صحائف
عقائد اور عہُود ۱۰۹


فصل ۱۰۹

۲۷ مارچ ۱۸۳۶، کرٹ لینڈ، اوہائیو میں ہیکل کی تخصیص کے موقع پر کی گئی دُعا۔ نبی کے لِکھے ہُوئے بیان کے مُطابق یہ دُعا اُس کو مُکاشفے کے وسِیلے سے دی گئی۔

۱–۵، کرٹ لینڈ ہیکل کو اِبنِ آدم کے آنے کی جگہ کے طور پر تعمیر کِیا گیا؛ ۶–۲۱، اِسے دُعا کا گھر، روزے، اِیمان، عِلم، جلال اور قرِینہ اور خُدا کا گھر ہونا ہے؛ ۲۲–۳۳، اَیسا ہو کہ توبہ نہ کرنے والے جو خُداوند کے لوگوں کی مُخالفت کرتے ہیں شرمِندہ کیے جائیں؛ ۳۴–۴۲، اَیسا ہو کہ مُقَدَّسین راست بازوں کو صِیُّون میں اِکٹھا کرنے کے لیے قُدرت سے دُنیا میں جائیں؛ ۴۳–۵۳، اَیسا ہو کہ مُقَدَّسین آخِری دِنوں میں بدکاروں پر اُنڈیلی جانے والی ہیبت ناک چِیزوں سے چُھڑائے جائیں؛ ۵۴–۵۸، اَیسا ہو کہ قَومیں اور لوگ اور کلِیسیائیں اِنجِیل کے لیے تیار ہوں؛ ۵۹–۶۷، اَیسا ہو کہ یہُودی، لامنی، اور تمام اِسرائیل کو مُخلصی دی جائے؛ ۶۸–۸۰، اَیسا ہو کہ مُقَدَّسین جلال اور عزت کا تاج پہنیں اور اَبَدی نجات پائیں۔

۱ تیرے نام کا شُکر، اَے اِسرائیل خُداوند خُدا، جو عہُود کو پُورا کرتا اور اپنے خادِموں کو جو تیرے حُضُور اپنے پُورے دِل سے راستی پر چلتے ہیں رحم دِکھاتا ہے—

۲ تُو جِس نے اپنے خادِموں کو حُکم دیا کہ اِس جگہ (کرٹ لینڈ) میں تیرے نام پر گھر تعمیر کریں۔

۳ اور اب تُو دیکھتا ہے، اَے خُداوند، کہ تیرے خادِموں نے تیرے حُکم کے مُطابق کِیا ہے۔

۴ اور اب ہم تُجھ سے مانگتے ہیں، مُقَدَّس باپ، یِسُوع مسِیح، تیرے المحبُوب بیٹے کے نام پر، صرف اُسی کے نام سے بنی آدم کو نجات دی جا سکتی ہے، ہم تُجھ سے مانگتے ہیں، اَے خُداوند، کہ اِس گھر کو قَبُول کر جو ہماری، تیرے خادِموں کے ہاتھوں کی کاری گری ہے، جِس کا تُو نے حُکم دیا کہ ہم تعمیر کریں۔

۵ پَس تو جانتا ہے کہ ہم نے یہ کام سخت مُصِیبت میں کِیا ہے؛ اور اپنی غریبی میں سے ہم نے تیرے نام پر گھر کی تعمیر کے لیے مال دیا ہے، کہ اِبنِ آدم کے پاس خُود کو اپنے لوگوں پر ظاہر کرنے کے لیے جگہ ہو۔

۶ اور جَیسا تُو نے، ہمیں دیے گئے مُکاشفے میں، ہمیں اپنے دوست بُلاتے ہُوئے کہا ہے، یُوں فرمایا ہے—اپنی مُقدّس مجلِس بُلاؤ، جَیسا مَیں نے تُمھیں حُکم دیا ہے؛

