صحائف
عقائد اور عہُود ۹۸


فصل ۹۸

۶ اگست ۱۸۳۳ کو کرٹ لینڈ، اوہائیو میں نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے دیا گیا مُکاشفہ۔ یہ مُکاشفہ میزوری میں مُقَدَّسین پر ایذا رسانی کے نتیجے میں نازِل ہُوا۔ کلِیسیائی اَرکان کی بڑھتی ہوئی آباد کاری نے چند دیگر آباد کاروں کو پریشان کر دیا، جو مُقَدَّسین کی تعداد، سیاسی اور معاشی اثر و رسُوخ، ثقافتی اور مذہبی اختلافات کی وجہ سے خطرہ محسوس کرتے تھے۔ جولائی ۱۸۳۳ میں بلوائیوں نے کلِیسیا کی ملکیت کو تباہ و برباد کر دیا اور دو کلِیسیائی اَرکان پر گرم تار کول پھینکا اور پروں کو چپکایا، اور مُطالبہ کِیا کہ مُقَدَّسین جیکسن کاؤنٹی سے نِکل جائیں۔ اگرچہ میزوری میں مصائب کی اُڑتی اُڑتی خبر کرٹ لینڈ (نو سو میل دُور) تک بےشک نبی کے پاس پہنچی تھی، صُورت حال کی سنگینی کا عِلم اِس دِن اُسے مُکاشفے کی بدولت ہی مُمکِن تھا۔

۱–۳، مُقَدَّسین کی مُصِیبتیں اُن کے بھلے کے لیے ہوں گی؛ ۴–۸، مُقَدَّسین کو سرزمِین کے دستوری قانون کی تائید کرنا ہے؛ ۹–۱۰، دیانت دار، دانِش مند اور شریف آدمیوں کی عوامی حکومت کے لیے حمایت کرنا چاہیے؛ ۱۱–۱۵، وہ جو خُداوند کی راہ میں اپنی زِندگی کھوتے ہیں اَبَدی زِندگی پائیں گے؛ ۱۶–۱۸، جنگ سے دست بردار ہونا اور اَمن کی مُنادی کرنا ہے؛ ۱۹–۲۲، کرٹ لینڈ میں مُقَدَّسین کو مُلامت کی گئی اور توبہ کرنے کا حُکم دیا گیا ہے؛ ۲۳–۳۲، خُداوند ایذا رسانی اور مُصِیبتوں کے بارے میں جو اُس کے لوگوں پر مُسلط کی گئیں ہیں اپنے قوانین ظاہر کرتا ہے؛ ۳۳–۳۸، جنگ صرف تب واجب ہے جب خُداوند اِس کا حُکم دے؛ ۳۹–۴۸، مُقَدَّسین کو اپنے دُشمنوں کو مُعاف کرنا ہے، وہ جو، اگر توبہ کرتے ہیں، خُداوند کے عذاب سے بھی بچیں گے۔

۱ میرے دوستو مَیں تُجھ سے سچّ کہتا ہُوں، خَوف نہ کھاؤ، تُمھارے دِل تسلّی پائیں، اب سے ہمیشہ تک شادمان رہو، اور سب چِیزوں میں شُکر گُزاری کرو؛

۲ خُداوند پر صبر کے ساتھ آس رکھتے ہُوئے، کیوں کہ تیری دُعائیں سابوتھ کے خُداوند کے کانوں میں پہنچی ہیں، اور اِس شہادت اور مُہر سے لِکھی گئی ہیں—خُداوند نے قسم کھائی اور اِعلان کِیا ہے کہ وہ بخشی جائیں گی۔

۳ پَس، وہ تُجھے غیر متبدل عہد کے ساتھ یہ وعدہ دیتا ہے، کہ وہ پُوری کی جائیں گی؛ اور سب چِیزیں جِن کے سبب سے تُم ستائے گئے ہو مِل کر تُمھاری بھلائی، اور میرے نام کے جلال کو اَنجام دیں گی، خُداوند فرماتا ہے۔

۴ اور اب، مَیں تُجھ سے سرزمِین کے قوانین کے بارے میں سچّ کہتا ہُوں، یہ میری مرضی ہے کہ میرے لوگ اُن ساری باتوں پر عمل کریں جِن کا مَیں اُنھیں حُکم دیتا ہُوں۔

۵ اور مُلک کا وہ قانون جو دستُوری ہے، آزادی کے اُس اُصُول کی جِس میں حُقُوق اور مراعات کے تحفظ کی حمایت کرتا ہے، کُل بنی نوع اِنسان کے لیے ہے، اور میرے حُضُور واجب ہے۔

۶ پَس، مَیں، خُداوند، تُجھے، اور اپنی کلِیسیا میں سے تیرے بھائیوں کو واجب ٹھہراتا ہُوں، اُس قانون کی حمایت کرنے میں جو مُلک کا دستُوری قانون ہے؛

۷ اور اِس طرح اِنسان کے قانون سے وابستہ، جو کُچھ بھی اِس سے زیادہ یا اِس سے کم ہے، بدی سے ہے۔

۸ مَیں خُداوند تُجھے آزاد کرتا ہُوں، پَس تُو واقعی آزاد ہے؛ اور قانون بھی تُجھے آزاد کرتا ہے۔

۹ تو بھی، جب شریر اِقتدار پاتے ہیں تو لوگ آہیں بھرتے ہیں،

۱۰ پَس، دیانت دار آدمیوں اور دانِش مند آدمیوں کی جاں فِشانی سے کھوج کرو، اور تُو شریف آدمیوں اور دانِش مند آدمیوں کی حمایت کر؛ ورنہ جو کُچھ بھی اِن سے کم ہے بدی سے ہے۔

۱۱ اور مَیں تُجھے حُکم دیتا ہُوں، کہ تُو ساری بُرائی کو دُور کر اور ساری بھلائی کو تھامے رکھ، تاکہ تُو ہر اُس بات سے جیتا رہے جو خُدا کے مُنہ سے نِکلتی ہے۔

۱۲ پَس وہ اِیمان داروں کو فرمان پر فرمان، حُکم پر حُکم دے گا، اور مَیں اِسی سے تُجھے آزماؤں اور پرکھُوں گا۔

۱۳ اور جو کوئی میری راہ میں، میرے نام کی خاطر اپنی جان دیتا ہے، اُسے پھِر پائے گا، یعنی اَبَدی زِندگی۔

۱۴ پَس، اپنے دُشمنوں سے خَوف نہ کھاؤ، پَس مَیں نے اپنے دِل سے فیصلہ کِیا ہے، خُداوند فرماتا ہے، کہ مَیں تُجھے ساری باتوں میں پرکھُوں گا، آیا کہ تُو میرے عہد پر قائم رہتا ہے، حتیٰ کہ موت تک، تاکہ تُو لائق پایا جائے۔

۱۵ پَس اگر تُو میرے عہد پر قائم نہیں رہتا تُو میرے لائق نہیں ہے۔

۱۶ پَس، جنگ سے دست بردار ہو اور اَمن کی مُنادی کرو، اور جاں فِشانی سے بچّوں کے دِل والدوں اور والدوں کا دِل بچّوں کی طرف مائل کرنے کی کوشش کرو؛

۱۷ اور پھِر، یہُودیوں کے دِل نبیوں کی طرف اور نبیوں کے یہُودیوں کی طرف؛ مبادا مَیں آؤں اور ساری زمِین کو لعنت سے مارُوں، اور سارے بشر میرے حُضُور بھسم ہوں۔

۱۸ تیرا دِل نہ گھبرائے؛ کیوں کہ میرے باپ کے گھر میں بُہت سے مکان ہیں، اور مَیں نے تیرے لیے جگہ تیار کی ہے؛ اور جہاں باپ اور مَیں ہُوں وہاں تُو بھی ہو گا۔

۱۹ دیکھو، مَیں، خُداوند، بہتیروں سے جو کرٹ لینڈ کی کلِیسیا میں ہیں خُوش نہیں ہُوں؛

۲۰ پَس وہ اپنے گُناہ، اور اپنی بدکار راہیں، اپنے دِلوں کا غرور، اور اپنی حرص، اور اپنی ساری قابلِ نفرت چِیزیں ترک نہیں کرتے، اور حِکمت اور اَبَدی زِندگی کا کلام جو مَیں نے اُنھیں دیا ہے نہیں مانتے۔

