صحائف
عقائد اور عہُود ۷۸


فصل ۷۸

یکم مارچ ۱۸۳۲ کو کرٹ لینڈ اوہائیو میں، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے دیا گیا مُکاشفہ۔ اُس دِن نبی اور دیگر راہ نما کلِیسیائی اُمور پر بات چیت کرنے کے لیے جمع ہُوئے۔ دراصل اِس مُکاشفے نے نبی، سِڈنی رِگڈن، اور نیول کے وِٹنی کو ہدایت کی کہ میزوری روانہ ہوں اور کلِیسیا کی سرمایہ کاری اور اشاعتی سرگرمیوں کو مُنَظّم کرنے کے لیے ایک ”اِدارہ“ تخلیق کریں جو اَیسی کاوِشوں کی دیکھ بھال کرے، صِیُّون کے قیام کے لیے اور مسکینوں کی بھلائی کے لیے سرمایہ مہیا کریں۔ یہ اِدارہ اَپریل ۱۸۳۲ میں بَنام مُتحدہ اِدارہ قائم کِیا گیا اور ۱۸۳۴ میں تحلیل کر دیا گیا (دیکھیے فصل ۸۲)۔ اِس کی تحلیل کے تھوڑے عرصے بعد جوزف سمِتھ کی زیرِ ہدایت ”سرمایہ کاری اور اشاعتی اِداروں“ کی جگہ ”مسکینوں کے لیے ذخیرہ خانہ کے اُمور“ کی اِصطلاح مُکاشفہ میں اِستعمال ہُوئی، اور لفظ ”اِدارہ“ کی جگہ ”نظام“ مُستعمل ہُوا۔

۱–۴، مُقَدَّسین کو ذخیرہ خانہ مُنَظّم اور قائم کرنا ہے؛ ۵–۱۲، اِملاک کا دانِش مندانہ اِستعمال نجات کا راستہ ہم وار کرے گا؛ ۱۳–۱۴، کلِیسیا کو زمینی قُوّتوں سے آزاد ہونا ہے؛ ۱۵–۱۶، میکاایل (آدم) قُدوس (مسِیح) کی ہدایت میں خدمت کرتا ہے؛ ۱۷–۲۲، دیانت دار مُبارک ہیں، پَس وہ ساری چِیزیں مِیراث میں پائیں گے۔

۱ خُداوند نے جوزف سمِتھ جُونیئر سے ہم کلام ہو کر یہ فرمایا: میری طرف کان لگا، خُداوند تیرا خُدا فرماتا ہے، جو میری کلِیسیا کی اعلیٰ کہانت پہ مُقرّر ہُوئے ہو، جِنھوں نے خُود کو یہاں اِکٹھا کِیا ہے؛

۲ اور اُس کی مشورت کو سُنو، جِس نے تُمھیں عالمِ بالا سے مُقرّر کِیا ہے، جو تُمھارے کانوں میں حِکمت کی باتیں کہے گا، تاکہ تُم اُس چِیز میں نجات پاؤ جو تُم نے میرے حُضُور پیش کی ہے، خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

۳ پَس مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، وقت آ گیا ہے، اور اب نزدیک ہے؛ اور دیکھو، اور نظر کرو، یہ ضروری ہے کہ میرے لوگوں کی ایک اَیسی تنظیم ہو، جِس کا مقصد میرے لوگوں کے مسکینوں کے لیے ذخیرہ خانہ کے مُعاملات کا قیام اور اِنتظام ہو، ہر دو، اِس جگہ میں اور صِیُّون کی سرزمِین میں—

۴ جو میری کلِیسیا کے لیے مستقل اور اَبَدی اِدارہ اور نظام ہو، تاکہ اِس مقصد کو آگے بڑھایا جائے جو تُم نے اپنایا ہے، آدمی کی نجات کے لیے، اور باپ کے جلال کے لیے جو آسمان پر ہے؛

۵ تاکہ تُم آسمانی چِیزوں کے بندھن میں مساوی ہو، ہاں، اور دُنیاوی چِیزوں میں بھی، اِس لیے کہ آسمانی چِیزیں پاؤ۔

۶ پَس اگر تُم دُنیاوی چِیزوں میں مساوی نہیں تو تُم آسمانی چِیزیں پانے میں مساوی نہیں ہو سکتے؛

۷ چُناں چہ اگر تُم چاہتے ہو کہ مَیں تُمھیں سیلیسٹیئل جہان میں جگہ دُوں، تُمھیں ضرور اپنے آپ کو وہ کام کر کے تیار کرنا ہے جِن کا مَیں نے تُمھیں حُکم دیا ہے اور تُم سے تقاضا کرتا ہُوں۔

۸ اور اب، سچّ خُداوند یُوں فرماتا ہے، یہ واجب ہے کہ تُم جو اِس نظام میں مُتحد ہُوئے ہو سارے کام میرے جلال کے لیے کرو؛

۹ یا، با الفاظِ دیگر، میرا خادِم نیول کے وِٹنی اور میرا خادِم جوزف سمِتھ جُونیئر اور میرا خادِم سِڈنی رِگڈن مُقَدَّسین کے ساتھ جو صِیُّون میں ہیں مجلِس میں بیٹھیں؛

۱۰ ورنہ شیطان اُن کے دِل سچّائی سے پھیرنے کی کوشش میں ہے، کہ وہ اَندھے ہو جائیں اور اُن چِیزوں کو نہ سمجھیں جو اُن کے لیے تیار کی گئی ہیں۔

۱۱ پَس، مَیں تُمھیں حُکم دیتا ہُوں، کہ خُود کو بندھن یا اَبَدی عہد کے لیے تیار اور مُنَظّم کرو جو توڑا نہ جا سکے۔

۱۲ اور وہ جو اِسے توڑتا ہے، کلِیسیا میں اپنا عہدہ اور رُتبہ کھو دے گا، اور چُھٹکارے کے دِن تک شیطان کے مُکوں کے حوالے کِیا جائے گا۔

۱۳ دیکھو، یہ وہ تیاری ہے جِس کے ساتھ مَیں تُمھیں تیار کرتا ہُوں، اور بُنیاد، اور نمونہ، جو مَیں تُمھیں دیتا ہُوں، جِس سے تُم اُن اَحکام کو پُورا کرنا جو تُمھیں دیے گئے ہیں؛

۱۴ کہ میرے فضل سے، باوجود اُن مُشکلات کے جو تُم پر آئیں گی، کلِیسیا سیلیسٹیئل فلک تلے دُوسری ساری مَخلُوق سے اُوپر خُود مُختار ہو؛

۱۵ تاکہ تُم اُس تاج کے لیے آگے بڑھو جو تُمھارے لیے تیار کِیا گیا ہے، اور بُہت سی بادِشاہتوں کے حاکم بنائے جاؤ، خُداوند خُدا فرماتا ہے، اِسرائیل کا قُدوس، جِس نے آدم-عون دا-یامن کی بُنیادیں قائم کی ہیں؛

۱۶ جِس نے میکاایل کو تُمھارا شہزادہ مُقرّر کِیا ہے، اور اُس کے پاؤں مضبُوط کیے ہیں، اور اُسے سرفراز کِیا ہے، جو عُمر کی اِبتدا اور زِندگی کی آخِیر کے بغیر ہے، اور اُسے قُدوس کی مشورت اور ہدایت کے تلے نجات کی کُنجیاں عطا کی گئی ہیں۔

۱۷ مَیں تُم سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، تُم چھوٹے بچّے ہو، اور ابھی تک یہ نہیں سمجھ سکے کہ کیسی افضل برکتیں باپ کے اپنے ہاتھ میں ہیں اور تُمھارے لیے تیار کی ہیں؛

۱۸ اور تُم سب باتیں ابھی برداشت نہیں کر سکتے، تاہم، خاطِر جمع رکھو، کیوں کہ مَیں تُمھاری راہ نمائی کرُوں گا، بادِشاہی تُمھاری ہے اور اُس کی برکتیں تُمھاری ہیں، اور اَبدیّت کے فضائل تُمھارے ہیں۔

۱۹ اور جو ساری باتیں شُکر گُزاری سے قَبُول کرتا ہے وہ پُرجلال بنایا جائے گا؛ اور اِس کے لیے دُنیا کی چِیزوں کا اِضافہ کِیا جائے گا، حتیٰ کی سو گُنا، ہاں، اُس سے بھی زیادہ۔

۲۰ پَس، وہ باتیں جِس کا مَیں نے تُمھیں حُکم دیا ہے، تُمھارا مُخلصی دینے والا فرماتا ہے، حتیٰ کہ بیٹا آخمان، جو تُمھیں اُٹھانے سے پہلے ساری چِیزیں تیار کرتا ہے؛

۲۱ پَس تُم پہلوٹھے کی کلِیسیا ہو، اور وہ تُمھیں بادِلوں میں اُٹھائے گا، اور ہر آدمی کو اُس کا حِصّہ دے گا۔

۲۲ اور جو وفادار اور عقل مند مُختار ہے وہ ساری چِیزیں مِیراث میں پائے گا۔ آمین۔