صحائف
عقائد اور عہُود ۱۲۴


فصل ۱۲۴

۱۹ جنوری ۱۸۴۱، ناووہ، اِیلانوئے میں، نبی جوزف سمِتھ کو دیا گیا مُکاشفہ۔ سرکاری افسران کی اُن کے خِلاف بڑھتی ہُوئی ایذارسانی اور غیر قانونی کارروائیوں کے اَسباب نے مُقَدَّسین کو میزوری چھوڑنے پر مجبُور کر دیا گیا تھا۔ میزوری کے گورنر، لِل برن ڈبلیو باگز کے، اُنھیں نابُود کر دینے کے جاری کردہ حُکم، مورّخہ ۲۷ اَکتوبر ۱۸۳۸، نے اُن کے لیے کوئی مُتبادل نہیں چھوڑا تھا۔ ۱۹۴۱ میں جب یہ مُکاشفہ دیا گیا مُقَدَّسین نے اِیلانوئے میں ناووہ شہر اِس جگہ تعمیر کِیا تھا جہاں پہلے کامرس گاؤں، تھا، اور یہاں کلِیسیا کا مرکزی دفتر قائم کِیا جا چُکا تھا۔

۱–۱۴، جوزف سمِتھ کو حُکم دیا گیا ہے کہ وہ اِنجِیل کی متانت سے مُنادی ریاستِ ہائے متحدہ کے صدر، گورنروں، اور تمام قَوموں کے حُکمرانوں کو کرے؛ ۱۵–۲۱، حائرم سمِتھ، ڈیوڈ ڈبلیو پیٹن، جوزف سمِتھ سینئر اور دُوسرے زِندوں اور مُردوں میں اپنے خلُوص اور راست چال چلن کے باعث مُبارک ہیں؛ ۲۲–۲۸، مُقَدَّسین کو حُکم دیا گیا کہ وہ ناووہ میں پردیسیوں کی مہمان نوازی کے لیے گھر اور ہیکل تعمیر کریں؛ ۲۹–۳۶، ہیکلوں میں رفتگان کے لیے بپتسمے ادا کیے جائیں گے؛ ۳۷–۴۴، خُداوند کے لوگ مُقَدَّس رُسُوم ادا کرنے کے لیے ہمیشہ ہیکلیں تعمیر کرتے ہیں؛ ۴۵–۵۵، مُقَدَّسین کو اُن کے دُشمنوں کے ظُلم و سِتم کے سبب سے جیکسن کاؤنٹی میں ہیکل کی تعمیر سے مُستثنیٰ کِیا گیا ہے؛ ۵۶–۸۳، ناووہ ہاؤس کی تعمیر کے لیے ہدایات دی گئیں ہیں؛ ۸۴–۹۶، حائرم سمِتھ کو کُنجیاں پانے، اور اولیور کاؤڈری کی جگہ بطریق بُلایا گیا؛ ۹۷–۱۲۲، وِلیم لا اور دُوسروں کو اُن کی مُشقّتوں میں مشورت دی گئی ہے؛ ۱۲۳–۱۴۵، اعلیٰ اور علاقائی عُہدےداروں کے نام، اُن کی ذِمّہ داریاں اور وہ کس کس جماعت سے مُنسلک ہیں بیان کی گئی ہیں۔

۱ سچّ، خُداوند تُجھ سے یُوں فرماتا ہے، میرے خادِم جوزف سمِتھ، مَیں تیری نذر اور اِظہارِ تشکر جو تُو نے ادا کیے ہیں، خُوش ہُوں؛ پَس اِسی مقصد کے لیے مَیں نے تُجھے برپا کِیا ہے کہ مَیں زمِین کی کم زور چِیزوں کے ذریعے سے اپنی حِکمت ظاہر کرُوں۔

۲ تیری دُعائیں میرے حُضُور قابلِ قَبُول ہیں؛ اور اُن کے جواب میں مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، کہ تُو اب میری اِنجِیل کی، اور اِس میخ کی جِس کو مَیں نے صِیُّون کے کونے کے سِرے کا پتھر ہونے کے لیے قائم کِیا ہے، متانت کے ساتھ مُنادی کرنے کے لیے فوراً بُلائے گئے ہو۔ جو نفاست سے درخشاں کی جائے گی جِس کی مشابہت محل کی سی ہو گی۔

۳ یہ اِعلان دُنیا کے تمام بادِشاہوں کو دیا جائے گا، اِس کے مُتعلّق چاروں کونوں تک، محترم نو مُنتخب صدر کو، اور اِس قَوم کے، جِس میں تُو رہتا ہے، اعلیٰ ظرف گورنروں، اور زمِین پر پھیلی تمام قَوموں کو دیا جائے گا۔

۴ یہ حلیمی کی رُوح میں اور رُوحُ القُدس کی قُدرت سے لِکھا جائے، جو اِس کو لِکھنے کے وقت تُجھ میں ہو گا؛

۵ پَس تُجھے رُوحُ القُدس کے وسِیلے سے عطا کِیا جائے گا کہ اِن بادِشاہوں اور اِختیار والوں کی بابت میری مرضی جانو، یعنی اُن کے ساتھ آنے والے وقت میں کیا ہو گا۔

۶ پَس، دیکھ، مَیں اُن سے گُزارِش کرُوں گا کہ وہ صِیُّون کے نُور اور جلال پر توجہ دیں، پَس اُس کے مَقبُول ہونے کا مُقرّرہ وقت آ پُہنچا ہے۔

۷ پَس تُو اُنھیں بُلند اِعلان سے، اور اپنی گواہی سے پُکار، اُن سے خَوف نہ کھا، کیوں کہ وہ گھاس کی مانِند ہیں، اور اُن کا سارا جلال اُس کے پھول کی مانِند، جو جلد مرجھا جاتا ہے، کہ اُن کے پاس کوئی بھی عُذر نہ رہے—

۸ اور تاکہ مَیں مُلاحظہ کے دِن اُن کے پاس آؤں، جب مَیں چہرہ کُشا ہُوں گا، کہ ظالموں کا حِصّہ ریاکاروں کے ساتھ مُقرّر کرُوں، جہاں دانتوں کا پِیسنا ہے، اگر وہ میرے خادِموں اور میری گواہی کو رَدّ کرتے ہیں جو مَیں نے اُن پر ظاہر کی ہے۔

۹ اور پھِر، مَیں آؤں گا اور تُمھارے بھلے کے لیے اُن میں سے بہتیروں کے دِل نرم کرُوں گا، تاکہ تُم اُن کی نظر میں اِقبال مندی پاؤ، تاکہ وہ سچّائی کے نُور کے پاس آئیں، اور غیر قَومیں صِیُّون کی سرفرازی یا بڑھوتی کے لیے آئیں۔

۱۰ پَس میرے مُلاحظہ کا دِن جلد آتا ہے، جِس گھڑی تُمھیں گُمان بھی نہ ہو گا، اور میرے لوگوں کی پاسبانی کہاں ہو گی، اور اُن کی پناہ گاہ جو اُن میں سے بچیں گے؟

۱۱ جاگو، اَے زمِین کے بادِشاہو، تُم آؤ، ہاں، تُم آؤ، اپنے سونے اور اپنی چاندی کے ساتھ، میرے لوگوں کی مدد کے لیے دخترِ صِیُّون کے گھر۔

۱۲ اور پھِر، مَیں تُجھ سے سچّ کہتا ہُوں، میرا خادِم رابرٹ بی تھامپسن اِس فرمان کو لِکھنے میں تیری مدد کرے، اور کہ وہ تیرے ساتھ ہو، پَس مَیں اُس سے خُوش ہُوں؛

۱۳ پَس، وہ تیری مشورت کو سُنے گا، اور مَیں اُس کو رحمتوں کی کثرت سے نوازُوں گا؛ وہ اب سے لے کر تمام چِیزوں میں اِیمان دار اور سچّا ہو، اور وہ میری نظر میں عظیم ہو گا؛

۱۴ بلکہ وہ یاد رکھے کہ اِس مُختاری کی بازپُرس مَیں اُس سے کرُوں گا۔

۱۵ اور پھِر، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، میرا خادِم حائرم سمِتھ مُبارک ہے؛ پَس مَیں، خُداوند، اِس کے خلُوصِ دِل کی بدولت اِس سے محبّت کرتا ہُوں، اور کیوں کہ وہ اُس سے محبّت کرتا ہے جو میرے سامنے راست ہے، خُداوند فرماتا ہے۔

۱۶ پھِر، میرا خادِم جان سی بینٹ میرے کلام کو بادِشاہوں اور دُنیا کے لوگوں تک بھیجنے میں تیری مدد کرے، اور تیرے، یعنی میرے خادِم جوزف سمِتھ کے ساتھ، مُصِیبت کی گھڑی میں کھڑا ہو؛ اور اگر وہ مشورت قَبُول کرتا ہے تو وہ اپنا اَجر نہ کھوئے گا۔

۱۷ اور وہ اپنی محبّت کے باعث عظیم ہو گا، پَس اگر وہ اَیسا کرتا ہے تو وہ میرا ہو گا، خُداوند فرماتا ہے۔ مَیں نے وہ اَعمال دیکھے ہیں جو اُس نے اَنجام دیے ہیں، اگر وہ اِسی طرح کرتا رہتا ہے تو مَیں اِنھیں قَبُول کرُوں گا، اور اُس کو رحمتوں اور عالی جلال کا تاج دُوں گا۔

۱۸ اور پھِر، مَیں تُم سے کہتا ہُوں میری مرضی یہ ہے کہ میرا خادِم لیمن رائٹ فروتنی کی رُوح کے ساتھ، صِیُّون میں مُنادی کرتا رہے، دُنیا کے سامنے میرا اِقرار کرے؛ اور مَیں اُس کو گویا عُقاب کے پروں پر بَیٹھا لُوں گا؛ اور وہ اپنے لیے اور میرے نام کے لیے جلال اور عزت کا موجب ہو گا۔

۱۹ تاکہ جب وہ اپنا فرض پُورا کر لے گا تو مَیں اُسے اپنے پاس لے آؤں، اُسی طرح جَیسے مَیں نے اپنے خادِم ڈیوڈ پیٹن کے ساتھ کِیا، جو اِس وقت میرے پاس ہے، اور میرے خادِم ایڈورڈ پارٹریج کو بھی، اور میرے عُمر رسیدہ خادِم جوزف سمِتھ سنیئر کو بھی، جو اَبرہام کے ساتھ اُس کے دہنی طرف بیٹھا ہے، اور وہ مُبارک اور مُقَدَّس ہے، پَس وہ میرا ہے۔

۲۰ اور پھِر، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، میرے خادِم جارج مِلّر میں کوئی مکَر نہیں؛ وہ اپنے خلُوصِ دِل کے باعث قابلِ بھروسا ہے؛ اور اُس محبّت کے باعث جو اُسے میری گواہی سے ہے مُجھ، خُداوند کو اِس سے محبّت ہے۔

۲۱ پَس مَیں تُم سے کہتا ہُوں، مَیں اُس کے سر پر اُسقُفی عُہدہ مُہر کرتا ہُوں، میرے خادِم ایڈورڈ پارٹریج کی طرح، تاکہ وہ میرے گھر کے ہدیے وُصُول کر سکے، تاکہ وہ میرے لوگوں میں سے مُحتاجوں کے سروں پر رحمتیں اُنڈیل سکے، خُداوند فرماتا ہے۔ کوئی شخص میرے خادِم جارج کو ہِیچ نہ جانے، پَس وہ میری تعظیم کرے گا۔

۲۲ میرا خادِم جارج اور میرا خادِم لیمن، اور میرا خادِم جان سنائڈر، اور دُوسرے میرے نام کے لیے ایک اَیسا گھر تعمیر کریں، عین اُس جَیسا جو میرا خادِم جوزف سمِتھ اُن کو دِکھائے گا، اُسی جگہ پر جو وہ اُن کو بھی دِکھائے گا۔

۲۳ اور وہ قیام و طعام کی جگہ ہو گی، اَیسا گھر جِس میں دُور دراز سے آنے والے پردَیسی قیام کریں؛ پَس یہ نہایت عُمدہ گھر ہو، ہر لحاظ سے قَبُول کرنے کے لائِق، تاکہ تھکا ماندہ مسافر صحت اور سلامتی پائے، جب وہ خُداوند کے کلام پر غَور و فکر کرے؛ اور اُس کونے کے سِرے کے پتھر پر جو مَیں نے صِیُّون کے لیے مُقرّر کِیا ہے۔

۲۴ اگر یہ گھر میرے نام پر تعمیر ہو، اور اگر وہ گورنر جو اِس کے لیے مُقرّر کِیا جائے گا اِسے آلودہ نہ ہونے دے تو یہ صحت بخش رہایش گاہ ہو گی۔ یہ مُقَدَّس ہوگا، ورنہ خُداوند تیرا خُدا اِس میں نہ بسے گا۔

۲۵ اور پھِر، مَیں تُجھ سے سچّ کہتا ہُوں، دُور دراز سے میرے تمام مُقَدَّسین کو آنے دو۔

۲۶ اور تُو تیزرو قاصد بھیج، ہاں، چنُیدہ قاصد، اور اُن سے کہہ: اپنے تمام سونے اور چاندی اور اپنے تمام قِیمتی پتھروں، اور اپنے تمام نوادرات کے ساتھ آؤ؛ اور اُن سب کے ساتھ جو نوادرات کا عِلم رکھتے ہیں، اور وہ سب جو آنا چاہتے ہیں آئیں، دیودار کی لکڑی، اور سرو کی لکڑی، اور صنوبر کی لکڑی، زمِین کی تمام قِیمتی لکڑیوں کے ساتھ آئیں؛

۲۷ اور لوہے کے ساتھ، پیتل کے ساتھ، اور تانبے کے ساتھ، اور جِست کے ساتھ، اور اپنی تمام دُنیاوی قِیمتی چِیزوں کے ساتھ؛ اور میرے نام کی خاطِر گھر تعمیر کریں، کہ قادرِ مُطلق اُس میں قیام کرے۔

۲۸ پَس، زمِین پر کوئی اَیسی جگہ نہیں پائی جاتی جہاں وہ اِسے بحال کرنے کے لیے آئے جو تُمھارے لیے کھو چُکا تھا، یا وہ جو اُس نے اُٹھا لیا ہے، یعنی کہانت کی مَعمُوری۔

۲۹ پَس بپتسمے کا حَوض زمِین پر نہیں ہے، کہ وہ، میرے مُقَدَّسین، اُن کے لیے بپتسما پا سکیں جو وفات پا گئے ہیں—

۳۰ پَس یہ رسم میرے گھر سے وابستہ ہے، اور مَیں اِسے باہر قَبُول نہیں کر سکتا، سِوا تُمھاری غُربت کے ایّام میں، جِن میں تُم اِس قابل نہیں ہوتے کہ میرے لیے گھر تعمیر کر سکو۔

۳۱ البتہ مَیں تُمھیں حُکم دیتا ہُوں، اَے میرے سب مُقَدَّسینو، کہ میرے لیے گھر تعمیر کرو؛ اور مَیں تُمھیں میرے لیے گھر تعمیر کرنے کے واسطے وافر وقت دیتا ہُوں؛ اور اِس دوران میں تُمھارے بپتسمے میرے لیے قابلِ قَبُول ہوں گے۔

۳۲ لیکن دیکھو، اِس دورانیے کے بعد تُمھارے رفتگان کے لیے تُمھارے بپتسمے میرے لیے قابلِ قَبُول نہ ہوں گے؛ اور اگر تُم یہ چِیزیں مُقرّرہ وقت کے آخِر تک نہیں کرتے تو تُم بحیثیتِ کلِیسیا، اپنے مرحُوموں کے ساتھ رَدّ کیے جاؤ گے۔ خُداوند تُمھارا خُدا فرماتا ہے۔

۳۳ پَس مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، جب تُمھیں میرے واسطے گھر کی تعمیر کا کافی زیادہ وقت مِل جائے تو اِس کے بعد، اِس میں رفتگان کے لیے بپتسما کی رسم ادا کرنا کیوں کہ یہی واجب ہے، اور جِس کے لیے بِنائے عالم سے بیشتر یہی مُقرّر کِیا گیا تھا، تُمھارے مُردوں کے واسطے تُمھارے بپتسمے میرے لیے قابلِ قَبُول نہ ہوں گے؛

۳۴ پَس اِسی واسطے مُقَدَّس کہانت کی کُنجیاں مُقرّر کی گئی ہیں، تاکہ تُم عزت اور جلال پاؤ۔

۳۵ اور اِس وقت کے بعد مُردوں کے لیے تُمھارے بپتسمے، اُن کے وسِیلے سے جو اِدھر اُدھر زمِین پر پھیلے ہُوئے ہیں، میرے لیے قابلِ قَبُول نہیں ہیں، خُداوند فرماتا ہے۔

۳۶ پَس یہ مُقرّر کِیا گیا ہے کہ صِیُّون میں اور اِس کی میخوں میں، اور یرُوشلیم میں، وہ جگہیں جِنھیں مَیں نے پناہ گاہ کے لیے مُقرّر کِیا ہے، تُمھارے مُردوں کے لیے تُمھارے بپتسموں کے مقامات ہوں گے۔

۳۷ اور پھِر، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، تُمھارے غُسل کس طرح میرے لیے قابلِ قَبُول ہوں، سِوا اِس کے کہ تُم اُنھیں اِس گھر میں اَدا کرو جو تُم نے میرے نام پر تعمیر کِیا ہے؟

۳۸ پَس، اِسی سبب سے مَیں نے مُوسیٰ کو حُکم دیا کہ وہ خیمہ تعمیر کرے، کہ وہ اُسے بیابان میں اپنے ساتھ رکھیں، اور موعودہ سرزمِین پر ایک اَیسا گھر تعمیر کریں، جہاں اُن رُسُوم کا ظہُور ہو سکے جِنھیں بِنائے عالم سے بیشتر پوشِیدہ رکھا گیا تھا۔

۳۹ پَس، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، کہ تُمھارے مسّح، اور تُمھارے غُسل، اور رفتگان کے لیے تُمھارے بپتسمے، اور تُمھاری مجالسِ مُقدّسہ، اور لاوی کے بیٹوں کے وسِیلے سے تُمھاری قُربانیوں کی یادگاریں، اور مُکاشفوں کی اِبتدا اور صِیُّون کی بُنیاد کے لیے تُمھاری اِلہام گاہیں جہاں تُم اپنے اِلہام، آئِین اور اَحکام پاتے ہو، اور اُس کے تمام باشِندوں کے جلال، تعظیم اور ودیعت میرے پاک گھر کی رسم کے وسِیلے سے مُقرّر کیے گئے ہیں، جِسے میرے لوگوں کو ہمیشہ میرے پاک نام کی خاطِر تعمیر کرنے کا حُکم دیا گیا ہے۔

۴۰ اور مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، یہ گھر میرے نام کی خاطِر تعمیر کِیا جائے، تاکہ مَیں اِس میں اپنی رُسُوم اپنے لوگوں پر ظاہر کرُوں؛

۴۱ پَس اپنی کلِیسیا پر مَیں یہ عنایت کرتا ہُوں کہ مَیں وہ چِیزیں ظاہر کرُوں جو بِنائے عالم سے بیشتر سے پوشِیدہ رکھی گئی ہیں، چِیزیں جِن کا تَعلُق زمانوں کی مَعمُوری کے دَور سے ہے۔

۴۲ اور مَیں اپنے خادِم جوزف سمِتھ کو اِس گھر کی بابت تمام چِیزیں دِکھاؤں گا، اور اُس کی کہانت بھی، اور وہ مقام بھی جِس پر اُسے تعمیر کِیا جانا ہے۔

۴۳ اور تُو اُسے اِس جگہ تعمیر کرنا جہاں تُو اِسے تعمیر کرنے کے بارے میں سوچ رہا تھا، کیوں کہ وہی وہ مقام ہے جو مَیں نے چُنا ہے کہ تُو اُسے تعمیر کرے۔

۴۴ اگر تُم اپنی پُوری طاقت سے محنت کرو، مَیں اِس جگہ کو مخصُوص کرُوں گا کہ وہ مُقَدَّس بنائی جائے گی۔

۴۵ اور اگر میرے لوگ میری آواز پر دھیان دیں گے، اور میرے خادِموں کی آواز پر، جِنھیں مَیں نے اپنے لوگوں کی راہ نمائی کے لیے مُقرّر کِیا ہے، دیکھو، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، وہ اپنی جگہ سے ہٹائے نہ جائیں گے۔

۴۶ بلکہ اگر وہ میری آواز کو نہیں سُنتے، نہ اِن آدمیوں کی آواز کو جِنھیں مَیں نے مُقرّر کِیا ہے تو، وہ برکت نہیں پائیں گے، کیوں کہ وہ میری پاک زمِین، اور میری پاک رُسُوم، اور میرے فرمان کو آلُودہ کرتے ہیں، اور میرے پاک صحائف کو جو مَیں اُنھیں دیتا ہُوں۔

۴۷ اور اَیسا ہو گا کہ اگر تُم میرے نام کے لیے یہ گھر تعمیر کرتے ہو، اور وہ چِیزیں نہیں کرتے جو مَیں کہتا ہُوں، مَیں اِس عہد کو پُورا نہیں کرُوں گا جو مَیں تُم سے باندھتا ہُوں، نہ وہ وعدے جِن کی تُم میرے ہاتھوں سے توقع کرتے ہو، خُداوند فرماتا ہے۔

۴۸ پَس برکت کی بجائے، تُم، اپنے کاموں سے اپنے سروں پر، لعنتیں، قہر، شدِید غضب، اور سزائیں لاتے ہو، اپنی بےعقلی سے، اور اپنی تمام مکرُوہات سے، جو تُم میرے حُضُور کرتے ہو، خُداوند فرماتا ہے۔

۴۹ مَیں تُم سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، جب مَیں فرزندانِ آدم میں سے کسی کو بھی اپنے نام کی خاطِر فرض نِبھانے کا حُکم دیتا ہُوں، اور اُس فرض کو وہ فرزندانِ آدم اپنی ساری جان سے اور اپنی ساری طاقت سے جو اُن کے پاس ہے پُورا کرتے ہیں، اور اپنی جان فشانی کو روکتے نہیں، اور اُن کے دُشمن اُن پر چڑھ آتے ہیں اور وہ فرض پُورا کرنے میں رکاوٹ ڈالتے ہیں، دیکھو، مَیں یہ مناسب جانتا ہُوں کہ اِن فرزندانِ آدم کے ہاتھوں اَیسے فرض کا تقاضا نہ کرُوں، بلکہ اُن کے نذرانے قَبُول کرُوں۔

۵۰ اور میرے مُقَدَّس قوانین اور حُکموں کے خِلاف بدی اور خطا مَیں اُن کے سر ڈالُوں گا جو میرے کام میں رکاوٹ ہیں، تِیسری اور چَوتھی نسل تک، جب تک وہ توبہ نہیں کرتے، اور مُجھ سے نفرت کرتے ہیں، خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

۵۱ پَس، اِس سبب سے مَیں نے اُن کے نذرانے قَبُول کیے ہیں جِنھیں مَیں نے جیکسن کاؤنٹی، میزوری میں اپنے نام کی خاطِر شہر بسانے اور گھر تعمیر کرنے کا حُکم دیا تھا، اور اُن کے دُشمنوں نے رکاوٹ ڈالی، خُداوند تُمھارا خُدا فرماتا ہے۔

۵۲ اور مَیں سزا، قہر، اور شدِید غضب، اور رونا، اور غم اور دانتوں کا پیسنا جواب مَیں اُن کے سروں پر اُنڈیلُوں گا، تِیسری اور چَوتھی نسل تک، جب تک وہ توبہ نہیں کرتے، اور مُجھ سے نفرت کرتے ہیں، خُداوند تُمھارا خُدا فرماتا ہے۔

۵۳ یہ مَیں تُمھارے لیے مثال بناتا ہُوں، اُن سب کی بابت تُمھاری تسلّی کے لیے، جِنھیں ذِمہّ داری پُوری کرنے کا حُکم دیا گیا ہے اور وہ اپنے دُشمنوں کے ہاتھوں، اور ظُلم کے سبب سے روکے گئے ہیں، خُداوند تُمھارا خُدا فرماتا ہے۔

۵۴ پَس مَیں خُداوند تُمھارا خُدا ہُوں، اور تُمھارے اُن تمام بھائیوں کو بچاؤں گا جو دِل کے پاک ہیں، اور میزوری کی سرزمِین میں مارے گئے ہیں، خُداوند فرماتا ہے۔

۵۵ اور پھِر، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، مَیں تُمھیں پھِر حُکم دیتا ہُوں کہ میرے نام کی خاطِر گھر تعمیر کرو، یعنی اِس جگہ، تاکہ تُم مُجھ پر یہ ثابت کر سکو کہ تُم تمام چِیزوں میں وفادار ہو جو کُچھ بھی مَیں تُمھیں حُکم دیتا ہُوں، تاکہ مَیں تُمھیں برکت دے سکُوں، اور تُمھیں عزت، لافانی زِندگی، اور اَبَدی زِندگی کا تاج پہناؤں۔

۵۶ اور اب مَیں تُم سے کہتا ہُوں، اپنے قیام و طعام کے گھر کے بارے میں جِسے پردیسیوں کے رہنے کے لیے تعمیر کرنے کا مَیں نے حُکم دیا ہے، وہ میرے نام کی خاطِر تعمیر کِیا جائے، اور اِس کا نام میرے نام پر ہو، اور میرا خادِم جوزف اور اِس کا خاندان اِس میں نسل در نسل جگہ پائیں۔

۵۷ پَس یہ مسح مَیں نے اِس کے سر ڈالا ہے، کہ اِس کی برکت اِس کے بعد اُس کی نسل پر بھی ڈالی جائے گی۔

۵۸ اور مَیں نے جَیسا اَبرہام سے زمِین کے قبِیلوں کے بارے میں کہا تھا، ویسے ہی مَیں اپنے خادِم جوزف سمِتھ سے کہتا ہُوں: تُجھ میں اور تیری اَولاد میں زمِین کے تمام قبِیلے برکت پائیں گے۔

۵۹ پَس، میرا خادِم جوزف سمِتھ اور اُس کے بعد اُس کی نسل اُس گھر میں جگہ پائے، ہمیشہ سے ہمیشہ تک، خُداوند فرماتا ہے۔

۶۰ اور اُس گھر کا نام ناوُو ہاؤس کہلائے گا؛ اور وہ اِنسان کے لیے خُوش کن رہایش گاہ ہو، اور تھکے ماندے مُسافر کے لیے آرام دہ جگہ، تاکہ وہ صِیُّون کے جلال، اور اِس، کونے کے سِرے کے پتھر کے جلال کی بابت غَور و فکر کرے؛

۶۱ تاکہ وہ اُن سے مشورت بھی پائے جِنھیں مَیں نے صداقت کے بَرگد، اور اِس کی دیواروں پر نگہبان مُقرّر کیے ہیں۔

۶۲ دیکھو، میں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، میرا خادِم جارج مِلّر، اور میرا خادِم لیمن رائٹ، اور میرا خادِم جان سنائڈر، اور میرا خادِم پیٹر ہاز، خُود کو مُنَظّم کریں، اور اپنے میں سے ایک کو اپنی جماعت پر، میرے گھر کی تعمیر کے مقصد کے لیے صدر مُقرّر کریں۔

۶۳ اور وہ ایک آئین قائم کریں گے، جِس سے وہ اُس گھر کی تعمیر کے لیے سٹاک وُصُول کریں۔

۶۴ اور وہ اُس گھر کے سٹاک کے شئیر کے لیے پچاس ڈالر سے کم موصول نہ کریں گے، اور اُنھیں کسی ایک آدمی سے اُس گھر کے سٹاک کے لیے پندرہ ہزار ڈالر وُصُول کرنے کے اِجازت ہو گی۔

۶۵ اَلبتہ اُنھیں کسی ایک آدمی سے پندرہ ہزار سے زیادہ سٹاک وُصُول کرنے کی اِجازت نہ ہو گی۔

۶۶ اور اُنھیں اُس گھر میں سٹاک کے ایک شیئر کے لیے ایک آدمی سے پچاس ڈالر سے کم موصُول کرنے کی اِجازت نہ ہو گی۔

۶۷ اور وہ کسی آدمی کو اِس گھر میں بطور سٹاک ہولڈر قَبُول نہ کریں گے، سِوا اِس کے جو اپنے سٹاک کی قِیمت اُن کے ہاتھوں میں اِس وقت اَدا کرے جب وہ سٹاک پاتا ہے۔

۶۸ اور اِس رقم کے مُطابق جو وہ اُن کے ہاتھوں میں ادا کرتا ہے وہ اُس گھر میں سٹاک پائے گا؛ لیکن اگر وہ اُن کے ہاتھ میں کُچھ بھی اَدا نہیں کرتا وہ اُس گھر میں کوئی سٹاک نہیں پائے گا۔

۶۹ اور اگر کوئی اُن کے ہاتھوں میں سٹاک اَدا کرے وہ اُس گھر میں سٹاک کے لیے ہو گا، اِس کے اپنے لیے، اور اُس کے بعد اُس کی نسل کے لیے، نسل در نسل ہو گا، جتنی دیر تک وہ اور اُس کے وارِث سٹاک کے حامِل ہوں گے، اور اُنھیں اپنی آزاد مرضی اور عمل سے سٹاک کو اپنے ہاتھوں سے نِکال کر فروخت یا مُنتقل نہیں کر دیتے، اگر تُم میری مرضی پُوری کرو گے، خُداوند تُمھارا خُدا فرماتا ہے۔

۷۰ اور پھِر، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، اگر میرا خادِم جارج مِلّر، اور میرا خادِم لیمن وائٹ، اور میرا خادِم جان سنائڈر، اور میرا خادِم پیٹر ہاز، اپنے ہاتھوں میں کوئی سٹاک پائیں، پیسوں کی صُورت میں، یا اِملاک کی صُورت میں جِس کے مُتعلق اُنھیں اَصلّی مالی قِیمت معلُوم ہو، وہ اُس سٹاک میں سے صِرف اِس گھر پر صَرف کرنے کے علاوہ کسی اور مقصد کے لیے اِستعمال نہ کریں گے۔

۷۱ اور اگر وہ اُس سٹاک کا کوئی حِصّہ صرف اِسی گھر کے علاوہ کسی اور جگہ، سٹاک ہولڈر کی رضامندی کے بغیر اِستعمال کرتے ہیں، اور اِس سٹاک کا چار گنا جو اُنھوں نے اِس گھر کے علاوہ کہیں اور اِستعمال کِیا ہے، واپس نہیں کرتے تو، وہ ملعُون ہوں گے، اور اپنی جگہ سے نِکال دیے جائیں گے، خُداوند خُدا فرماتا ہے؛ پَس مَیں خُداوند، خُدا ہُوں، اور اِن میں سے کسی بھی بات پر ٹھٹھوں میں اُڑایا نہیں جا سکتا۔

۷۲ مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، میرا خادِم جوزف سمِتھ اُن کے ہاتھوں میں اِس گھر کی تعمیر کے لیے، جَیسے وہ مُناسب جانتا ہے، سٹاک اَدا کرے؛ بلکہ میرا خادِم جوزف اِس گھر کے لیے پندرہ ہزار ڈالر سے زیادہ سٹاک نہیں اَدا کر سکتا، نہ پچاس ڈالر سے کم؛ نہ کوئی اور شخص، خُداوند فرماتا ہے۔

۷۳ اور دُوسرے بھی ہیں جو اپنی اپنی بابت میری مرضی جاننا چاہتے ہیں، چُوں کہ اُنھوں نے مُجھ سے دریافت کِیا ہے۔

۷۴ پَس، مَیں تُم سے اپنے خادِم وِنسن نائٹ کے بارے میں کہتا ہُوں، اگر وہ میری میری مرضی پُوری کرتا ہے تو وہ اپنے لیے اور اپنے بعد اپنی نسل کے لیے، نسل در نسل، اِس گھر کے سٹاک خریدے۔

۷۵ وہ اپنی آواز اُٹھائے اور دیر تک، لوگوں کے درمیان بُلند کرے، اور غریبوں کی ضرورتوں کے لیے اِلتجا کرے؛ اور اُسے ناکام نہ ہونے دینا، نہ اِس کا دِل گھبرائے؛ اور مَیں اِس کی نذریں قَبُول کرُوں گا، پَس وہ میرے لیے قائن کی نذروں کی مانِند نہ ہوں گی، چُوں کہ وہ میرا ہو گا، خُداوند فرماتا ہے۔

۷۶ اِس کا خاندان شادمان ہو اور اپنے دِلوں کو مُصِیبتوں سے پھیر لیں؛ پَس مَیں نے اُس کو چُنا ہے اور مسح کِیا ہے، اور وہ اپنے گھرانے میں باعزت ہو گا، پَس میں اِس کے تمام گُناہوں کو مُعاف کرُوں گا، خُداوند فرماتا ہے۔ آمین۔

۷۷ مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، میرا خادِم حائرم اِس گھر کے لیے اپنا سٹاک خریدے جَیسا وہ مناسب جانے، اپنے لیے اور اپنے بعد اپنی نسل کے لیے، نسل در نسل۔

۷۸ میرا خادِم آئزک گیلنڈ اِس گھر کے سٹاک خرِیدے؛ پَس مَیں خُداوند، ُسے اُس کام کی بدولت جو وہ کر چُکا محبّت کرتا ہُوں، جو اُس نے انجام دیا ہے، اور اُس کے تمام گُناہ مُعاف کرُوں گا؛ پَس، وہ اِس گھر میں حِصّہ ڈالنے کے لیے نسل در نسل یاد رکھا جائے۔

۷۹ میرا خادِم آئزک گیلنڈ تُمھارے درمیان میں مُقرّر کِیا جائے، اور میرے خادِم وِلیم مارکس سے مخصُوص کِیا جائے، اور اِس سے برکت پائے کہ میرے خادِم حائرم کے ساتھ جا کر وہ کام کرے جِس کی میرا خادِم جوزف اُن کے لیے نِشان دہی کرے گا، اور وہ کثرت سے برکت پائیں گے۔

۸۰ میرا خادِم وِلیم مارکس جَیسا وہ مناسب جانے، اپنے لیے اور اپنی نسل در نسل، نسل کے لیے اِس گھر کے سٹاک خریدے۔

۸۱ میرا خادِم ہینری جی شئیروُڈ، جَیسا وہ مناسب جانے، اِس گھر کے اپنے اور اپنے بعد، نسل در نسل اپنی اَولاد کے لیے سٹاک خریدے۔

۸۲ میرا خادِم وِلیم لا اپنے لیے اور اپنے بعد نسل در نسل اپنی اَولاد کے لیے اِس گھر کے سٹاک خریدے۔

۸۳ اگر وہ میری مرضی پُوری کرتا ہے تو اپنے خاندان کو مشرقی علاقوں، یعنی کرٹ لینڈ، میں نہ لے کر جائے، تو بھی، مَیں خُداوند، کرٹ لینڈ کی تعمیر کرُوں گا، بلکہ مُجھ، خُداوند نے اِس کے باشِندوں کے لیے عذاب تیار کِیا ہے۔

۸۴ اور میرے خادِم آلمن بیبٹ کے بارے میں، بُہت سی اَیسی چِیزیں ہیں جِن سے مَیں خُوش نہیں ہُوں؛ دیکھو وہ اُس مشورت یعنی کہ میری کلِیسیا کی صدارت کی بجائے جو مَیں نے مُقرّر کی ہے، اپنی مشورت قائم کرنے کی آرزُو رکھتا ہے؛ اور وہ میرے لوگوں کے لیے ایک سُنہری بچھڑا بناتا ہے کہ اُس کی پرستش کریں۔

۸۵ کوئی شخص اِس جگہ سے نہ جائے جو یہاں میرے اَحکام پر عمل کرنے کی تمنا لے کر آیا ہے۔

۸۶ اور اگر وہ یہاں جِیتے ہیں تو وہ میرے لیے جئیں؛ اور اگر وہ جان دیتے ہیں تو میرے لیے جان دیں؛ پَس یہاں وہ اپنی تمام مُشقّتوں سے آرام پائیں گے، اور اپنے فرائض جاری رکھیں گے۔

۸۷ پَس، میرا خادِم وِلیم اپنا بھروسا مُجھ پر رکھے، اور اپنے خاندان کی بابت علاقے میں بیماری کے باعث خَوف کھانا ترک کرے۔ اگر تُم مُجھ سے پیار کرتے ہو، میرے حُکموں پر عمل کرو؛ اور علاقے پر بیماری تُمھارے جلال کا نتِیجا ثابت ہو گی۔

۸۸ میرا خادِم وِلیم جائے اور میری اَبَدی اِنجِیل کی بُلند آواز سے، اور بڑی شادمانی سے مُنادی کرے، جَیسے رُوح اُسے ہدایت دے گا، وارسا کے باشِنددوں کو، اور کارتھیج کے باشِندوں کو بھی، اور برلنگٹن کے باشِندوں کو بھی۔ اور میڈسن کے باشِندوں کو بھی، اور میری مجلِس عامہ پر مزید ہدایات کے لیے صبر سے اِنتظار کرے، خُداوند فرماتا ہے۔

۸۹ اگر وہ میری مرضی پُوری کرتا ہے تو اب سے میرے خادِم جوزف کی مشورت کو سُنے، اور اپنے وسائل سے غریبوں کی ضرورت کی کفالت کرے، اور میرے مُقَدَّس کلام کا نیا ترجمہ دُنیا کے باشِندوں کے لیے شائع کرے۔

۹۰ اور اگر وہ اَیسا کرتا ہے مَیں اُس کو رحمتوں کی کثرت سے نوازُوں گا، اور کہ اُس کو ترک نہ کِیا جائے گا، نہ اِس کی نسل روٹی کے لیے گداگری کرتی پائی جائے گی۔

۹۱ اور پھِر، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، میرا خادِم وِلیم، میرے خادِم حائرم کی جگہ پر میرے خادِم جوزف کے لیے مُشِیر کے طور پر مُقرّر، مخصُوص، اور مسح کِیا جائے، تاکہ میرا خادِم کہانت اور بطریق کا عُہدہ سنبھالے، جو اُس پر اُس کے باپ کی دی گئی برکت، اور عطا کردہ حق کے ذریعے سے مُقرّر کِیا تھا؛

۹۲ کہ وہ اب سے لے کر میرے تمام لوگوں کے سروں پر بطریقی برکت کی کُنجیوں کا حامِل ہو،

۹۳ چُوں کہ جِس کسی کو بھی وہ برکت دیتا ہے بابرکت ہوگا، اور جِس کسی پر بھی وہ لعنت بھیجتا ہے وہ ملعُون ہو گا؛ اِس لیے کہ جو بھی وہ زمِین پر باندھے گا آسمان پر باندھا جائے گا؛ اور جو کُچھ بھی وہ زمِین پر کھولے گا، آسمان پر کھولا جائے گا۔

۹۴ اور اِس گھڑی سے مَیں مُقرّر کرتا ہُوں کہ وہ میرے خادِم جوزف کی مانِند میری کلِیسیا کے لیے نبی، اور رویا بین، اور مُکاشفہ بین ہو؛

۹۵ تاکہ وہ میرے خادِم جوزف کے ساتھ بھی ہم آہنگی اور مفاہمت سے عمل پَیرا ہو؛ اور کہ وہ میرے خادِم جوزف سے مشورت پائے گا، جو اُس کو وہ کُنجیاں دِکھائے گا جِن سے وہ مانگے اور پا لے، اور وَیسی برکت، اور جلال، اور کہانت، اور کہانت کی نعمتوں کا تاج پہنے جو کسی وقت اُسے پہنایا گیا تھا جو میرا خادِم اولیور کاؤڈری تھا؛

۹۶ تاکہ میرا خادِم حائرم اِن باتوں کی گواہی دے جو مَیں اُسے دِکھاؤں گا، تاکہ اُس کا نام باعزت نسل در نسل، ہمیشہ سے ہمیشہ تک یاد رکھا جائے۔

۹۷ میرا خادِم وِلیم لا بھی وہ کُنجیاں پائے جِن سے وہ مانگے اور برکات پا سکے؛ وہ میرے حُضُور حلیم ہو، اور فریب سے پاک ہو، اور وہ میرا رُوح پائے گا، یعنی کہ تسلّی دینے والا، جو اُس پر تمام باتوں کی سچّائی ظاہر کرے گا، اور اُسے عین وقت پر بتائے گا کہ اُسے کیا کہنا ہے۔

۹۸ اور یہ نِشان اُس کے ساتھ ہوں گے—وہ بیماروں کو شِفا دے گا، وہ شیاطین کو نکالے گا، اور اُن سے چُھڑایا جائے گا جو اُسے خطرناک زہر پِلائیں گے؛

۹۹ اور وہ اِن راہوں میں لے جایا جائے گا جہاں زہریلے سانپ اِس کی ایڑی کو پکڑ نہ سکیں گے، اور وہ اپنی سوچوں کے تخیل میں آسمان تک یُوں اُبھرے گا جَیسے کہ عقاب کے پروں پر۔

۱۰۰ اور اگر مَیں چاہُوں کہ وہ مُردوں کو زِندہ کرے، تو وہ اپنی آواز کو نہ روکے۔

۱۰۱ پَس، میرا خادِم وِلیم بُلند آواز، اور خُوشی اور شادمانی سے اور اُس کی ہوشعناؤں کے ساتھ پُکارے اور دریغ نہ کرے، جو ہمیشہ سے ہمیشہ تک تخت پر بیٹھا ہے، اور خُداوند تُمھارا خُدا فرماتا ہے۔

۱۰۲ دیکھو، مَیں تُم سے کہتا ہُوں، مُجھے اپنے خادِم وِلیم، اور اپنے خادِم حائرم، اور صِرف اُنھی کو ذِمّہ داری سونپنی ہے؛ اور میرا خادِم جوزف گھر پر ٹھہرے، کیوں کہ اُس کی ضرورت ہے۔ باقی مَیں تُمھیں اِس کے بعد دِکھاؤں گا۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔

۱۰۳ اور پھِر، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، اگر میرا خادِم سِڈنی میری خدمت کرے اور میرے خادِم جوزف کا مُشِیر ہو، وہ اُٹھے اور آ کر اپنی بُلاہٹ کے عُہدے پر کھڑا ہو، اور اپنے تئِیں میرے حُضُور فروتن کرے۔

۱۰۴ اور اگر وہ میرے لیے قابلِ قَبُول نذر اور عہد و پیمان گُزرانے، اور میرے لوگوں کے ساتھ رہے، دیکھو، مَیں، خُداوند تُمھارا خُدا، اُسے شِفا دُوں گا کہ وہ شِفا پائے؛ اور وہ پھِر سے پہاڑوں پر اپنی آواز بُلند کرے گا، اور میرے حُضُور ترجمان ہو گا۔

۱۰۵ وہ آئے اور اپنے خاندان کو اِس پڑوس میں بسائے جِس میں میرا خادِم جوزف رہتا ہے۔

۱۰۶ اور وہ اپنی ساری مُسافتوں میں اپنی آواز نرسِنگے کی آواز کی مانِند بُلند کرے، اور زمِین کے باشِندوں کو آنے والے قہر سے بھاگنے کے لیے خبردار کرے۔

۱۰۷ وہ، زمِین کے بادِشاہوں کے لیے متانت سے مُنادی کرنے کے دوران میں میرے خادِم جوزف کی مدد کرے، اور میرا خادِم وِلیم لا بھی میرے خادِم جوزف کی مدد کرے، جَیسا مَیں نے تُم سے پہلے کہا ہے۔

۱۰۸ اگر میرا خادِم سِڈنی میری مرضی پُوری کرے، وہ اپنے خاندان کو مشرِقی علاقوں سے نہ نِکالے، بلکہ اُن کا گھر تبدِیل کرے، جَیسا کہ مَیں نے فرمایا ہے۔

۱۰۹ دیکھو، یہ میری مرضی نہیں ہے کہ وہ سلامتی اور پناہ اِس شہر سے باہر تلاش کرے جو مَیں نے تُمھارے لیے مُقرّر کِیا ہے، یعنی کہ ناووہ کے شہر سے۔

۱۱۰ مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، ابھی، اگر وہ میری آواز پر کان لگاتا ہے، اُس کے لیے بھلا ہو گا۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔

۱۱۱ اور پھِر مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، میرا خادِم آموس ڈیوییز ان کے ہاتھوں میں سٹاک ادا کرے جِنھیں مَیں نے قیام و طعام کے لیے گھر، یعنی کہ ناووہ ہاؤس کی تعمیر کے لیے مُقرّر کِیا ہے۔

۱۱۲ اگر وہ اپنا حِصّہ چاہتا ہے تو وہ اَیسا کرے؛ اور وہ میرے خادِم جوزف کی مشورت کو سُنے، اور اپنے ہاتھوں سے محنت کرے تاکہ آدمیوں کا اِعتماد پائے۔

۱۱۳ اور جب وہ خُود کو اِن تمام چِیزوں میں جو اُسے سَونپی جائیں گی اِیمان دار ثابت کرے، ہاں، یعنی کہ تھوڑی چِیزوں میں تو، وہ بہتروں پر حُکم ران بنایا جائےگا؛

۱۱۴ وہ خُود کو جُھکائے تاکہ وہ سرفراز کِیا جائے۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔

۱۱۵ اور پھِر، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، اگر میرا خادِم رابرٹ ڈی فاسٹر میرے فرمان کی تعمیل کرے، وہ میرے خادِم جوزف کے لیے گھر تعمیر کرے، اِس معاہدے کے مُطابق جو اُس نے اُس کے ساتھ کِیا ہے، جب جب اُس کے لیے وقتاً فوقتاً دروازہ کھولا جائے۔

۱۱۶ اور وہ اپنی ساری بےعقلی سے توبہ کرے، اور خُود کو محبّت سے مُلبّس کرے؛ اور بدی کرنا ترک کر دے اور اپنی تمام سخت کلامی چھوڑ دے؛

۱۱۷ اور ناووہ ہاؤس کی جماعت کے ہاتھوں میں سٹاک کی اَدائیگی بھی کرے، اپنے اور اپنے بعد کی نسل کے لیے، نسل در نسل تک؛

۱۱۸ اور میرے خادِم جوزف اور حائرم اور وِلیم لا، اور اُن حُکام کی مشورت پر کان لگائے جِنھیں مَیں نے صِیُّون کی بُنیاد رکھنے کے لیے بُلایا ہے؛ اور اُس کے ساتھ ہمیشہ سے ہمیشہ تک بھلا ہو گا۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔

۱۱۹ اور پھِر، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، کوئی آدمی بھی ناووہ ہاؤس کی جماعت سے سٹاک نہ خریدے، جب تک وہ مورمن کی کِتاب میں، اور مُکاشفوں میں جو مَیں نے تُمھیں دیے ہیں، اِیمان نہ لے آئے، خُداوند تُمھارا خُدا فرماتا ہے؛

۱۲۰ پَس جو اِس سے زیادہ یا کم ہے بدی سے ہے، اور اِس میں لعنتیں ہوں گی اور برکتیں نہیں، خُداوند تُمھارا خُدا فرماتا ہے۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔

۱۲۱ اور پھِر، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں؛ ناووہ ہاؤس کی جماعت اُن کی تمام مُشقّتوں کے لیے جو وہ ناوُو ہاؤس کو تعمیر کرنے لیے کرتے ہیں مُناسب مزدُوری مُقرّر کریں؛ اور اُن کی مزدُوری اَیسے ہی ہو جَیسے وہ باہمی طور پر رضامند ہوں، اُس کی قِیمت کے مُطابق۔

۱۲۲ اور ہر آدمی جو حصص خریدے اُن کی مزدُوری پانے کے لیے اپنا بار اُٹھائے، اگر اُن کی کفالت کے لیے اَیسا ضروری ہے خُداوند فرماتا ہے؛ ورنہ، اُن کی محنتیں اِس گھر میں حصص کے طور پر گِنی جائیں گی، اَیسا ہی ہو۔ آمین۔

۱۲۳ مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، مَیں اب تُم پر اپنی کہانت سے وابستہ عُہدے دار ظاہر کرتا ہُوں، تاکہ تُم اُس کی کُنجیوں کے حامل ہو جاؤ، یعنی کہ وہ کہانت جو ملکِ صدق کی کہانت کے طریق پر ہے، جو میرے اِکلوتے بیٹے کے طریق کے مُطابق ہے۔

۱۲۴ پہلے، مَیں حائرم سمِتھ سے شُروع کرتا ہُوں کہ تُمھارے لیے بطریق ہو، کہ میری کلِیسیا کی مُہربند برکات کا حامِل ہو، یعنی وعدے کا رُوحُ القُدس، جِس سے تُم پر مخلصی کے دِن کے لیے مُہر ہُوئی، تاکہ جب تُم پر آزمایش کی گھڑی آ جائے تو تُم گِر نہ پڑو۔

۱۲۵ مَیں اپنا خادِم جوزف تُمھیں دیتا ہُوں کہ میری ساری کلِیسیا پر صدارتی بُزرگ ہو، کہ مترجم، مُکاشفہ بین، رویا بین، اور نبی ہو۔

۱۲۶ مَیں مُشِیران کی حیثیت اُسے اپنا خادِم سِڈنی رِگڈن اور اپنا خادِم وِلیم لا دیتا ہُوں، کہ یہ تین صدارتِ اَوّل کی جماعت ہوں، کہ پُوری کلِیسیا کے لیے مُکاشفے پائیں۔

۱۲۷ مَیں تُجھے اپنا خادِم بریگھم ینگ دیتا ہُوں کہ سفری بارہ کی مجلِس پر صدر ہو؛

۱۲۸ جو بارہ میری بادِشاہی کے اِختیار کو زمِین کے چاروں کونوں میں ظاہر کرنے کی کُنجیاں رکھتے ہیں، اور اِس کے بعد ساری خلق تک میرا کلام پُہنچائیں۔

۱۲۹ وہ یہ ہیں، ہیبر سی کمِبل، پارلے پی پراٹ، اَورسن پراٹ، اَورسن ہائڈ، وِلیم سمِتھ، جان ٹیلر، جان ای پیج، وِلفرڈ وُڈرف، وِیلرڈ رِچرڈز، جارج اے سمِتھ؛

۱۳۰ ڈیوڈ پیٹن کو مَیں نے اپنے پاس بُلا لیا ہے؛ دیکھو، اُس کی کہانت کوئی شخص اُس سے نہیں لیتا؛ بلکہ، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، کوئی دُوسرا اِسی بُلاہٹ میں مُقرّر کِیا جائے۔

۱۳۱ اور پھِر، مَیں تُم سے کہتا ہُوں، مَیں تُمھیں صِیُّون کے کونے کے سِرے کا پتھر ہونے کے لیے اعلیٰ مجلِس دیتا ہُوں—

۱۳۲ جِن کے نام ہیں، سیموئیل بینٹ، ہنری جی شئیر وڈ، جارج ڈبلیو ہیرس، چارلس سی رِچ، تھامس گروور، نیول نائٹ، ڈیوڈ ڈورٹ، ڈنبار وِلسن—سیمور برنسن کو مَیں نے اپنے پاس بُلا لیا ہے؛ کوئی شخص اُس کی کہانت نہیں لیتا، بلکہ کسی اور کو اُس کی جگہ اُسی کہانت میں مُقرّر کِیا جائے؛ اور مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، میرا خادِم ایرن جانسن اِس کی جگہ اِس بُلاہٹ میں مُقرّر کِیا جائے—ڈیوڈ فَل مر، الفیس کٹلر، وِلیم ہنٹنگٹن۔

۱۳۳ اور پھِر، ڈان سی سمِتھ مَیں تُمھیں دیتا ہُوں کہ اعلیٰ کاہنوں کی جماعت پر صدر ہو؛

۱۳۴ جو رسم اِس مقصد کے لیے شُروع کی گئی کہ زمِین پر پھیلی مُختلف میخوں پر مُقرّر ہونے والے صدور یا خادِموں کو اُن کے لیے اہل بنایا جائے؛

۱۳۵ اور اگر وہ چاہیں تو سفر بھی کر سکتے ہیں، لیکن مستقل صدور ہونے کے لیے مُقرّر کیے جائیں، یہ اُن کی بُلاہٹ کا عُہدہ ہے، خُداوند تُمھارا خُدا فرماتا ہے۔

۱۳۶ مَیں تُمھیں آماسا لیمن اور نوحا پیکرڈ مُشِیران کے طور پر دیتا ہُوں، کہ وہ میری کلِیسیا کے اعلیٰ کاہنوں کی جماعت پر صدارت کریں، خُداوند فرماتا ہے۔

۱۳۷ اور پھِر، مَیں تُم سے کہتا ہُوں، مَیں تُمھیں جان اے ہکس، سیموئیل وِلیمز، اور جَسی بیکر دیتا ہُوں، جِن کی کہانت بُزرگوں کی جماعت پر صدارت کرنا ہے، جو جماعت مُستقل خادِموں سے شُروع کی گئی ہے؛ تاہم وہ سفر کر سکتے ہیں، مگر اُنھیں میری کلِیسیا کے لیے ٹھہرے ہُوئے خدمت گُزاروں کے لیے مُقرّر کِیا گیا ہے، خُداوند فرماتا ہے۔

۱۳۸ اور پھِر مَیں تُمھیں جوزف ینگ، جوسایاہ بٹرفیلڈ، ہنری ہیریمین، زارا پُلسی فر، لیوائی ہان کاک، جیمز فاسٹر دیتا ہُوں، کہ ستر کی جماعت پر صدارت کریں؛

۱۳۹ جو جماعت مسافر بُزرگوں کے لیے قائم کی گئی کہ تمام دُنیا میں میرے نام کی گواہی دیں، جہاں کہیں بھی میری مسافر اعلیٰ مجلِس، میرے رسُول میرے حُضُور راہ تیار کرنے کے لیے اُنھیں بھیجیں گے۔

۱۴۰ اِس جماعت اور بُزرگوں کی جماعت میں فرق یہ ہے کہ ایک کو مُستقل طور پر سفر کرنا ہے، اور دُوسرے کو وقتاً فوقتاً کلِیسیاؤں پر صدارت کرنی ہے؛ ایک کے پاس وقتاً فوقتاً صدارت کرنے کی ذِمّہ داری ہے، اور دُوسرے کے پاس صدارت کی کوئی ذِمّہ داری نہیں، خُداوند تُمھارا خُدا فرماتا ہے۔

۱۴۱ اور پھِر، مَیں تُم سے کہتا ہُوں، مَیں تُمھیں ونسن نائٹ، سیموئیل ایچ سمِتھ اور شیڈرک رونڈی دیتا ہُوں، اگر وہ اِسے قَبُول کرے، کہ اُسقُفی مجلِس پر صدارت کرے؛ مذکُورہ اُسقُفی مجلِس کے بارے میں عِلم تُمھیں عقائد اور عہُود کی کِتاب میں دیا گیا ہے۔

۱۴۲ اور پھِر، مَیں تُم سے کہتا ہُوں، سیموئیل رَولف اور کاہنوں کے لیے اُس کے مُشِیر، اور معلموں کے صدر اور اُس کے مُشِیر، اور ڈیکنوں کے صدر اور اُس کے مُشِیر بھی، اور میخ کے صدر اور اُس کے مُشِیر بھی۔

۱۴۳ مندرجہ بالا عُہدے مَیں نے تُمھیں، مدد اور حُکومت کے لیے دیے ہیں، اور اُن کی کُنجیاں بھی، کہ میرے مُقَدَّسین کی خدمت گُزاری اور کامِلیت کے فرائض انجام پائیں۔

۱۴۴ اور مَیں تُمھیں حُکم دیتا ہُوں، کہ تُم اُن عُہدوں کو پُر کرو اور اُن کے ناموں کی منظُوری دو جِن کا مَیں نے ذِکر کِیا ہے، یا، ورنہ اُنھیں میری مجلِس عامہ میں نامنظُور کرو؛

۱۴۵ اور کہ تُم اُن تمام عُہدوں کے لیے میرے گھر میں کمرے تیار کرو جب تُم اُسے میرے نام کی خاطِر تعمیر کرو، خُداوند تُمھارا خُدا فرماتا ہے۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