صحائف
عقائد اور عہُود ۱۳۲


فصل ۱۳۲

ناووہ، اِیلانوئے میں، نبی جوزف سمِتھ کے وسِیلے سے دیا گیا مُکاشفہ، ۱۲ جولائی ۱۸۴۳ کو رقم کِیا گیا، نئے اور اَبَدی عہد کے بارے میں، جِس میں نِکاح کے عہد کی اَبدیّت اور کثرتِ نِکاح کا اُصُول بھی شامل ہے۔ اگرچہ یہ مُکاشفہ ۱۸۴۳ میں رقم کِیا گیا، شواہد اِشارہ دیتے ہیں کہ چند اُصُول جو اِس مُکاشفے میں مذکُور ہیں نبی ۱۸۳۱ کے اَوائل سے جانتے تھے۔ دیکھیے باضابطا اِعلان ۱۔

۱–۶، سرفرازی نئے اور اَبَدی عہد کے وسِیلے سے حاصل کی جاتی ہے؛ ۷–۱۴، اُس عہد کے ضوابط اور شرائط بتائی گئی ہیں؛ ۱۵–۲۰، سیلیسٹیئل نِکاح اور خاندانی اکائی کا تسلسل اِنسانوں کو خُدا بننے کے لائق بناتا ہے؛ ۲۱–۲۵، تنگ اور سُکڑا راستہ اَبَدی زِندگیوں کی طرف راہ نُمائی کرتا ہے؛ ۲۶–۲۷، رُوحُ القُدس کے بارے میں کُفر بکنے کے خِلاف قانون دیا گیا ہے؛ ۲۸–۳۹، اَبَدی بڑھوتی اور سرفرازی کے وعدے نبیوں اور مُقَدَّسین سے تمام زمانوں میں کیے گئے ہیں؛ ۴۰–۴۷، جوزف سمِتھ کو زمِین پر اور آسمان میں باندھنے اور مُہربند کرنے کا اِختیار عطا کِیا گیا ہے؛ ۴۸–۵۰، خُداوند اُس پر اُس کی سرفرازی مُہربند کرتا ہے؛ ۵۱–۵۷، ایما سمِتھ کو مشورت دی گئی ہے کہ وہ وفادار اور مُخلص بنے؛ ۵۸–۶۶، کثرتِ نِکاح کی بابت راہ نما قوانین بتائے گئے ہیں۔

۱ سچّ، خُداوند تُجھ سے میرے خادِم جوزف یُوں فرماتا ہے، چُوں کہ تُو نے مُجھ سے دریافت کِیا ہے کہ فہم اور اِدراک پائے کہ مُجھ خُداوند نے، اپنے خادِموں اَبرہام، اِضحاق اور یعقوب، اور اپنے خادِموں، مُوسیٰ، داؤد اور سُلیمان، کو بھی بُہت سی بیویاں اور حرمیں رکھنے کی بابت اُصُول اور عقائد میں کیوں کر راست ٹھہرایا—

۲ دیکھ، اور نظر کر، مَیں خُداوند تیرا خُدا ہُوں، اور تُجھے اِس مُعاملے کی بابت مَیں جواب دُوں گا۔

۳ پَس، اپنے دِل کو وہ ہدایات پانے اور ماننے کے لیے تیار کر جو مَیں تُجھے دینے کو ہُوں؛ پَس وہ تمام جِن پر یہ قانون ظاہر کِیا جاتا ہے ضرور ہے کہ اِس کو مانیں۔

۴ پَس دیکھ، مَیں تُجھ پر نیا اور اَبَدی عہد آشکار کرتا ہُوں؛ اور اگر تُو اُس عہد کی اطاعت نہیں کرتا، تب تُو قُصُوروار ٹھہرایا جائے گا؛ پَس کوئی بھی نہیں جو اِس عہد کو رَدّ کرے اور اُسے میرے جلال میں داخل ہونے کی اِجازت دی جائے۔

۵ پَس وہ تمام جو میرے ہاتھوں برکت چاہتے ہیں ضرور ہے کہ اِس شَرِیعت کے تابع ہوں جو اِس برکت کے لیے مُقرّر کی گئی ہے، اور اِس کی شرائط پر بھی، جَیسے وہ بِنائے عالم سے بیشتر قائم کی گئی ہیں۔

۶ اور نئے اور اَبَدی عہد کی بابت، یہ میرے جلال کی مَعمُوری کے لیے قائم کِیا گیا تھا؛ اور جو اِس کی مَعمُوری پاتا ہے وہ ضرور اور لازم اِس کا پابند ہو، ورنہ وہ قُصُور وار ٹھہرایا جائے گا، خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

