صحائف
عقائد اور عہُود ۲۰


فصل ۲۰

فے ایٹ، نیویارک یا اِس کے قُرب و جوار میں کلِیسیا کی تنظیم اور نظم ونسق پر نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے دیا گیا مُکاشفہ۔ ہوسکتا ہے کہ اِس مُکاشفہ کے حِصّے ۱۸۲۹ کے موسمِ گرما کے آغاز میں نازِل ہو چُکے ہوں۔ پُورا مُکاشفہ اُس وقت مضامین اور عہُود کے نام سے مشہُور ہُوا، غالِباً ۶ اَپریل ۱۸۳۰ (اِس دِن کلِیسیا کا قیام ہُوا) کے فوراً بعد قلم بند کِیا گیا۔ اِس مُکاشفے کے بارے میں اپنے بیان سے پہلے نبی نے لِکھا، ”ہم نے اُس [یِسُوع مسِیح] سے مُکاشفے اور نبُوّت کی رُوح کے وسیلےسے حسبِ ذیل حاصل کِیا؛ جِس نے ہمیں نہ صرف کثرت سے عِلم عطا کِیا، بلکہ اُس مخصُوص دِن کی نشاندہی بھی کی جِس دِن، ہمیں اُس کی مرضی اور حُکم کے مُطابق یہاں اِس دُنیا میں ایک بار پھِر سے اُس کی کلِیسیا کے قیام کا آغاز کرنا ہے۔“

۱–۱۶، مورمن کی کِتاب ایّامِ آخِر کی مُشقّت کے اِلہامی ہونے کو ثابت کرتی ہے؛ ۱۷–۲۸، تخلیق، زوال پذیری، کفّارہ، اور بپتسمے کی تعلیمات کا اِقرار کِیا گیا ہے؛ ۲۹–۳۷، توبہ، بخشش، تقدیس، اور بپتسما پر راہ نما قوانین پیش کیے گئے ہیں؛ ۳۸–۶۷، بُزرگوں، کاہنوں، معلموں، اور ڈیکنوں کے فرائض کا خُلاصہ دیا گیا ہے؛ ۶۸–۷۴، اَرکان کے فرائض، بچّوں کو برکت دینے، بپتسما کا طریقہ کار نازِل کیے گئے ہیں؛ ۷۵–۸۴، عشائے ربانی کی دُعائیں اور کلِیسیا میں رُکنیت کے لیے ضابطے عطا کیے گئے ہیں۔

۱ ہمارے خُداوند اور نجات دہندہ کے بشری حالت میں مُجسم ہونے کے ایک ہزار آٹھ سَو تِیس برسوں کے بعد، اِن آخِری ایّام میں مسِیح کی کلِیسیا کا ظہُور ہُوا، اور خُدا کے حُکموں اور رضا کے مُطابِق، اِس مہِینہ کے چَھٹے روز جو اپریل کہلاتا ہے، ہمارے مُلک کے قَوانِین کے عین مُطابق، اِس کی باقاعدہ تنظِیم سازی اور قیام پذِیری ہوُئی—

۲ جو اَحکام جوزف سمِتھ جُونئیر کو دیے گئے، جو خُدا کی طرف سے بُلایا گیا تھا، اور یِسُوع مسِیح کا رسُول مُقرّر ہُوا تھا تاکہ اِس کلِیسیا کا پہلا بُزرگ ہو؛

۳ اور اولیور کاؤڈری کو بھی، جِسے خُدا نے بُلایا تھا کہ یِسُوع مسِیح کا رسُول ہو، کہ اِس کلِیسیا کا دُوسرا بُزرگ ہو، اور اُس کے ہاتھ تلے تَقرُّر ہُوا؛

۴ اور یہ ہمارے خُداوند اور نجات دہندہ یِسُوع مسِیح کے فضل کے مُطابق ہے، اُسی کی تمجید اب بھی اور اَبَد تک ہوتی رہے۔ آمین۔

۵ اِس پہلے بُزرگ پر حقیقتاً ثابت ہونے کے بعد کہ اُس نے گُناہوں کی مُعافی پا لی تھی، وہ پھِر دُنیا کی بطالت میں اُلجھ گیا؛

۶ مگر اِیمان کے وسِیلے سے توبہ کرنے، اور خلوص سے اپنے آپ کو حلیم کرنے کے بعد، خُدا نے مُقَدَّس فرِشتے کے وسِیلے سے اُس کی خدمت گُزاری کی، جِس کی صورت بجلی کی مانِند تھی، اور اُس کی پوشاک پاک اور تمام سفیدی سے زیادہ سفید تھی؛

۷ اور اِس کو اَحکام دیے جِنھوں نے اُسے فیضان بخشا؛

۸ اور اُس کو عالمِ بالا سے اِن وسیلوں کے تحت قُدرت بخشی جو پہلے سے تیار کیے گئے تھے، کہ مورمن کی کِتاب کا ترجمہ کرے؛

۹ جو بدبخت لوگوں کی سرگزشت ہے، اور یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی مَعمُوری غیر قَوموں کے لیے اور یہُودیوں کے لیے بھی شامل ہے؛

۱۰ جو اِلہام سے عطا کی گئی، اور دُوسروں پر فرِشتوں کی خدمت گُزاری سے اِس کی تصدیق ہُوئی، اور اُن کے ذریعے سے دُنیا میں اِس کا اِعلان ہُوا ہے—

۱۱ دُنیا پر یہ ثابت کرو کہ مُقَدَّس صحائف برحق ہیں، اور کہ خُدا اِنسان کو اِلہام بخشتا ہے اور اُن کو اِس زمانہ اور نسل میں اپنے مُقَدَّس کام کے لیے بُلاتا ہے، جَیسا کہ پچھلی نسلوں میں؛

۱۲ اِس طرح یہ دِکھاتا ہے کہ وہ کل، آج اور اَبَد تک یکساں خُدا ہے۔ آمین۔

۱۳ چُناں چہ، اَیسی ٹھوس گواہیاں پائیں، اور اُنھی سے دُنیا کی عدالت ہو گی، حتیٰ کہ جتنے بھی اِس کے بعد اِس کام کا عِلم پائیں گے۔

۱۴ اور جو اِس کو اِیمان سے قَبُول کرتے ہیں، اور راست بازی کے کام اَنجام دیتے ہیں، اَبَدی زِندگی کا تاج پائیں گے۔

۱۵ لیکن وہ جو بےاعتقادی میں اپنے دِل سخت کرتے ہیں، اور اِس کو رَدّ کرتے ہیں، یہ اُن کی اپنی سزا میں بدل جائے گی—

۱۶ پَس خُداوند خُدا نے یہ فرمایا ہے؛ اور ہم، کلِیسیا کے بُزرگوں نے پُرجلال آسمانی بادِشاہ کا کلام سُنا ہے، جِس کا جلال ہمیشہ سے ہمیشہ تک ہے اور اِس کی گواہی دیتے ہیں۔ آمین۔

۱۷ اِن باتوں سے ہم جانتے ہیں کہ آسمان میں خُدا ہے، جو اَزلی اور اَبَدی ہے، اَبَد سے اَبَد تک یکساں لاتبدیل خُدا، آسمان اور زمِین اور اُن میں موجود تمام چِیزوں کو بنانے والا؛

۱۸ اور کہ اُس نے اِنسان کو، نَر اور ناری، بنایا، اپنی صُورت اور اپنی شبِیہ پر اُس نے اُن کو بنایا؛

۱۹ اور اُن کو اَحکام دیے کہ وہ اُس سے محبّت رکھیں اور اُس کی خدمت کریں، واحد زِندہ اور سچّا خُدا، اور کہ صرف وہی واحد ہستی ہو جِس کی اُنھیں عِبادت کرنی چاہیے۔

۲۰ مگر اِن مُقَدَّس قوانین کی عدولی سے اِنسان نفسانی اور اِبلِیسی بن گیا، اور بدبخت اِنسان بنا۔

۲۱ جِس سبب سے، قادرِ مطلق خُدا نے اپنا اِکلوتا بیٹا بخشا، جَیسا اُن صحائف میں لِکھا ہُوا ہے جو اُس کے دیے ہُوئے ہیں۔

۲۲ اُس نے آزمایشیں برداشت کیں مگر اُن پر کوئی توجہ نہ دی۔

۲۳ وہ مصلُوب کِیا گیا، وفات پائی اور تِیسرے دِن پھِر جی اُٹھا؛

۲۴ اور آسمان پر اُٹھایا گیا، کہ باپ کی دہنے ہاتھ بیٹھے، تاکہ باپ کی مرضی کے مُطابق قادرِمطلق قُدرت سے حکومت کرے؛

۲۵ تا کہ جتنے بھی اُس کے مُقَدَّس نام پر اِیمان لائیں گے اور بپتسما پائیں گے، اور اِیمان میں آخِر تک برداشت کریں گے، نجات پائیں گے—

۲۶ نہ صرف وہ، جو اُس کے، زمانوں کے نصف اُلنہار میں مجسم ہونے کے بعد اِیمان لائے، بلکہ وہ سب جو اِبتدا سے ہی، حتیٰ کہ جتنے بھی اُس سے پہلے آئے، جو مُقَدَّس نبیوں کے کلام پر اِیمان لائے، جِنھوں نے رُوحُ القُدس کی نعمت سے اِلہام کے مُطابق کلام کِیا، جِنھوں نے حقیقتاً سب باتوں میں اُس کی گواہی دی، اَبَدی زِندگی پائیں گے،

۲۷ وہ بھی جو بعد میں آئیں گے، وہ رُوحُ القُدس کے وسِیلے سے، جو باپ اور بیٹے کی گواہی دیتا ہے، وہ خُدا کی نعمتوں اور بُلاہٹوں پر اِیمان لائیں گے؛

۲۸ کہ باپ، بیٹا اور رُوحُ القُدس ایک خُدا ہیں، اَزلی اور اَبَدی، لازوال۔ آمین۔

۲۹ اور ہم جانتے ہیں کہ تمام اِنسانوں کا توبہ کرنا ضروری ہے اور یِسُوع مسِیح کے نام پر اِیمان لانا اور اُس کے نام پر باپ کی عِبادت کرنا، اور اُس کے نام پر اِیمان میں آخِر تک برداشت کرنا ہے، ورنہ وہ خُدا کی بادِشاہی میں بچائے نہیں جا سکتے۔

۳۰ اور ہم جانتے ہیں کہ مُخلصی ہمارے خُداوند اور نجات دہندہ یِسُوع مسِیح کے فضل کے وسِیلے سے راست اور برحق ہے؛

۳۱ اور ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ ہمارے خُداوند اور نجات دہندہ یِسُوع مسِیح کے فضل کے وسِیلے سے تقدیس، راست اور برحق ہے، اُن سب کے لیے جو خُدا کو اپنی ساری جان، عقل اور طاقت سے محبّت اور خدمت کرتے ہیں۔

۳۲ تاہم یہ مُمکِن ہے کہ اِنسان زِندہ خُدا سے پھِرے اور فضل سے گِر جائے؛

۳۳ پَس کلِیسیا خبردار رہے اور ہمیشہ دُعا کرے، اَیسا نہ ہو کہ وہ آزمایش میں پڑیں؛

۳۴ ہاں، حتیٰ کہ وہ بھی جو مُقَدَّس ٹھہرائے گئے ہیں خبردار ہوں۔

۳۵ اور ہم یُوحنّا کے مُکاشفوں کے مُطابق جانتے ہیں کہ یہ باتیں سچّی ہیں، اُس کی کِتاب کی نبُوّت میں نہ کُچھ بڑھاتے ہُوئے اور نہ ہی گھٹاتے ہُوئے، پاک صحائف، یا خُدا کے مُکاشفے، جو اِس کے بعد خُدا کی آواز یا فرِشتوں کی خدمت گُزاری سے رُوحُ القُدس کی نعمت اور قُدرت سے آئیں گے۔

۳۶ اور خُداوند خُدا نے یہ فرمایا ہے؛ اور عزت، قُدرت اور جلال، اب سے لے کر اَبَد تک اُس کے مُقَدَّس نام کی ہوتی رہے۔ آمین۔

۳۷ اور پھِر، بپتسما کے طریقے کے بارے میں کلِیسیا کو حُکم—وہ سب جو اپنے آپ کو خُدا کے سامنے فروتن کرتے ہیں، اور بپتسما کے آرزومند ہیں، اور شِکستہ دِل اور پشیمان رُوح کے ساتھ آگے آتے ہیں، اور کلِیسیا کے سامنے گواہی دیتے ہیں کہ اُنھوں نے واقعی اپنے سارے گُناہوں سے توبہ کی ہے، اور اپنے آپ پر یِسُوع مسِیح کا نام اوڑھنے کے لیے رضامند ہیں، اور آخِر تک اُس کی خدمت کرنے کا عزم رکھتے ہیں، اور حقیتاً اپنے کاموں سے ظاہر کرتے ہیں کہ اُنھوں نے اپنے گُناہوں کی مُعافی کے سبب سے مسِیح کا رُوح پایا ہے، وہ سب بپتسما سے اُس کی کلِیسیا میں قَبُول کیے جائیں گے۔

۳۸ بُزرگوں، کاہنوں، معلموں، ڈیکنوں، اور مسِیح کی کلِیسیا کے اَرکان کے فرائض—رسُول، بُزرگ ہے، اور یہ اُس کی بُلاہٹ ہے کہ بپتسما دے؛

۳۹ اور دُوسروں کو بُزرگ، کاہن، معلم، اور ڈیکن مُقرّر کرے؛

۴۰ اور روٹی اور مَے کی عِبادت ادا کرے—مسِیح کے گوشت اور خُون کی نمایندگی—

۴۱ اور، صحائف کے مُطابق، آگ اور رُوحُ القُدس کے بپتسما کے لیے سر پر ہاتھ رکھ کر اُن کو مُستَحکم کرے جِنھوں نے کلِیسیا میں بپتسما پایا ہے؛

۴۲ اور سِکھائے، تفسیر بتائے، نصیحت کرے، بپتسما دے اور کلِیسیا کی نگہبانی کرے؛

۴۳ اور سر پر ہاتھ رکھ کر کلِیسیا کو مُستَحکم کرے، اور رُوحُ القُدس بخشے؛

۴۴ اور تمام عِبادتی مجالِس کی راہ نمائی کرے۔

۴۵ خُدا کے حُکموں اور مُکاشفوں کے مُطابق بُزرگان رُوحُ القُدس کی زیرِ ہدایت عِبادتی مجالِس کی راہ نمائی کریں۔

۴۶ کاہن کا فرض، مُنادی کرنا، سِکھانا، تفسیر بتانا، نصیحت کرنا، اور بپتسما دینا، اور عشائے ربانی کی رسم ادا کرنا ہے،

۴۷ اور ہر رُکن کے گھر جائے، اور اُنھیں نصیحت کرے کہ وہ باآوازِ بُلند اور پوشیدگی میں دُعا کریں، اور اپنے تمام خاندانی فرائض پر توجہ دیں۔

۴۸ اور وہ کاہنوں، معلموں، اور ڈیکنوں کا تَقرُّر بھی کر سکتا ہے۔

۴۹ اور جب کوئی بُزرگ موجود نہ ہو اُسے عِبادتی مجالِس کی راہ نمائی کرنا ہے؛

۵۰ مگر جب کوئی بُزرگ موجود ہو تو اُسے صرف مُنادی کرنا، سِکھانا، تفسیر بتانا، نصیحت کرنا، اور بپتسما دینا ہے،

