صحائف
عقائد اور عہُود ۷۰


فصل ۷۰

۱۲ نومبر ۱۸۳۱ کو کرٹ لینڈ، اوہائیو میں، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے دیا گیا مُکاشفہ۔ نبی کی تارِیخ بتاتی ہے کہ یکم سے ۱۲ نومبر تک، بشمول چار خاص اِجلاس مُنعقِد ہُوئے۔ اُن میں سے آخِری مجلِس میں مُکاشفوں کی بڑی اَہمیت پر غَور کِیا گیا جِن کو Book of Commandments (اَحکام کی کِتاب) کی صُورت میں شائع کرنا تھا جو بعد اَزاں عقائد اور عہُود کہلائی۔ یہ مُکاشفہ مجلِس کی منظُوری کے بعد نازِل ہُوا تھا کہ اِن مُکاشفوں کی ”کلِیسیا کے لیے اُتنی ہی قدروقِیمت ہے جتنی کُل دُنیا کی مال ودَولت۔“ جوزف سمِتھ کی تارِیخ مُکاشفوں سے یُوں مُراد لیتی ہے ”آخِری ایّام میں کلِیسیا کی بُنیاد، اور دُنیا کے لیے فیض، جو یہ ظاہر کرتی ہے کہ ہمارے نجات دہندہ کی بادِشاہی کے بھیدوں کی کُنجیاں پھِر سے اِنسان کو سونپی گئی ہیں۔“

۱–۵، مُکاشفوں کی اشاعت کے لیے مُختار مُقرّر کیے گئے ہیں؛ ۶–۱۳، جو رُوحانی باتوں میں مُشقّت کرتے ہیں وہ اپنی روزی کے حق دار ہیں؛ ۱۴–۱۸، مُقَدَّسین دُنیاوی چِیزوں میں مساوات برتیں۔

۱ دیکھو، اور سُنو، اَے صِیُّون کے باشِندو، اور میری کلِیسیا کے تمام لوگو جو دُور دراز ہو، اور خُداوند کا کلام سُنو، جو مَیں اُن کو حُکم کی صُورت میں اپنے خادِم جوزف سمِتھ جُونیئر کو دیتا ہُوں، اور اپنے خادِم مارٹن ہیرس کو بھی، اور اپنے خادِم اولیور کاؤڈری کو بھی، اور اپنے خادِم جان وِٹمر کو بھی، اور اپنے خادِم سِڈنی رِگڈن کو بھی، اور اپنے خادِم وِلیم ڈبلیو فِلپس کو بھی۔

۲ پَس مَیں اُن کو حُکم دیتا ہُوں، اِس لیے دھیان لگاؤ اور سُنو، کیوں کہ خُداوند اُن سے یُوں فرماتا ہے—

۳ مُجھ، خُداوند نے، اُنھیں مُقرّر کِیا اور اُنھیں مُکاشفوں اور اَحکام پر مُختار مُقرّر کِیا ہے جو مَیں نے اُنھیں دیے ہیں، اور وہ بھی جو مَیں اِس کے بعد اُنھیں دُوں گا؛

۴ اور عدالت کے روز اُن سے مَیں اِس مُختاری کا حساب لُوں گا۔

۵ پَس، مَیں نے اُنھیں مُقرّر کِیا ہے، اور خُدا کی کلِیسیا میں یہ اُن کی ذِمّہ داری ہے، کہ اُن کی اور اُن کے مُعاملات کی نگرانی کریں، ہاں، اُن کی مراعات۔

۶ پَس، مَیں اُنھیں حُکم دیتا ہُوں، کہ وہ یہ چِیزیں کلِیسیا کو نہ دیں، نہ ہی دُنیا کو؛

۷ تو بھی، جتنا وہ اپنی ضرورتوں اور حاجتوں سے زیادہ پائیں، وہ میرے ذخیرہ خانہ میں دیا جائے؛

۸ اور یہ مراعات صِیُّون کے باشِندوں کے لیے مخصُوص کی جائیں گی اور اُن کی نسلوں کے لیے، جتنا بھی وہ بادِشاہی کے قوانین کے مُطابق وارِث بنتے ہیں۔

۹ دیکھو، خُداوند ہر شخص سے اُس کی مُختاری کا تقاضا کرتا ہے، جَیسا مُجھ، خُداوند نے مُقرّر کِیا ہے یا اِس کے بعد کسی بھی شخص پر مُقرّر کرُوں گا۔

۱۰ اور دیکھو، کوئی بھی جو زِندہ خُدا کی کلِیسیا سے ہے اِس قانون سے مستثنیٰ نہیں؛

۱۱ ہاں، نہ اُسقُف، نہ وہ نمایندہ جو خُداوند کے ذخیرہ خانہ کا نگران ہے، نہ وہ جو دُنیاوی چِیزوں کی مُختاری کے لیے مُقرّر کِیا گیا ہے۔

۱۲ وہ جو رُوحانی باتوں میں نگرانی کے لیے مُقرّر کِیا گیا ہے، وہی اپنی مزدُوری کا حق دار ہے، جَیسے وہ جِنھیں دُنیاوی کاموں کی نگرانی کے لیے مُختار مُقرّر کِیا گیا ہے؛

۱۳ ہاں، بلکہ زیادہ فراوانی سے، جو فراوانی اُن پر رُوح کے ظُہُور کے ذریعے سے بڑھا دی جاتی ہے۔

۱۴ تاہم، تُم اپنی دُنیاوی چِیزوں میں برابر ہو گے، اور یہ بغض سے نہیں، ورنہ رُوح کے ظُہُور کی فراوانی روک لی جائے گی۔

۱۵ اب، یہ حُکم مَیں اپنے خادِموں کو، جب تک وہ ٹھہرے ہیں، اُن کے سروں پر اپنی رحمتوں کے ظُہُور کے طور پر، اور اُن کی حِفاظت اور اُن کی جاں فِشانی کے اَجر کے واسطے اُن کے فائدے کے لیے دیتا ہُوں؛

۱۶ خوراک کے لیے اور پوشاک کے لیے، مِیراث کے لیے؛ گھروں کے لیے اور اراضی کے لیے، چاہے جو بھی حالات ہوں، مَیں، خُداوند، اُنھیں فائز کرُوں گا، اور جہاں کہیں بھی میں، خُداوند، اُنھیں بھیجُوں گا۔

۱۷ پَس وہ بُہت چِیزوں میں دیانت دار رہے ہیں، اور خُوب کِیا ہے چُوں کہ وہ گُناہ کے مُرتکِب نہ ہُوئے۔

۱۸ دیکھو، مَیں، خُداوند، رحیم ہُوں اور اُن کو برکت دُوں گا، اور وہ اِن چِیزوں کی خُوشی میں شریک ہوں گے۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