صحائف
عقائد اور عہُود ۸۱


فصل ۸۱

۱۵ مارچ ۱۸۳۲ کو حائرم، اوہائیو میں نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے دیا گیا مُکاشفہ۔ فریڈرک جی وِلیمز اعلیٰ کاہن اور اعلیٰ کہانت کی صدارت میں مُشِیر بُلایا جاتا ہے۔ تارِیخی تحریریں بتاتی ہیں کہ جب یہ مُکاشفہ مارچ ۱۸۳۲ میں نازِل ہُوا، اِس میں جَیسی گاز کو صدارت میں جوزف سمِتھ کا مُشِیر بُلایا گیا۔ تاہم، جب وہ اِس تَقرُّری کے طریق کو پُورا کرنے میں ناکام ہُوا، تو نتیجتاً بُلاہٹ فریڈرک جی وِلیمز کو منتقل کر دی گئی۔ مُکاشفہ (مورّخہ مارچ ۱۸۳۲) کو صدارتِ اَوّل کی باضابطہ تنظیم کی جانب پہلا قدم دیکھنا چاہیے، کیوں کہ یہ خصوصاً اِس گروہ میں مُشِیر کے عہدے کا تقاضا کرتی ہے اور اُس تَقرُّری کی عظمت بیان کرتی ہے۔ بھائی گاز نے کُچھ عرصہ کے لیے خدمت سراَنجام دی مگر دسمبر ۱۸۳۲ میں کلِیسیا سے خارج کِیا گیا۔ بھائی وِلیمز معینہ عہدے پر ۱۸ مارچ ۱۸۳۳ کو مُقرّر ہُوا۔

۱–۲، بادِشاہی کی کُنجیاں ہمیشہ صدارتِ اَوّل کے پاس ہیں؛ ۳–۷، اگر فریڈرک جی وِلیمز اِس خدمت میں اِیمان دار ہے، وہ اَبَدی زِندگی پائے گا۔

۱ مَیں تُجھ سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، میرے خادِم فریڈرک جی وِلیمز: اُس کی آواز سُن جو فرماتا ہے، خُداوند اپنے خد ا کے کلام، اور اُس بُلاہٹ کو سُن جِس سے تُو بُلایا گیا ہے، یعنی میری کلِیسیا میں اعلیٰ کاہن، اور میرے خادِم جوزف سمِتھ جُونیئر کے لیے مُشِیر ہونے کے لیے؛

۲ جِسے مَیں نے بادِشاہی کی کُنجیاں دی ہیں، جو ہمیشہ اعلیٰ کہانت کی صدارت کی ملکیت ہیں :

۳ پَس، مَیں اُسے قَبُول کرتا ہُوں اور اُسے برکت دُوں گا، اور تُجھے بھی، جِس قدر تُو مشورت میں اِیمان دار و دیانت دار ہو گا، اُس عہدے پر جِس میں مَیں نے تُجھے مُقرّر کِیا ہے، ہمیشہ دُعا میں، باآوازِ بُلند اور دِل میں، دُنیا کے سامنے اور پوشِیدگی میں، اور اپنی خدمت میں بھی اِنجِیل کی مُنادی کر، زِندوں کی سرزمِین میں، اور اپنے بھائیوں کے درمیان میں۔

۴ اور یہ فرائض نبھا کر تُو اپنے ہم عصروں کے ساتھ سب سے بڑی بھلائی کرے گا، اور اُس کے جلال کو بڑھائے گا جو تیرا خُداوند ہے۔

۵ پَس، اِیمان دار بن؛ اُس عہدے پر قائم رہ جِس میں مَیں نے تُجھے مُقرّر کِیا ہے؛ کم زوروں کی دست گیری کر، اور اُن ہاتھوں کو اُٹھا جو ڈِھیلے ہیں، اور ناتواں گھٹنوں کو توانا کر۔

۶ اور اگر تُو آخِر تک اِیمان دار رہے، تُو دائمی زِندگی کا تاج پائے گا اور اُن مکانوں میں اَبَدی زِندگی جو مَیں نے اپنے باپ کے گھر میں تیار کیے ہیں۔

۷ دیکھ، اور نظر کر، یہ الفا اور اومیگا، یعنی یِسُوع مسِیح کا کلام ہے۔ آمین۔