صحائف
عقائد اور عہُود ۴۸


فصل ۴۸

۱۰ مارچ ۱۸۳۱ کو کرٹ لینڈ، اوہائیو میں، نبی جوزف سمِتھ کے وسِیلے سے دیا گیا مُکاشفہ۔ نبی نے خُداوند سے مُقَدَّسین کی آباد کاری کے لیے اراضی کی خریداری کا طریقہِ کار دریافت کِیا تھا۔ خُداوند کے حُکم کی تابع داری کے تحت اُنھیں اوہائیو میں اِکٹھے ہونا ہے، کلِیسیا کے اَرکان کی مشرقی ریاستہائے متحدہ سے نقل مکانی کے حوالے سے یہ ایک اَہم مُعاملہ تھا (دیکھیے فصُول ۳۷‏:۱–۳؛ ۴۵‏:۶۴

۱–۳، اوہائیو میں موجود مُقَدَّسین کو اپنے بھائیوں کو زمِین میں حِصّہ دینا ہے؛ ۴–۶، مقدسین کو زمِین خریدنا، شہر تعمیر کرنا، اور اپنے صدارتی عہدے داران کی مشورت کی پیروی کرنا ہے۔

۱ یہ ضروری ہے کہ اِس وقت تُم لوگ اپنی اپنی رہائش گاہوں میں قیام کرو، کیوں کہ یہ تُمھارے لیے اِن حالات میں مُناسب ہو گا۔

۲ اور جِس قدر تُمھارے پاس زمِین ہو گی، تُم اُس میں سے مشرقی بھائیوں کو دو گے؛

۳ اور جِس قدر تُمھارے پاس زمِین نہ ہوگی، اُنھیں اپنے اِردگِرد کے علاقے میں اِس وقت خریدنے دو، جَیسا اُنھیں بہتر لگے، کیوں کہ یہ ضروری ہے کہ اِس وقت اُن کے پاس قیام کرنے کے لیے جگہ ہو۔

۴ یہ ضروری ہے کہ جتنے بھی پیسے تُم جمع کر سکو کرو، تاکہ تُم وہ سب حاصل کرو جو تُم راستی سے حاصل کر سکتے ہو، کہ وقت پر تُم وِراثت کے لیے زمِین خرید سکو، حتیٰ کہ شہر۔

۵ جگہ ابھی تک آشکار نہیں کی گئی ہے؛ لیکن جب تُمھارے بھائی مشرق سے آ جائیں تو کُچھ آدمی مُقرّر کیے جائیں، اور اُنھیں عنایت کِیا جائے گا کہ جگہ کو جانیں، یا اُن پر یہ ظاہر کِیا جائے گا۔

۶ اور اُنھیں زمِین خریدنے اور شہر کی بُنیاد رکھنے کے آغاز کے لیے مُقرّر کِیا جائے گا؛ اور پھِر تُم اپنے خاندانوں کے ساتھ اِکٹھے ہونا شُروع کرو گے، ہر آدمی اپنے اپنے خاندان کے مُطابق، اپنے حالات کے مُطابق، اور جَیسا اِس کے لیے کلِیسیا کے اُسقُف اور صدارت کے ذریعے سے مُقرّر کِیا جائے گا، شَرِیعت اور اَحکام کے مُطابق جو تُم نے پائے ہیں، اور جو تُم بعد میں پاؤ گے۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین