صحائف
عقائد اور عہُود ۴۱


فصل ۴۱

۴ فروری ۱۸۳۱، کرٹ لینڈ، اوہائیو میں، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے کلِیسیا کو دیا گیا مُکاشفہ۔ یہ مُکاشفہ نبی اور کلِیسیائی بُزرگوں کو ہدایت دیتا ہے کہ خُدا کی ”شَرِیعت“ کو پانے کے لیے دُعا کریں (دیکھیے فصل ۴۲)۔ جوزف سمِتھ کرٹ لینڈ سے ابھی ابھی نیو یارک پہنچا، اور لیمن کوپلے، تھامپسن، اوہائیو کے قریب، کلِیسیائی رُکن نے ”بھائی جوزف اور سِڈنی [رِگڈن] سے اُس کے ہاں قیام کرنے اور اُن کے لیے گھر فراہم کرنے اور ضروری رسد مہیا کرنے کی اِستدعا کی۔“ حسبِ ذیل مُکاشفہ واضح کرتا ہے کہ جوزف اور سِڈنی کہاں قیام کریں گے اور ایڈورڈ پارٹریج کو کلِیسیا کا پہلا اُسقُف ہونے کی بُلاہٹ بھی عطا کرتا ہے۔

۱–۳، بُزرگ مُکاشفے کی رُوح سے کلِیسیا کی نگہبانی کریں گے؛ ۴–۶، سچّے شاگِرد خُداوند کی شَرِیعت پائیں گے اور قائم رکھیں گے؛ ۷–۱۲، ایڈورڈ پارٹریج کلِیسیا میں اُسقُف مُقرّر کِیا جاتا ہے۔

۱ کان لگاؤ اور سُنو، اَے میرے لوگو، خُداوند تُمھارا خُدا کہتا ہے، تُم جِنھیں مَیں تمام برکات سے بڑی برکات دے کر خُوش ہوتا ہُوں، تُم جو میری سُنتے ہو؛ اور تُم، جِنھوں نے میرے نام کا دعویٰ کِیا ہے، اور تُم جو میری نہیں سُنتے مَیں تُمھیں تمام لعنتوں سے بھاری لعنت کے ساتھ ملعُون کرُوں گا۔

۲ کان لگاؤ، اَے میری کلِیسیا کے بُزرگو، جِنھیں مَیں نے بُلایا ہے، دیکھو مَیں تُمھیں حُکم دیتا ہُوں، کہ تُم میرے کلام پر مُتّفِق ہونے کے لیے مِل بیٹھنا؛

۳ اور اپنے اِیمان کی دُعا کے وسِیلے سے تُم میری شَرِیعت پاؤ گے، تاکہ تُم جان سکو کہ کیسے میری کلِیسیا کی نگہبانی کرنا ہے اور میرے حُضُور کس طرح ساری چِیزوں کو راست رکھنا ہے۔

۴ اور مَیں تُمھارا حاکم ہُوں گا جب مَیں آؤں گا؛ اور دیکھو، مَیں جلد آتا ہُوں، اور تُم خیال رکھو گے کہ میری شَرِیعت قائم رہے۔

۵ جو میری شَرِیعت پاتا اور اُس پر عمل کرتا ہے، وہی میرا شاگِرد ہے، اور وہ جو میری شَرِیعت پانے کا دعویٰ کرتا ہے اور اُس پر عمل نہیں کرتا، وہ میرا شاگِرد نہیں ہے، اور وہ تُمھارے درمیان میں سے نکال دیا جائے گا؛

۶ چُوں کہ یہ واجب نہیں کہ وہ چِیزیں جو بادِشاہی کے وارِثوں کی ہیں اُنھیں دی جائیں جو اَہل نہیں ہیں، یا کتّوں کو، یا موتیوں کو سُوروں کے آگے ڈالا جائے۔

۷ اور پھِر، یہ واجب ہے کہ میرے خادِم جوزف سمِتھ جُونیئر کے لیے گھر تعمیر کِیا جائے، جِس میں وہ رہے اور ترجمہ کرے۔

۸ اور پھِر، یہ واجب ہے کہ میرا خادِم سِڈنی رِگڈن وہاں رہے جہاں اُسے مناسب لگتا ہے، بشرطیکہ وہ میرے اَحکام کی پیروی کرے۔

۹ اور پھِر، مَیں نے اپنے خادِم ایڈورڈ پارٹریج کو بُلایا ہے، اور مَیں حُکم دیتا ہُوں، کہ وہ کلِیسیا کی رائے سے کلِیسیا میں اُسقُف مُقرّر کِیا جائے، اپنا کاروبار چھوڑے اور اپنا سارا وقت کلِیسیا کے کاموں کے لیے صرف کرے۔

۱۰ اُن ساری باتوں کا خیال رکھنے کے لیے جو اُسے میری شَرِیعت میں دی جائیں گی اُس وقت جب مَیں اُسے دُوں گا۔

۱۱ اور یہ اِس لیے ہے چُوں کہ میرے حُضُور اُس کا دِل پاک ہے، پَس وہ قدِیم کے نتن ایل کی طرح ہے، جِس میں کوئی مکر نہیں۔

۱۲ یہ کلام تُمھیں دیا جاتا ہے، اور یہ میرے حُضُور سچّا ہے؛ پَس، خبردار کہ تُم اُنھیں کیسے مُنعقِد کرتے ہو، چُناں چہ روزِ عدالت کو تُمھاری رُوحوں سے اِس کا جواب لیا جائے گا۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین