صحائف
عقائد اور عہُود ۱۳۶


فصل ۱۳۶

صدر بریگھم ینگ کے ذریعے، وِنٹر کواٹرز، اِسرائیلی لشکر، اوماہا قَوم، دریائے میزوری کے مغربی کِنارے پر، کونسل بلفس، آئیواہ کے قریب، خُداوند کا دیا گیا کلام اور رضا۔

۱–۱۶، بیان کِیا گیا ہے کہ اِسرائیلی لشکر کو مغربی سمت سفر کے لیے کیسے مُنَظّم کرنا ہے؛ ۱۷–۲۷، مُقَدَّسین کو حُکم دیا گیا ہے کہ وہ مُتعدد اِنجِیلی معیاروں کے مُطابق زِندگی گُزاریں؛ ۲۸–۳۳، مُقَدَّسین کو گانا، رقص، دُعا کرنا اور حِکمت سیکھنی چاہیے؛ ۳۴–۴۲، نبی قتل کیے جاتے ہیں تاکہ وہ تعظیم پائیں اور بدکار سزاوار ٹھہریں۔

۱ اِسرائیلی لشکر کے مغربی سمت سفر کے بارے میں خُداوند کا کلام اور مرضی:

۲ کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقَدَّسینِ آخِری ایّام کے تمام لوگ اور وہ جو اُن کے گروہوں میں ساتھ سفر کرتے ہیں، خُداوند ہمارے خُدا کے تمام اَحکام اور قوانین پر عمل کرنے کے، عہد اور وعدے کے ساتھ مُنَظّم ہوں۔

۳ گروہ سَو کے کپتانوں، پچاس کے کپتانوں، اور دسوں کے کپتانوں کے ساتھ مُنَظّم ہوں، اُن کے سر براہ ایک صدر اور دو مُشِیران، بارہ رسُولوں کے زیر ہدایت ہوں۔

۴ اور یہ ہمارا عہد ہو گا—کہ ہم خُداوند کی تمام رُسُوم کے مُطابق چلیں گے۔

۵ ہر گروہ اپنے لیے جوئے میں جوتنے کے لیے بیل کی جوڑی، چھکڑا، رسد، کپڑے اور سفر کے لیے ضروریات مہیا کریں جو وہ کر سکتے ہیں۔

۶ جب گروہ مُنَظّم ہو جائیں تو وہ اپنی قُوّت میں بڑھیں، کہ اُن کے لیے تیاری کریں جِنھیں ٹھہرنا ہے۔

۷ ہر گروہ اپنے کپتانوں اور صدُور کے ساتھ فیصلہ کرے کہ اَگلی بہار میں کتنے جا سکتے ہیں؛ پھِر معقول تعداد میں صحت مند اور قابل آدمی چُنیں کہ وہ بیلوں کی جوڑیاں، بِیج اور کھیتی باڑی کے اَوزار لے جائیں، کہ اَوّلین آبادکاروں کی طرح جا کر بہار کی فصل لگانے کی تیاری کریں۔

۸ ہر گروہ، غُربا، بیواؤں، یتیموں، اور اُن کے خاندانوں کو جو فوج میں گئے ہیں، ساتھ لے جانے میں اپنی ملکیت کے حِصّے کے مُطابق برابر کا حِصّہ اُٹھائے، تاکہ بیواؤں، اور یتیموں کی فریادیں، اِن لوگوں کے خِلاف خُداوند کے کانوں میں نہ پہنچیں۔

۹ ہر گروہ، اِس برس پِیچھے رہ جانے والوں کے لیے گھروں، اور اناج اُگانے کے لیے کھیتوں کو تیار کرے؛ اور یہ خُداوند کی اپنے لوگوں کے بارے میں مرضی ہے۔

۱۰ ہر آدمی اپنا تمام رسُوخ اور جائداد اِن لوگوں کو اُس جگہ لے جانے کے لیے اِستعمال کرے جہاں خُداوند صِیُّون کی میخ بسائے گا۔

۱۱ اور اگر تُم یہ سچّے دِل سے، ساری وفاداری کے ساتھ کرتے ہو، تُم برکت پاؤگے؛ تُم اپنے ریوڑوں میں، اور اپنے گَلّوں میں، اور اپنے کھیتوں میں، اور اپنے گھروں میں، اور اپنے خاندانوں میں برکت پاؤ گے۔

