صحائف
عقائد اور عہُود ۱۸


فصل ۱۸

جُون ۱۸۲۹، کو فےایٹ، نیویارک میں، نبی جوزف سمِتھ، اولیور کاؤڈری، اور ڈیوڈ وِٹمر کو دیا گیا مُکاشفہ۔ نبی کے مُطابق یہ مُکاشفہ ”آخِری دِنوں میں بارہ رسُولوں کی بُلاہٹ، اور کلِیسیا کی تعمیر و ترقی کی ہدایات“ کے لیے بھی مشہُور ہُوا۔

۱–۵، صحائف ظاہر کرتے ہیں کہ کس طرح کلِیسیا قائم کرنی ہے؛ ۶–۸، دُنیا بدی میں پک رہی ہے؛ ۹–۱۶، بڑی عظیم ہے جانوں کی قدروقِیمت؛ ۱۷–۲۵، نجات پانے کے لیے آدمیوں کو اپنے تئیں مسِیح کا نام اپنانا ہوگا؛ ۲۶–۳۶، بارہ کی بلاہٹ اور فرض ظاہر کیے جاتے ہیں؛ ۳۷–۳۹، اولیور کاؤڈری اور ڈیوڈ وِٹمر نے بارہ کو تلاش کرنا ہے؛ ۴۰–۴۷، نجات پانے کے لیے ضرور ہے اِنسان توبہ کریں، بپتسما لیں، اور حُکموں کو مانیں۔

۱ اب، دیکھ، میرے خادِم اولیور کاؤڈری کیوں کہ تُو نے مُجھ سے اِن باتوں کے مُتعلّق جاننے کی خواہش کی تھی، مَیں تُجھے یہ کلمات دیتا ہُوں:

۲ دیکھ، مَیں نے تُجھ پر، کئی دفعہ اپنے رُوح کے وسِیلے سے آشکار کِیا ہے، کہ جو باتیں تُو نے لِکھی ہیں وہ سچّ ہیں؛ اِس لیے تُو جانتا ہے وہ سچّ ہیں۔

۳ اور اگر تُو جانتا ہے کہ وہ سچّ ہیں، دیکھ، مَیں تُجھے حُکم دیتا ہُوں، کہ تُو اُن باتوں پر بھروسا کر جو لِکھی گئی ہیں؛

۴ پَس اِن میں میری کلِیسیا کی بُنیاد، میری اِنجِیل، اور میری چٹان کی بابت ساری باتیں لِکھی گئیں۔

۵ پَس، اگر تُو میری کلِیسیا کی تعمیر، میری اِنجِیل اور میری چٹان کی بُنیاد پر کرے گا، تو جہنم کے دروازے تُجھ پر غالِب نہ آئیں گے۔

۶ دیکھ، دُنیا بدی میں پکتی جا رہی ہے؛ یہ ضرور ہے کہ بنی آدم کو توبہ کی ترغیب دی جائے، دونوں غیر قَوموں اور اِسرائیل کے گھرانے کو بھی۔

۷ پَس، جَیسا کہ تُو نے میرے خادِم جوزف سمِتھ جُونئیر کے ہاتھوں بپتسما پایا، اِس کے مُطابق جِس کا مَیں نے اُسے حُکم دیا، اُس نے اُس بات کو پُورا کِیا ہے جِس کا مَیں نے اُسے حُکم دیا۔

۸ اور اب، حیران مت ہو کہ مَیں نے اُسے اپنے مقصد کے لیے بُلا لیا ہے۔ اِس مقصد کا عِلم مُجھے ہی ہے؛ پَس، اگر وہ میرے حُکموں کو مُستَعِدی سے مانے گا تو اَبَدی زِندگی کی برکت پائے گا؛ اور اُس کا نام جوزف ہے۔

۹ اور اب، اولیور کاؤڈری، مَیں تُجھ سے کلام کرتا ہُوں، اور ڈیوڈ وِٹمر سے بھی، حُکماً؛ پَس، دیکھو، مَیں تمام آدمیوں کو جہاں کہیں بھی ہیں توبہ کرنے کا حُکم دیتا ہُوں، اور مَیں تُم سے کلام کرتا ہُوں، اِسی طرح جَیسے اپنے رسُول پولوس کے ساتھ، پَس تُم اُسی بُلاہٹ کے لیے بُلائے گئے ہو جِس کے لیے وہ بُلایا گیا تھا۔

۱۰ یاد رکھو جانوں کی قدر وقِیمت خُدا کی نظر میں بڑی عظیم ہے؛

۱۱ پَس، دیکھو، خُداوند تُمھارے نجات دہندہ نے جِسم میں ہوتے ہُوئے موت برداشت کی؛ پَس اُس نے سب لوگوں کے درد کو برداشت کِیا، تاکہ تمام لوگ توبہ کریں اور اُس کے پاس آئیں۔

۱۲ اور وہ مُردوں میں سے جی اُٹھا تاکہ وہ تمام آدمیوں کو توبہ کی شرائط پر اپنے پاس لائے۔

۱۳ اور اُس کی خُوشی کتنی زیادہ ہوتی ہے جب کوئی جان توبہ کرتی ہے!

۱۴ پَس، تُم بُلائے گئے ہو کہ اِن لوگوں میں توبہ کی مُنادی کرو۔

۱۵ اور اگر اَیسا ہو کہ تُم اپنے تمام ایّام میں اِن لوگوں میں توبہ کی مُنادی کرتے ہو، اور، چاہے ایک ہی جان کو میرے پاس لاتے ہو، میرے باپ کی بادِشاہی میں اُس کے ساتھ تُمھاری خُوشی کتنی زیادہ ہو گی!

۱۶ اور اب، اگر میرے باپ کی بادِشاہی میں ایک جان میرے پاس لانے میں تُجھے اِتنی بڑی خُوشی ہوگی، تُمھاری خُوشی کتنی زیادہ ہوگی اگر تُم کئی جانیں میرے پاس لاتے ہو!

۱۷ دیکھو، تُمھارے سامنے میری اِنجِیل، اور میری چٹان، اور میری نجات ہے۔

۱۸ باپ سے اِیمان کے ساتھ میرے نام پر مانگو، یقین رکھتے ہُوئے کہ تُم پاؤ گے، اور تُم رُوحُ القُدس پاؤ گے، وہ تمام چِیزیں آشکار کرتا ہے جو بنی آدم کے لیے واجب ہیں۔

۱۹ اور اگر تُم میں اِیمان، اُمید، اور محبّت نہیں، تُم کُچھ نہیں کر سکتے۔

۲۰ اِبلِیس کی کلِیسیا کے سِوا، کسی کلِیسیا کے خِلاف جھگڑا نہ کرنا۔

۲۱ مسِیح کا نام تُم اپنا لو اور سنجیدگی سے سچّ بولو۔

۲۲ اور جتنے توبہ کرتے اور میرے نام پر، جو یِسُوع مسِیح ہے، بپتسما پاتے، اور آخِر تک برداشت کرتے ہیں، و ہی بچائے جائیں گے۔

۲۳ دیکھو، یِسُوع مسِیح ہی نام ہےجو باپ کی طرف سے بخشا گیا، اور کوئی نام نہیں بخشا گیا جِس سے آدمی نجات پا سکے؛

۲۴ پَس، تمام آدمی وہی نام اپنا لیں گے جو باپ کی طرف سے بخشا گیا، پَس یومِ آخِر کو وہ اُسی نام سے پُکارے جائیں گے؛

۲۵ پَس، اگر وہ نام ہی نہیں جانتے جِس سے وہ پُکارے جاتے ہیں، وہ میرے باپ کی بادِشاہی میں جگہ نہیں پا سکتے۔

۲۶ اور اب، دیکھو، دُوسرے ہیں جو یہُودیوں اور غیرقَوموں، دونوں کو، میری اِنجِیل کی مُنادی کے لیے بُلائے گئے ہیں؛

۲۷ ہاں، یعنی بارہ، اور وہ بارہ میرے شاگِرد ہوں گے، اور وہ میرا نام اپنا لیں گے؛ اور وہ ہی بارہ ہوں گے جو دِل کے کامِل اِرادے کے ساتھ میرا نام اپنانے کے مُشتاق ہوں گے۔

۲۸ اور اگر وہ دِل کے کامِل اِرادے سے میرا نام اپنانے کے مُشتاق ہوں گے تو، وہ بُلائے جاتے ہیں کہ ساری دُنیا میں جائیں اور ہر خلق کو میری اِنجِیل کی مُنادی کریں۔

۲۹ اور یہ وہ ہیں جِنھیں مَیں نے مُقرّر کِیا ہے کہ میرے نام سے بپتسما دیں، اُس کے مُطابق جَیسا لِکھا گیا ہے؛

