صحائف
عقائد اور عہُود ۶۸


فصل ۶۸

اَورسن ہائڈ، لُوک ایس جانسن، لِیمن ای جانسن، اور وِلیم ای مِک لیلن کے بارے میں خُداوند کا فہم جاننے کے لیے اِلتجا کے جواب میں، یکم نومبر ۱۸۳۱ کو حائرم، اوہائیو میں، نبی جوزف سمِتھ کے وسِیلے سے دیا گیا مُکاشفہ۔ اگرچہ مُکاشفہ کا کُچھ حِصّہ اُن چار آدمیوں کی ہدایت کے لیے تھا، چُناں چہ زیادہ تر نوِشتہ ساری کلِیسیا کے واسطے ہے۔ جب عقائد اور عہُود کے ۱۸۳۵ کے شمُارہ میں یہ شائع کِیا گیا تب جوزف سمِتھ کی زیرِ ہدایت اِس مُکاشفہ کی توسیع کی گئی۔

۱–۵، رُوحُ القُدس سے مَعمُور ہو کر جو باتیں بُزرگوں نے فرمائیں صحیفہ ہیں؛ ۶–۱۲، بُزرگوں کو مُنادی کرنا اور بپتسما دینا ہے، اور سچّے اِیمان لانے والوں کو نِشان دیے جائیں گے؛ ۱۳–۲۴، ہارُون کے بیٹوں میں پہلوٹھے، صدارتِ اَوّل کے زیرِ ہدایت، صدارتی اُسقُف کے طور پر خدمت کر سکتے ہیں (یعنی، بطور اُسقُف صدارت کی کُنجیاں اُن کے پاس ہیں)؛ ۲۵–۲۸، والدین کو بچّوں کو اِنجِیل سِکھانے کا حُکم دیا گیا ہے؛ ۲۹–۳۵، مُقَدَّسین سبت کے دِن کو مانیں، مُستَعِدی سے محنت کریں، اور دُعا کریں۔

۱ میرا خادِم اَورسن ہائڈ اپنی تَقرُّری کے ذریعے سے اَبَدی اِنجِیل کی مُنادی کے لیے بُلایا گیا تھا، زِندہ خدا کے رُوح سے، فرداً فرداً، اور نگر نگر، شریروں کی جماعتوں میں، اُن کے عِبادت خانوں میں، اِستدلال اور تفصیل کے ساتھ سارے صحائف اُن سے بیان کرے۔

۲ اور، دیکھو اور دھیان لگاؤ، یہ اُن سب کے لیے نمونہ ہے جو اِس کہانت میں مُقرّر کیے گئے ہیں، جِن کی یہ ذِمّہ داری ہے کہ وہ مُنادی کریں—

۳ اور یہ اُن کے لیے نمونہ ہے، کہ وہ رُوحُ القُدس کی ترغیب کے مُطابق بولیں گے۔

۴ اور جب رُوح اُنھیں ترغیب دے تو جو کُچھ بھی وہ بولیں گے صحیفہ ہو گا، خُداوند کی رضا ہو گا، خُداوند کا فہم ہو گا، خُداوند کا کلام ہو گا، خُداوند کی آواز، اور نجات کے لیے خُداوند کی قُدرت ہو گی۔

۵ دیکھو، یہ خُداوند کا تُم سے وعدہ ہے، اَے میرے خادِمو۔

۶ پَس، خاطر جمع رکھو، اور ڈرو مت، کیوں کہ مَیں خُداوند تُمھارے ساتھ ہُوں، اور تُمھارے ساتھ کھڑا ہُوں گا؛ اور تُم میری گواہی دو گے، یعنی یِسُوع مسِیح کی، کہ مَیں زِندہ خُدا کا بیٹا ہُوں، کہ مَیں تھا، کہ مَیں ہُوں، اور کہ مَیں آنے والا ہُوں۔

۷ یہ تُمھارے لیے خُداوند کا کلام ہے، میرے خادِم اَورسن ہائڈ، اور میرے خادِم لُوک جانسن کے لیے، اور میرے خادِم لائمن جانسن کے لیے، اور میرے خادِم وِلیم ای مِک لِلن کے لیے، اور میری کلِیسیا کے تمام اِیمان دار بُزرگوں کے لیے—

۸ ساری دُنیا میں جاؤ، ہر بشر کو اِنجِیل کی مُنادی کرو، اُس اِختیار کے ساتھ جو مَیں نے تُمھیں دیا ہے، باپ، بیٹے اور رُوحُ القُدس کے نام پر بپتسما دو۔

۹ اور وہ جو اِیمان لاتا اور بپتسما لیتا ہے نجات پائے گا، اور جو اِیمان نہ لائے وہ مُجرم ٹھہرایا جائے گا۔

۱۰ اور جو اِیمان لاتا ہے وہ مُعجِزوں کے ساتھ برکت پائے گا، جَیسا کہ لِکھا ہے۔

۱۱ اور اِبنِ آدم کی آمد کے نِشانوں، اور زمانوں کی علامتوں کو سمجھنے کے لیے تُمھیں یہ عطا کی جائے گی۔

۱۲ اور جتنوں کی باپ گواہی دے گا، تُمھیں اُن کو اَبَدی زِندگی کے لیے سربمُہر کرنے کی قُوّت دی جائے گی۔ آمین۔

۱۳ اور اب، عہُود اور اَحکام کے علاوہ اُمور کے بارے میں، وہ یہ ہیں—

۱۴ آیندہ سے، خُداوند کے مُقرّرہ وقت پر، پہلے کی طرح دُوسرے اُسقُف صاحبان کو کلِیسیا کی خدمت کے لیے مخصُوص کرنا باقی ہے۔

۱۵ پَس جو لائق ہیں وہ اعلیٰ کاہن ہوں گے، اور وہ ملکِ صدق کی صدارتِ اَوّل کے ذریعے سے مُقرّر کیے جائیں گے، سِوا اِس کے کہ وہ ہارُون کی اَصلی نسل سے ہوں۔

۱۶ اور اگر وہ ہارُون کی اَصلی نسل سے ہیں تو اُسقُفی مجلِس پر اُن کا شرعی حق ہے، اگر وہ ہارُون کے بیٹوں میں پہلوٹھے ہیں؛

۱۷ پَس پہلوٹھے کے پاس اِس کہانت پر صدارت کا حق ہے، اور اِس کی کُنجیاں یا اِختیار بھی۔

۱۸ کسی شخص کو اِس عہدے پر شرعی حق نہیں ہے، کہ اِس کہانت کی کُنجیوں کا مالک ہو، سِوا اِس کے کہ وہ ہارُون کی اَصلی نسل اور پہلوٹھا ہو۔

۱۹ البتہ، ملکِ صدق کی کہانت کے اعلیٰ کاہن کو سب صغیر عہدوں کے فرائض انجام دینے کا اِختیار ہے وہ اُسقُف کے عہدے کے فرائض انجام دینے کا مُجاز ہو سکتا ہے جب ہارُون کی اَصلی نسل سے کوئی میسر نہ ہو، بشرطیکہ وہ اِس اِختیار کے لیے ملکِ صدق کی صدارتِ اَوّل کے ہاتھوں تلے بُلایا اور مخصُوص کِیا اور مُقرّر کِیا گیا ہو۔

۲۰ اور ہارُون کی اَصلی نسل کا بھی، ضرور اِس صدارت سے موسُوم کِیا گیا ہو اور لائق پایا گیا ہو، اور اِس صدارت کے ہاتھوں تلے مسح اور مُقرّر کِیا گیا ہو، ورنہ وہ اپنی کہانت میں شرعی طور پر فرائض انجام دینے کے لیے بااِختیار نہیں۔

۲۱ بلکہ، اُن کے باپ سے بیٹے تک مُنتقل ہوتے ہُوئے کہانتی حق کے باضابطہ اِظہار کی بُنیاد پر، وہ اپنے مسح کا دعویٰ کر سکتے ہیں اگر وہ کسی بھی وقت اپنا نَسب نامہ ثابت کریں، یا اُس کی مندرجہ بالا صدارت کے ہاتھوں تلے خُداوند سے مُکاشفہ کے ذریعے سے دریافت کریں۔

