صحائف
عقائد اور عہُود ۳۸


فصل ۳۸

۲ جنوری ۱۸۳۱ کو، فے ایٹ، نیویارک میں، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے دیا گیا مُکاشفہ۔ موقع کلِیسیا کی مجلِس کا تھا۔

۱–۶، مسِیح نے سب چِیزیں خلق کیں؛ ۷–۸، وہ اپنے مُقَدَّسین کے درمیان میں ہے، جو جلد اُسے دیکھیں گے؛ ۹–۱۲، ہر بشر اُس کے حُضُور ناراست ہے؛ ۱۳–۲۲، اُس نے اپنے مُقَدَّسین کے لیے وعدے کی سر زمِین اب اور ہمیشہ کے لیے رکھ چھوڑی ہے؛ ۲۳–۲۷، مُقَدَّسین کو حُکم دیا جاتا ہے کہ یکجا ہوں اور ایک دُوسرے کو بھائی سمجھیں؛ ۲۸–۲۹، جنگوں کی پیش گوئی کی جاتی ہے؛ ۳۰–۳۳، مُقَدَّسین کو عالمِ بالا سے ہمت عطا کی جائے گی کہ ساری قَوموں میں جائیں؛ ۳۴–۴۲، کلِیسیا کو غریبوں اور حاجت مندوں کا خیال رکھنے اور اَبدیّت کی دَولت کی تلاش کرنے کا حُکم دیا جاتا ہے۔

۱ پَس خُداوند تیرا خُدا، یعنی یِسُوع مسِیح، فرماتا ہے، قادرِ مُطلق مَیں ہُوں، الفا اور اومیگا، اِبتدا اور اِنتہا، مَیں وہ ہی ہُوں جِس نے اَبدیّت کی وسعت اور آسمان کے سرافیمی لشکر کو دیکھا ہے، اِس سے پہلے کہ دُنیا بنائی گئی؛

۲ وہی جو سب جانتا ہے، چُوں کہ سب چِیزیں میری آنکھوں کے سامنے حاضر ہیں؛

۳ مَیں وہی ہُوں جِس نے فرمایا اور دُنیا وُجُود میں آئی، سب چِیزیں میرے وسِیلے سے پَیدا ہُوئیں۔

۴ مَیں وہی ہُوں جِس نے حنُوک کے صِیُّون کو اور جتنے میرے نام پر اِیمان لائے اُن کو اپنے سینے سے لگایا ہے، اور مَیں تُجھ سے سچّ کہتا ہُوں؛ چُوں کہ مَیں مسِیح ہُوں، اُس خُون کی بدولت جو مَیں نے بہایا، اپنے نام کے وسِیلے سے اُن کے لیے اپنے باپ سے اِلتجا کی ہے۔

۵ مگر دیکھ، بدکاروں کے بقیہ کو مَیں نے تارِیکی کی زنجیروں میں عدالت کے عظیم دِن تک جکڑ دیا ہے، جو دُنیا کے آخِر پر آئے گا؛

۶ اور اِس طرح مَیں بدکاروں کو جکڑوں گا، جو میری آواز نہ سُنیں گے بلکہ اپنے دِل سخت کریں گے، اور اُن کا اَنجام اَفسوس، اَفسوس، اَفسوس ہے۔

۷ البتہ دیکھ مَیں تُجھ سے سچّ سچّ کہتا ہُوں کہ میری آنکھیں تُجھ پر لگی ہیں۔ مَیں تیرے درمیان میں ہُوں اور تُو مُجھے دیکھ نہیں سکتا؛

۸ مگر وہ دِن جلد آتا ہے کہ تُم مُجھے دیکھو گے، اور جانو گے کہ مَیں ہُوں؛ چُناں چہ تارِیکی کا پردہ جلد چاک کِیا جائے گا اور وہ جو پاک نہیں ہے اُس دِن کو برداشت نہیں کر پائے گا۔

۹ پَس، کمرباندھو اور تیار ہو جاؤ۔ دیکھو، بادِشاہی تُمھاری ہے، اور دُشمن غالِب نہ آئے گا۔

۱۰ مَیں تُجھ سے سچّ کہتا ہُوں، تُو پاک ہے مگر سب نہیں، پھِر کوئی اور نہیں ہے جِس سے مَیں دِلشاد ہُوں؛

۱۱ چُناں چہ ہر بشر میرے حُضُور ناراست ہے؛ اور بنی نوع اِنسان کے درمیان میں، آسمان کے تمام لشکروں کی موجودگی میں، تارِیکی کا تسلّط زمِین پر غالِب آتا ہے—

۱۲ جِس کے سبب سے خاموشی چھا جاتی ہے، اور سارا اَبَد درد اُٹھاتا ہے، اور فرِشتے غضب ناک حُکم کے منتظر ہوتے ہیں کہ زمِین پر کڑوے دانے اِکٹھے کرنے کے لیے کٹائی کریں، کہ وہ جلائے جائیں؛ اور، دیکھو، دُشمن نے سازباز کر لی ہے۔

۱۳ اور اب مَیں تُجھ پر بھید ظاہر کرتا ہُوں، وہ بات جو بند کو ٹھڑیوں میں ہُوئی ہے، حتیٰ کہ تیری تباہی چند روز کے بعد یُوں ہونے کو ہے اور تُو اِسے جانتا نہ تھا؛

۱۴ مگر اب مَیں تُجھے بتاتا ہُوں، اور مُبار ک ہے تُو، اپنی بُرائی کے سبب سے نہیں، نہ ہی اپنے بےاعتقاد دِلوں کی وجہ سے؛ چُناں چہ سچّ ہے کہ تُم میں سے کُچھ میرے سامنے گُناہ گار ہیں، مگر مَیں تیری کم زوری پر رحم کرُوں گا۔

۱۵ پَس، اب سے مضبُوط ہو جا؛ ڈر مت، چُوں کہ بادِشاہی تیری ہے۔

۱۶ اور تیری نجات کے لیے مَیں تُجھے حُکم دیتا ہُوں، چُوں کہ مَیں نے تیری دُعائیں سُنی ہیں، اور مسکینوں نے میرے حُضُور شکایت کی ہے، اور اُمرا کو مَیں نے ہی بنایا ہے، اور ہر بشر میرا ہے، اور مَیں آدمیوں کی طرف داری نہیں کرتا۔

۱۷ اور مَیں نے زمِین کو خُوش حال کِیا، اور دیکھ یہ میرے پاؤں کی چوکی ہے، پَس مَیں دوبارہ اِس پر کھڑا ہُوں گا۔

۱۸ اور مَیں نے تُجھے نوازنے کے لیے بڑی دَولت سنبھال رکھی ہے اور تُجھے عطا کرتا ہُوں، حتی ٰ کہ وعدے کی سرزمین، اَیسی زمِین جہاں دُودھ اور شہد بہتا ہے، جِس پر لعنت نہ ہوگی جب خُداوند آئے گا؛

۱۹ اور یہ سرزمِین مَیں تُجھے وِراثت میں دُوں گا، اگر تُو اِسے سارے دِل سے تلاش کرے گا۔

۲۰ اور یہ میرا تُم سے عہد ہو گا، تُو اُس زمِین کو اپنی اور اپنے بچّوں کی اَبَدی وِراثت کے لیے وَرثے میں پائے گا، جب تک زمِین قائم ہے، تُو اِس کو اَبَد میں دوبارہ پائے گا اور پھِر نہ کھوئے گا۔

۲۱ لیکن مَیں تُجھ سے سچّ کہتا ہُوں آنے والے وقت میں تیرا کوئی بادِشاہ یا حُکم ران نہ ہوگا، پَس مَیں تیرا بادِشاہ ہُوں گا اور تیری نگہبانی کرُوں گا۔

۲۲ پَس، میری آواز سُنو اور میرے پیچھے آؤ، اور تُم آزاد لوگ ہو گے، اور جب مَیں آؤں گا، تیرے پاس میری شَرِیعت کے علاوہ کوئی شَرِیعت نہ ہوگی، چُوں کہ مَیں تیرا شَرِیعت دینے والا ہُوں، اور میرا ہاتھ کون روک سکتا ہے؟

۲۳ مگر مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، ایک دُوسرے کو اُس عہدے کے مُطابق سِکھاؤ جِس میں مَیں نے تُجھے مُقرّر کِیا ہے؛

۲۴ اور ہر آدمی اپنے بھائی کو اپنی مانِند سمجھے، اور میرے حُضُور بھلائی اور نیک نیتی سے عمل کرے۔

۲۵ اور پھِر مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، ہر آدمی اپنے بھائی کو اپنی مانِند سمجھے۔

۲۶ تُم میں سے کس آدمی کے بارہ بیٹے ہیں، اور وہ اُن میں سے کسی کی طرف داری نہیں کرتا، اور وہ اُس کی وفاداری سے خدمت کرتے ہیں، اور وہ ایک سے کہتا ہے :تُو خلِعت میں مُلبّس ہو اور یہاں بیٹھ؛ اور دُوسرے سے: تُو چیتھڑے پہن اور وہاں بیٹھ—اور اپنے بیٹوں کو دیکھے اور کہے مَیں اِنصاف پسند ہُوں؟

۲۷ دیکھو، مَیں نے یہ تُمھیں تمثیل دی ہے، اور یہ اَیسا ہے یعنی جَیسا مَیں ہُوں۔ مَیں تُم سے کہتا ہُوں، ایک ہو؛ اور اگر تُم ایک نہیں ہو تُم میرے نہیں ہو۔

