؛ پَس مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، وہ سب جو میری اِنجِیل کو قَبُول کرتے ہیں میری بادِشاہی میں بیٹے اور بیٹیاں ہیں۔

۲ یہ مُکاشفہ مَیں تُجھے اپنی مرضی کے بارے میں دیتا ہُوں؛ اور اگر تُو اِیمان دار ہے اور پاکیزہ راہوں پر چلتی ہے، مَیں تیری زِندگی بچاؤں گا؛ اور تُو صِیُّون میں مِیراث پائے گی۔

۳ دیکھ، تیرے گُناہ تُجھے مُعاف کیے گئے ہیں، اور تُو برگُزیدہ خاتون ہے، جِسے مَیں نے بُلایا ہے۔

۴ اُن چِیزوں کے بارے میں جِنھیں تُو نے نہیں دیکھا ہے نہ بُڑبُڑاؤ، کیوں کہ وہ تُجھ سے اور دُنیا سے الگ رکھی گئی ہیں، جو مُجھ میں آنے والے وقت کے لیے حِکمت ہے۔

۵ پَس تیری بُلاہٹ کا عہدہ میرے خادِم، تیرے خاوند، جوزف سمِتھ جُونیئر کو اُس کی مُصِیبتوں میں حلم مزاجی کے ساتھ تشفی آمیز باتوں سے ڈھارس باندھنے کے لیے ہو گا۔

۶ اور تُو اِس کی روانگی کے وقت اُس کے ساتھ جائے گی، اور جب کوئی بھی کِتابت کے لیے نہ ہو، اُس کے لیے کاتب ہونا، تاکہ مَیں اپنے خادِم اولیور کاؤڈری کو جہاں چاہُوں بھیج سکُوں۔

۷ اور اُس کے ہاتھ تلے تیری تَقرُّری ہوگی، تُو صحائف کی تفسیر کرنا، اور کلِیسیا کو نصیحت کرنا، جَیسا میرے رُوح کے مُطابق تُجھے دیا جائے گا۔

۸ پَس وہ اپنے ہاتھ تُجھ پر رکھے گا، اور تُو رُوحُ القُدس پائے گی، اور تیرا زیادہ تر وقت سیکھنے اور لِکھنے کے لیے وقف ہوگا۔

۹ اور تُجھے خَوف کھانے کی ضرورت نہیں، چُوں کہ تیرا خاوند کلِیسیا میں تیری کفالت کرے گا، کیوں کہ اُس کی بُلاہٹ اُنھی کے لیے ہے، تاکہ تمام چِیزیں، اُن کے اِیمان کے مُطابق، جو بھی مَیں چاہُوں، اُن پر ظاہر کی جائیں۔

۱۰ اور مَیں تُجھ سے سچّ کہتا ہُوں کہ تُجھے دُنیاوی چِیزیں ترک کرنی ہیں، اور اچھی چِیزوں کی تلاش میں رہنا ہے۔

۱۱ اور کہ تُجھے یہ بھی عطا کِیا جائے گا کہ مُقَدَّس گیتوں کا چُناؤ کرے، جَیسا تُجھے بتایا جائے گا، جو میرے لیے خُوش کُن ہے کہ میری کلِیسیا میں ہوں۔

۱۲ پَس میری جان دِل سے نِکلے ہُوئے گیت سے خُوش ہوتی ہے؛ ہاں، راست باز کا گیت میرے لیے دُعا ہے، اور اِس کا جواب اُن کے سروں پر برکت سے دیا جائے گا۔

۱۳ پَس، خاطر جمع رکھ اور شادمان ہو، اور اُن عہُود سے جُڑِی رہ جو تُو نے باندھے ہیں۔

۱۴ حلم کی رُوح میں مشغُول رہ، اور گھمنڈ سے خبردار رہ۔ اپنی جان کو اپنے خاوند سے اور اُس جلال سے جو اُس پر آئے گا شادمان ہونے دے۔

۱۵ باقاعدگی سے میرے حُکموں پر عمل کر، اور تُو راست بازی کا تاج پائے گی۔ ہاں اَیسا کیے بغیر تُو وہاں نہیں آ سکتی جہاں مَیں ہُوں۔

۱۶ اور مَیں تُجھ سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، کہ میری یہ آواز سب کے لیے ہے۔ آمین۔