صحائف
باضابطا اِعلان ۲


باضابطا اِعلان ۲

مورمن کی کِتاب سِکھاتی ہے کہ ”خُدا کے حُضُور سب برابر ہیں،“ بشمول ”سیاہ اور سفید، غُلام اور آزاد، مرد اور عَورت“ (۲ نیفی ۲۶‏:۳۳)۔ کلِیسیائی تارِیخ میں، بےشُمار مُمالک میں ہر نسل اور قَوم کے لوگوں کو بپتسما دیا گیا ہے اور وہ کلِیسیا کے اِیمان دار اَرکان کی حیثِیت سے زِندگی بسر کر رہے ہیں۔ جوزف سمِتھ کی زِندگی کے دوران میں، کلِیسیا کے چند سیاہ فام مرد اَرکان کی کاہنانہ تَقرُّری کی گئی۔ اِس کی اِبتدائی تارِیخ میں، کلِیسیائی راہ نماؤں نے افریقی نسل کے سیاہ فام مردوں پر کہانت کی عطا کو روک دیا۔ کلِیسیائی دستاویزات اِس رواج کے ماخذ کی بابت کوئی واضح اِدراک فراہم نہیں کرتیں۔ کلِیسیائی راہ نماؤں کو یقین ہوگیا تھا کہ اِس رواج کو بدلنے کے لیے خُدا کی طرف سے کسی مُکاشفہ کے نزُول اور سنجیدگی سے ہدایت پانے کی ضرورت تھی۔ کلِیسیائی صدر سپنسر ڈبلیو کِمبل پر مُکاشفہ اُترا اور دیگر کلِیسیائی راہ نماؤں نے یکم جُون، ۱۹۷۸ کو سالٹ لیک ہیکل میں اِقرار کِیا۔ اِس مُکاشفہ نے نسل سے جڑی اُن تمام پابندیوں کو ہٹا دیا جو کبھی کہانت کے لیے لاگُو کی گئی تھیں۔

باعثِ تحریر آنکہ:

۳۰ ستمبر ۱۹۷۸ کو کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقَدَّسینِ آخِری ایّام کی ۱۴۸ویں ششماہی مجلِس عامہ میں صدر این ایلڈن ٹینر، کلِیسیا کی صدارتِ اَوّل کے مُشِیر اَوّل نے درج ذیل پیش کِیا:

اِس برس جُون کے اوائل میں صدارتِ اَوّل نے اِعلان کِیا کہ صدر سپنسر ڈبلیو کِمبل نے مُکاشفہ پایا ہے جو کہانت اور ہیکل کی برکات کو کلِیسیا کے تمام اَہل مرد اَرکان کے لیے مُمکِن الحصُول بناتا ہے۔ صدر کِمبل نے درخواست کی ہے کہ مَیں یہ بتاؤں کہ اُن کے اِس مُکاشفہ پانے کے بعد، جو اُنھیں پاک ہیکل کے مُقَدَّس کمروں میں طویل غَور و فکر اور دُعا کے بعد مِلا، اُنھوں نے اِسے اپنے مُشِیروں کے سامنے پیش کِیا، جِنھوں نے اِسے قَبُول اور منظُور کِیا۔ پھِر اُسے بارہ رسُولوں کی جماعت کے سامنے پیش کِیا گیا۔ جِنھوں نے مُتّفِقہ طور پر اُسے منظُور کِیا، اور بعد ازاں اُسے تمام دُوسرے کلِیسیائی اعلیٰ حُکام کو پیش کِیا گیا، جِنھوں نے من و عن اِسے مُتّفِقہ طور پر منظُور کِیا۔

صدر کِمبل نے درخواست کی ہے کہ اب مَیں یہ خط پڑھُوں:

۸ جُون، ۱۹۷۸

تمام دُنیا میں کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقَدَّسینِ آخِری ایّام کے اعلیٰ اور مقامی کہانتی عُہدےداران کے نام:

پیارے بھائیو:

