صحائف
عقائد اور عہُود ۱۱۸


فصل ۱۱۸

۸ جولائی ۱۸۳۹، فار ویسٹ، میزوری میں، نبی جوزف سمِتھ کے وسِیلے سے دیا گیا مُکاشفہ، اِس اِلتجا کے جواب میں، ”اَے خُداوند ہم پر بارہ کی جماعت کے مُتعلّق اپنی مرضی ظاہر کر۔“

۱–۳، خُداوند بارہ کی جماعت کے خاندانوں کے لیے مہیا کرے گا؛ ۴–۶، بارہ کی جماعت کے عہُدوں کو پُر کِیا جاتا ہے۔

۱ یقیناً، خُداوند یُوں فرماتا ہے: مجلِس فوراً بُلائی جائے؛ بارہ کی جماعت کو مُنَظّم کِیا جائے؛ اور اُن کی جگہ آدمی مُقرّر کیے جائیں جو معزول ہُوئے ہیں۔

۲ میرا خادِم تھامس کُچھ عرصہ کے لیے، میرے کلام کی مُنادی کے لیے صِیُّون کی سرزمِین میں رہے۔

۳ باقی اِس گھڑی سے لے کر مُنادی کریں، اور اگر وہ یہ دِل کی فروتنی اور حلیمی، اور تحمل سے کریں گے، مَیں خُداوند، اُن کو وعدہ دیتا ہُوں، کہ مَیں اُن کے خاندانوں کے لیے مہیا کرُوں گا؛ اور اب سے لے کر اُن کے لیے کارآمد دروازہ کھولا جائے گا۔

۴ اور اَگلی بہار میں وہ بڑے پانیوں پر سفر کرنے کے لیے جائیں، اور میری اِنجِیل، اِس کی مَعمُوری کی مُنادی کریں، اور میرے نام کی گواہی دیں۔

۵ وہ فار ویسٹ کے شہر میں میرے مُقَدَّسین سے آیندہ اَپریل کے چھبِیسویں دِن، میرے گھر کی تعمیر کی جگہ سے رُخصت ہوں، خُداوند فرماتا ہے۔

۶ میرا خادِم جان ٹیلر، اور میرا خادِم جان ای پیج بھی، اور میرا خادِم وِلفرڈ وڈرف بھی، اور میرا خادِم ویِلرڈ رچرڈز بھی، اُن کی جگہیں پُر کرنے کے لیے مُقرّر کیے جائیں جو معزول ہُوئے ہیں، اور اُنھیں اُن کی تَقرُّری سے باضابطا طور پر آگاہ کِیا جائے۔