صحائف
عقائد اور عہُود ۲۷


فصل ۲۷

اگست ۱۸۳۰، ہارمونی پنسلوانیا میں، نبی جوزف سمِتھ کو دیا گیا مُکاشفہ۔ مذہبی عبادت کی تیاری کے دوران میں روٹی اور مَے کی عشائے ربانی عطا کی جانی تھی، جوزف مَے حاصل کرنے کے لیے نِکلا۔ وہ آسمانی پیامبر سے مِلا اور یہ مُکاشفہ پایا، جِس کا کُچھ حِصّہ اُسی وقت لِکھا گیا، اور باقی آنے والے ستمبر میں۔ اب کلِیسیا کی عشائے ربانی کی عِبادات میں مَے کی بجائے پانی اِستعمال ہوتا ہے۔

۱–۴، عشائے ربانی کی شراکت میں اِستعمال ہونے والی عِلامتیں مُقرّر کی گئی ہیں؛ ۵–۱۴، مسِیح اور اُس کے تمام زمانوں کے خادِموں کو عشائے ربانی میں شرکت کرنا ہے؛ ۱۵–۱۸، خُدا کے سب ہتھیار باندھ لو۔

۱ یِسُوع مسِیح کی آواز سُنو، تُمھارا خُداوند تُمھارا خُدا، تُمھارا مُخلصی دینے والا، جِس کا کلام زِندہ اور موثّر ہے۔

۲ پَس، دیکھو، مَیں تُم سے کہتا ہُوں، جب تُم عشائے ربانی میں شریک ہوتے ہو تو یہ اَہم نہیں کہ تُم کیا کھاؤ گے اور کیا پیو گے، اگر اَیسا ہو کہ تُم اِسے یکسوئی سے میرے جلال کے لیے کرو—باپ کے حُضُور میرے بدن کو یاد کرتے ہُوئے جو تُمھارے لیے دیا گیا، اور میرا خُون جو تُمھارے گُناہوں کی مُعافی کے لیے بہایا گیا۔

۳ پَس، مَیں تُمھیں حُکم دیتا ہُوں، کہ تُم اپنے دُشمنوں سے نہ مَے خریدو گے، نہ شراب؛

۴ پَس، تُم کسی میں سے نہ پِینا سِوا اِس کے جو تُمھارے درمیان میں نئی بنائی جائے؛ ہاں، میرے باپ کی اِس بادِشاہی میں جو زمِین پر قائم کی جائے گی۔

۵ دیکھو، یہ میری دانِست میں ہے؛ پَس، حیران مت ہو، کیوں کہ وہ وقت آتا ہے کہ مَیں انگُور کا شیرہ تُمھارے ساتھ زمِین پر پیوں گا، اور مرونی کے ساتھ، جِسے مَیں نے مورمن کی کِتاب تُم پر ظاہر کرنے کے لیے بھیجا ہے، جِس میں میری اِنجِیل کی مَعمُوری شامل ہے، جِسے مَیں نے افرائیم کی چھڑی کی سرگزشت کی کُنجیاں دی ہیں؛

۶ اور اِلیاس کے ساتھ بھی، جِس کو مَیں نے تمام چِیزوں کی بحالی کی کُنجیاں دی ہیں، جو تمام مُقَدَّس اَنبیا کے مُنہ سے آخِری ایّام کے بارے میں دُنیا کے شُروع سے کہی گئی ہیں؛

۷ اور زکریاہ کے بیٹے یُوحنّا کے ساتھ، جِس زکریاہ کو وہ (اِلیاس) مِلا اور وعدہ دیا کہ اُس کے بیٹا ہو گا، اور اُس کا نام یُوحنّا ہو گا، اور وہ اِلیاس کے رُوح سے مَعمُور ہوگا؛

۸ جِس یُوحنّا کو مَیں نے تُمھارے، میرے خادِمو، جوزف سمِتھ جُونئیر اور اولیور کاؤڈری کے پاس بھیجا ہے، کہ تُمھیں پہلی کہانت میں مُقرّر کرے جو تُم نے پائی ہے، تاکہ تُم یُوں بُلائے اور مُقرّر کیے جاؤ جَیسا کہ ہارُون؛

۹ اور ایلیّاہ بھی، جِسے مَیں نے والدوں کے دِل بچّوں کی طرف، اور بچّوں کے دِل والدوں کی طرف مائل کرنے کے اِختیار کی کُنجیاں دی ہیں، تاکہ ساری زمِین لعنت سے ماری نہ جائے؛

۱۰ اور یُوسف اور یعقوب، اور اِضحاق، اور اَبرہام بھی، تُمھارے اَجداد جِن کے ذریعے سے وعدہ برقرار ہے؛

۱۱ اور میکاایل، یا آدم، سب کا باپ، سب کا شہزادہ بھی، قدِیمُ الایّام کے ساتھ؛

۱۲ اور پطرس اور یعقوب اور یُوحنّا کے ساتھ بھی، جِنھیں مَیں نے تُمھارے پاس بھیجا ہے، جِن کے ذریعے سے مَیں نے تُمھیں رسُول، اور میرے نام کے خاص گواہ، اور تُمھاری خدمت، اور اِن چِیزوں کی کُنجیوں کے متحمل ہونے کے لیے جو مَیں نے اُن پر ظاہر کی تھیں، مُقرّر اور مُستَحکم کِیا ہے؛

۱۳ جِنھیں مَیں نے اپنی بادِشاہی، اور آخِری زمانوں کے لیے اِنجِیل کے اِختیار کی کُنجیاں بخشی ہیں؛ اور زمانوں کی مَعمُوری کے لیے، جِس میں ساری چِیزیں یکجا کرُوں گا، دونوں، وہ جو آسمان میں ہیں، اور جو زمِین پر ہیں؛

۱۴ اور اُن سب کو بھی جِنھیں باپ نے مُجھے اِس دُنیا میں سے دیے ہیں۔

۱۵ پَس، خاطر جمع رکھو اور شادمان ہو، اور اپنی کمر باندھ لو، اور میرے سارے ہتھیار باندھ لو، تاکہ تُم بُرے دِن میں مقابلہ کر سکو، اور سب کاموں کو انجام دے کر قائم رہ سکو۔

۱۶ پَس، قائم رہنا، سچّائی سے اپنی کمر کس کر، اور راست بازی کا بکتر لگا کر، اور پاؤں میں صلح کی اِنجِیل کی تیاری کے جُوتے پہن کر، جِس کو مَیں نے اپنے فرِشتے بھیج کر تُمھیں دیا ہے؛

۱۷ اِیمان کی سِپر لے کر جِس سے تُم اُس شریر کے سب آتشی تِیروں کو بُجھا سکو؛

۱۸ اور نجات کا خَود، اور میرے رُوح کی تلوار لے لو، جو مَیں تُم پر اُنڈیلوں گا، اور میرا کلام جو مَیں تُم پر ظاہر کرتا ہُوں، اور ساری چِیزوں کے بارے میں مُتّفِق ہو کر جو کُچھ بھی تُم مُجھ سے مانگو گے، اور میرے آنے تک وفادار رہو گے، تو تُم اُٹھائے جاؤ گے۔ تاکہ جہاں مَیں ہُوں تُم بھی ہو۔ آمین۔