۷ اور مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، کہ اِس شَرِیعت کی شرائط یہ ہیں: تمام عہُود، معاہدے، بندھن، ذِمّہ داریاں، حلف، وعدے، کارکردگیاں، رابطے، رفاقتیں یا توقعات جِنھیں موعودہ رُوحُ القُدس کے وسِیلے سے باندھا نہیں گیا اور شامِل نہیں ہُوا جاتا اور مُہربند نہیں کِیا جاتا، سِوا اُس کے وسِیلے سے جو مسح کِیا گیا ہے، دونوں، اِس جہان اور ساری اَبدیّت کے لیے، اور بھی بُہت مُقَدَّس ہیں، میرے ممسُوح کے وسِیلہ کے ذریعے جِسے مَیں نے اِس اِختیار کا حامِل ہونے کے لیے زمِین پر مُقرّر کِیا ہے (اور مَیں نے اپنے خادِم جوزف کو آخِری ایّام میں اِس کا حامِل مُقرّر کِیا ہے، اور ایک وقت میں زمِین پر ایک سے زیادہ موجُود نہیں ہُوا جِس کو یہ اِختیار اور کہانت کی کُنجیاں عطا کی گئی ہوں) تمام عہُود میں مُردوں کی قیامت کے بعد کوئی تاثِیر، پاکیزگی، یا قُوّت نہیں ہو گی؛ کیوں کہ تمام مُعاہدے جو اِس واسطے نہیں کیے گئے اُس وقت ختم ہو جاتے ہیں، جب اِنسان مر جاتا ہے۔

۸ دیکھ، میرا گھر نظم و نسق کا گھر ہے، خُداوند خُدا فرماتا ہے، اور ابتری کا گھر نہیں۔

۹ کیا مَیں وہ نذر قَبُول کرُوں گا، خُدا وند فرماتا ہے، جو میرے نام پر نہیں چڑھائی گئی؟

۱۰ یا کیا مَیں تیرے ہاتھوں سے وہ قَبُول کرُوں گا جو مَیں نے مُقرّر نہیں کِیے؟

۱۱ اور کیا مَیں تُجھے ٹھہراؤں گا، خُداوند فرماتا ہے، سِوا اِس کے کہ اَیسا شَرِیعت کے مُطابق ہو، جَیسا مَیں اور میرے باپ نے تیرے لیے دُنیا کے ہونے سے پہلے مُقرّر کِیا تھا؟

۱۲ مَیں خُداوند تیرا خُدا ہُوں؛ اور مَیں تُجھے یہ حُکم دیتا ہُوں—کہ کوئی شخص باپ کے پاس نہیں آتا سِوا میرے یا میرے کلام کے وسِیلے سے، جو میری شَرِیعت ہے، خُداوند فرماتا ہے۔

۱۳ اور ہر چِیز جو اِس دُنیا میں ہے، چاہے وہ اِنسان کی مُقرّر کردہ ہے، خواہ تاج و تخت کی، یا حُکومتوں کی، یا اِقتدار کی، یا نام ور چِیزوں کی، چاہے وہ جو کُچھ بھی ہے، جو مُجھ سے یا میرے کلام کے وسِیلے سے نہیں ہے، خُداوند فرماتا ہے، نیچے گِرائی جائے گی، اور اِنسان کے مرنے کے بعد باقی نہ رہے گی، نہ قیامت کے وقت نہ بعد میں، خُداوند تیرا خُدا فرماتا ہے۔

۱۴ پَس جو کوئی چِیز بھی بچے گی، مُجھ سے ہے، اور جو چِیز بھی مُجھ سے نہیں ہے لرزائی اور تباہ و برباد کی جائے گی۔

۱۵ پَس، اگر آدمی اپنے لیے دُنیا میں بیوی بیاہے، اور وہ اُسے میرے وسِیلے سے یا میرے کلام کے مُطابق نہ بیاہے، اور وہ اُس سے، جب تک وہ اِس دُنیا میں ہے اور وہ اُس کے ساتھ ہے، عہد کرے، اُن کا عہد اور بیاہ، جب وہ مر جاتے ہیں، اور جب وہ دُنیا سے باہر ہیں تو قائم نہیں رہتا؛ لہٰذا، جب وہ دُنیا سے باہر ہیں کسی شَرِیعت سے بندھے نہیں ہیں۔

۱۶ پَس، جب وہ دُنیا سے باہر ہیں وہ نہ تو بیاہ کرتے ہیں نہ بیاہے جاتے ہیں؛ بلکہ آسمان میں فرِشتے مُقرّر ہوتے ہیں، جو فرِشتے خدمت گُزار خادِم ہیں، کہ اُن کے واسطے خدمت کریں جو زیادہ، اور اِنتہائی اور بھاری اَبَدی جلال کے اہل ہیں۔