۲۲ اور پھِر، کوئی اُسقُف یا اعلیٰ کاہن جو اِس خدمت کے لیے مخصُوص کِیا جانا ہو، کسی بھی جُرم کی سماعت یا سزا کے لیے قُصُوروار نہ ٹھہرایا جائے، بلکہ کلِیسیا کی صدارتِ اول کے حُضُور لایا جائے؛

۲۳ اور جِس حد تک وہ اِس صدارت کے حُضُور قُصُوروار پایا جائے، ثبوت کے مُطابق جِسے جُھٹلایا نہ جا سکے، وہ سزاوار ہو گا؛

۲۴ اور اگر وہ توبہ کرے تو، کلِیسیا کے عہُود اور اَحکام کے مُطابق مُعاف کِیا جائے گا۔

۲۵ اور پھِر، صِیُّون یا اُس کی کسی بھی مُنَظّم میخ میں والدین جِن کے بچّے ہیں، چُوں کہ وہ اُنھیں توبہ کی تعلیم کو سمجھنے، زِندہ خُدا کے بیٹے مسِیح پر اِیمان لانے، اور بپتسما کے بارے میں اور سر پر ہاتھوں کے رکھنے سے رُوحُ القُدس کی نعمت پانے کے بارے میں نہیں سِکھاتے، جب وہ آٹھ برس کے ہوتے ہیں، تو اُس کا گُناہ والدین کے سر ہوتا ہے

۲۶ پَس یہ صِیُّون یا اُس کی کسی بھی مُنَظّم شُدہ میخ کے باشِندوں کے لیے قانون ہو گا۔

۲۷ اور اُن کے بچّے گُناہوں کی مُعافی کے لیے جب وہ آٹھ برس کے ہوں، بپتسما اور سر پر ہاتھوں کا رکھنا پائیں گے۔

۲۸ اور وہ اپنے بچّوں کو خُداوند کے حُضُور راست بازی سے چلنا سِکھائیں گے، اور دُعا کرنا بھی۔

۲۹ اور صِیُّون کے باشِندے سبت کے دِن کو بھی مانیں گے کہ اُسے پاک رکھیں۔

۳۰ اور صِیُّون کے باشِندے اپنی مُشقّتوں کو یاد رکھیں گے، پُوری وفاداری کے ساتھ، جَیسے جَیسے اُنھیں مُشقّت کے لیے مُقرّر کِیا جاتا ہے؛ کیوں کہ کاہِل خُداوند کے حُضُور یاد رکھا جائے گا۔

۳۱ اب، مَیں، خُداوند، صِیُّون کے باشِندوں سے خُوش نہیں کیوں کہ اُن کے درمیان میں کاہِل لوگ ہیں، اور اُن کے بچّے بھی بدکاری میں پروان چڑھ رہے ہیں؛ وہ بھی صداقت سے اَبدیّت کی دَولت تلاش نہیں کرتے بلکہ اُن کی آنکھیں لالچ سے بھری ہیں۔

۳۲ اَیسے کاموں کا اِرتکاب نہ ہونا چاہیے، اور ضرور اُن کے درمیان میں سے ختم کیے جانے چاہیے؛ اِس لیے، میرا خادِم اولیور کاؤڈری اِن باتوں کو صِیُّون کی سرزمِین تک لے کر جائے۔

۳۳ اور مَیں اُن کو حُکم دیتا ہُوں—کہ جو کوئی دُعا کے وقت پر خُداوند کے حُضُور اپنی دُعائیں اَدا نہیں کرتا، وہ میرے لوگوں کے مُنصف کے حُضُور یاد کِیا جائے۔

۳۴ یہ باتیں سچّی اور برحق ہیں؛ پَس، اِن میں خطا نہ کرو، نہ ہی اِن میں سے کُچھ نِکالو۔

۳۵ دیکھو، مَیں الفا اور اومیگا ہُوں، اور مَیں جلد آتا ہُوں۔ آمین۔