۱۲ میرے خادِم عزرا ٹی بنسن اور اراسٹس سنو گروہ مُنَظّم کریں۔

۱۳ میرے خادِم اَورسن پراٹ اور وِلفرڈ وُڈرف گروہ مُنَظّم کریں۔

۱۴ میرے خادِم اماسا لیمن اور جارج اے سمِتھ بھی گروہ مُنَظّم کریں۔

۱۵ اور صدُور اور سَو کے اور پچاس کے اور دسوں کے کپتان مُقرّر کریں۔

۱۶ اور میرے خادِم جِنھیں مُقرّر کِیا گیا ہے جائیں اور میری رضا کی بابت مُقَدَّسین کو سِکھائیں، تاکہ وہ اَمن کی سرزمِین میں جانے کے لیے تیار ہو سکیں۔

۱۷ اپنی راہ پر گام زن ہو اور وہ کرو جو مَیں نے تُمھیں بتایا ہے، اور اپنے دُشمنوں سے خَوف نہ کھاؤ؛ کیوں کہ اُنھیں میرا کام روکنے کی قُدرت نہ ہو گی۔

۱۸ صِیُّون میرے اپنے مناسب وقت پر چھُڑایا جائے گا۔

۱۹ اور اگر کوئی آدمی اپنا فائدہ ڈُھونڈے، اور میری مشورت کی تلاش نہ کرے، اِس کے پاس کوئی قُدرت نہ ہو گی، اور اُس کی نافہمی ظاہر کی جائے گی۔

۲۰ تُم کوشش کرو؛ اور ایک دُوسرے کے ساتھ اپنے سارے وعدے نبھاؤ؛ اور اُس کا لالچ نہ کرو جو تُمھارے بھائی کا ہے۔

۲۱ اپنے تئیں خُداوند کا نام بےفائدہ لینے کی بُرائی سے بچاؤ، پَس مَیں خُداوند تُمھارا خُدا ہُوں، حتیٰ کہ تُمھارے باپ دادا کا خُدا، اَبرہام اور اِضحاق اور یعقوب کا خُدا۔

۲۲ مَیں وہ ہُوں جِس نے بنی اِسرائیل کو مِصر کی زمِین سے نِکالا؛ اور آخِری ایّام میں میرا بازُو، میرے لوگوں، اِسرائیل کو بچانے کے لیے بڑھایا گیا ہے۔

۲۳ ایک دُوسرے سے جھگڑا کرنا ترک کرو؛ ایک دُوسرے کی عیب جوئی کرنا ترک کرو۔

۲۴ شراب میں متوالے ہونا ترک کرو؛ اور تُمھاری باتیں ایک دُوسرے کی ترقی کا باعث ہوں۔

۲۵ اگر تُم اپنے پڑوسی سے اُدھار لو، تُم اُسے وہ واپس کرو جو تُم نے اُدھار لیا ہے؛ اور اگر تُم ادا نہیں کر سکتے تو فی الفور اپنے پڑوسی کو بتا دو، اَیسا نہ ہو کہ وہ تُمھیں قُصُوروار ٹھہرائے۔

۲۶ اگر تُمھیں وہ ملے جو تُمھارے پڑوسی نے کھو دیا ہے، تُم اِسے اُس تک پھِر سے پہنچانے کے لیے جاں فِشانی سے جُستجُو کرو۔

۲۷ جو کُچھ بھی تُمھارے پاس ہے تُم اُس کو محفُوظ رکھنے میں جاں فِشاں ہو، تاکہ تُم دانا مُختار ہو؛ پَس یہ خُداوند تُمھارے خُدا کی نعمت ہے، اور تُم اُس کے مُختار ہو۔

۲۸ اگر تُم خُوش ہو، خُداوند کی مدح سرائی، گِیتوں کے ساتھ، اور سازوں کے ساتھ، رقص کے ساتھ، اور حمدوثنا اور شُکر گُزاری کی دُعا کے ساتھ کرو۔

۲۹ اگر تُم غم زدہ ہو، خُداوند اپنے خُدا کو اِلتجا کے ساتھ پُکارو، تاکہ تُمھاری جان شادمان ہو۔