۱۷ چُوں کہ یہ فرِشتے میری شَرِیعت کے پابند نہ ہُوئے، اِس لیے، وہ بڑھائے نہیں جا سکتے، بلکہ علیحدہ اور اکیلے، بغیر سرفرازی کے، اپنی بچائی ہُوئی حالت میں تمام اَبدیّت کے لیے رہتے ہیں؛ اور اب سے آگے خُدا نہیں ہیں، بلکہ ہمیشہ سے ہمیشہ کے لیے خُدا کے فرِشتے ہیں۔

۱۸ اور پھِر، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، جب کوئی مرد کسی عَورت سے بیاہ کرے، اور اِس کے ساتھ اِس جہان اور ساری اَبدیّت کے لیے عہد باندھے، اگر وہ عہد میرے وسِیلے سے یا میرے کلام کے مُطابق، جو میری شَرِیعت ہے، نہیں ہے، اور وہ وعدے کے رُوحُ القُدس سے مُہربند نہیں ہے، اُس کے ذریعے سے جِسے مَیں نے اِس اِختیار کے لیے مسح اور مُقرّر کِیا ہے، تو پھِر وہ برقرار اور قائم نہیں ہے جب وہ اِس دُنیا سے باہر ہیں، کیوں کہ نہ وہ میرے وسِیلے سے اور نہ میرے کلام سے جُڑے ہیں، خُداوند فرماتا ہے؛ جب وہ اِس دُنیا سے باہر ہیں تو وہاں عہد نہیں باندھا جا سکتا، چُوں کہ وہاں فرِشتے اور خُدا مُقرّر ہیں، جِن کے پاس سے وہ گُزر نہیں سکتے؛ پَس، وہ میرا جلال مِیراث میں نہیں پا سکتے؛ کیوں کہ میرا گھر نظم و نسق کا گھر ہے، خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

۱۹ پھِر دوبارہ، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، جب کوئی مرد کسی عَورت سے میرے کلام کے مُطابق جو میری شَرِیعت ہے بیاہ کرے، اور نئے اور اَبَدی عہد سے، اور وعدے کے رُوحُ القُدس سے اُن پر اِس کے وسِیلے سے جو ممسُوح ہے، جِس کو مَیں نے یہ اِختیار اور اِس کہانت کی کُنجیاں بخشی ہیں، یہ مُہربند کِیا جائے، اور اُن سے یہ کہا جائے گا—تم مُردوں کی پہلی قیامت میں جی اُٹھو گے؛ اور اگر یہ پہلی قیامت کے بعد تو، اگلی قیامت میں؛ اور تاج و تخت، بادِشاہتیں، حُکومتیں، اور قُدرتیں، اِختیارات وِراثت میں پاؤ گے، ساری بُلندیاں اور پستیاں—تب یہ برّے کی کِتابِ حیات میں لِکھا جائے گا، کہ وہ معصُوم خُون بہانے کے لیے کوئی قتل نہ کرے گا، اور اگر تُم میرے عہد کے پابند رہتے ہو، اور معصوم خُون بہانے کے لیے قتل نہیں کرتے، تو اُن کے ساتھ ساری چِیزوں میں وَیسا ہی ہو گا جو کُچھ بھی میرے خادِم نے اُن کے لیے کہا، اِس جہان، اور ساری اَبدیّت میں؛ اور کامِل طور پر برقرار رہے گا جب وہ اِس دُنیا سے باہر ہوں گے؛ اور وہ فرِشتوں کے پاس سے گُزریں گے، اور خُداؤں کے، جو وہاں مُقرّر ہیں، سب چِیزوں میں اپنی سرفرازی اور جلال کے لیے، جَیسا اُن کے سروں پر مُہربند کِیا گیا ہے، جو جلال کی مَعمُوری اور ہمیشہ سے ہمیشہ تک اَولاد کا تسلسل ہو گا۔

۲۰ چُناں چہ وہ خُدا ہوں گے، چُوں کہ اُن کا آخِر نہیں ہے؛ پَس وہ اَبدیّت سے اَبدیّت تک ہوں گے، کیوں کہ وہ قائم و دائم رہتے ہیں؛ پِھر وہ سب سے بالا تر ہوں گے، کیوں کہ سب چِیزیں اُن کے ماتحت ہیں۔ چُناں چہ وہ خُدا ہوں گے، چُوں کہ اُن کے پاس ساری قُدرت ہے اور فرِشتے اُن کے ماتحت ہیں۔

۲۱ مَیں تُم سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، میری شَرِیعت کی اطاعت کِیے بغیر تُم اُس جلال کو نہیں پا سکتے۔

