صحائف
عقائد اور عہُود ۵۸


فصل ۵۸

یکم اگست ۱۸۳۱، صِیُّون، جیکسن کاؤنٹی، میزوری میں نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے دیا گیا مُکاشفہ۔ نبی اور اُس کے ساتھ گروہ کی جیکسن کاؤنٹی، میزوری میں آمد کے بعد، پہلے سبت پر، عِبادت کا اِنعقاد کِیا گیا تھا، اور دو اَرکان کو بپتسمے کے ذریعے سے قَبُول کِیا گیا تھا۔ اُس ہفتے کے دوران میں، کولزول تھامپسن شاخ کے چند مُقَدَّسین اور دُوسرے پہنچے (دیکھیے فصل ۵۴)۔ کئی نئی جگہ پر اِکٹھے ہونے کے لیے اپنے بارے میں خُداوند کی مرضی جاننے کے مُشتاق تھے۔

۱–۵، وہ جو مُصِیبت برداشت کرتے ہیں اُنھیں جلال کا تاج پہنایا جائے گا؛ ۶–۱۲، مُقَدَّسین کو برّے کے بیاہ اور خُداوند کی فسح کی تیاری کرنا ہے؛ ۱۳–۱۸، اُسقُف اِسرائیل میں مُنصف ہیں؛ ۱۹–۲۳، مُقَدَّسین کو مُلک کے قوانین ماننا ہیں؛ ۲۴–۲۹، آدمیوں کو اپنی آزاد مرضی نیکی کرنے کے لیے استعمال کرنی ہے؛ ۳۰–۳۳، خُداوند حُکم دیتا اور تنسیخ کرتا ہے؛ ۳۴–۴۳، توبہ کے لیے، آدمیوں کو اِقرار کرنا اور گُناہوں کو ترک کرنا ہے؛ ۴۴–۵۸، مُقَدَّسین کو اپنی مِیراث خریدنی اور میزوری میں اِکٹھا ہونا ہے؛ ۵۹–۶۵، اِنجِیل کی مُنادی ہر مَخلُوق تک ہونا ضرور ہے۔

۱ سُنو، میری کلِیسیا کے بُزرگو، اور میرے کلام پر کان لگاؤ، اور مُجھ سے سیکھو کہ میری تُمھارے، اور اِس سرزمِین کے بارے میں کیا مرضی ہے جہاں مَیں تُمھیں بھیجُوں گا۔

۲ پَس مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، مُبارک ہے وہ جو میرے حُکموں کو مانتا ہے، چاہے زِندگی میں یا موت میں؛ اور وہ جو مُصِیبت میں صابر ہے، آسمان کی بادِشاہی میں اُسی کا اَجر بڑا ہے۔

۳ تُم اپنی طبعی آنکھوں سے، فی الحال، آیندہ آنے والی چِیزوں کے بارے میں خُدا کا منصُوبہ نہیں دیکھ سکتے، اور جلال کو جو بُہت سی مُصِیبت کے بعد آتا ہے۔

۴ کیوں کہ بُہت مُصِیبت کے بعد ہی رحمتیں آتی ہیں۔ پَس وہ دِن آتا ہے جب تُمھیں بڑے جلال کا تاج پہنایا جائے گا، وہ گھڑی ابھی نہیں، مگر قریب ہے۔

۵ یہ یاد رکھو، جو مَیں نے تُمھیں پہلے کہا ہے، تاکہ تُم اِسے اپنے دِل میں رکھو، اور اُسے قَبُول کرو جو اُس کے بعد آتا ہے۔

۶ دیکھو، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، کہ اِسی سبب سے مَیں نے تُمھیں بھیجا ہے—کہ تُم فرمان بردار ہو، اور تُمھارے دِل اِن باتوں کی گواہی دینے کے لیے تیار ہوں جو ہونے کو ہیں؛

۷ اور اِس لیے بھی کہ تُم اُس کی بُنیاد رکھنے اور گواہی دینے کا اعزاز پاؤ جِس سرزمِین پر خُدا کے صِیُّون کی تعمیر ہو گی؛

۸ اور اِس لیے بھی تاکہ غریبوں کے لیے فربہ چِیزوں کی ضیافت تیار کی جائے؛ ہاں، فربہ چِیزوں کی ضیافت، اور مَے کی جو تلچھٹ پر سے خُوب نِتھری ہو، تاکہ دُنیا جانے کہ نبیوں کے مُنہ کی بات رائیگاں نہ ہو گی؛

۹ ہاں، خُداوند کے گھر کی فصح، عُمدہ تیار کی ہُوئی، جِس پہ تمام قَوموں کو دعوت دی جائے گی۔

۱۰ پہلے، اُمراء اور عالِم، دانِش مند اور رئیس؛

۱۱ اور پھِر میری قُدرت کا دِن آتا ہے؛ تب مسکین، لنگڑے، اندھے اور بہرے برّے کے بیاہ میں آئیں گے، اور خُداوند کی فصح میں شامل ہوں گے، جو آنے والے عظیم دِن کے لیے تیار کی گئی ہے۔

۱۲ دیکھو، مُجھ، خُداوند نے یہ فرمایا ہے۔

۱۳ اور تاکہ گواہی صِیُّون سے نِکلے، ہاں، خُدا کی مِیراث کے شہر سے—

۱۴ ہاں، اِس سبب سے مَیں نے تُمھیں یہاں بھیجا ہے، اور اپنے خادِم ایڈورڈ پارٹریج کو منتخب کِیا ہے، اور اُس پر اِس سرزمِین میں ذِمّہ داری مُقرّر کی ہے۔

۱۵ لیکن اگر وہ اپنے گُناہوں سے توبہ نہ کرے، جو بےاعتقادی اور دِل کا اندھا پن ہیں، وہ خبردار رہے مبادا گِر نہ پڑے۔

۱۶ دیکھو اُس کو ذِمّہ داری سونپی گئی ہے، اور دوبارہ نہ دی جائے گی۔

۱۷ اور جو بھی اِس ذِمّہ داری میں قائم ہے اِسرائیل میں مُنصف مُقرّر کِیا گیا ہے، جَیسے قدِیم دِنوں میں تھا، تاکہ خُدا کی مِیراث کی اراضی اُس کی اُمت میں تقسیم کرے؛

۱۸ اور تاکہ اپنے لوگوں کا فیصلہ راست بازوں کی گواہی سے کرے، اور اپنے مُشِیروں کی مدد سے، اور بادِشاہی کے قوانین کے مُطابق جو خُدا کے نبیوں کے ذریعے سے دیے جاتے ہیں۔

۱۹ کیوں کہ مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، اِس سر زمِین پر میرا قانون مانا جائے گا۔

۲۰ کوئی آدمی یہ نہ جانے کہ وہ حاکم ہے؛ بلکہ خُدا اُس پر حکومت کرے جو مُنصف ہے، اپنی مرضی کی مشورت کے مُطابق، یا دُوسرے اَلفاظ میں، وہ جو مشورت دیتا ہے یا تختِ عدالت پر بیٹھا ہے۔

۲۱ کوئی آدمی مُلک کے قوانین نہ توڑے، کیوں کہ جو خُدا کے قوانین مانتا ہے اُسے مُلک کے قوانین توڑنے کہ ضرورت نہیں ہے۔

۲۲ پَس، اِن حکومتوں کے تابع فرمان رہو جو ہیں، جب تک وہ حکومت کرے جِس کو حکومت کرنے کا حق ہے، اور اپنے سب دُشمنوں کو اپنے پاؤں تلے نہ لے آئے۔

۲۳ دیکھو، وہ قوانین جو تُم نے میرے ہاتھ سے پائے ہیں کلِیسیا کے قوانین ہیں، اور اِسی روشنی میں تُم اُنھیں برقرار رکھو گے۔ دیکھو حِکمت کا یہ تقاضا ہے۔

۲۴ اور اب، جَیسے مَیں نے اپنے خادِم ایڈورڈ پارٹریج کے بارے میں کہا، یہ سرزمِین اُس کی رہایش کی سرزمِین ہے، اور اُن کی جِنھیں اِس نے اپنے مُشِیر مُقرّر کِیا ہے؛ اور اِس کی رہائش کی سرزمِین جِسے مَیں نے اپنے ذخیرہ خانہ کی نگرانی کے لیے مُقرّر کِیا ہے؛

۲۵ پَس، وہ اپنے خاندانوں کو اِس سرزمِین میں لائیں، اپنے اور میرے درمیان میں مشورت کے مُطابق۔

۲۶ اور دیکھو، یہ واجب نہیں کہ مَیں ہر بات میں حُکم دُوں؛ کیوں کہ جِس کسی کو ہر بات میں مجبور کِیا جاتا ہے، وہ کاہل اور بےوقوف خادِم کی مانِند ہے، پَس وہ کوئی اَجر نہ پائے گا۔

۲۷ مَیں سچّ کہتا ہُوں، کہ اِنسان بےتابی کے ساتھ کارِ خیر میں مشغُول رہے، اور بہتیرے کام اپنی آزاد مرضی سے کرے، اور نہایت نیکی کا باعث بنے؛

۲۸ کیوں کہ اُن میں یہ قُوّت ہے، اِس لحاظ سے وہ اپنے اَعمال میں آزاد ہیں۔ اور اِنسان جب جب نیکی کرے گا وہ ہرگز اپنا اَجر نہ کھوئے گا۔

۲۹ لیکن وہ جو کوئی کام نہیں کرتا جب تک اُسے حُکم نہ دیا جائے، اور حُکم کو شکی دِل سے قَبُول کرتا ہے، اور اِس پر کاہلی سے عمل کرتا ہے، وہ شخص ملعُون ہے۔

۳۰ میں کون ہُوں جِس نے اِنسان کو بنایا، خُداوند فرماتا ہے، کہ اُسے جو میرے حُکموں کو نہیں مانتا بےقُصُور ٹھہراؤں؟

۳۱ میں کون ہُوں، خُداوند فرماتا ہے، جِس نے وعدہ کِیا اور اُسے پُورا نہ کِیا؟

۳۲ مَیں حُکم دیتا ہُوں اور اِنسان اِس کو نہیں مانتے؛ مَیں تنسیخ کرتا ہُوں اور وہ برکت نہیں پاتے۔

۳۳ پھِر وہ اپنے دِلوں میں کہتے ہیں: یہ خُداوند کا کام نہیں، کیوں کہ اِس کے وعدے پُورے نہیں ہُوئے۔ لیکن اَیسوں پر اَفسوس، پَس اُن کا اَجر پاتال میں گھات لگاتا ہے، اور عالمِ بالا سے نہیں آتا۔

۳۴ اور اب مَیں تُمھیں اِس سرزمِین کے بارے میں مزید ہدایات دیتا ہُوں۔

۳۵ یہ مُجھ میں حِکمت ہے کہ میرا خادِم مارٹن ہیرس، اپنی رُقُوم کلِیسیا کے اُسقُف کے حُضُور پیش کرنے میں کلِیسیا کے لیے مثال ہو۔

۳۶ اور کہ، یہ ہر اُس شخص کے لیے قانون ہے جو اِس سرزمِین میں مِیراث پانے کو آئے؛ اور وہ اپنی رُقُوم سے قانون کی ہدایت کے مُطابق کرے۔

۳۷ اور یہ بھی حِکمت ہے کہ اِنڈی پینڈنس میں، ذخیرہ خانہ کے لیے اور چھپائی کے مرکز کے لیے زمینیں خریدی جائیں۔

۳۸ اور میرے خادِم مارٹن ہیرس کے بارے میں دُوسری ہدایات اُسے رُوح کے ذریعے سے دی جائیں گی، کہ وہ اپنی مِیراث پائے جَیسا اُس کی نظر میں اچّھا ہے۔

۳۹ اور وہ اپنے گُناہوں سے توبہ کرے، کیوں کہ وہ دُنیا کی توقیر چاہتا ہے۔

۴۰ اور میرا خادِم وِلیم ڈبلیو فِلپس اُس عہدے پر قائم رہے جِس میں، مَیں نے اُسے مُقرّر کِیا ہے، اور سرزمِین میں اپنی مِیراث پائے؛

۴۱ اور اُسے بھی توبہ کرنے کی ضرورت ہے، پَس مَیں، خُداوند، اُس سے زیادہ خُوش نہیں ہُوں، کیوں کہ وہ بالا تر ہونے کی کوشش میں رہتا ہے، اور میرے حُضُور واجب طور پر حلیم نہیں ہے۔

۴۲ دیکھ، وہ جِس نے اپنے گُناہوں سے توبہ کی، وہ شخص مُعاف کِیا گیا، اور میں، خُداوند، اُنھیں یاد نہیں رکھتا۔

۴۳ اِس سبب سے تُم جانو گے کہ اگر کوئی آدمی اپنے گُناہوں سے توبہ کرتا ہے—دیکھ، وہ اُن کا اِقرار کرے گا اور اُن کو ترک کرے گا۔

۴۴ اور اب، مَیں اپنی کلِیسیا کے باقی بُزرگوں سے سچّ کہتا ہُوں، ابھی وقت نہیں آیا، کئی سالوں تک، کہ وہ اِس سرزمِین میں مِیراث پائیں، سِوائے اِس کے کہ وہ اِیمان کی دُعا سے اُس کی خواہش کریں، بالکل اِسی طرح خُدا کی طرف سے اُن کے لیے مُقرّر کی جائے گی۔

۴۵ پَس، دیکھ، وہ زمِین کی اِنتہاؤں سے لوگوں کو اِکٹھا کریں گے۔

۴۶ پَس، اپنے آپ کو اِکٹھا کرنے کے لیے جمع کرو، اور وہ جو اِس سرزمِین میں ٹھہرنے کے لیے مُقرّر نہیں کیے گئے، وہ اِردگِرد کے علاقوں میں اِنجِیل کی مُنادی کریں، اور اُس کے بعد اپنے گھروں کو واپس چلے جائیں۔

۴۷ وہ راستے میں مُنادی کریں، اور تمام جگہوں میں سچّائی کی گواہی دیں، اور اُمرا، اعلی ٰ اور ادنیٰ، اور مسکینوں کو توبہ کے لیے بُلائیں۔

۴۸ اور وہ کلِیسیائیں قائم کریں، جِس قدر زمِین کے باشِندے توبہ کریں گے۔

۴۹ اور کلِیسیا کی رائے سے اوہائیو میں کلِیسیا کے لیے کوئی نمایندہ مُقرّر کِیا جائے، جو صِیُّون میں اراضی خریدنے کے لیے رُقُوم جمع کرے۔

۵۰ اور مَیں اپنے خادِم سِڈنی رِگڈن کو حُکم دیتا ہُوں، صِیُّون کی سرزمِین کی صُورتِ حال پر مضمُون، اور خُدا کی منشا کا نوِشتہ رقم کرے، جَیسا اُس پر رُوح کے وسِیلے سے آشکار کِیا جائے گا؛

۵۱ اور خط اور چندے کی فہرست، جو تمام کلِیسیاؤں سے رُقُوم حاصل کرنے کے لیے پیش کی جائے، یہ اُسقُف کے ہاتھوں میں دینے کے لیے ہو، چاہے وہ خُود لے یا نمایندے کو دے، خُدا کے فرزندوں کی مِیراث کی اراضی خریدنے کے لیے، جَیسا اُسے مناسب لگے یا جَیسے وہ ہدایت دے۔