جَیسا کہ ہم نے کارِ الہٰی کی اِس دھرتی پر توسیع دیکھی ہے، ہم شُکر گُزار ہُوئے ہیں کہ بُہت سی قَوموں کے لوگوں نے بحال شُدہ اِنجِیل کے پیغام پر مُثبت ردِعمل ظاہر کِیا ہے، اور ہمیشہ بڑھتی ہُوئی تعداد میں کلِیسیا میں شامِل ہُوئے ہیں۔ اِس بات نے نتیجتاً ہم میں اِس خواہش کو تحریک بخشی ہے کہ کلِیسیا کے ہر اَہل رُکن کو وہ تمام مراعات اور برکات دی جائیں جو اِنجِیل فراہم کرتی ہے۔

چُوں کہ ہم اُن وعدوں سے آگاہ ہیں جو ہم سے پہلے کلِیسیا کے نبیوں اور صدُور نے کیے کہ کسی وقت، خُدا کے اَبَدی منصُوبے میں ہمارے تمام بھائی جو اَہل ہیں کہانت پا سکیں گے، اور اُن کی راست بازی دیکھتے ہُوئے جِن سے کہانت روک کر رکھی گئی ہے، ہم نے، اپنے اِن وفادار بھائیوں کے حق میں، ہیکل کے بالائی کمرے میں گھنٹوں خُداوند سے اِلہامی راہ نمائی پانے کے لیے طویل اور سنجِیدہ اِلتجا کی ہے۔

اُس نے ہماری دُعائیں سُن لی ہیں، اور مُکاشفے سے تصدیق کی ہے کہ وہ دیرینہ موعودہ دِن آ گیا ہے جب کلِیسیا میں ہر وفادار، اَہل مرد مُقَدَّس کہانت، اِس کے اِلہامی اِختیار کے اظہار کی قُدرت کے ساتھ پا سکتا ہے، اور اپنے پیاروں کے ساتھ اِس سے مِلنے والی ہر برکت سے شادمان ہو سکتا ہے، بشمول ہیکل کی برکات کے۔ اِسی کی مُطابقت میں، کلِیسیا کے تمام اَہل مرد نسل اور رنگ کے لحاظ کے علاوہ کہانت میں مُقرّر کیے جا سکتے ہیں۔ کہانتی سربراہان کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ دونوں، ہارُونی یا ملکِ صدق کہانت میں تَقرُّری کے لیے تمام اُمیدواروں کا اِنٹرویو احتیاط سے لینے کی پالیسی پر عمل کریں تاکہ یقینی بنایا جائے کہ وہ اَہلیت کے قائم کردہ معیار پر پُورا اُترتے ہیں۔

ہم سنجیدگی سے اِعلان کرتے ہیں کہ اب خُداوند نے تمام زمِین پر اپنے بچّوں کی برکت کے لیے اپنی مرضی ظاہر کر دی ہے جو اُس کے مُختار خادِموں کی آواز سُنیں گے، اور خُود کو اِنجِیل کی ہر برکت پانے کے لیے تیار کریں گے۔

آپ کے مُخلص،

سپنسر ڈبلیو کِمبل

این ایلڈن ٹینر

میرین جی رومنی

صدارتِ اَوّل

سپنسر ڈبلیو کِمبل کو نبی، رویا بین، اور مُکاشفہ بین اور کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقَدَّسینِ آخِری ایّام کا صدر مانتے ہُوئے، یہ تجویز کی جاتی ہے کہ ہم بحیثِیتِ دستُور ساز جماعت اِس مُکاشفے کو خُداوند کا کلام اور مرضی قَبُول کریں۔ تمام جو اِس کی حمایت میں ہیں اپنا دائیاں ہاتھ اُٹھا کر اِظہار کریں۔ کوئی مُخالفت میں ہے تو اِسی نِشان سے اِظہار کرے۔

مذکُورہ بالا تجویز کی تائید میں اِتفاقِ رائے مُثبت تھی۔

سالٹ لیک سٹی، یوٹاہ، ۳۰ ستمبر ۱۹۷۸۔