۲۲ پَس دروازہ تنگ ہے، اور راستہ سُکڑا ہے جو سرفرازی اور زِندگی کے تسلسل کی طرف راہ نمائی کرتا ہے، اور تھوڑے ہیں جو اِس کو ڈھونڈتے ہیں، کیوں کہ تُم مُجھے اِس جہان میں قَبُول نہیں کرتے نہ تُم مُجھے جانتے ہو۔

۲۳ بلکہ اگر تُم مُجھے اِس دُنیا میں قَبُول کرو، تب تُم مُجھے جانو گے، اور اپنی سرفرازی پاؤ گے؛ چُوں کہ جہاں مَیں ہُوں تُم بھی ہو۔

۲۴ یہ ہے اَبَدی زِندگی—کہ دانا اور سچّے خُدائے واحِد، اور یِسُوع مسِیح کو جانیں، جِسے اُس نے بھیجا ہے، مَیں وہی ہُوں۔ پَس، تُم میری شَرِیعت قَبُول کرو۔

۲۵ کُشادہ ہے دروازہ، اور چوڑا ہے راستہ جو موت کی طرف لے جاتا ہے؛ اور بُہت سے ہیں جو وہاں جاتے ہیں، کیوں کہ وہ مُجھے قَبُول نہیں کرتے، نہ وہ میری شَرِیعت کے تابع رہتے ہیں۔

۲۶ مَیں تُم سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، اگر کوئی مرد کسی عَورت کے ساتھ میرے کلام کے مُطابق بیاہ کرے، اور وہ میری تَقرُّری کے مُطابق، وعدے کے رُوحُ القُدس سے مُہربند کیے گئے ہیں، اور اگرچہ اَیسا مرد یا عَورت نئے اور اَبَدی عہد کے خِلاف کسی بھی طرح کے گُناہ یا خطا کے مُرتکب ہوتے، اور ہر قسم کا کُفر بکے، اور اگر وہ قتل نہیں کرتے جِس سے وہ معصوم خُون بہائیں، تو بھی وہ مُردوں کی پہلی قیامت میں جی اُٹھیں گے، اور اپنی سرفرازی میں داخل ہوں گے؛ لیکن وہ جِسم میں تباہ کیے جائیں گے، اور مُخلصی کے دِن تک کے لیے شَیطان کے مسلسل گُھونسوں کے حوالے کیے جائیں گے، خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

۲۷ رُوحُ القُدس کے خِلاف کُفر، جو نہ اِس دُنیا میں مُعاف کِیا جائے گا نہ ہی آنے والی دُنیا میں، اَیسے ہی ہے کہ تُم قتل کرو جِس میں معصوم خُون بہے، اور میری موت کے حامی بنو، اِس کے بعد جب تُم نے میرا نیا اور اَبَدی عہد پا لیا ہو، خُداوند خُدا فرماتا ہے؛ اور وہ جو اِس شَرِیعت کی اطاعت نہیں کرتا کسی بھی طرح میرے جلال میں داخل نہیں ہو سکتا، بلکہ سزاوار ہو گا، خُداوند فرماتا ہے۔

۲۸ مَیں خُداوند تیرا خُدا ہُوں، اور تُجھے اپنی مُقَدَّس کہانت کی شَرِیعت دُوں گا، جَیسا مَیں اور میرے باپ نے بِنائے عالم سے بیشتر مُقرّر کِیا تھا۔

۲۹ اَبرہام نے تمام چِیزیں پائیں، جو چِیزیں بھی اُس نے پائیں مُکاشفے اور حُکم کے وسِیلے سے، میرے کلام سے پائیں، خُداوند فرماتا ہے، اور وہ اپنی سرفرازی میں داخل ہو چُکا ہے اور اپنے تخت پر بیٹھا ہے۔

۳۰ اَبرہام نے اپنی ذرّیت اور اپنے صُلب کے پھل کی بابت وعدے پائے—جِس کے صُلب سے تُو ہے، یعنی میرا خادِم جوزف—جب تک اِس دُنیا میں وہ قائم و دائم تھے اُنھیں جاری و ساری رہنا تھا؛ اور اَبرہام اور اُس کی نسل کی بابت، اُنھیں اَگلے جہاں میں بھی جاری و ساری رہنا ہے؛ دونوں، اِس دُنیا میں اور اَگلی دُنیا میں اُنھیں سِتاروں کی مانِند اَن گِنت، جاری و ساری رہنا ہے؛ یا، اگر تُم ساحلِ سَمُندر پر ریت کے ذرّے گِنو تو تُم اُنھیں گِن نہ سکو گے۔

۳۱ یہ وعدہ تُجھ سے بھی ہے، کیوں کہ تُم اَبرہام کے ہو، اور وعدہ اَبرہام سے کِیا گیا تھا، اور اِس شَرِیعت سے میرے باپ کے کاموں میں تسلسل جاری ہے، جِس میں وہ خُود کو جلال دیتا ہے۔

۳۲ پَس، تُم جاؤ، اور اَبرہام کے سے کام کرو؛ میری شَرِیعت کے تابع ہو جاؤ اور تُم بچائے جاؤ گے۔

۳۳ بلکہ اگر تُم میری شَرِیعت کے تابع نہیں ہوتے تُم میرے باپ کا وعدہ نہیں پا سکتے، جو اُس نے اَبرہام سے کِیا۔

۳۴ خُدا نے اَبرہام کو حُکم دیا، اور سارہ نے اَبرہام کا بیاہ ہاَجرہ سے کرایا۔ اور اِس نے اَیسا کیوں کِیا؟ کیوں کہ شَرِیعت یہی تھی؛ اور ہاَجرہ سے بڑی اُمت پَیدا ہُوئی۔ پَس، اَیسا، دُوسری باتوں کے ساتھ ساتھ، اُن وعدوں کا پُورا ہونا تھا۔

۳۵ پَس، کیا اَبرہام قُصُوروار تھا؟ مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، نہیں؛ کیوں کہ مجھ، خُداوند نے اُس کا حُکم دیا تھا۔

۳۶ اَبرہام کو حُکم دیا گیا تھا کہ وہ اپنے بیٹے اِضحاق کو قُربان کرے؛ گو کہ، یہ لِکھا تھا: تُو خُون نہ کرنا، تو بھی، اَبرہام نے اِنکار نہ کِیا، اور یہ اُس کے لیے راست بازی گِنا گیا۔

۳۷ اَبرہام نے حرمیں پائیں؛ اور اُنھوں نے اُس کے لیے بچّے جنے؛ اور یہ اُس کے لیے راستی گِنا گیا، کیوں کہ وہ اُسے دی گئیں تھیں، اور وہ میری شَرِیعت کے تابع رہا؛ اِضحاق اور یعقوب نے بھی اَیسا ہی کِیا اور کسی اَیسے فعل کا اِرتکاب نہ کِیا سِوا اُس کے جِن کا اُنھیں حُکم دیا گیا تھا؛ اور کیوں کہ اُنھوں نے کوئی اَیسا عمل انجام نہ دیا سِوا اُس کے جِن کا اُنھیں حُکم دیا گیا تھا، وہ اُن وعدوں کے مُطابق اپنی سرفرازی میں داخل ہو چُکے ہیں، اور اپنے اپنے تخت پر بیٹھے ہیں، اور فرِشتے نہیں ہیں بلکہ خُدا ہیں۔

۳۸ داؤد نے بھی بُہت سی بیویاں اور حرمیں پائیں، اور میرے خادِموں، سُلیمان اور مُوسیٰ نے بھی، اَیسے ہی میرے بُہت سے اور خادِموں نے بھی، تخلیق کے شُروع سے لے کر اس وقت تک، اور اُنھوں نے کسی بھی مُعاملے میں گُناہ نہ کِیا سِوا اُن باتوں کے جو اُنھوں نے مُجھ سے نہ پائیں۔

۳۹ داوُد کی بیویاں اور حرمیں اُسے میرے خادِم ناتن کی بدولت، میرے وسِیلے سے دی گئیں، اور نبیوں میں سے دُوسروں کو بھی جِن کے پاس اِس اِختیار کی کُنجیاں تھیں؛ اور اُن باتوں میں سے کسی میں بھی اُس نے میرے خِلاف گُناہ نہ کِیا سِوا اورِیّاہ اور اُس کی بیوی کے مُعاملے میں؛ اور، پَس وہ اپنی سرفرازی سے گِر گیا، اور اپنا اَجر پا چُکا؛ اور وہ اَگلی دُنیا میں اِنھیں مِیراث میں نہ پائے گا، کیوں کہ مَیں نے اُنھیں کسی اور کو دے دیا ہے، خُداوند فرماتا ہے۔

۴۰ مَیں خُداوند تیرا خُدا ہُوں، اور مَیں نے تُجھے، میرے خادِم جوزف، تَقرُّری بخشی ہے، اور سارے اُمور کو بحال کرتا ہُوں۔ جو تُو چاہے مانگ اور وہ تُجھے میرے کلام کے مُطابق عطا کِیا جائے گا۔

۴۱ اور جَیسا تُم نے زِنا کی بابت دریافت کِیا ہے، مَیں تُجھ سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، اگر کوئی مرد نئے اور اَبَدی عہد میں کسی عَورت کو بیاہتا ہے، اور اگر وہ عَورت کسی اور مرد کے ساتھ رہے، اور اگر مَیں نے اِس مرد کو اِس عَورت کے ساتھ مُقَدَّس مسح سے مُقرّر نہیں کِیا، تو اُس عَورت نے زِنا کِیا ہے اور ہلاک کی جائے گی۔

۴۲ اگر وہ عَورت نئے اور اَبَدی عہد میں نہ ہو، اور کسی دُوسرے مرد کے ساتھ رہتی ہے، تو اُس عَورت نے زِنا کِیا ہے۔

۴۳ اور اگر اُس کا خاوند کسی دُوسری عَورت کے ساتھ رہتا ہے، اور وہ وعدے کے تحت تھا، اُس نے اپنا وعدہ توڑا اور زِنا کِیا ہے۔

۴۴ اور اگر اُس کی عَورت نے زِنا نہیں کِیا، بلکہ مَعصُوم ہے اور اپنا وعدہ نہیں توڑا، اور وہ یہ جانتی ہے، اور مَیں یہ تُجھ، میرے خادِم جوزف، پر ظاہر کرتا ہُوں، تو تُجھے یہ اِختیار ہو گا، میری مُقَدَّس کہانت کے اِختیار سے، کہ اِسے لو اور اُس مرد کو سونپ دو جِس نے زِنا نہیں کِیا بلکہ وفادار رہا ہے؛ چُوں کہ وہ بہتوں پر حُکم ران بنایا جائے گا۔

۴۵ پَس مَیں نے تُجھے کُنجیاں اور کہانت کی قُدرت عطا کی ہیں، جِس سے مَیں ساری چِیزیں بحال کرتا ہُوں، اور اپنے مُقرّرہ وقت میں تُم پر سب باتیں ظاہر کرتا ہُوں۔

۴۶ اور مَیں تُم سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، کہ جو کُچھ بھی تُم زمِین پر مُہربند کرتے ہو آسمان میں مُہربند کِیا جائے گا؛ اور جو کُچھ بھی تُم زمِین پر، میرے نام پر اور میرے کلام سے باندھتے ہو، خُداوند فرماتا ہے، وہ اَبَدی طور پر آسمانوں میں باندھا جائے گا؛ اور جِس کے گُناہ تُم زمِین پر مِٹاتے ہو، اَبَدی طور پر آسمانوں میں مِٹائے جائیں گے؛ اور جِس کے گُناہ تُم زمِین پر قائم رکھو گے آسمان میں قائم رکھے جائیں گے۔

۴۷ اور پھِر، مَیں سچّ کہتا ہُوں، جِس کو بھی تُم برکت دو گے مَیں برکت دُوں گا، اور جِس کو تُم ملعُون ٹھہراؤ گے مَیں ملعُون ٹھہراؤں گا، خُداوند فرماتا ہے؛ پَس مَیں، خُداوند، تیرا خُدا ہُوں۔

۴۸ اور پھِر، مَیں تُجھ سے سچّ کہتا ہُوں، میرے خادِم جوزف، کہ جو کُچھ بھی تُو زمِین پر کسی کو عطا کرتا ہے، اور جِس کسی کو بھی تُو زمِین پر میرے کلام کے وسِیلے سے اور میری شَرِیعت کے تحت، کسی ایک سے عقد میں باندھتا ہے، تو میری قُدرت کے وسِیلے سے رحمتیں نازِل ہوں گی ناکہ لعنتیں، خُداوند فرماتا ہے، اور یہ زمِین پر یا آسمان میں سزا کے بغیر ہو گا۔

۴۹ پَس مَیں خُداوند تیرا خُدا ہُوں، اور مَیں تیرے ساتھ حتیٰ کہ دُنیا کی اِنتہا تک، اور تمام اَبدیّت میں ہُوں گا؛ پَس یقیناً مَیں تُجھ پر تیری سرفرازی مُہربند کرتا ہُوں، اور اپنے باپ کی بادِشاہی میں تیرے لیے تخت تیار کرتا ہُوں، تیرے باپ اَبرہام کے ساتھ۔

۵۰ دیکھ مَیں نے تیری قُربانیاں دیکھی ہیں، اور تیرے سب گُناہ مُعاف کرُوں گا؛ مَیں نے تیری قُربانیاں اُس فرماں برداری کے تحت دیکھی ہیں جو مَیں نے تُجھے بتائی۔ پَس، جا، اور مَیں تیرے نِکلنے کا راستہ تیار کرتا ہُوں، جَیسے مَیں نے اَبرہام سے اُس کے بیٹے اِضحاق کی نذر قَبُول کی تھی۔

۵۱ مَیں تُجھ سے سچّ کہتا ہُوں: یہ حُکم میں اپنی بندی ایما سمِتھ، تیری بیوی کو دیتا ہُوں، جِسے مَیں نے تُجھے دیا ہے، کہ وہ ٹھہری رہے اور اِس میں سے نہ لے جو مَیں نے تُجھے اُس کو عطا کرنے کو دیا ہے؛ پَس مَیں نے اَیسا تُم سب کو آزمانے کے لیے کِیا، خُداوند فرماتا ہے، جَیسا مَیں نے اَبرہام سے کِیا، اور کہ مَیں تیرے ہاتھ سے، عہد اور قُربانی کے ذریعے سے کسی نذر کا تقاضا کرُوں۔

۵۲ اور میری بندی، ایما سمِتھ، اُن تمام کو قَبُول کرے جِنھیں میرے خادِم جوزف سمِتھ کو بخشا گیا ہے، اور جو میرے سامنے پاکیزہ اور بےداغ ہیں، اور وہ جو بےداغ نہیں، اور کہتی ہیں کہ وہ بےداغ تھیں، ہلاک کی جائیں گی، خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

۵۳ پَس مَیں خُداوند تیرا خُدا ہُوں، اور تُجھے میرے فرمان کو ماننا ہے؛ اور مَیں اپنے خادِم جوزف کو بخشتا ہُوں کہ وہ بُہت سی چِیزوں پر حُکم ران بنایا جائے گا؛ پَس وہ تھوڑی چِیزوں میں بھی وفادار رہا ہے، اور اب سے مَیں اُس کو قوی بناؤں گا۔

۵۴ اور مَیں اپنی بندی کو حُکم دیتا ہُوں، کہ میرے خادِم جوزف کے ساتھ ہو اور اُس سے جُڑی رہے، اور کسی اور سے نہیں۔ بلکہ اگر وہ اِس حُکم پر عمل نہیں کرتی وہ ہلاک کی جائے گی، خُداوند فرماتا ہے؛ مَیں خُداوند تیرا خُدا ہُوں، اور اُسے ہلاک کرُوں گا اگر وہ میری شَرِیعت کی تابع نہیں رہتی۔

۵۵ بلکہ اگر وہ اِس حُکم کی تابع نہیں رہتی، پِھر میرا خادِم جوزف اُس کے لیے تمام چِیزیں کرے، حتیٰ کہ جَیسا اُس نے کہا ہے؛ اور مَیں اُسے برکت دُوں گا اور بڑھاؤں گا اور اُسے اِس دُنیا میں سَو گُنا دُوں گا، ماں اور باپ، بھائی اور بہن، گھر اور زمین، بیوی اور بچّے، اور اَبَدی دُنیاؤں میں اَبَدی زِندگیوں کے تاج۔

۵۶ پھِر دوبارہ، مَیں سچّ کہتا ہُوں، میری بندی میرے خادِم جوزف کی خطائیں اُسے مُعاف کرے؛ اور پھِر اِس کی اپنی خطائیں مُعاف کی جائیں گی، جِس میں اُس نے میرے خِلاف خطائیں کیں ہیں؛ اور مَیں خُداوند تیرا خُدا اُسے برکت دُوں گا، اور اُسے بڑھاؤں گا، اور اُس کے دِل کو شادمان کرُوں گا۔

۵۷ اور پھِر، مَیں کہتا ہُوں، میرا خادِم جوزف اپنی اِملاک اپنے ہاتھوں سے باہر نہ رکھے، اَیسا نہ ہو کہ کوئی دُشمن آئے اور اُسے برباد کرے؛ کیوں کہ شیطان برباد کرنا چاہتا ہے؛ پَس مَیں خُداوند تیرا خُدا ہُوں، اور وہ میرا خادِم ہے؛ اور دیکھو اور نظر کرو، مَیں اِس کے ساتھ ہُوں، جَیسا مَیں اَبرہام تُمھارے باپ کے ساتھ، حتیٰ کہ اُس کی سرفرازی اور جلال میں تھا۔

۵۸ اب، کہانت کی شَرِیعت کی بابت، بُہت سی چِیزیں ہیں جو اِس سے تعلق رکھتی ہیں۔

۵۹ یقیناً اگر کوئی آدمی میرے باپ کا بُلایا ہو، میری اپنی آواز سے، اور اُس کی آواز سے جِس نے مُجھے بھیجا ہے، جَیسا کہ ہارُون تھا، اور مَیں نے اُسے اِس کہانت کی قُدرت کی کُنجیاں بخشی ہیں، اگر وہ میری شَرِیعت اور میرے کلام کے مُطابق، میرے نام پر کوئی اَمر انجام دیتا ہے، اور میری شَرِیعت اور کلام کے مُطابق، تو وہ گُناہ نہیں کرتا، اور مَیں اُسے راست ٹھہراتا ہُوں۔

