صحائف
عقائد اور عہُود ۳۲


فصل ۳۲

اَکتوبر ۱۸۳۰ کے آغاز میں، مانچسٹر، نیویارک میں، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے پارلے پی پراٹ اور زائبا پیٹرسن کو دیا گیا مُکاشفہ۔ بُزرگوں نے لامنوں کے لیے شدید آرزُو اور گہرے شَوق کو محسوس کِیا، جِن کی پیش گوئیوں کے مُطابق برکات کو کلِیسیا نے مورمن کی کِتاب سے سیکھا۔ نتیجے میں، خُداوند سے اِلتجا کی گئی کہ وہ اپنی رضا ظاہر کرے کہ آیا بُزرگوں کو اِس وقت مغرب میں اِنڈین قبیلوں کے پاس بھیجا جائے۔ اِس کے بعد مُکاشفہ آیا۔

۱–۳، پارلے پی پراٹ اور زائبا پیٹرسن لامنوں میں مُنادی کرنے اور اولیور کاؤڈری اور پیٹر وِٹمر جُونیئر کی رفاقت کے لیے بُلائے جاتے ہیں؛ ۴–۵، اُنھیں صحائف کے اِدراک کے لیے دُعا کرنا ہے۔

۱ اور اب میرے خادِم پارلے پی پراٹ کے بارے میں، دیکھ، مَیں اُس سے کہتا ہُوں کہ مُجھے اپنی حیات کی قسم میری رضا ہے کہ وہ میری اِنجِیل کا پرچار کرے اور مُجھ سے سیکھے، اور دِل کا حلیم اور فروتن ہو۔

۲ اور کہ مَیں نے اُسے مُقرّر کِیا ہے کہ وہ میرے خادِموں، اولیور کاؤڈری اور پیٹر وِٹمر جُونیئر کے ساتھ، بیابان میں لامنوں کے درمیان میں جائے گا۔

۳ اور زائبا پیٹرسن بھی اُن کے ساتھ جائے گا؛ اور مَیں خُود اُن کے ساتھ جاؤں گا اور اُن کے درمیان میں ہُوں گا؛ اور مَیں باپ کے پاس اُن کا وکیل ہُوں، اور کوئی شَے اُنھیں مغلُوب نہ کرے گی۔

۴ اور وہ جو لِکھا گیا ہے اُس پر دھیان دیں گے، اور کسی دُوسرے مُکاشفے کا دعویٰ نہ کریں گے؛ اور وہ ہمیشہ دُعا کریں گے تاکہ مَیں اُن کے فہم کے لیے اِسے افشا کرُوں۔

۵ اور وہ اِن باتوں پر دھیان دیں گے اور اُنھیں حقیر نہ جانیں گے، اور مَیں اُنھیں برکت دُوں گا۔ آمین۔