صحائف
عقائد اور عہُود ۸۵


فصل ۸۵

۲۷ نومبر ۱۸۳۲، کرٹ لینڈ، اوہائیو میں، نبی جوزف سمِتھ کے وسِیلے سے دیا گیا مُکاشفہ۔ یہ فصل نبی کے وِلیم ڈبلیو فلپس کو بھیجے گئے خط سے اِقتباس ہے، جب وہ اِنڈی پینڈنس، میزوری میں رہ رہا تھا۔ یہ اُن مُقَدَّسین کے بارے میں سوالوں کے جواب دیتا ہے جو صِیُّون کے لیے نقل مکانی کر چُکے تھے لیکن جِنھوں نے اپنی اپنی جائدادوں کے حُکمِ تخصیص پر عمل نہ کِیا تھا اور اِس طرح کلِیسیا میں مُقرّرہ نظام کے مُطابق اپنی مِیراث نہ پائی تھی۔

۱–۵، صِیُّون میں مِیراثیں تخصِیص کے ذریعے سے پائی جائیں گی؛ ۶–۱۲، ایک زبردست اور زورآور مُقَدَّسین کو صِیُّون میں اُن کی مِیراث دے گا۔

۱ یہ خُداوند کے مُحرّر کی ذِمّہ داری ہے، جِسے اُس نے مُقرّر کِیا ہے کہ تارِیخ، اور صِیُّون میں ہونے والی تمام چِیزوں کی عام کلِیسیائی سرگُزشت لِکھے، اور اُن سب کے بارے میں جو اِملاک مخصُوص کرتے ہیں، اور قانونی طور پر اُسقُف سے مِیراث پاتے ہیں؛

۲ اور اُن کی زِندگی کا طریق، اُن کا اِیمان، اور عمل، اور برگشتوں کا بھی جو اپنی مِیراث پانے کے بعد برگشتہ ہو جاتے ہیں۔

۳ یہ خُدا کی مرضی اور حُکم کے خِلاف ہے کہ وہ جِنھوں نے اپنی مِیراث، اِس قانون کے مُطابق جو اُس نے دیا ہے، مخصُوصیت سے نہیں پائی کہ وہ اپنے نام خُدا کے لوگوں میں گنیں، تاکہ وہ اپنے لوگوں سے دہ یکی پائے، کہ اُن کو غضب اور بھسم ہونے والے دِن کے خِلاف تیار کرے۔

۴ نہ ہی اُن کا نَسب نامہ رکھا جائے، یا کلِیسیا کی کسی بھی سرگُزشت یا تارِیخ میں موجُود ہو

۵ اور اُن کے نام خُداوند کے قانون کی کِتاب میں نہ پائے جائیں، نہ ہی اُن کے اَجداد کے نام، نہ ہی اُن کے بچّوں کے نام، ربُّ الافواج فرماتا ہے۔

۶ ہاں، دبی ہُوئی ہلکی آواز یہ کہتی ہے، جو تمام چِیزوں میں سے سرگوشی کرتی اور چھیدتی ہے، اور اکثر دفعہ میری ہڈیوں کو لرزاتی ہے، جب وہ خُود کو یہ کہتے ہُوئے ظاہر کرتی ہے:

۷ اور اَیسا ہو گا کہ مَیں، خُداوند خُدا، ایک زبردست اور زورآور کو اُس کے ہاتھ میں قُدرت کا عصا تھما کر بھیجُوں گا، نُور کے لباس سے مُلبّس ہو گا، جِس کا مُنہ کلام فرمائے گا، اَبَدی کلام، جب کہ اُس کا بطن سچّائی کا چشمہ ہوگا، کہ خُدا کے گھر کو مُنَظّم کرے، اور کہ قُرعے سے اُن مُقَدَّسین کی مِیراث کا بندوبست کرے جِن کے نام، اور اُن کے اَجداد کے نام، اور اُن کے بچّوں کے نام، خُدا کے قانون کی کِتاب میں لِکھے پائے جائیں۔

۸ اگرچہ وہ آدمی، خُدا کا بُلایا اور مُقرّر کردہ تھا، جو خُدا کے صندُوق کو سہارا دینے کے لیے ہاتھ بڑھاتا ہے، موت کے تِیر سے گِرے گا، اُس درخت کی مانِند جو بجلی کی چمک دار کُوند سے برباد کِیا گیا ہو۔

۹ اور وہ سب جو یادگاری کی کِتاب میں نہ پائے جائیں اُس روز کوئی مِیراث نہ پائیں گے، بلکہ وہ کاٹے جائیں گے، اور اُن کا حِصّہ اُنھیں بےاعتقادوں کے درمیان میں مُقرّر کِیا جائے گا، جہاں رونا اور دانتوں کا پِیسنا ہے۔

۱۰ یہ باتیں مَیں اپنے تئیں نہیں کہتا؛ پَس، جَیسا خُداوند فرماتا ہے، وہ پُورا بھی کرے گا۔

۱۱ اور وہ جو اعلیٰ کہانت کے ہیں، جِن کے نام قانون کی کِتاب میں لِکھے نہیں پائے گئے، یا جو برگشتگی میں پائے گئے ہیں، یا کلِیسیا سے کاٹ ڈالے گئے ہیں، علاوہ ازیں صغیرہ کہانت، یا اَرکان، اُس روز خُدا تعالیٰ کے مُقَدَّسین کے درمیان میں مِیراث نہ پائیں گے؛

۱۲ پَس، اُن کے ساتھ اَیسا ہی کِیا جائے گا جَیسا کاہن کے بچّوں کے ساتھ، جَیسا عزرا کے دُوسرے باب کی اِکسٹھویں اور باسٹھویں آیت میں لِکھا پایا گیا ہے۔