صحائف
عقائد اور عہُود ۹۶


فصل ۹۶

۴ جُون ۱۸۳۳، کرٹ لینڈ، اوہائیو میں، نبی جوزف سمِتھ کو دیا گیا مُکاشفہ، جو شہر یا صِیُّون کی میخ کے تنظیمی ڈھانچے کو، کرٹ لینڈ میں مُقَدَّسین کے واسطے بطورِ مثال پیش کرتا ہے۔ موقع اعلیٰ کاہنوں کے اِجلاس کا تھا، اور غَور و فکر کا سب سے اَہم موضوع مخصُوص اَراضی کی تقسیم تھا، جو فرنچ فارم کہلاتی، کرٹ لینڈ کے قریب کلِیسیا کی ملکیت تھی۔ چُوں کہ مجلِس مُتّفِق نہ ہو سکی کہ کون فارم کا نظام سنبھالے، چُناں چہ سب مُعاملے کے بارے میں خُداوند سے رُجُوع کرنے پر مُتّفِق ہُوئے۔

۱، صِیُّون کی کرٹ لینڈ میخ کو مضبُوط بنانا ہے؛ ۲–۵، اُسقُف کو مُقَدَّسین کے لیے مِیراثیں بانٹنی ہیں؛ ۶–۹، جان جانسن کو متحدہ نظام کا رُکن ہونا ہے۔

۱ دیکھو، مَیں تُم سے کہتا ہُوں، یہ دانِش مندی ہے، جِس سے تُم جان سکو کہ اِس مُعاملے کے بارے میں کیسے عمل کرنا ہے، پَس اَیسا میری دانِست میں واجب ہے کہ یہ میخ جِسے مَیں نے صِیُّون کی مضبُوطی کے لیے قائم کِیا ہے مضبُوط بنائی جائے۔

۲ پَس، میرا خادِم نیول کے وِٹنی اُس جگہ کا نظام سنبھالے جو تُمھارے درمیان میں نامزد کی گئی ہے، جِس پر مَیں اپنا مُقَدَّس گھر بنانے کا اِرادہ رکھتا ہُوں۔

۳ اور پھِر، یہ حِکمت کے مُطابق، اُن کے مفاد کے لیے جو مِیراثیں تلاش کرتے ہیں، ٹکڑوں میں تقسیم کی جائے، جَیسا کہ تُمھارے درمیان میں جماعت تعین کرے۔

۴ پَس، خبردار رہو کہ تُم اس مُعاملے پر دھیان دو، اور اُس حِصّے پر جو میرے نظام کے فائدے کے لیے ضروری ہے، جِس کا مقصد بنی آدم تک میرا کلام پہنچانا ہے۔

۵ پَس دیکھو، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، یہ میری دانِست میں سب سے زیادہ واجب ہے کہ میرا کلام بنی آدم تک پہنچے، تاکہ تُمھاری بھلائی کے لیے بنی آدم کے دِل مائل کرے۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔

۶ اور پھِر، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، میرے نزدیک یہ دانِش مندی اور پسندیدہ ہے، کہ میرا خادِم جان جانسن جِس کی نذر مَیں نے قَبُول کی ہے، اور جِس کی دُعائیں مَیں نے سُنی ہیں، جِسے مَیں اَبَدی زِندگی کا وعدہ دیتا ہُوں جِس قدر وہ اب سے میرے حُکموں پر عمل کرے گا—

۷ پَس وہ یُوسف کی نسل سے ہے اور وعدے کی برکات کا حِصّے دار جو اُس کے باپ دادا سے کِیا گیا تھا—

۸ مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، یہ میری دانِست میں واجب ہے کہ وہ نظام کا رُکن بنے، تاکہ وہ بنی آدم تک میرا کلام پہنچانے میں مدد کرے۔

۹ پَس تُم اُسے اِس برکت کے لیے مُقرّر کرو گے۔ اور وہ جاں فِشانی سے اُن قرضوں کو جو اُس گھر پر ہیں جِس کا تُم نے اپنے درمیان میں ذِکر کِیا ہے چُکانے کی کوشش کرے گا، تاکہ وہ وہاں رہ سکے۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