۲۱ مَیں تُجھ سے سچّ کہتا ہُوں، کہ مَیں، خُداوند، اُن کو ملامت کرُوں گا، اور وہ کرُوں گا جو مَیں چاہُوں، اگر وہ توبہ نہیں کرتے اور ساری باتوں پر عمل نہیں کرتے ہیں جو بھی مَیں نے اُن سے کہیں ہیں۔

۲۲ اور مَیں تُجھ سے پھِر کہتا ہُوں، اگر تُو اُس پر عمل کرے جِس کسی کا بھی مَیں تُجھے حُکم دُوں، مَیں، خُداوند، سارا قہر اور غضب تُجھ سے پھیر لوں گا، اور جہنم کے دروازے تُجھ پر غالِب نہ آئیں گے۔

۲۳ اب، مَیں تُجھ سے تیرے خاندانوں کے بارے میں بات کرتا ہُوں—اگر لوگ، تُجھے یا تیرے خاندان کو ایک بار ماریں، اور تُو اُسے صبر سے برداشت کرے اور اُس کے خِلاف نالش نہ کرے، نہ ہی بدلہ لینے کی آرزُو کرے، تُو اَجر پائے گا؛

۲۴ اور اگر تُو صبر سے برداشت نہیں کرتا، جِس پیمانے سے تُو ناپتا ہے اُسی سے تیرے واسطے ناپا جائے گا۔

۲۵ اور پھِر، اگر تیرا دُشمن تجھے دُوسری بار مارے، اور تُو اپنے دُشمن کے خِلاف نالش نہ کرے، اور اُسے صبر سے برداشت کرے تو، تیرا اَجر سو گنا ہو گا۔

۲۶ اور پھِر اگر وہ تُجھے تِیسری بار مارے، اور تُو اُسے صبر سے برداشت کرے، تیرا اَجر دُوگنا ہو کر تیرے لیے چار گنا ہو گا؛

۲۷ اور یہ تین گواہیاں تیرے دُشمن کے خِلاف قائم رہیں گی اگر وہ توبہ نہ کرے، اور مٹائی نہ جائیں گی۔

۲۸ اور اب، مَیں تُجھ سے سچّ کہتا ہُوں، اگر وہ دُشمن میرے غضب سے بچ نِکلے، کہ وہ میرے حُضُور عدالت میں نہ لایا جائے، تب تُو یقیناً اُسے میرے نام سے خبردار کرنا، کہ وہ تُجھ پر پھِر چڑھائی نہ کرے، نہ ہی تیرے خاندان پر، حتیٰ کہ تیرے بچّوں کے بچّوں پر تِیسری اور چوتھی نسل تک۔

۲۹ اور پھِر، اگر وہ تُجھ پر یا تیرے بچّوں پر چڑھائی کرے، یا تیرے بچّوں کے بچّوں پر تِیسری اور چوتھی نسل تک، مَیں نے تیرا دُشمن تیرے ہاتھوں میں دے دیا ہے۔

۳۰ اور پھِر اگر تُو اُسے بخش دے، تُو اپنی راست بازی کا اَجر پائے گا، اور تیرے بچّے بھی اور تیرے بچّوں کے بچّے تِیسری اور چوتھی نسل تک۔

۳۱ تو بھی، تیرا دُشمن تیرے ہاتھ میں ہے؛ اور اگر تُو اُسے اُس کے کاموں کے مُطابق بدلہ دے تُو راست ٹھہرایا جاتا ہے؛ اگر اُس نے تیری جان لینا چاہی، اور تیری جان اُس کے سبب سے خطرے میں ہے، تیرا دُشمن تیرے ہاتھ میں ہے اور تُو راست ٹھہرایا جاتا ہے۔

۳۲ دیکھو، یہ وہ قانون ہے جو مَیں نے اپنے خادِم نیفی، اور تیرے آباواجداد، یُوسف، اور یعقوب اور اِضحاق اور اَبرہام اور اپنے سب قدِیم نبیوں اور رسُولوں کو دیا۔

۳۳ اور پھِر، یہ وہ قانون ہے جو مَیں نے اپنے اَگلوں کو دیا، کہ وہ کسی قَوم، قبیلے، اَہلِ زبان، یا لوگوں کے خِلاف جنگ کے لیے نہ جائیں، سِوا اِس کے کہ، مَیں، خُداوند اُنھیں حُکم دُوں۔

۳۴ اور اگر کوئی قَوم، اَہلِ زبان، یا لوگ اُن کے خِلاف اِعلانِ جنگ کریں، وہ پہلے اُن لوگوں، قَوم اور اَہلِ زبان کے لیے صلح کا عَلم بُلند کریں؛

۳۵ اور اگر وہ لوگ امن کی نذر کو قَبُول نہ کریں، نہ دُوسری نہ تِیسری بار، وہ اِن شہادتوں کو خُداوند کے حُضُور لائیں؛

۳۶ تب مَیں خُداوند اُنھیں حُکم دیتا، اور اُس قَوم، اَہلِ زبان یا لوگوں کے خِلاف لڑائی میں راست ٹھہراتا ہُوں۔

۳۷ اور مَیں خُداوند اُن کی لڑائیاں لڑتا، اور اُن کے بچّوں کی لڑائیاں، اور اُن کے بچّوں کے بچّوں کی لڑائیاں، جب تک وہ اپنے تمام دُشمنوں سے اپنا بدلہ لے نہیں لیتے تِیسری اور چوتھی نسل تک۔

۳۸ دیکھو، یہ میرے حُضُور راست ٹھہرنے کے واسطے تمام لوگوں کے لیے نمونہ ہے، خُداوند تیرا خُدافرماتا ہے۔

۳۹ اور پھِر، مَیں تُجھ سے سچّ کہتا ہُوں، اگر تیرا دُشمن تُجھ پر پہلی بار چڑھ آئے، وہ توبہ کرے اور تیرے پاس مُعافی کی اِلتجا کرتا آئے، تُو اُسے مُعاف کر، اور اِسے اپنے دُشمن کے خِلاف گواہی کے طور پر قائم نہ رکھ—

۴۰ اور اَیسے ہی دُوسری اور تِیسری بار، اور جِتنی بار تیرا دُشمن اپنی خطا سے جِس سے اُس نے تیرے خِلاف خطا کی ہے توبہ کرے، تُو اُسے مُعاف کر، سات دفعہ کے ستر بار تک۔

۴۱ اور اگر وہ تیرے خِلاف غلطی کرے اور پہلی بار توبہ نہ کرے، تو بھی تُو اُسے مُعاف کر۔

۴۲ اور اگر وہ تیرے خِلاف دُوسری بار خطا کرے، اور توبہ نہ کرے، تو بھی تُو اُسے مُعاف کر۔

۴۳ اور اگر وہ تِیسری بار تیرے خِلاف خطا کرے، اور توبہ نہ کرے، تُو پھِر اُسے مُعاف کر۔

۴۴ البتہ اگر وہ تیرے خِلاف چوتھی بار غلطی کرے تُو اُسے مُعاف نہ کر، بلکہ یہ شہادتیں خُداوند کے حُضُور پیش کر، اور وہ اُس کے توبہ کرنے اور سب چِیزوں میں جِس میں اُس نے تیرے خِلاف خطا کی ہے تُجھے چار گنا واپس کرنے تک مِٹائی نہ جائیں گی۔

۴۵ اور اگر وہ اَیسا کرے، تُو اُسے اپنے سارے دِل سے مُعاف کر، اور اگر وہ اَیسا نہیں کرتا، مَیں، خُداوند تیرے لیے تیرے دُشمن سے سو گنا بدلہ لوں گا؛

۴۶ اور اُس کے بچّوں پر، اور اُس کے بچّوں کے بچّوں پر اُن سب پر جو مُجھ سے نفرت رکھتے ہیں، تِیسری اور چوتھی پُشت تک۔

۴۷ بلکہ اگر بچّے یا بچّوں کے بچّے توبہ کریں، اور اپنے سارے دِل اور ساری جان ساری عقل اور ساری طاقت سے خُداوند اپنے خُدا کی طرف رجُوع لائیں، اور اپنی سب خطاؤں کا چار گنا واپس کریں، جِس کے ساتھ اُنھوں نے خطا کی ہے، یا جِس کے ساتھ اُن کے اجداد نے خطا کی ہے، یا اُن کے باپ دادا، تب میرا غضب پھِر جائے گا؛

۴۸ اور قہر اُن پر نہ آئے گا، خُداوند تیرا خُدا فرماتا ہے، اور اُن کی خطائیں کبھی بھی اُن کے خِلاف شہادت کے طور پر خُداوند کے حُضُور نہ لائی جائیں گی۔ آمین۔