۵۲ پَس، دیکھ، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، خُداوند چاہتا ہے کہ شاگِرد اور بنی آدم اپنے دِلوں کو مُلک کے اِس پُورے علاقے کو خریدنے کے لیے کھولیں، جتنی جلدی وقت اِجازت دے۔

۵۳ دیکھ، حِکمت کا یہ تقاضا ہے۔ وہ اَیسا کریں، اَیسا نہ ہو کہ سِوا خُون بہانے کے کُچھ مِیراث نہ پائیں۔

۵۴ اور پھِر، جُونہی زمِین حاصل کر لی جائے، تو ہر قسم کے مزدُور اِس سرزمِین میں بھیجے جائیں، تاکہ خُدا کے مُقَدَّسین کے لیے مُشقّت کریں۔

۵۵ یہ سب چِیزیں قرینے سے کی جائیں؛ اور زمِینوں کی مراعات وقتاًفوقتاً اُسقُف یا کلِیسیا کے نمایندے کے ذریعے سے ظاہر کی جائیں۔

۵۶ اور اِکٹھے ہونے کا کام عجلت میں نہ ہو، نہ ہی دوڑ کر، بلکہ یہ مجلِسوں میں کلِیسیا کے بُزرگوں کی دی گئی مشورت کے تحت اُسعِلم کے مُطابق ہو جو گاہے بگاہے وہ پاتے ہیں۔

۵۷ اور میرا خادِم اِس سرزمِین کو، اور ہیکل کی جگہ کو خُداوند کے لیے مُتبرک اور مخصُوص کرے۔

۵۸ اور مجلِس کا اِجلاس بُلایا جائے؛ اور اُس کے بعد میرے خادِم سِڈنی رِگڈن اور جوزف سمِتھ جُونیئر واپس جائیں، اور اولیور کاؤڈری بھی اُن کے ساتھ، اُس کام کا بقیہ پُورا کرنے کے لیے جو مَیں نے اُن پر اُن کی اپنی سرزمِین میں مُقرّر کِیا ہے، اور باقی جِس کی مجلِسوں میں ہدایت دی جائے گی۔

۵۹ اور کوئی بھی اِس سرزمِین سے واپس نہ جائے سِوا اِس کے کہ راستے میں اُس کی گواہی دے جِسے وہ جانتا اور بِلاشبہ اِیمان لاتا ہے۔

۶۰ وہ جو زائبا پیٹرسن کو عطا کِیا گیا ہے اُس سے لے لیا جائے؛ اور وہ کلِیسیا کے رُکن کے طور پر قائم رہے، اور اپنے ہاتھوں سے، بھائیوں کے ساتھ مُشقّت کرے، جب تک اِس کے تمام گُناہوں کی مُناسب تادِیب ہو، کیوں کہ وہ اُن کا اِقرار نہیں کرتا، اور اُنھیں چھپانے کا سوچتا ہے۔

۶۱ اِس کلِیسیا کے باقی بُزرگ، جو اِس سرزمِین میں آ رہے ہیں، جِن میں سے کُچھ بُہت بابرکت ہیں یہاں تک کہ بےحد، وہ بھی اِس سرزمِین پر مجلِس مُنعقِد کریں۔

۶۲ اور میرا خادِم ایڈروڈ پارٹریج اُس اِجلاس کی نظامت کرے جِسے وہ مُنعقِد کریں گے۔

۶۳ اور وہ بھی، راستے میں اِنجِیل کی مُنادی کرتے ہُوئے، اُن باتوں کی گواہی دیتے ہُوئے جو اُن پر آشکارا کی گئی ہیں، واپس جائیں۔

۶۴ پَس، سچّ ہے، صدا کو اِس جگہ سے تمام دُنیا میں، اور زمِین کے دُور دراز حصّوں تک جانا ضرور ہے—اِیمان لانے والوں کے درمیان میں مُعجِزوں کے ساتھ، اِنجِیل کی مُنادی ہر مَخلُوق تک ہونا ضرور ہے۔

۶۵ اور دیکھو اِبنِ آدم آتا ہے۔ آمین۔