۶۰ پَس، کوئی شخص بھی میرے خادِم جوزف پر تنقِید نہ کرے؛ کیوں کہ مَیں اُسے راست ٹھہراؤں گا؛ پَس وہ اپنی خطاؤں کے لیے وہ قُربانی دے گا جو مَیں اُس کے ہاتھ سے طلب کرُوں گا۔ خُداوند تیرا خُدا فرماتا ہے۔

۶۱ اور پھِر، کہانت کی شَرِیعت کے تحت—اگر کوئی مرد کسی ایک کنواری سے بیاہ کرے، اور ایک اور بیاہنے کی خواہش کرے، تو پہلی اپنی رضامندی دے، اور اگر وہ دُوسری کو بیاہے، اور وہ کنواریاں ہیں، اور کسی اور مرد سے منسُوب نہ تھیں، تو وہ راست ٹھہرا ہے؛ وہ زِنا نہیں کر سکتا اِس لیے کہ وہ اُسے عطا کی گئی ہیں؛ چُناں چہ وہ اُن کے ساتھ زِنا نہیں کر سکتا جو اُس کے عقد میں ہیں اور کسی دُوسرے سے منسُوب نہیں۔

۶۲ اور اگرچہ وہ اِس شَرِیعت کے تحت دس کنواریاں پائے، وہ زِنا نہیں کرتا، کیوں کہ وہ اُس کی ہیں، اور وہ اُسے عقد میں دی گئی ہیں، اِس لیے وہ راست ٹھہرا ہے۔

۶۳ بلکہ اگر کوئی بھی، یا دس کنواریوں میں سے کوئی ایک بھی، بیاہی جانے کے بعد کسی دُوسرے مرد کے ساتھ نسبت رکھتی ہے، تو وہ زِنا کی مُرتکب ہوتی ہے، اور ہلاک کی جائے گی؛ چُوں کہ وہ اُسے بڑھنے پھلنے اور زمِین کو مَعمُور کرنے کے لیے میرے حُکم کے تحت عطا کی گئی ہیں، اور وہ وعدہ پُورا کرنے کے لیے جو میرے باپ نے بِنائے عالم سے بیشتر دیا تھا، اور اَبَدی دُنیاؤں میں اُن کی سرفرازی کے لیے، تاکہ وہ اِنسانوں کی رُوحیں جنیں؛ پَس اِسی میں میرے باپ کی رضا پیہم قائم و دائم رہتی ہے، تاکہ اُس کی تمجِید ہوتی رہے۔

۶۴ اور پھِر، مَیں تُم سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، اگر کسی آدمی کی بیوی ہو، جِس کے پاس اِس قُدرت کی کُنجیاں ہوں اور وہ اُس عَورت کو میری کہانت کی شَرِیعت کی بابت سِکھائے، جو اِن چِیزوں سے مُتعلّق ہے، تب وہ اُس کا یقین کرے گی اور اُس کی خدمت گُزاری کرے گی، ورنہ وہ ہلاک کی جائے گی، خُداوند تیرا خُدا فرماتا ہے؛ پَس مَیں اُسے برباد کرُوں گا؛ پَس اُن سب پر میرے نام کی بُزرگی چھا جائے گی جو میری شَرِیعت کو قَبُول کرتے اور اُس کے تابع ہوتے ہیں۔

۶۵ پَس، اگر وہ اِس شَرِیعت کو قَبُول نہیں کرتی، تو یہ مُجھ میں واجب ہو گا، کہ وہ مرد، وہ تمام چِیزیں نہ پائے جو کُچھ بھی مَیں خُداوند اُس کا خُدا اُسے دُوں گا، کیوں کہ اِس نے میرے کلام کے مُطابق اِس کا یقین نہیں کِیا اور اِس کی خدمت گُزاری نہیں کی؛ اور تب وہ خطاکار بن جاتی ہے؛ اور وہ مرد سارہ کی شَرِیعت سے مُستثنا ہے، جِس نے شَریعت کے مُطابق اَبرہام کی خدمت گُزاری کی جب مَیں نے اَبرہام کو ہاَجرہ سے بیاہ کرنے کا حُکم دیا۔

۶۶ اور اب، اِس شَرِیعت کی بابت، مَیں تُجھ سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، مَیں اب کے بعد تُجھ پر مزید آشکارا کرُوں گا؛ پَس، یہ ابھی کے لیے کافی ہے۔ دیکھ مَیں اَلفا اور اومیگا ہُوں۔ آمین۔