۵۱ اور ہر رُکن کے گھر جائے، اُنھیں نصیحت کرتے ہُوئے کہ وہ با آوازِ بُلند اور پوشیدگی میں دُعا کریں اور تمام خاندانی فرائض پر توجہ دیں۔

۵۲ اور اِن تمام فرائض میں اگر ضرورت پڑے تو کاہن بُزرگ کی مدد کرے۔

۵۳ اور معلم کا فرض ہمیشہ کلِیسیا کی نگہبانی کرنا ہے، اور اُن کے ساتھ ہونا اور اُنھیں مضبُوط کرنا ہے؛

۵۴ اور یہ دیکھنا ہے کہ کلِیسیا میں کوئی بدی نہ ہو، نہ ہی ایک دُوسرے کے ساتھ سختی، نہ جُھوٹ، چُغل خوری، نہ ہی بدگوئی؛

۵۵ اور دیکھنا کہ کلِیسیا اکثر باہم جمع ہو، اور یہ بھی دیکھنا کہ تمام اَرکان اپنا فرض ادا کریں۔

۵۶ اور اُس کو بُزرگ یا کاہن کی غیر موجودگی میں عِبادتی مجالِس کی راہ نمائی کرنا ہے—

۵۷ اور ہمیشہ، کلِیسیا میں اپنے تمام فرائض میں، اگر ضرورت پڑے ڈیکنوں سے معاونت پانا ہے۔

۵۸ مگرنہ ہی معلموں اور نہ ہی ڈیکنوں کے پاس بپتسما دینے، عشائے ربانی کی رسم ادا کرنے، یا سر پر ہاتھ رکھنے کا اِختیار ہے؛

۵۹ تاہم وہ، خبردار کریں، تفسیر بتائیں، اور سِکھائیں، اور سب کو مسِیح کے پاس آنے کی دعوت دیں۔

۶۰ ہر بُزرگ، کاہن، معلم، یا ڈیکن کو خُدا کی طرف سے دی ہُوئی نعمتوں اور بُلاہٹوں کے مُطابق تَقرُّر کِیا جائے؛ اور جو اُسے تَقرُّر کرے رُوحُ القُدس کی قُدرت سے کرے، جو کہ اُس کے پاس ہے، جو اُسے تَقرُّر کرتا ہے۔

۶۱ مسِیح کی اِس کلِیسیا کے متعدد بُزرگوں کو ہر تین ماہ میں ایک بار اِجلاس میں شامل ہونا ہے، یا وقتاً فوقتاً جَیسے مذکورہ مجالِس طے کریں یا ہدایت دیں؛

۶۲ اور مذکورہ مجالِس کو کلِیسیا کے وہ مُعاملات طے کرنے ہیں جو اُس وقت کیے جانے ضروری ہوں۔

۶۳ بُزرگوں کو اپنے اِجازت نامے دُوسرے بُزرگوں سے، اپنی مقامی کلِیسیا کی رائے شُماری سے، یا اِن مجالِس کے ذریعے سے حاصل کریں۔

۶۴ ہر کاہن، معلم، یا ڈیکن، جِس کا تَقرُّر کسی کاہن نے کِیا ہے، اِس وقت اُس سے سند حاصل کرے، یہ سند، جب کسی بُزرگ کو پیش کی جائے تو اُسے اِجازت کا حق دار بنائے، جو اُس کو اپنی بُلاہٹ کے فرائض ادا کرنے کا اِختیار دے گی، یا وہ اُسے مجالِس سے حاصل کرے۔

۶۵ کوئی شخص بھی اِس کلِیسیا میں، جہاں بھی اِس کی باضابطہ شاخ موجود ہے، کسی بھی عہدے پر، اُس کلِیسیا کی رائے شُماری کے بغیر مُقرّر نہ کِیا جائے گا؛

