صحائف
عقائد اور عہُود ۲۸


فصل ۲۸

ستمبر ۱۸۳۰، فے ایٹ، نیویارک، نبی جوزف سمِتھ کے وسِیلے سے اولیور کاؤڈری کو دیا گیا مُکاشفہ۔ حائرم پیج، کلِیسیا کے رُکن، کے پاس مخصُوص پتھر تھا اور دعویٰ کرتا تھا کہ وہ اِس کی مدد سے صِیُّون کی ترقی اور کلِیسیا کے نظم و نسق کے بارے میں مُکاشفے پا رہا ہے۔ کئی اَرکان اِن دعوؤں سے دھوکہ کھا رہے تھے، اور حتیٰ کہ اولیور کاؤڈری بھی اِن سے غلط طور پر اثر انداز ہُوا تھا۔ مُقرّرہ اِجلاس سے عین پہلے نبی نے سنجیدگی سے خُداوند سے اِس مُعاملے کے بارے میں دریافت کِیا، اور اُس کے بعد یہ مُکاشفہ پایا۔

۱–۷، جوزف سمِتھ کے پاس بھیدوں کی کُنجیاں ہیں، اور صرف وہ کلِیسیا کے لیے مُکاشفے پاتا ہے؛ ۸–۱۰، اولیور کاؤڈری کو لامنوں کو مُنادی کرنا ہے؛ ۱۱–۱۶، شیطان نے حائرم پیج کو دھوکا دیا اور اُسے جُھوٹے مُکاشفے دیے۔

۱ دیکھ، اولیور، مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، تُجھے یہ عطا کِیا جائے گا کہ کلِیسیا تیری سُنے گی، مُکاشفوں اور حُکموں کے بارے میں جو مَیں نے دیے ہیں، جو کُچھ بھی تُو مددگار کے وسِیلے سے اُنھیں سِکھائے گا۔

۲ لیکن دیکھ، مَیں تُجھ سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، اِس کلِیسیا میں کوئی اور اَحکام اور مُکاشفے پانے کے لیے مُقرّر نہیں کِیا جائے گا، سِوا میرے خادِم جوزف سمِتھ جُونیئر کے، کیوں کہ وہ اُنھیں مُوسیٰ کی مانِند پاتا ہے۔

۳ اور تُجھے، حتیٰ کہ ہارُون کی طرح، اُن چِیزوں کا فرماں بردار ہونا ہے جو مَیں اُسے دُوں گا، کہ قُدرت اور اِختیار کے ساتھ اِیمان داری سے کلِیسیا کے لیے اَحکام اور مُکاشفوں کا اِعلان کر۔

۴ اور اگر کسی وقت مددگار تُجھے کلِیسیا کے لیے حُکماً وعظ کرنے یا تعلیم دینے کی ہدایت کرے، تُو اَیسا ہی کرنا۔

۵ لیکن تُو اُسے حُکم کے طور پر نہ لِکھے گا، بلکہ حِکمت کے طور پر؛

۶ اور تُو اُسے حُکم نہ دے گا جو تیرا سربراہ ہے، اور کلِیسیا کا سربراہ ہے؛

۷ پَس مَیں نے اُسے بھیدوں کی، اور مُکاشفوں کی جو سربمُہر کیے گئے ہیں، کُنجیاں دی ہیں، جب تک مَیں اُس کی جگہ اُن کے لیے کسی اور کو مُقرّر نہ کرُوں۔

۸ اور اب، دیکھ، مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں کہ تُو لامنوں کے پاس جائے گا اور اُن میں میری اِنجِیل کی مُنادی کرے گا؛ اور جتنا زیادہ وہ تیری تعلیمات کو قَبُول کریں، تو تُو اُن کے درمیان میں میری کلِیسیا قائم کرنا؛ اور تُو مُکاشفے پائے گا، لیکن اُن کو حُکم کے طور پر نہ لِکھنا۔

۹ اور اب، دیکھ، مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں کہ یہ ظاہر نہیں کِیا گیا، اور کوئی شخص نہیں جانتا کہ صِیُّون کا شہر کہاں تعمیر ہو گا، لیکن یہ بعد میں بتایا جائے گا۔ دیکھ، مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں کہ وہ لامنوں کے ساتھ سرحدوں پر ہو گا۔

۱۰ تُو اِجلاس کے ختم ہونے تک اِس جگہ سے نہ جانا؛ اور میرا خادِم جوزف مجلِس کی رائے سے اُس پر صدارت کے لیے مُقرّر کِیا جائے گا، اور جو وہ تُجھے کہے، تُو اِعلان کرے گا۔

۱۱ اور پھِر، تُو اپنے بھائی حائرم پیج کے پاس جانا، خلوت میں بات چیت کرنا اور اُسے سمجھانا کہ وہ چِیزیں جو اُس نے پتھر پر سے لِکھیں ہیں مُجھ سے نہیں ہیں اور کہ شیطان نے اُسے دھوکا دیا ہے؛

۱۲ پَس، دیکھ، یہ چِیزیں اُس کے لیے مُقرّر نہیں کی گئی ہیں، نہ کوئی چِیز اِس کی کسی کلِیسیا پر کلِیسیائی عہُود کے خِلاف مُقرّر کی جائے گی۔

۱۳ پَس سب باتیں قرینے کے ساتھ عمل میں آئیں، اور کلِیسیا کی مشترکہ رضامندی کے ساتھ، اِیمان کی دُعا کے ساتھ۔

۱۴ اور تُو، لامنوں کے پاس سفر پر جانے سے پہلے، اِن سب باتوں کا، کلِیسیا کے عہُود کے مُطابق، تصفیہ کرنے میں مدد کرنا۔

۱۵ اور تیری روانگی کے وقت سے لے کر تیری آمد کے وقت تک تُجھے یہ عطا کِیا جائے گا کہ تُجھے کیا کرنا ہے۔

۱۶ اور تُجھے ہمہ وقت، شادمانی کے راگ سے میری اِنجِیل کی مُنادی کرتے ہُوئے، اپنا مُنہ کھولنا ضرور ہے۔ آمین۔