صحائف
عقائد اور عہُود ۶۱


فصل ۶۱

۱۲ اگست ۱۸۳۱، دریائے میزوری کے کنارے، میک الوین کے موڑ پر، نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے دیا گیا مُکاشفہ۔ کرٹ لینڈ سے واپسی کے سفر پر، نبی اور دس بُزرگوں نے دریائے میزوری پر چھوٹی کشتیوں میں سفر کِیا۔ سفر کے تِیسرے دِن بُہت سے خطرات کا سامنا ہُوا۔ بُزرگ وِلیم ڈبلیو فلپس نے دِن کے اُجالے میں رویا پائی اور تباہ کرنے والے کو پانیوں کی سطح پر سوار دیکھا۔

۱–۱۲، خُداوند نے پانیوں پر بُہت تباہیوں کا فرمان جاری کِیا ہے؛ ۱۳–۲۲، پانیوں پر یُوحنّا نے لعنت بھیجی تھی، اور تباہ کرنے والا اُن کی سطح پر سوار ہے؛ ۲۳–۲۹، چند کے پاس پانیوں کو حُکم دینے کی قُدرت ہے؛ ۳۰–۳۵، بُزرگوں کو دو دو کر کے اِنجِیل کی مُنادی کرنا ہے؛ ۳۶–۳۹، اُنھیں اِبنِ آدم کے آنے کی تیاری کرنا ہے۔

۱ دیکھو، اور اُس کی آواز سُنو جو تمام قُدرت رکھتا ہے، جو اَبَد سے اَبَد تک ہے، یعنی الفا اور اومیگا، اِبتدا اور اِنتہا۔

۲ دیکھو، درحقیقت، خُداوند تُم سے یُوں فرماتا ہے، اَے میری کلِیسیا کے بُزرگو، جو اِس مقام پر اِکٹھے ہُوئے ہو، جِن کے گُناہ اب مُعاف کیے گئے ہیں، پَس مَیں، خُداوند، گُناہ بخشتا ہُوں، اور مَیں اُن پر رحیم ہُوں جو فروتن دِلوں سے اپنے گُناہوں کا اِقرار کرتے ہیں؛

۳ بلکہ، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، کہ میرے اِن بُزرگوں کے پُورے گروہ کے لیے ضروری نہیں کہ وہ تیزی سے پانیوں پر سفر کریں، جب کہ دونوں جانب سے باشِندے بےاعتقادی میں ہلاک ہوتے ہیں۔

۴ تاہم، مَیں نے مناسب جانا کہ تُم گواہی دو؛ دیکھو، پانیوں پر بُہت سے خطرات ہیں، اور مزید خاص طور پر اِس کے بعد؛

۵ پَس مُجھ، خُداوند نے، اپنے قہر میں پانیوں پر بُہت ساری تباہ کاریوں کا فرمان دیا ہے؛ ہاں؛ اور خصوصاً اِن پانیوں پر۔

۶ تاہم، ہر بشر میرے ہاتھ میں ہے، اور وہ جو تُمھارے درمیان میں اِیمان دار ہیں پانیوں سے ہلاک نہ ہوں گے۔

۷ لہٰذا، یہ مناسب ہے کہ میرا خادِم سِڈنی گلبرٹ اور میرا خادِم وِلیم ڈبلیو فلپس اپنے مقصد اور فرض میں تیزی لائیں۔

۸ تاہم، مَیں اِس کی اِجازت نہیں دیتا کہ تُم جاؤ جب تک کہ اپنے تمام گُناہوں کی تنبیہ نہ پا لو، تاکہ تُم یکجا ہو، تاکہ تُم بدکاری میں ہلاک نہ کیے جاؤ؛

۹ بلکہ اب، درحقیقت مَیں کہتا ہُوں، میرے لیے یہ لازم ہے کہ تُم جاؤ۔ پَس میرے خادِم سِڈنی گلبرٹ اور وِلیم ڈبلیو فِلپس اپنے پچھلے گروہ کے ساتھ ہوں، اور وہ اپنا سفر جلدی شُروع کریں تاکہ اپنی ذِمّہ داری کو پُورا کریں، اور وہ اِیمان سے غالِب آئیں گے؛

۱۰ اور جب تک وہ اِیمان دار ہوں گے وہ بچائے جائیں گے، اور مَیں، خُداوند اُن کے ساتھ ہُوں گا۔

۱۱ اور باقیوں کو جو زیبِ تن کرنے کے لیے ضروری ہے ساتھ لے جانے دو۔

۱۲ میرے خادِم سِڈنی گلبرٹ کو اپنے ساتھ وہ لے جانے دو جو غیر ضروری ہے، جَیسے تُم فیصلہ کرو گے۔

۱۳ اور اب، دیکھو، مَیں تُمھاری بھلائی کے لیے اُن چِیزوں کے بارے میں حُکم دیتا ہُوں؛ اور مَیں، خُداوند تُمھارے ساتھ حُجّت کرُوں گا جَیسے قدِیم آدمیوں کے ساتھ کی تھی۔

۱۴ دیکھو، مُجھ، خُداوند نے، شُروع میں پانیوں کو برکت دی؛ لیکن آخِری دِنوں میں، اپنے خادِم یُوحنّا کے مُنہ سے، مَیں نے پانیوں کو ملعُون ٹھہرایا۔

۱۵ پَس، وہ دِن آتے ہیں کہ کوئی بشر پانیوں پر محفُوظ نہ رہے گا۔

۱۶ اور آنے والے دِنوں میں یہ کہا جائے گا کہ کوئی بھی صِیُّون کی سرزمِین تک پانیوں پر نہیں جا سکتا، سِوا اُس کے جو راست دِل ہے۔

۱۷ اور، جَیسا مُجھ، خُداوند نے، اِبتدا میں زمِین کو ملعُون ٹھہرایا، ویسے ہی آخِری دِنوں میں اپنے وقت پر، اپنے مُقَدَّسین کے فائدے کے لیے، مَیں نے اُسے برکت دی ہے، کہ وہ اِس کی فربہی میں شریک ہوں۔

۱۸ اور اب مَیں تُمھیں حُکم دیتا ہُوں کہ جو کُچھ مَیں کسی ایک سے کہتا ہُوں وہی مَیں سب سے کہتا ہُوں، کہ تُم اپنے بھائیوں کو اِن پانیوں کے بارے میں پیشگی تنبیہ کرو، کہ وہ اِن پر سفر کرتے نہ آئیں، تاکہ اُن کا اِیمان نہ جاتا نہ رہے اور وہ پھندوں میں نہ پھنسیں؛

۱۹ مُجھ، خُداوند نے، فرمان جاری کِیا ہے، اور تباہ کرنے والا اُس کی سطح پر سواری کرتا ہے، اور مَیں اِس فرمان کی تنسیخ نہیں کرتا۔

۲۰ مَیں، خُداوند، کل تُم سے ناراض تھا، مگر آج میرا غُصّہ ٹل گیا۔

۲۱ پَس، وہ جِن کی بابت مَیں نے کہا ہے، کہ اپنے سفر پر جلدی روانہ ہوں—مَیں پھِر تُم سے کہتا ہُوں، وہ اپنے سفر پر جلدی روانہ ہوں۔

۲۲ اور مُجھے اِس سے فرق نہیں پڑتا، تھوڑے عرصے کے بعد، اگر یہ ہو کہ وہ اپنی ذِمّہ داری کو پُورا کریں، چاہے وہ پانی سے یا خشکی سے جائیں؛ آیندہ سے اُنھیں فہم کے مُطابق کرنے دو جَیسا اُن پر ظاہر کِیا گیا ہے۔

۲۳ اور اب، میرے خادِموں سِڈنی رِگڈن، جوزف سمِتھ جُونیئر، اور اولیور کاؤڈری کے بارے میں، وہ دوبارہ پانیوں پر نہ آئیں، سِوا اِس نہر سے، جب وہ اپنے گھروں کے لیے روانہ ہو رہے ہوں؛ یا بااَلفاظِ دیگر وہ سفر کے لیے پانیوں پر نہ آئیں گے، سِوا اِس نہر سے۔

۲۴ دیکھو، مُجھ، خُداوند نے اپنے مقدسین کے سفر کے لیے راستہ مُقرّر کِیا ہے؛ اور دیکھو، یہ وہ راستہ ہے—نہر کو چھوڑنے کے بعد وہ خشکی پر سفر کریں گے، جَیسا اُنھیں سفر کرنے اور صِیُّون کی سرزمِین تک جانے کا حُکم ہو؛

۲۵ اور وہ بنی اِسرائیل کی مانِند سفر کریں گے، راستے میں خیمے لگاتے ہُوئے۔

۲۶ اور، دیکھو، یہ حُکم تُم اپنے سب بھائیوں کو دینا۔

۲۷ تاہم، جِسے، پانیوں کو حُکم دینے کی قُدرت دی گئی، اُسے رُوح کے ذریعے سے اُس کی سب راہوں کو جاننا بھی دیا گیا؛

۲۸ پَس، وہ اَیسے کرے جَیسے زِندہ خُدا کا رُوح اُسے حُکم دے، چاہے خشکی پر یا پانیوں پر، اِس طرح آیندہ کا اِختیار میرے پاس رہتا ہے۔

۲۹ اور تُمھیں مُقَدَّسین کے لیے راستہ دِکھایا گیا ہے، یا خُدا کے لشکر کے مُقَدَّسین کے لیے سفر کا راستہ۔

۳۰ اور پھِر مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، میرے خادِم، سِڈنی رِگڈن، جوزف سمِتھ جُونیئر، اور اولیور کاؤڈری، سِنسِناٹی پہنچنے تک شریروں کی جماعتوں میں اپنا مُنہ نہ کھولیں گے؛

۳۱ اور اُس جگہ پر وہ اُن لوگوں کے خِلاف خُدا تک اپنی صدائیں بُلند کریں گے، ہاں، اُس تک جِس کا قہر اُن کی بدکاریوں کے خِلاف بھڑکا ہے، وہ لوگ جو ہلاکت کے لیے تقریباً پک چُکے ہیں۔

۳۲ اور وہاں سے اُنھیں اپنے بھائیوں کی جماعتوں کے لیے سفر کرنے دو، کیوں کہ شریروں کی ٹولیوں کے برعکس اِن کے درمیان میں اُن کی خدمتوں کی بڑی کثرت سے ضرورت ہے۔

۳۳ اور اب، باقیوں کے مُتعلّق، وہ سفر کریں اور شریروں کی جماعتوں میں کلام کی مُنادی کریں، جتنا بھی اُنھیں عطا کِیا جائے؛

۳۴ اور جِس قدر وہ اَیسا کریں گے وہ اپنی اپنی خِلعت پاک کریں گے، اور وہ میرے حُضُور بےداغ ہوں گے۔

۳۵ اور وہ اِکٹھے سفر کریں، دو دو ہو کر، جَیسا اُنھیں مُناسب لگے، صرف میرا خادِم رینولڈزکاہون، اور میرا خادِم سیموئیل ایچ سمِتھ، جِن سے مَیں خُوش ہُوں، اپنے گھروں کو واپسی تک علیحدہ نہ کیے جائیں، اور یہ مُجھ میں کسی دانا مقصد کے لیے ہے۔

۳۶ اور اب، مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، اور جو کُچھ مَیں کسی ایک سے کہتا ہُوں مَیں وہ سب سے کہتا ہُوں، خاطر جمع رکھو، چھوٹے بچّو؛ کیوں کہ مَیں تُمھارے درمیان میں ہُوں اور مَیں نے تُمھیں ترک نہیں کِیا ہے؛

۳۷ اور چُوں کہ تُم نے اپنے آپ کو میرے حُضُور فروتن کِیا ہے، لہٰذا بادِشاہی کی برکات تُمھاری ہیں۔

۳۸ کمر باندھو، ہوشیار بنو اور سنجیدہ بنو، اِبنِ آدم کے آنے کا اِنتظار کرتے ہُوئے، کیوں کہ وہ اُس گھڑی آتا ہے جب تُمھیں گمان بھی نہ ہو گا۔

۳۹ ہمیشہ دُعا کرو کہ آزمایش میں نہ پڑو، تاکہ تُم اُس کے آنے کے دِن کی تاب لا سکو، چاہے زِندگی میں یا موت میں۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