صحائف
عقائد اور عہُود ۱۲


فصل ۱۲

مئی ۱۸۲۹، کو ہارمونی، پنسلوانیا میں، نبی جوزف سمِتھ کے وسِیلے سے جوزف نائٹ سینئر کو دیا گیا مُکاشفہ۔ جوزف نائٹ نے مورمن کی کِتاب کے اَوراق کی دسترس اور ترجمہ کے جاری و ساری کام سے مُتعلّق جوزف سمِتھ کے اِعلانات کا یقین کِیا اور کئی دفعہ جوزف سمِتھ اور اُس کے نقل نویس کی مادی معاونت کی تھی، جِس کی بدولت اُنھوں نے ترجمے کا کام جاری رکھا۔ جوزف نائٹ کی درخواست پر، نبی خُداوند سے رُجُوع کرتا اور مُکاشفہ پاتا ہے۔

۱–۶، تاکِستان کے مزدُور نجات پائیں گے؛ ۷–۹، وہ تمام جو طالب ہیں اور اَہل ہیں خُداوند کے کام میں مدد کر سکتے ہیں۔

۱ عظیم اور حیرت خیز کام بنی آدم کے درمیان رُونما ہونے والا ہے۔

۲ دیکھ، مَیں خُدا ہُوں؛ میرے کلام پر کان لگاؤ، جو کہ زِندہ اور موثّر ہے، دو دھاری تلوار سے زیادہ تیز، جو بند بند اور گُودے گُودے کو دو لخت کر کے گُزر جاتا ہے؛ پَس، میرے کلام پر توجہ دو۔

۳ دیکھ، فصل کٹائی کے لیے پہلے ہی پک گئی ہے؛ پَس، جو کوئی کاٹنے کا خواہاں ہے، وہ پُوری قُوّت سے درانتی چلائے، اور دِن کے ختم ہونے تک کٹائی کرے، تاکہ وہ اپنی جان کی اَبَدی نجات کے لیے خُدا کی بادِشاہی میں جمع کر سکے۔

۴ ہاں، جو کوئی اپنی درانتی چلائے گا اور کاٹے گا، وہ ہی خُدا کی طرف سے بُلایا ہُوا ہے۔

۵ پَس، اگر تُو مُجھ سے مانگے گا تو پائے گا؛ اگر کھٹکھٹائے گا تو تیرے واسطے کھولا جائے گا۔

۶ اب، جَیسا تُو نے مانگا ہے، دیکھ، مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، میرے حُکموں کو مان، اور صِیُّون کی تیاری اور قیام کے دعویٰ کو تلاش کرو؛

۷ دیکھ، مَیں تُجھ سے کلام کرتا ہُوں، اور اُن سب سے بھی جو اِس کام کو آگے بڑھانا اور قائم کرنا چاہتے ہیں؛

۸ اور اِس کام میں کوئی مدد نہیں کر سکتا سِوا اِس کے کہ وہ حلیم ہو اور محبّت سے بھرپُور ہو، اِیمان، اُمید، اور محبّت رکھتے ہُوئے، تمام کاموں میں جو بھی اُسے سونپا جائے، پرہیزگار ہو

۹ دیکھ، مَیں دُنیا کا نُور اور زِندگی ہُوں، جو یہ فرماتا ہے، پَس اپنی ساری جان سے توجہ کر، اور تب تُو بُلایا جاتا ہے۔ آمین۔