۳۰ اور وہ تُمھارے پاس ہے جِسے تُمھارے سامنے لِکھا گیا، پَس لازم ہے کہ تُم لِکھے ہُوئے کلام کے مُطابق مُشقّت کرو۔

۳۱ اور اب مَیں تُم سے ہم کلام ہوتا ہُوں، بارہ سے—دیکھو، میرا فضل تُمھارے لیے کافی ہے؛ تُم ضرور راستی سے میری حُضُوری میں چلنا اور گُناہ نہ کرنا۔

۳۲ اور، دیکھو، تُم وہ ہو جِنھیں مَیں نے مُقرّر کِیا ہے، کہ میری اِنجِیل کی مُنادی کرنا، رُوحُ القُدس کی قُدرت کے مُطابق جو تُم میں ہے؛ اور خُدا کی بُلاہٹوں اور نعمتوں کے مُطابق آدمیوں کو کاہن اور معلم مُقرّر کرنا؛

۳۳ اور، مجھ، یِسُوع مسِیح، تُمھارے خُداوند اور تُمھارے خُدا، نے یہ فرمایا ہے۔

۳۴ یہ کلمات نہ آدمی کے نہ ہی آدمیوں کے ہیں، بلکہ میرے ہیں؛ اِس لیے، تُم گواہی دو گے کہ وہ میرے ہیں اور آدمی کے نہیں ہیں؛

۳۵ کیوں کہ یہ میری آواز ہے جو تُم سے کلام کرتی ہے؛ پَس کلمات میرے رُوح کے وسِیلے سے تُمھیں عطا کیے جاتے ہیں، اور میری قُدرت کے وسِیلے سے تُم ایک دُوسرے کے لیے کلام پڑھ سکتے ہو؛ اور میری قُدرت کے سِوا تُم اُنھیں پا نہیں سکتے؛

۳۶ پَس، تُم اِس بات کی گواہی دے سکتے ہو کہ تُم نے میری آواز سُنی ہے، اور میرا کلام جانتے ہو۔

۳۷ اور اب، دیکھو، مَیں تُمھیں ذِمّہ داری دیتا ہُوں، اولیور کاؤڈری، اور ڈیوڈ وِٹمر کو بھی، کہ تُم بارہ کو تلاش کرو، وہ اُن باتوں کے مُشتاق ہوں جو مَیں تُم سے کہہ چُکا ہُوں؛

۳۸ اور تُم اُن کی نیتوں اور اُن کے کاموں کے سبب اُنھیں پہچان جاؤ گے۔

۳۹ اور جب تُم اُنھیں پا لو تو یہ ساری چِیزیں تُم اُنھیں دِکھانا۔

۴۰ اور تُم سجدے میں گِر جاؤ گے اور میرے نام پر باپ کی عِبادت کرو گے۔

۴۱ اور تُم ضرور دُنیا میں یہ کہتے ہُوئے مُنادی کرنا: لازم ہے تُم توبہ کرو اور یِسُوع مسِیح کے نام پر بپتسما لو؛

۴۲ پَس تمام لوگ ضرور توبہ کریں اور بپتسما پائیں، اور نہ صرف آدمی، بلکہ عَورتیں، اور بچّے جو جواب دہی کی عُمر کو پہنچ چُکے ہیں۔

۴۳ اور اب، یہ پانے کے بعد تُم ساری باتوں میں میرے حُکموں کو ضرور ماننا؛

۴۴ اور تُمھارے ہاتھوں کے وسِیلے سے مَیں بنی آدم کے درمیان میں نِرالا کام کرُوں گا، بہتوں کو اِن کے گُناہوں کا احساس دِلاتے ہُوئے، کہ وہ توبہ کی ترغیب پائیں، اور کہ وہ میرے باپ کی بادِشاہی میں آ سکیں۔

۴۵ پَس، جو برکات مَیں تُجھے دیتا ہُوں وہ ساری چِیزوں سے بالا ہیں۔

۴۶ اور اِسے پانے کے بعد، اگر تُم میرے حُکموں کو نہیں مانتے تُم میرے باپ کی بادِشاہی میں بچائے نہیں جا سکو گے۔

۴۷ دیکھو، مُجھ، یِسُوع مسِیح، تُمھارے خُداوند اور تُمھارے خُدا، اور تُمھارے مُخلصی دینے والے نے، اپنے رُوح کی قُدرت کے وسِیلے سے یہ کہا ہے۔ آمین۔