۶۶ تاہم صدارتی بُزرگ، اُسقف برائے معائنہ، اعلیٰ مُشِیران، اعلیٰ کاہن، اور بُزرگوں کے پاس، جہاں رائے شُماری کے لیے کلِیسیا کی شاخ نہیں ہے وہاں تَقرُّر کرنے کا اِختیار ہے۔

۶۷ اعلیٰ کہانت کے ہر صدر (یا صدارتی بُزرگ)، اُسقُف، اعلیٰ مُشِیر، اور اعلیٰ کاہن، کی تَقرُّری، اعلیٰ مجلِس یا مجلِس عامہ کی ہدایت سے ہو گی۔

۶۸ بپتسما پانے کے بعد اَرکان کا فرض—اُن کے عشائے ربانی میں شریک ہونے اور سر پر بُزرگوں کے ہاتھوں کے رکھے جانے سے اِستحکام پانے سے پہلے، بُزرگوں یا کاہنوں کے پاس مسِیح کی کلِیسیا کے بارے میں ہر چِیز کی تفسیر کرنے کے لیے کافی وقت ہونا چاہیے تاکہ وہ سمجھ سکیں، کہ تمام چِیزیں قرِینے سے اَنجام دی جائیں۔

۶۹ اور اَرکان کلِیسیا کے سامنے اور بُزرگوں کے سامنے بھی، راست چال چلن اور گفتگو سے ظاہر کریں گے کہ وہ اِس کے اَہل ہیں، تاکہ مُقَدَّس صحائف کی مُطابقت میں عمل اور اِیمان دونوں ہوں—خُداوند کے سامنے پاکیزگی میں چلتے رہنا۔

۷۰ مسِیح کی کلِیسیا کے سب اَرکان، جِن کے ہاں بچّے ہوں، وہ اُنھیں کلِیسیا کے سامنے بُزرگوں کے پاس لائیں، تاکہ اُن پر یِسُوع مسِیح کے نام سے ہاتھ رکھے جائیں اور اُس کے نام پر برکت دی جائے۔

۷۱ کوئی بھی مسِیح کی کلِیسیا میں شامل نہیں کِیا جا سکتا جب تک وہ خُدا کے سامنے جواب دہی کی عُمر تک پہنچ نہ جائے، اور توبہ کے قابل نہ ہو۔

۷۲ اُن سب کے لیے جو توبہ کرتے ہیں مندرجہ ذیل طریقے سے بپتسما کی رسم ادا کرنا ہے—

۷۳ وہ شخص جو خُدا کا بُلایا ہُوا ہو اور یِسُوع مسِیح کی طرف سے بپتسما دینے کا اِختیار ہو، اُس مرد یا عَورت کے ساتھ پانی میں اُترے گا جِس نے خُود کو بپتسما کے لیے پیش کِیا ہے، اور اُس مرد یا عَورت کو نام سے پُکارتے ہُوئے کہے گا: یِسُوع مسِیح سے اِختیار پا کر، مَیں تُجھے باپ اور بیٹے اور رُوحُ القُدس کے نام سے بپتسما دیتا ہُوں۔ آمین۔

۷۴ پھِر وہ اُس مرد یا عَورت کو پانی میں غوطہ دے گا، اور پھِر پانی میں سے اُوپر نکال لے گا۔

۷۵ یہ اَہم ہے کہ کلِیسیا خُداوند یِسُوع کی یادگاری میں روٹی اور مَے میں شراکت کے لیے اکثر باجماعت شریک ہو؛

۷۶ اور بُزرگ یا کاہن اِسے برکت دے گا؛ اور اِس طرح وہ اِسے برکت دے گا—وہ کلِیسیا کے ساتھ دوزانوں ہو گا اور باضابطہ دُعا میں آسمانی باپ کو پُکار تے ہُوئے کہے گا:

۷۷ اَے خُدا، اَبَدی باپ، ہم تیرے بیٹے، یِسُوع مسِیح کے نام پر تُجھ سے مانگتے ہیں، کہ اِس روٹی پر برکت بخش اور اِسے اُن سب کی جانوں کے لیے مُقَدَّس ٹھہرا جو اِس میں شریک ہوں، کہ وہ تیرے بیٹے کے بدن کی یاد میں کھائیں، اور تیرے گواہ ٹھہریں، اَے خُدا، اَبَدی باپ، کہ وہ اپنے تئیں تیرے بیٹے کا نام لینے، اور اُس کو ہمیشہ یاد رکھنے اور اُس کے حُکموں کو ماننے کے لیے جو اُس نے اُنھیں دیے ہیں رضا مند ہیں؛ تاکہ اُس کا رُوح ہمیشہ اُن کے ساتھ ہو۔ آمین۔

۷۸ اور مَے میں شراکت کا طریقہ—وہ پیالہ بھی لے گا، اور کہے گا:

۷۹ اَے خُدا، اَبَدی باپ، ہم تیرے بیٹے، یِسُوع مسِیح، کے نام پر تُجھ سے مانگتے ہیں، اِس پانی پر برکت بخش اور اِسے اُن سب کی جانوں کے لیے مُقَدَّس ٹھہرا جو اِس میں سے پئیں، تاکہ وہ اَیسا تیرے بیٹے کے خُون کی یادگاری میں کریں، جو اُن کے لیے بہایا گیا؛ تاکہ وہ تیرے گواہ ٹھہریں، اَے خُدا، اَبَدی باپ، کہ وہ اُس کو ہمیشہ یاد رکھیں، تاکہ اُس کا رُوح ہمیشہ اُن کے ساتھ ہو۔ آمین۔

۸۰ مسِیح کی کلِیسیا کا کوئی بھی رُکن غلطی کرتا ہُوا، یا خطا میں پکڑا جائے، اُس سے صحائف کی ہدایت کے مُطابق برتاؤ کِیا جائے گا۔

۸۱ یہ مُتعدد کلِیسیاؤں کی، جِن پر مسِیح کی کلِیسیا مُشتَمِل ہے، ذِمّہ داری ہو گی کہ ایک یا زیادہ معلموں کو کلِیسیا کے بُزرگوں کے مُنعقِد کردہ اِجلاس میں شمولیت کے لیے بھیجیں،

۸۲ اُن مُتعدد اُرکان کے ناموں کی فہرست کے ساتھ جِنھوں نے گزشتہ اِجلاس کے بعد سے اپنے آپ کو کلِیسیا کے ساتھ وابستہ کِیا ہے؛ یا کسی کاہن کے ہاتھ بھیجیں؛ تاکہ کسی ایک بُزرگ کے ذریعے، جِسے کسی کو بھی دُوسرے بُزرگ وقتاً فوقتاً مُقرّر کریں، کِتاب میں پُوری کلِیسیا کے تمام ناموں کی فہرست رکھی جائے؛

۸۳ اور اگر کوئی کلِیسیا سے نکالے گئے ہیں، وہ بھی، تاکہ اُن کے نام کلِیسیا کے ناموں کے عام اندراج سے مِٹا دیے جائیں۔

۸۴ تمام اَرکان اپنی کلِیسیا سے، اگر اَیسی کلِیسیا میں نقل مکانی کرتے ہیں جہاں وہ اجنبی ہیں، وہ صداقت نامہ لے کر جا سکتے ہیں، جو یہ تصدیق کرتا ہو کہ وہ باضابطہ رُکن ہیں اور مُستَحکم ہیں، اُس صداقت نامے پر بُزرگ یا کاہن دستخط کر سکتا ہے اگر خط پانے والا رُکن بُزرگ یا کاہن سے باہمی طور پر واقف ہے، یا اِس پر کلِیسیا کے معلم یا ڈیکن دستخط کر سکتے ہیں۔