۷ اور چُوں کہ سب میں اِیمان نہیں چُناں چہ تُم جاں فشانی سے حِکمت کے عِلم کی جُستجُو میں رہو اور ایک دُوسرے کو سِکھاؤ؛ ہاں، تُم اعلیٰ کِتابوں میں سے حِکمت کی کی باتیں تلاش کرو؛ سِیکھنے کے مُشتاق رہو، یعنی مُطالعہ سے اور اِیمان سے بھی؛

۸ خُود کو مُنَظّم کرو، ضرورت کی ہر چِیز تیار کرو، اور گھر قائم کرو، یعنی دُعا کا گھر، روزے کا گھر، اِیمان کا گھر، عِلم کا گھر، جلال کا گھر، نظم و نسق کا گھر، خُدا کا گھر؛

۹ تاکہ تُمھارا آنا خُداوند کے نام پر ہو، تاکہ تُمھارا جانا خُداوند کے نام پر ہو، تاکہ تُمھاری تسلیمات خُداوند کے نام پر خُدا تعالیٰ کی طرف ہاتھ اُٹھا کر ہوں—

۱۰ اور اب پاک باپ، ہم مانگتے ہیں کہ ہماری، اپنے لوگوں کی مدد کر، اپنے فضل کے ساتھ، ہماری مُقدّس مجلِس بُلا کر، تاکہ یہ تِیری عزت اور تیری اِلہی قَبُولیت کے لیے کِیا جا سکے؛

۱۱ اور اِس طرح سے کہ ہم تیری نظر میں اہل پائے جائیں، اُن وعدوں کی تکمیل کے لیے جو تُو نے ہم، اپنے لوگوں، سے کیے ہیں، اُن مُکاشفوں میں جو ہمیں عطا کیے گئے ہیں؛

۱۲ تاکہ تیرا جلال تیرے لوگوں پر اُتر کر ٹھہرے، اور اِس تیرے گھر پر، جو اب ہم تیرے لیے مخصُوص کرتے ہیں، کہ یہ اَقدس ہونے کے لیے مُقَدَّس ٹھہرایا اور مُتبرک کِیا جائے، تاکہ تیری پاک حُضُوری لگاتار اِس گھر میں ہو؛

۱۳ اور کہ تمام لوگ جو خُداوند کے گھر کی دہلیز میں داخل ہوں تیری قُدرت کو محسُوس کر سکیں، اور اِس احساس کو تسلیم کرنے کا اِقرار کریں کہ تُو نے اِسے مُقَدَّس ٹھہرایا ہے، اور کہ یہ تیرا گھر ہے، تیری قدُوسیّت کی جگہ۔

۱۴ اور بخش دے، مُقَدَّس باپ، کہ اُن تمام کو جو اِس گھر میں عِبادت کریں، اُنھیں مُستَنَد کِتابوں میں سے حِکمت کی باتیں سِکھائی جائیں، اور کہ وہ معرفت پائیں یعنی مُطالعہ سے اور اِیمان سے بھی، جَیسا تُو نے فرمایا ہے؛

۱۵ اور کہ وہ تُجھ میں بڑھیں، اور رُوحُ القُدس کی مَعمُوری پائیں، اور تیرے قوانین کے مُطابق مُنَظّم ہوں، اور ہر ضروری شَے پانے کو تیار ہوں؛

۱۶ اور کہ یہ گھر دُعا کا گھر ہو، روزے کا گھر، اِیمان کا گھر، جلال اور خُدا کا گھر، یعنی تیرا گھر ہو۔

۱۷ تاکہ اِس گھر میں تیرے لوگوں کی آمد، خُداوند کے نام پر ہو؛

۱۸ کہ اِس گھر سے اُن کی رُخصتی خُداوند کے نام پر ہو؛

۱۹ اور کہ اُن کی تمام تسلیمات، خُدا تعالیٰ کی طرف اُٹھے مُقَدَّس ہاتھوں کے ساتھ خُداوند کے نام پر ہوں؛

۲۰ اور کہ کسی بھی ناپاک چِیز کو اِسے آلودہ کرنے کے لیے تیرے گھر میں آنے کی اِجازت نہ دی جائے؛

