صحائف
عقائد اور عہُود ۵۴


فصل ۵۴

۱۰ جُون ۱۸۳۱، کرٹ لینڈ، اوہائیو میں، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے نیول نائٹ کو دیا گیا مُکاشفہ۔ تھامپسن، اوہائیو میں کلِیسیا کی شاخ کے اَرکان اِملاک کی مخصُوصیت کے بارے میں سوالات کے باعث بٹ گئے تھے۔ خُود غرضی اور ہَوس کا مُظاہرہ ہُوا۔ شیکرز کو اپنی تبلیغ کے بعد(دیکھیے فصل ۴۹ کا سرنامہ)، لِیمَن کوپلے نے اپنی وسیع اراضی کو کولزوِل، نیویارک، سے آنے والے مُقَدَّسین کے لیے مِیراث میں مخصُوص کرنے کے عہد کو توڑ دیا تھا۔ نتیجتاً، نیول نائٹ (تھامپسن میں بسنے والے اَرکان کا راہ نما) اور دُوسرے بُزرگ نبی سے دریافت کرنے آئے کہ پیش رفت کیسے کریں۔ نبی نے خُداوند سے دریافت کِیا اور یہ مُکاشفہ پایا، جو تھامپسن کے اَرکان کو لیمن کوپلے کی زمِین کو چھوڑنے اور میزوری کے لیے سفر کا حُکم دیتا ہے۔

۱–۶، رحم پانے کے لیے مُقَدَّسین کو اِنجِیل کا عہد ماننا ہے؛ ۷–۱۰، اُنھیں مُصِیبت میں ضرور صابر ہونا ہے۔

۱ دیکھ، خُداوند یُوں فرماتا ہے، یعنی الفا اور اومیگا، اِبتدا اور اِنتہا، یعنی وہ جو دُنیا کے گُناہوں کے لیے مصلُوب ہُوا—

۲ دیکھ، میرے خادِم نیول نائٹ مَیں تُجھ سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، تُو اِس عہدے پر فائز رہ جو مَیں نے تُجھے عطا کِیا ہے۔

۳ اور اگر تیرے بھائی اپنے دُشمنوں سے بچنا چاہتے ہیں، تو اپنے سب گُناہوں سے توبہ کریں، اور میرے حُضُور صدق دِلی سے حلیم اور پشیمان ہوں۔

۴ اور چُوں کہ وہ عہد جو اُنھوں نے میرے ساتھ کِیا، توڑا گیا ہے، چُناں چہ وہ بےفائدہ اور لاحاصل ہُوا ہے۔

۵ اور اَفسوس اُس پر جو ٹھوکر کِھلاتا ہے، لہٰذا اُس کے لیے بہتر ہوتا کہ وہ سَمُندر کی گہرائیوں میں ڈبویا جاتا۔

۶ لیکن مُبارک ہیں وہ جِنھوں نے حُکموں کو مانا ہے اور عہُود پر قائم رہے ہیں، پَس اُن پر رحم کِیا جائے گا۔

۷ پَس، اب جاؤ اور سر زمِین سے بھاگو، اَیسا نہ ہو کہ دُشمن تُم پر ٹوٹ پڑے؛ اور کُوچ کرو، اور تُم جِسے چاہو اپنے واسطے راہ بر مُقرّر کرو، اور تُمھارے واسطے رُقُوم ادا کرے۔

۸ اور اِس طرح تُم اپنا سفر مغرب کی جانب کرنا، میزوری کی سر زمِین تک، لامنوں کی حدود تک۔

۹ اور جب تُم سفر طے کر لو، دیکھو، مَیں تُم سے کہتا ہُوں، تو تُم عام لوگوں کی طرح روزی تلاش کرنا، جب تک مَیں تُمھارے لیے جگہ تیار نہ کرُوں۔

۱۰ اور پھِر، میرے آنے تک مُصِیبت میں صابر رہو، اور، دیکھ مَیں جلد آتا ہُوں، اور ہر ایک کے کام کے مُوافِق دینے کے لیے اَجر میرے پاس ہے، اور وہ جو مُجھے بَروقت ڈھونڈتے ہیں اپنی جانوں کے واسطے آرام پائیں گے۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