صحائف
عقائد اور عہُود ۵۷


فصل ۵۷

۲۰ جولائی ۱۸۳۱ کو صِیُّون جیکسن کاؤنٹی میزوری میں، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے دیا گیا مُکاشفہ۔ خُداوند کے حُکم کی بجا آوری کے تحت میزوری کے لیے سفر کرنا، جہاں وہ ”تُمھاری مِیراث کی زمین“ ظاہر کرے گا (فصل ۵۲)، بُزرگوں نے اوہائیو سے میزوری کی مغربی سرحد تک سفر کِیا۔ جوزف سمِتھ نے لامنوں کی حالت پر غَور و فکر کِیا اور مُتعجب ہُوا: ”کب بیابان گُلاب کی طرح کھِلے گا؟ کب صِیُّون اپنے جلال میں قائم کی جائے گی، اور کہاں تیری ہیکل تعمیر ہو گی، جِس تک آخِری دِنوں میں سب قَومیں آئیں گی؟“ بعد اَزاں اُس نے یہ مُکاشفہ پایا۔

۱–۳، اِنڈی پینڈنس، میزوری، صِیُّون کے شہر اور ہیکل کی جگہ ہے؛ ۴–۷، مُقَدَّسین کو اُس علاقے میں زمِین خریدنی اور مِیراث پانی ہے؛ ۸–۱۶، سِڈنی رِگڈن کو ذخیرہ خانہ قائم کرنا ہے، وِلیم ڈبلیو فِلپس ناشر ہو گا، اور اولیور کاؤڈری اشاعت کے لیے متن کی تدوین کرے گا۔

۱ سُنو، میری کلِیسیا کے بُزرگوں جِنھوں نے خُود کو، میرے حُکموں کے مُطابق جمع کِیا ہے، اِس سرزمِین میں، جو میزوری کی سرزمِین ہے، جو سرزمِین مَیں نے مُقَدَّسین کے اِکٹھے کیے جانے کے لیے مُقرّر اور مخصُوص کی ہے، خُداوند تُمھارا خُدا فرماتا ہے

۲ لہٰذا، یہ موعودہ سرزمِین ہے، اور صِیُّون کے شہر کی جگہ۔

۳ اور خُداوند تُمھارا خُدا یُوں فرماتا ہے، اگر تُم حِکمت پانا چاہو تو حِکمت کا یہ موقع ہے۔ دیکھو، وہ جگہ جو ابھی اِنڈی پینڈنس کہلاتی ہے مرکزی جگہ ہے؛ اور ہیکل کے لیے جگہ مغربی سمت میں ہے، اِس قطعہِ زمِین پر جو کچہری سے زیادہ دُور نہیں۔

۴ پَس، حِکمت یہ ہے کہ مُقَدَّسین اِس زمِین کو خریدیں، اور ہر اُس قطعہ زمِین کو بھی جو مغربی سمت میں ہے، حتیٰ کہ اِس سرحد تک جو یہُودی اور غیر قَوموں کے درمیان میں بِلاواسطہ گُزرتی ہے؛

۵ اور ہر قطعہ زمِین سبزہ زاروں کی حد تک؛ جتنا بھی میرے شاگِرد خرید سکتے ہیں۔ دیکھو، یہ حِکمت ہے کہ وہ اِسے اَبَدی مِیراث کے لیے حاصل کریں۔

۶ اور میرا خادِم سِڈنی گلبرٹ اُس عہدے پر جِس میں مِیں نے اُسے فائز کِیا ہے قائم رہے، تاکہ کلِیسیا کا نمایندہ ہو، تاکہ اِردگِرد کے تمام علاقوں میں زمِین خریدنے کے لیے رُقُوم اِکھٹی کرے، جتنا بھی راست بازی میں کِیا جا سکے، اور جَیسے حِکمت ہدایت دے۔

۷ اور میرا خادِم ایڈورڈ پارٹریج اُس عُہدے پر جِس میں مَیں نے اُسے فائز کِیا ہے قائم رہے، اور مُقَدَّسین میں اُن کی مِیراث بانٹے، جَیسا کہ مَیں نے حُکم دیا ہے، اور وہ بھی جِنھیں اُس نے اپنی مدد کے لیے مُقرّر کِیا ہے۔

۸ اور پھِر، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں میرا خادِم سِڈنی گلبرٹ خُود کو یہاں آباد کرے، اور ذخیرہ خانہ قائم کرے، کہ بغیر فریب کے اشیا فروخت کرے، کہ مُقَدَّسین کی بھلائی کے لیے زمِین خریدنے کے لیے رقم حاصل کر سکے، اور کہ وہ شاگِردوں کو اُن کی مِیراث میں آباد کرنے کے لیے جِن چِیزوں کی بھی ضرورت ہو حاصل کرے۔

۹ اور میرا خادِم سِڈنی گلبرٹ اِجازت نامہ حاصل کرے—دیکھو یہ حِکمت ہے، اور جو یہ پڑھے سمجھ لے—کہ وہ لوگوں تک اشیا بھیج سکتا ہے، حتی ٰ کہ اُن کے ذریعے سے جِنھیں وہ اپنی خدمت میں بطور کلرک ملازمت دے؛

۱۰ اور اِس طرح میرے مُقَدَّسین کے لیے فراہم کرے، تاکہ میری اِنجِیل کی مُنادی اُن تک کی جائے جو اندھیرے اور موت کے حلقے اور سائے میں بیٹھے ہیں۔

۱۱ اور پھِر، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، میرا خادِم وِلیم ڈبلیو فِلپس اِس جگہ پر آباد کِیا جائے، اور کلِیسیا کے لیے بطور ناشر قائم ہو۔

۱۲ اور جان لو، اگر دُنیا اِن نوِشتوں کو قَبُول کرے—دیکھو حِکمت یہ ہے—جو کُچھ بھی وہ مُقَدَّسین کی بھلائی کے لیے راست بازی سے حاصل کر سکے کرے۔

۱۳ اور میرا خادِم اولیور کاؤڈری اُس کی مدد کرے، جَیسا مَیں نے حُکم دیا ہے، جِس جگہ پر بھی مَیں اُس کو مُقرّر کرُوں، نقل نویسی کے لیے، تصحیح کے لیے، اور اِنتخاب کے لیے، تاکہ تمام چِیزیں میرے حُضُور راست ہوں، اور یہ اُس کی بدولت رُوح کے وسِیلے سے ثابت کِیا جائے گا۔

۱۴ اور وہ جِن کے بارے میں، مَیں نے کہا ہے، صِیُّون میں اپنے خاندانوں کے ساتھ، وہ کام کرنے کے لیے جو مَیں نے کہے ہیں، جتنی جلدی ہو سکے آباد کیے جائیں۔

۱۵ اور اب اِکٹھا ہونے کے بارے میں—اُسقُف اور نمایندہ اِن خاندانوں کے لیے جلد از جلد تیاری کریں، جِن کو اِس سرزمِین میں آنے کا حُکم دیا گیا ہے، اور اُنھیں اُن کی مِیراث میں آباد کریں۔

۱۶ اور بُزرگوں اور اَرکان کے بقیہ کو مزید راہ نمائی اِس کے بعد دی جائے گی۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