۲۱ اور جب تیرے لوگ، اُن میں سے کوئی بھی خطا کرے، وہ فوراً توبہ کریں اور تیرے پاس واپس لوٹیں، اور تیری نظر میں مَقبُول ہوں، اور وہ ساری برکتیں بحال کی جائیں جو تُو نے اُن پر نچھاور کرنے کے لیے مُقرّر کی ہیں جو تیرے گھر میں تیری تعظیم و تحریم بجا لاتے ہیں۔

۲۲ ہم تُجھ سے مانگتے ہیں، مُقَدَّس باپ، کہ اِس گھر سے تیرے خادِم تیری قُدرت سے ملبُوس ہو کر جائیں، اور کہ تیرا نام اُن پر ہو، اور تیرا جلال اُن کے چوگِرد ہو، اور تیرے فرِشتوں کی نگہبانی اُن پر ہو؛

۲۳ اور اِس جگہ سے وہ عظیم اُلشان اور جلالی بشارت، سچّائی کے ساتھ، لے کر دُنیا کی اِنتہاؤں تک جائیں، تاکہ وہ جانیں کہ یہ تیرا کام ہے، اور تُو نے اُس کو پُورا کرنے کے لیے اپنا ہاتھ بڑھایا ہے جو تُو نے اپنے نبیوں کے ذریعے آخِری ایّام کی بابت فرمایا ہے۔

۲۴ ہم مانگتے ہیں، مُقَدَّس باپ، کہ اِن لوگوں کو قائم کر جو عِبادت کریں گے، اور تیرے اِس گھر میں عزت و احترام سے نام اور مقام پائیں، تمام نسلوں اور اَبدیّت کے واسطے؛

۲۵ اور اُن کے خِلاف بنایا کوئی بھی ہتھیار کامیاب نہ ہو گا؛ کہ وہ جو اُن کے لیے گڑھا کھودتا ہے خُود اُسی میں گِرے گا؛

۲۶ کہ بدکاری کی کوئی بھی سازِش تیرے لوگوں کے خِلاف اُٹھنے اور غالِب آنے کا اِختیار نہ رکھے جِن پر اِس گھر میں تیرا نام دیا جائے گا؛

۲۷ اور اگر کوئی قَوم اِن لوگوں کے خِلاف اُٹھے، تو تیرا غُصّہ ان کے خِلاف بھڑکے؛

۲۸ اور اگر وہ اِن لوگوں کو ماریں تو تُو اُنھیں مارنا، تُو اپنے لوگوں کے لیے لڑنا، جَیسا تُو نے لڑائی کے دِنوں میں کِیا، تاکہ وہ اپنے سب دُشمنوں کے ہاتھوں سے چُھڑائے جائیں۔

۲۹ ہم مانگتے ہیں مُقَدَّس باپ، کہ تُو اُن سب کو جِنھوں نے تیرے خادِم یا خادِموں کے خِلاف دُنیا میں، جُھوٹی اَفواہیں پھیلائیں ہیں، سراسِیمہ اور ہکابکا کر، اور شرمِندگی اور اَبتری لا، اگر وہ توبہ نہیں کریں گے، جب اَبَدی اِنجِیل کی اُن کے کانوں میں مُنادی کی جائے گی؛

۳۰ اور اُن کے سارے کام نِیست کیے جائیں، اور اَولوں میں بہہ جائیں، اور اُن سزاؤں سے جو تُو اُن پر اپنے غُصّے میں بھیجے گا، تاکہ تیرے لوگوں کے خِلاف اُن کے جُھوٹ اور غِیبت کا خاتمہ ہو۔

۳۱ پَس اَے خُداوند، تُو جانتا ہے، تیرے خادِم تیرے حُضُور تیرے نام کی گواہی دینے میں بےگُناہ ہیں، جِس کی وجہ سے اُنھوں نے یہ چِیزیں برداشت کی ہیں۔

۳۲ پَس اِس جوئے تلے سے پُوری اور مکمل رہائی کے لیے ہم تیرے حُضُور مِنّت کرتے ہیں؛

۳۳ اِسے توڑ دے، اَے خُداوند؛ اِسے اپنے خادِموں کی گردن سے اپنی قُدرت کے وسِیلے سے توڑ دے تاکہ ہم اِس نسل کے درمیان میں اُبھریں اور تیرا کام کریں۔

۳۴ اَے یہواہ، اِن لوگوں پر رحم کر، اور جَیسا کہ سب اِنسان گُناہ کرتے ہیں، اپنے لوگوں کی خطائیں مُعاف کر، اور اُنھیں ہمیشہ کے لیے مِٹا دے۔

۳۵ اپنے خدمت گُزاروں کا مسح اُن پر آسمان کی قُدرت سے مُہر کر۔

۳۶ یہ اِن پر پُورا ہو، جَیسے اُن پر پنتیکوست کے دِن ہُوا؛ زبانوں کی نعمت اپنے لوگوں پر اُنڈیل، بلکہ آگ کے شعلہ کی سی پھٹتی ہوئی زبانیں، اور اُن کا ترجمہ۔

۳۷ اور تیرا گھر، جَیسے زور کی آندھی سے، تیرے جلال سے بھر جائے۔

۳۸ اپنے خادِموں کو عہد کی گواہی بخش، تاکہ جب وہ تیرے کلام کی مُنادی کرنے جائیں وہ تیری شَرِیعت کو مُہر کریں، اور تیرے مُقَدَّسین کے دِلوں کو اُن تمام فیصلوں کے لیے تیار کریں جو تُو اپنے قہر میں زمِین کے باشِندوں پر اُن کی خطاؤں کے سبب سے بھیجنے کو ہے، تاکہ مُصِیبت کے دِن لوگوں کے دِل نہ گھبرائیں۔

۳۹ اور جِس کسی شہر میں تیرے خادِم داخل ہوں، اور اُس شہر کے لوگ اُن کی گواہی کو قَبُول کریں، تیرا اَمن اور نجات اُس شہر پر ہو؛ تاکہ وہ اُس شہر میں سے راست بازوں کو اِکٹھا کریں، تاکہ وہ تیری مُقرّر کردہ جگہوں، صِیُّون یا اُس کے علاقوں میں اَبَدی خُوشی کے گیت گاتے ہُوئے آئیں؛

۴۰ اور جب تک یہ پُورا نہ ہو، اپنی سزاؤں کو شہر پر نہ ڈالنا۔

۴۱ اور جِس بھی شہر میں تیرے خادِم داخل ہوں اور اُس شہر کے لوگ تیرے خادِموں کی گواہی قَبُول نہ کریں، اور تیرے خادِم اُن کو اِس ٹیڑھی نسل سے خُود کو بچانے کے لیے خبردار کریں، تو اُس شہر پر اُس کے مُطابق ہونے دے جو تُو نے اپنے نبیوں کے مُنہ سے فرمایا ہے۔

۴۲ بلکہ اَے یہواہ، ہم تیری مِنّت کرتے ہیں، کہ اپنے خادِموں کو اُن کے ہاتھوں سے رہائی بخش اور اُنھیں اُن کے خُون سے پاک صاف کر۔

۴۳ اَے خُداوند، ہم دُوسرے اِنسانوں کی ہلاکت سے خُوش نہیں ہوتے؛ اُن کی جانیں تیرے حُضُور قِیمتی ہیں؛

۴۴ لیکن تیرے کلام کا پُورا ہونا ضرور ہے۔ اپنے خادِموں کو اپنے فضل کی مدد سے یہ کہنے دے: اَے خُداوند تیری مرضی پُوری ہو، اور ہماری نہیں۔

۴۵ ہم جانتے ہیں کہ تُو نے اپنے نبیوں کے مُنہ سے آخِیر زمانہ میں بدکاروں کی بابت ہیبت ناک باتیں کہیں ہیں—کہ تُو اپنی بےحساب سزائیں ان پر نازِل کرے گا؛

۴۶ پَس، اَے خُداوند، اپنے لوگوں کو بدکاروں کی آفت سے چُھڑا؛ اپنے خادِموں کو قابل بنا کہ تیری شَرِیعت سربمُہر کریں، اور گواہی باندھ دیں، تاکہ وہ بھسم کرنے والے دِن کے خِلاف تیار ہوں۔

۴۷ ہم تُجھ سے مانگتے ہیں مُقَدَّس باپ، اُن کو یاد رکھ جِنھیں جیکسن کاؤنٹی، میزوری کے باشِندوں نے اپنی مِیراث کی سر زمینوں سے نِکال دیا ہے، اور اَے خُداوند ایذا کے اِس جوئے کو جو اُن پر ڈالا گیا ہے، توڑ ڈال۔

۴۸ تُو جانتا ہے، اَے خُداوند کہ بدکار آدمیوں نے اُن پر سنگِین ظُلم اور شدِید مُصِیبت ڈھائی ہے؛ اور ہمارے دِل اُن کے بھاری بوجھ کے باعث غم و غُصّہ سے بھرے ہیں۔

۴۹ اَے خُداوند تُو کب تک برداشت کرے گا کہ تیرے لوگ یہ ایذا سہیں، اور اُن کے معصوموں کی فریاد تیرے کانوں میں گونجے، اور اُن کا خُون تیرے حُضُور گواہی کے لیے آئے، اور اُن کے حق میں اپنی گواہی کا اِظہار نہ کرے گا۔

۵۰ رحم کر، اَے خُداوند، بدکار مُشتعل ہجوم پر، جِنھوں نے تیرے لوگوں کو مار بھگایا ہے، کہ وہ تباہ کرنے سے باز آئیں؛ کہ وہ اپنے گُناہوں سے توبہ کریں اگر توبہ مِل سکتی ہے؛

۵۱ بلکہ اگر وہ نہیں کرتے، اپنا بازُو ظاہر کر، اَے خُداوند، اور اُنھیں مُخلصی بخش جو تُو نے صِیُّون اور اُس کے لوگوں کے لیے مُقرّر کِیا ہے۔

۵۲ اور اگر اَیسا بصُورتِ دیگر نہیں ہو سکتا، کہ تیرے لوگوں کا نصب اُلعین تیرے حُضُور ناکام نہ ہو تو تیرا غضب بھڑکے، اور تیرا قہر اُن پر آ گرے، کہ وہ آسمان تلے جڑ سے شاخ تک مکمل طور پر تباہ ہو جائیں؛

۵۳ مگر جَیسے جَیسے وہ تو بہ کرتے ہیں، تُو کریم اور رحیم ہے، اور اپنا غضب پھیر لے گا جب تُو اپنے ممسُوح کے چہرے پر نظر کرتا ہے۔

۵۴ رحم کر، اَے خُداوند، زمِین کی تمام قَوموں پر؛ ہماری سرزمِین کے حُکمرانوں پر رحم کر؛ وہ اُصُول جِن کا ہمارے آباواجداد نے وقار اور اعلیٰ ظرفی سے تحفظ کِیا، یعنی ہمارا آئین، ہمیشہ کے لیے قائم ہو۔

۵۵ بادِشاہوں، شہزادوں، امیرزادوں، اور زمِین کے ولیوں، اور تمام لوگوں، اور کلِیسیاوں، اور غریبوں، اور زمِین کے مُصِیبت زدوں کو یاد رکھ؛

۵۶ کہ اُن کے دِل نرم کیے جائیں جب، اَے یہواہ، تیرے خادِم تیرے گھر سے تیرے نام کی گواہی دینے جائیں؛ کہ اُن کا تَعَصُّب سچّائی کے سامنے گھُل جائے، اور تیرے لوگ سب کی نظر میں مَقبُولیت پائیں؛

۵۷ تاکہ زمِین کی اِنتہائیں جانیں کہ ہم، تیرے خادِموں نے تیری آواز سُنی ہے اور کہ تُو نے ہمیں بھیجا ہے؛