۲۸ اور پھِر مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ بند کوٹھڑیوں میں دُشمن تُمھاری زِندگیوں کا خواہاں ہے۔

۲۹ اور تُم دُور دراز مُلکوں میں جنگوں کا سُنتے ہو، اور تُم کہتے ہو کہ جلد ہی اُن دُور دراز مُلکوں میں بڑی جنگیں ہوں گی، مگر تُم اپنی سرزمِین پر آدمیوں کے دِلوں کو نہیں جانتے۔

۳۰ مَیں یہ چِیزیں تُمھاری دُعاؤں کی وجہ سے تُمھیں بتاتا ہُوں؛ پَس، حِکمت کو اپنے سینوں میں بھر لو، مُبادا آدمیوں کی اپنی بدکاری یہ باتیں تُم پر ظاہر کرے، اِس لحاظ سے یہ تُمھارے کانوں میں زمِین کو ہلا دینے والی آواز سے بُلند آواز کی مانِند ہو گی؛ لیکن اگر تُم تیار ہو، تُم خَوف نہ کھاؤ گے۔

۳۱ اور کہ تُم دُشمن کے چُنگل سے نِکل سکو، اور راست باز لوگ بن کر میرے پاس اِکٹھے ہو، بےداغ اور بےعیب—

۳۲ پَس، اِس سبب سے مَیں تُجھے حُکم دیتا ہُوں کہ تُجھے اوہائیو جانا چاہیے؛ اور وہاں مَیں تُجھے اپنا قانون دُوں گا؛ اور وہاں تُجھے عالمِ بالا سے قُدرت بخشی جائے گی؛

۳۳ اور وہاں سے، جِس کو بھی مَیں چاہُوں ساری قَوموں میں جائے گا، اور اُنھیں بتایا جائے گا کہ وہ کیا کریں گے؛ چُوں کہ مَیں نے اَرفع کام محفُوظ کِیا ہُوا ہے، پَس اِسرائیل بچایا جائے گا، اور مَیں اُنھیں وہاں لے جاؤں گا جہاں مَیں چاہُوں گا، اور کوئی طاقت میرا ہاتھ نہ روک سکے گی۔

۳۴ اور اب، مَیں اِن علاقوں میں کلِیسیا کو حُکم دیتا ہُوں، کہ اُن کے درمیان میں خاص لوگ مُقرّر کیے جائیں، اور وہ کلِیسیا کی رائے سے مُقرّر کیے جائیں؛

۳۵ اور وہ مسکینوں اور حاجت مندوں کا خیال رکھیں گے، اور اُن کی ضرورتوں میں خدمت کریں گے کہ وہ مصائب نہ اُٹھائیں؛ اور اُنھیں اُس جگہ بھیجیں گے جِس کا مَیں نے حُکم دیا ہے؛

۳۶ اور اُن کا کام یہ ہوگا، کلِیسیا کی اِملاک کے مُعاملات کا خیال رکھنا۔

۳۷ اور وہ جِن کے پاس کھیت ہیں جو بیچے نہیں جا سکتے، اُنھیں چھوڑ دیں یا کرائے پر دیں جَیسے مُناسب لگتا ہے۔

۳۸ نظر رکھو کہ تمام چِیزیں محفُوظ کی گئی ہیں؛ اور جب آدمی آسمان سے قُدرت پاتے اور آگے بھیجے جاتے ہیں، یہ سب چِیزیں کلِیسیا کے پاس اِکٹھی کی جائیں۔

۳۹ اور اگر تُم اُس دَولت کو تلاش کرتے ہو جو کہ باپ کی مرضی ہے کہ تُمھیں دے، تُم سب لوگوں سے زیادہ دَولت مند ہو گے، تُمھارے پاس اَبدیّت کی دَولت ہو گی؛ اور یہ حقیقت ہے کہ دُنیا کی مال و دَولت میری ہے جو تُجھے دی جاتی ہے؛ لیکن غرُور سے خبردار رہو، اَیسا نہ ہو کہ تُم قدِیم نیفیوں کی طرح ہو جاؤ۔

۴۰ اور پھِر، مَیں تُم سے کہتا ہُوں، مَیں تُمھیں حُکم دیتا ہُوں، کہ ہر آدمی، بُزرگ، کاہن، معلم اور رُکن بھی اپنی مرضی سے جائیں، اپنے ہاتھوں کی مزدُور ی سے، اُن چِیزوں کو تیار اور پُورا کریں جِن کا مَیں نے حُکم دیا ہے۔

۴۱ اور تُمھاری مُنادی تنبیہ کرنے والی آواز ہو، ہر آدمی اپنے ہمسائے کو، نرمی اور حلیمی سے۔

۴۲ اور بدکاروں کے درمیان میں سے باہر نِکل جاؤ۔ اپنے آپ کو بچاؤ۔ تُم جو خُداوند کے ظروف اُٹھاتے ہو پا ک بنو۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