صحائف
عقائد اور عہُود ۴


فصل ۴

فروری ۱۸۲۹، ہارمونی، پنسلوانیا میں، نبی جوزف سمِتھ کے وسِیلے سے اُس کے باپ جوزف سمِتھ سینئر کو دیا گیا مُکاشفہ۔

۱–۴، دلیرانہ خدمت خُداوند کے خدمت گُزاروں کو بچاتی ہے؛ ۵–۶، خُدائی صفات اُن کو خدمت کے قابل بناتی ہیں؛ ۷، خُدا کی باتوں کی تلاش میں رہنا ضرور ہے۔

۱ اب دیکھو، بنی نوع اِنسان کے درمیان میں نِرالا کام رُونما ہونے والا ہے۔

۲ پَس، اَے، تُم جِنھوں نے خُدا کی خدمت کا تہیہ کِیا ہے، دیکھو تُم اپنے سارے دل، ساری جان، ساری عقل، اور ساری طاقت سے اُس کی خدمت کرو، تاکہ یومِ آخِر خُدا کے سامنے بےگُناہ ٹھہرو۔

۳ پَس، اگر تُم خُدا کی خدمت کے خواہاں ہو تو تُم اِس مُشقّت کے لیے بُلائے جاتے ہو؛

۴ پَس دیکھو فصل کٹائی کے لیے پہلے ہی پک گئی ہے، اور دیکھو جو طاقت سے اپنی درانتی چلاتا ہے، وہ ہی ذخیرہ خانہ میں جمع کرتا ہے تاکہ وہ ہلاک نہ ہو، بلکہ اُس کی جان کو نجات ملے؛

۵ اور اِیمان، اُمید، محبّت اور پیار، خُدا کے جلال کے لیے یکسوئی کے ساتھ، اِس مُشقّت کے اَہل بناتی ہیں۔

۶ اِیمان، نیکی، معرفت، پرہیزگاری، صبر، برادرانہ رحم دِلی، دین داری، محبّت، حلیمی، اور جاں فِشانی کو یاد رکھو۔

۷ مانگو، تو تُم پاؤ گے؛ کھٹکھٹاؤ، تو تُمھارے واسطے کھولا جائے گا۔ آمین۔