۳۰ اپنے دُشمنوں سے خَوف نہ کھاؤ، پَس وہ میرے ہاتھ میں ہیں اور مَیں اُن سے اپنی خُوشی کے مُطابق کرُوں گا۔

۳۱ میرے لوگوں کا سب چِیزوں میں اِمتحان ہونا ضرور ہے، تاکہ وہ اُس جلال کو پانے کے لیے تیار ہوں جو اُن کے لیے میرے پاس ہے، یعنی کہ صِیُّون کا جلال؛ اور وہ جو تنبِیہ کو قَبُول نہیں کرتا میری بادِشاہی کا اَہل نہیں ہے۔

۳۲ وہ جو جاہل ہے خُود کو فروتن بنا کر اور خُداوند اپنے خُدا کو پُکار کر حِکمت سِیکھے، تاکہ اُس کی آنکھیں کھولی جائیں تاکہ وہ دیکھ سکے، اور اُس کے کان کھولے جائیں تاکہ وہ سُن سکے؛

۳۳ پَس میرا رُوح دُنیا میں بھیجا گیا ہے کہ حلیم اور پشیمان کو مُنوّر کرے، اور بدکار کو قُصُوروار ٹھہرائے۔

۳۴ تُمھارے بھائیوں نے تُمھیں اور تُمھاری گواہی کو رَدّ کِیا ہے، یعنی کہ اُس قَوم نے جِس نے تُمھیں نِکال باہر کِیا ہے؛

۳۵ اور اب آفت کا دِن آتا ہے، یعنی کہ غم کے دِن، اُس عَورت کی مانِند جو دردِ زہ میں ہو؛ اور اُن کا غم شدِید ہو گا، تاوقتیکہ وہ جلد توبہ کریں، ہاں، بُہت جلد۔

۳۶ پَس اُنھوں نے نبیوں کو مارا، اور اُنھیں جو اُن کے پاس بھیجے گئے تھے؛ اور اُنھوں نے معصُوم خُون بہایا ہے، جو زمِین سے اُن کے خِلاف پُکارتا ہے۔

۳۷ پَس، اِن چِیزوں سے حیران نہ ہو، چُوں کہ تُم ابھی پاک نہیں ہو؛ تُم میرا جلال برداشت نہیں کر سکتے؛ بلکہ تُم دیکھو گے اگر تُم میرے تمام فرمانوں پر عمل کرنے میں دیانت دار ہو جو مَیں نے تُمھیں دیے ہیں، آدم کے ایّام سے لے کر اَبرہام کے ایّام تک، اَبرہام سے مُوسیٰ تک، مُوسیٰ سے لے کر یِسُوع اور اُس کے رسُولوں تک، اور یِسُوع اور اُس کے رسُولوں سے لے کر جوزف سمِتھ تک، جِس کو مَیں نے اپنے فرِشتوں، اپنے خدمت گُزار خادِموں کے وسِیلے سے، اور آسمانوں میں سے اپنی آواز کے وسِیلے سے بُلایا، کہ کارِ الہٰی کو پیش کرے؛

۳۸ جِس کی بُنیاد اُس نے رکھی؛ اور وفادار تھا؛ اور مَیں نے اُسے اپنے واسطے لے لیا۔

۳۹ بہت سے اُس کی موت کی وجہ سے حیران ہُوئے ہیں؛ بلکہ یہ ضروری تھا کہ وہ اپنی گواہی کو اپنے خُون سے مُہربند کرے، تاکہ وہ تعظیم پائے اور بدکار قُصُوروار ٹھہرائے جائیں۔

۴۰ کیا مَیں نے تُمھیں تُمھارے دُشمنوں سے نہیں چُھڑایا، اور اِس طرح سے کہ مَیں نے اپنے نام کی گواہی چھوڑ دی ہے؟

۴۱ اب، پَس، سُنو، تم، اَے میری کلِیسیا کے لوگو؛ اور تُم میرے بُزرگو سب سُنو؛ تُم نے میری بادِشاہی پائی ہے۔

۴۲ میرے سب حُکموں کو ماننے کے لیے مُستَعد رہو، اَیسا نہ ہو کہ تُمھاری عدالت ہو اور تُمھارا اِیمان جاتا رہے، اور تُمھارے دُشمن تُم پر غالِب آئیں۔ پَس اِس وقت مزید نہیں۔ آمین ثُم آمین۔