۵۸ کہ اُن سب میں سے، تیرے خادِم، یعقوب کے بیٹے، راست بازوں کو تیرے نام پر مُقَدَّس شہر تعمیر کرنے کے لیے جمع کریں، جَیسا تُو نے اُنھیں حُکم دیا ہے۔

۵۹ ہم تُجھ سے مانگتے ہیں کہ صِیُّون کے لیے اِس میخ کے علاوہ جو تُو نے مُقرّر کی ہے، اور میخیں مُقرّر کر، تاکہ تیرے لوگوں کا اِکٹھا ہونا بڑی قُدرت اور شان و شوکت سے بڑھے، تاکہ تیرا کام راستی میں جلد مکمل کِیا جائے۔

۶۰ اب یہ باتیں، اَے خُداوند، ہم نے تیرے حُضُور کہیں ہیں، اِن مُکاشفوں اور اَحکام کے بارے میں جو تُو نے ہمیں، جو غیر قَوموں کے ساتھ وابستہ ہیں، دیے ہیں۔

۶۱ بلکہ تُو جانتا ہے کہ تُو یعقوب کی نسل سے بےپناہ محبّت رکھتا ہے، جو ابر آلود اور سیاہ دِن کے دوران میں، لمبے عرصے سے پہاڑوں پر پراگندہ ہیں۔

۶۲ ہم پَس تُجھ سے مانگتے ہیں کہ یعقوب کی نسل پر رحم کر، کہ اُس گھڑی سے، یرُوشلیم مُخلصی پانا شُروع کرے؛

۶۳ اور داؤد کے گھرانے سے غُلامی کا جُوَا ٹُوٹنا شُروع ہو؛

۶۴ اور یہُوداہ کی نسل اُن سرزمینوں کو واپس لوٹنا شُروع ہو جو تُو نے اُن کے باپ اَبرہام کو دیں تھیں۔

۶۵ اور بخش دے کہ یعقوب کے بقیہ جو اپنی خطاؤں کے سبب ملعُون ہُوئے اور مارے گئے ہیں، اپنی وحشی اور غیر مہذب حالت سے اَبَدی اِنجِیل کی مَعمُوری میں تبدیل ہوں؛

۶۶ تاکہ وہ اپنے خُون بہانے والے ہتھیار پھینک دیں، اور اپنی سرکشیوں سے باز آئیں،

۶۷ اور اَیسا ہو کہ اِسرائیل کا پراگندہ بقیہ، جو زمِین کی اِنتہاؤں تک مار بھگائے گئے ہیں، سچّائی کا عِلم پائیں، مسِیح پر اِیمان لائیں، اور ظلم سے مُخلصی پائیں، اور تیرے حُضُور شادمان ہوں۔

۶۸ اَے خُداوند، اپنے خادِم جوزف سمِتھ جُونئیر کو یاد رکھ، اور اُس کی تمام مُصِیبتوں اور تکلیفوں کو، کیسے اُس نے یہواہ سے عہد کِیا ہے، اور تُجھ سے وعدہ کِیا ہے، اَے یعقوب کے خُدا تعالیٰ—اور وہ اَحکام جو تُو نے اُسے دیے ہیں، اور کہ اُس نے خلُوصِ نِیّت سے تیری مرضی پُوری کرنے کی ہمت کی ہے۔

۶۹ رحم کر، اَے خُداوند، اُس کی بیوی اور بچّوں پر، کہ وہ تیری حُضُوری میں سرفراز کیے جائیں اور تیرے دست گیر ہاتھ میں محفُوظ ہوں۔

۷۰ اُن کے تمام خاندانی عزیز و اَقارب پر رحم کر، کہ اُن کے تَعَصُّب ٹوٹ جائیں اور یُوں بہہ جائیں جَیسے کہ سیلاب؛ کہ وہ اِسرائیل کے ساتھ تبدیل ہوں اور مُخلصی پائیں، اور جانیں کہ تُو ہی خُدا ہے۔

