صحائف
عقائد اور عہُود ۳۶


فصل ۳۶

۹ دسمبر ۱۸۳۰ کو فے ایٹ، نیویارک کے نزدیک نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے ایڈورڈ پارٹریج کو دیا گیا مُکاشفہ۔ (فصل ۳۵ کی شہ سُرخی دیکھیے)۔ جوزف سمِتھ کی تارِیخ بیان کرتی ہے کہ ایڈورڈ پارٹریج ”رحم کا نمونہ اور خُداوند کے عظیم مردوں میں سے ایک تھا۔“

۱–۳، سِڈنی رِگڈن کے ہاتھ کے وسِیلے سے، خُداوند اپنا ہاتھ ایڈورڈ پارٹریج پر رکھتا ہے؛ ۴–۸، ہر آدمی کو جو اِنجِیل اور کہانت پاتا ہے مُنادی کے لیے بُلایا جانا ہے۔

۱ خُداوند خُدا، اِسرائیل کا قادِر یُوں فرماتا ہے: دیکھ، مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، میرے خادِم ایڈورڈ، تُو بابرکت ہے، اور تُجھے تیرے گُناہ مُعاف کیے جاتے ہیں، اور تُو، نرسِنگے کی آواز کی مانِند میری اِنجِیل کی مُنادی کرنے کے لیے بُلایا جاتا ہے؛

۲ اور مَیں اپنے خادِم سِڈنی رِگڈن کے ہاتھ کے وسِیلے سے اپنا ہاتھ تُجھ پر رکھُوں گا اور تُو میرا رُوح، رُوحُ القُدس، یعنی مددگار، پائے گا، جو تُجھے بادِشاہی کی تشفی بخش باتیں سِکھائے گا؛

۳ اور تُو بُلند آواز سے مُنادی کرے گا، کہتے ہُوئے، ہوشعنا، خُدا تعالیٰ کا نام مُبارک ہو۔

۴ اور اب یہ بُلاہٹ اور حُکم مَیں تُجھے سارے لوگوں کے حوالے سے دیتا ہُوں—

۵ کہ جتنے بھی، میرے خادِم سِڈنی رِگڈن اور جوزف سمِتھ جُونئیر، کے پاس اِس بُلاہٹ اور حُکم کو قَبُول کرتے ہُوئے آئیں گے، مُقرّر کیے جائیں گے اور تمام قَوموں میں اِنجِیل کی مُنادی کرنے کے لیے بھیجے جائیں گے—

۶ توبہ کے لیے چلاتے ہُوئے، کہو: اپنے آپ کو اِس ٹیڑھی نسل سے بچاؤ، اور آگ سے باہر آؤ، حتیٰ کہ اُس پوشاک سے نفرت کرو جو جِسم کے سبب سے داغ دار ہے

۷ اور یہ حُکم میری کلِیسیا کے بُزرگوں کو دیا جائے گا، کہ ہر آدمی جو اُسے یک دِل ہو کر قَبُول کرے گا مُقرّر کِیا اور بھیجا جائے گا، حتیٰ کہ جَیسا مَیں نے کہا ہے۔

۸ میں یِسُوع مسِیح ہُوں، خُدا کا بیٹا، پَس، کمر باندھو اور مَیں اچانک اپنی ہیکل میں آؤں گا، اَیسا ہی ہو۔ آمین۔