صحائف
عقائد اور عہُود ۳۵


فصل ۳۵

۷ دسمبر ۱۸۳۰، فے ایٹ، نیویارک میں، یا اِس کے آس پاس، نبی جوزف سمِتھ اور سِڈنی رِگڈن کو دیا گیا مُکاشفہ۔ اِس وقت، نبی تقریباً روزانہ بائِبل کے ترجمے میں مشغُول تھا۔ ترجمہ ۱۸۳۰ جُون کے اوائل میں شُروع ہُوا اور اولیور کاؤڈری اور جان وِٹمر دونوں نے کاتب کے طور پر خدمات سراَنجام دیں۔ اب چُوں کہ اُنھیں دُوسرے فرائض کی بُلاہٹ مِل چُکی تھی، سِڈنی رِگڈن اِلہٰی حُکم سے بُلایا گیا کہ اِس کام میں نبی کے کاتب کی حیثیت سے خدمت سر انجام دے۔ (دیکھیے آیت ۲۰)۔ اِس مُکاشفے کے پیش لفظ کے طور پر جوزف سمِتھ کی تارِیخ بیان کرتی ہے: ”دسمبر میں سِڈنی رِگڈن [اوہائیو سے] خُداوند سے دریافت کرنے آیا اور اُس کے ساتھ ایڈورڈ پارٹریج آیا۔ … اِن دونوں بھائیوں کی آمد کے تھوڑے عرصے بعد، خُداوند نے یُوں فرمایا۔“

۱–۲، اِنسان کس طرح خُدا کے بچّے بن سکتے ہیں؛ ۳–۷، سِڈنی رِگڈن بپتسما دینے اور رُوحُ القُدس عطا کرنے کے لیے بُلایا جاتا ہے؛ ۸–۱۲، نِشانات اور مُعجِزات اِیمان کے وسِیلے سے رُونما ہوتے ہیں؛ ۱۳–۱۶، خُداوند کے خادِم قَوموں کو رُوح کی قُدرت سے پھٹکیں گے؛ ۱۷–۱۹، جوزف سمِتھ کے پاس بھیدوں کی کُنجیاں ہیں؛ ۲۰–۲۱، برگُزیدہ خُداوند کی آمد کے دِن قائم رہیں گے؛ ۲۲–۲۷، اِسرائیل بچایا جائے گا۔

۱ اپنے خُداوند خُدا، یعنی الفا اور اومیگا کی آواز سُنو، اِبتدا اور اِنتہا، جِس کی راہ اَبَدی مدار ہے، جو کہ، آج، کل اور ہمیشہ تک یکساں ہے۔

۲ مَیں یِسُوع مسِیح ہُوں، خُدا کا بیٹا، جِسے دُنیا کے گُناہوں کے لیے مصلُوب کِیا گیا، یعنی جتنے میرے نام پر اِیمان لائیں گے، کہ خُدا کے فرزند بن سکیں، یعنی مُجھ میں یکجا ہوں، جَیسے مَیں باپ میں ہُوں، جَیسے باپ مُجھ میں ہے، تاکہ ہم ایک ہوں۔

۳ دیکھ، میرے خادِم سِڈنی مَیں تُجھ سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، مَیں نے تُجھ پر اور تیرے کام پر نظر کی ہے۔ مَیں نے تیری دُعائیں سُنی ہیں، اور تُجھے اَرفع و اعلیٰ کام کے لیے تیار کِیا ہے۔

۴ مُبارک ہے تُو، چُوں کہ تُو بڑے بڑے کام کرے گا۔ دیکھ تُو آگے بھیجا گیا تھا، جَیسے کہ یُوحنّا، میرے آگے راہ تیار کرنے کے لیے، اور ایلیّاہ سے پہلے جِسے آنا ہے، اور تُو اُسے نہیں جانتا۔

۵ تُو نے توبہ کے لیے پانی کا بپتسما دیا، لیکن اُنھوں نے رُوحُ القُدس نہیں پایا؛

۶ لیکن اب مَیں تُجھے حُکم دیتا ہُوں، کہ تُو پانی سے بپتسما دے گا، اور وہ قدِیم کے رسُولوں کی مانِند سر پر ہاتھ رکھے جانے سے، رُوحُ القُدس پائیں گے۔

۷ اور اَیسا ہو گا کہ اِس سرزمِین پر اَرفع و اعلیٰ کام ہو گا، حتیٰ کہ غیر قَوموں میں، چُناں چہ اُن کی نادانی اور مکرُوہات سب لوگوں کی نظروں میں اُجاگر کی جائیں گی۔

۸ پَس مَیں خُدا ہُوں، اور میرا ہاتھ کوتاہ نہیں ہے؛ مَیں اُن سب کو مُعجِزات، نِشانات اور عجائبات دِکھاؤں گا جو میرے نام پر اِیمان لاتے ہیں۔

۹ اور جو کوئی بھی میرے نام پر اِیمان سے مانگیں گے، وہ بدرُوحوں کو نکالیں گے؛ بیماروں کو شِفا دیں گے؛ اُن کے وسِیلے سے اندھے بینائی پائیں گے، اور بہرے سُنیں گے، اور گُونگے بولیں گے، اور لنگڑے چلیں گے۔

۱۰ اور وہ وقت تیزی سے آتا ہے کہ نِرالی باتیں بنی آدم پر ظاہر کی جائیں؛

۱۱ لیکن بابل کی تباہی کے علاوہ اِیمان کے بغیر کُچھ بھی دِکھایا نہیں جائے گا، وہی بابل جِس نے تمام قَوموں کو اپنی حرام کاری کی قہر انگیز مَے پینے پر مجبور کِیا۔

۱۲ اور کوئی نہیں جو بھلائی کرتا ہے سِوا اُن کے جو میری اِنجِیل کی مَعمُوری قَبُول کرنے کے لیے تیار ہیں جو مَیں نے اِس نسل کے لیے بھیجی ہے۔

۱۳ پَس، مَیں دُنیا کی ناتواں چِیزوں کو بُلاتا ہُوں، وہ جو جاہل اور کمتر ہیں، اور کہ میرے رُوح کی قُدرت سے قَوموں کو پھٹکیں؛

۱۴ اور اُن کا بازُو میرا بازُو ہو گا، اور مَیں اُن کی ڈھال اور اُن کی سِپر ہُوں گا؛ اور مَیں اُنھیں کمر بستہ کرُوں گا؛ اور وہ مردانگی سے میرے لیے لڑیں گے؛ اور اُن کے دُشمن اُن کے پاؤں کے نیچے ہوں گے؛ اور مَیں اُن کے لیے تلوار چلاؤں گا، اور اپنے قہر کی آگ سے اُنھیں محفُوظ رکھُوں گا۔

۱۵ اور غریبوں اور حلیموں کے لیے اِنجِیل کی مُنادی کی جائے گی، اور وہ میری آمد کے وقت کا اِنتظار کریں گے، چُوں کہ یہ نزدیک ہے-

۱۶ اور وہ انجِیر کے درخت کی تمثیل سیکھیں گے، کیوں کہ گرمی تو پہلے ہی نزدیک ہے۔

۱۷ اور اپنی اِنجِیل کی مَعمُوری، مَیں نے اپنے خادِم جوزف کے ہاتھ سے بھیجی ہے؛ اور مَیں نے اُس کو کمزوری میں نوازا ہے؛

۱۸ اور مَیں نے اُسے اُن باتوں کے بھید کی کُنجیاں دی ہیں جو سر بمہر کر دی گئی تھیں، حتیٰ کہ وہ باتیں جو بِنائے عالم سے تھیں، اور وہ باتیں جو اِس وقت سے میرے آنے کے وقت تک ہوں گی، اگر وہ مُجھ میں قائم رہتا ہے، اور اگر نہیں رہتا، مَیں کسی اور کو اُس کی بجائے مُقرّر کرُوں گا۔

۱۹ پَس، اُس کا خیال رکھو کہ اُس کا اِیمان جاتا نہ رہے، اور یہ مددگار، رُوحُ القُدس کے وسِیلے سے دیا جائے گا، جو سب باتیں جانتا ہے۔

۲۰ اور مَیں تُجھے حُکم دیتا ہُوں—کہ تُو اُس کے لیے لِکھے گا؛ اور صحائف میرے اپنے برگُزیدوں کی نجات کے لیے دیے جائیں گے، بالکل ویسے ہی جَیسے وہ میرے سینے میں ہیں؛

۲۱ چُناں چہ وہ میری آواز سُنیں گے، اور مُجھے دیکھیں گے، اور سوئیں گے نہیں، اور میری آمد کے دِن قائم رہیں گے؛ پَس وہ پاک کیے جائیں گے، حتیٰ کہ جَیسے مَیں پاک ہُوں۔

۲۲ اور اب مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، اُس کے ساتھ رہ، اور وہ تیرے ساتھ سفر کرے گا؛ اُسے نہ چھوڑنا، اور یقیناً یہ باتیں پُوری ہوں گی۔

۲۳ اور جِس دوران میں تُو نہیں لِکھے گا، دیکھ، اُسے دیا جائے گا کہ نبُوّت کرے؛ اور تُو میری اِنجِیل کی مُنادی کرے گا اور اُس کا کلام ثابت کرنے کے لیے پاک نبیوں کا حوالہ دے گا، جَیسے وہ اُسے دیے جائیں گے۔

۲۴ اَحکام اور عہُود پر عمل کر جو تُو نے باندھے ہیں؛ اور تیری بھلائی کے لیے مَیں آسمانوں کو ہلا دُوں گا، اور شیطان کانپے گا اور صِیُّون پہاڑوں پر شادمانی کرے گا اور آسُودہ ہو گا؛

۲۵ اور میرے اپنے مُقرّرہ وقت پر اِسرائیل بچایا جائے گا؛ اور اُن کُنجیوں سے جو مَیں نے دی ہیں اُن کی راہ نمائی ہوگی، اور مزید سراسیمہ نہ ہوں گے۔

۲۶ خاطر جمع رکھ اور شادمان ہو، تیری مُخلصی قریب ہے۔

۲۷ چھوٹے گَلّے، نہ ڈر، جب تک مَیں آ نہیں جاتا بادِشاہی تیری ہے۔ دیکھ، مَیں جلد آتا ہُوں۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