۷۱ یاد رکھ، اَے خُداوند، صدُور کو، یعنی اپنی کلِیسیا کے تمام صدُور کو، کہ تیرا دایاں ہاتھ اُنھیں اُن کے خاندانوں، اور اُن کے قریبی رشتےداروں کو سرفراز کرے، تاکہ اُن کے نام دوام پائیں اور نسل در نسل اَبَدی یاد میں رہیں۔

۷۲ اپنی ساری کلِیسیا کو یاد رکھ، اَے خُداوند، اُن کے تمام خاندانوں کے ساتھ، اور اُن کے تمام تعلق داروں کے ساتھ، اُن کے تمام بیماروں اور مُصِیبت زدوں کے ساتھ، زمِین کے تمام غریبوں اور حلیموں کے ساتھ؛ تاکہ بادِشاہی جو تُو نے ہاتھ لگائے بغیر قائم کی ہے، عظیم پہاڑ بن جائے اور پُوری زمِین کو بھر دے۔

۷۳ تاکہ تیری کلِیسیا تارِیکی کے بیابان سے باہر آئے، اور حُسن میں مہتاب، نُور میں آفتاب کی مانِند چمکے اور عَلم بردار لشکر کی مانِند مہیب ہو؛

۷۴ اور اُس دِن کے لیے دُلھن کی طرح سِنگھار کِیا جائے جب تُو آسمان پر سے پردہ ہٹائے، تیری حُضُوری سے پہاڑ لرزش کھائیں، اور وادیاں بُلند کی جائیں، اور ہر ناہموار جگہ ہموار کی جائے، تاکہ تیرا جلال روئِ زمِین کو بھر دے؛

۷۵ کہ جب مُردوں کے لیے نرسِنگا پُھونکا جائے گا، ہم تُجھ سے مِلنے کے لیے بادِلوں میں اُٹھا لیے جائیں گے، کہ ہم ہمیشہ کے لیے خُداوند کے ساتھ ہوں؛

۷۶ تاکہ ہمارا لبادہ پاک ہو، تاکہ ہم راستی کے چوغوں سے مُلبّس کیے جائیں، اپنے ہاتھوں میں کھجُور کی ڈالیوں کے ساتھ، اور جلال کے تاج اپنے سروں پر پہنے، اور اپنی ساری مُصِیبتوں کے لیے اَبَدی خُوشی حاصل کریں۔

۷۷ اَے قادرِ مطلق خُداوند خُدا، ہمیں ہماری اِن مِنّتوں میں سُن، اور آسمان سے، اپنے مُقَدَّس مسکن سے ہمیں جواب دے، جہاں تُو تخت پر جلال، عزت، قُدرت، شان، قُوّت، اِقتدار، سچّائی، عدالت، رحم اور لامحدود مَعمُوری میں اَبَد سے اَبَد تک بیٹھا ہے۔

۷۸ سُن، سُن، ہماری سُن، اَے خُداوند!، اور اِن مُناجات کا جواب دے، اور اپنے لیے اِس گھر کی مخصُوصیت قَبُول کر، ہمارے ہاتھوں کی دست کاری، جو ہم نے تیرے نام پر تعمیر کِیا ہے؛

۷۹ اور یہ کلِیسیا بھی، کہ اِس پر اپنا نام عائد کر۔ اور اپنے رُوح کی قُدرت سے ہماری مدد کر، کہ ہم اپنی صدائیں اُن پُرنُور اور مُنوّر صرافیم کے ساتھ مِلا سکیں جو تیرے تخت کے چوگِرد ہیں، حمدوثنا کی تحسین کے ساتھ، خُدا اور برّے کی ہوشعنا گاتے ہُوئے۔

۸۰ اور اُنھیں، اپنے ممسُوحوں کو، نجات سے ملبُوس کر، اور تیرے مُقَدَّسین خُوشی کے ساتھ زور سے چلائیں۔ آمین، اور آمین۔