مجلسِ عامہ
تاکہ وہ تُجھ کو جانیں
مجلسِ عامہ اکتوبر ۲۰۲۲


تاکہ وہ تُجھ کو جانیں

(یوحنا ۱۷: ۳)

میری دِل سوز آرزُو یہ ہے کہ آپ یِسُوع کو اُس کے بہت سے ناموں سے جانیں اور آپ اُس کی مانند بنیں۔

چند سال پہلے، ایریزونا میں ہمارے گھر کے حلقے میں عشائے ربانی کی عبادت کے دوران مُجھے زندگی بدل دینے والا تجّربہ حاصل ہُوا ۔ جیسا کہ عشائے ربانی کی دُعا ہماری آمادگی کا اظہار کرتی ہے کہ ”[ اپنے ] اُوپر [ یِسُوع مسِیح ] کا نام اوڑھنا ہے،“ ۱ تو رُوحُ القُدس نے مُجھے یاد دِلایا کہ یِسُوع کے بہت سے نام ہیں۔ پھر یہ سوال میرے دِل میں آیا کہ: ” اِس ہفتے مُجھے یِسُوع کا کون سا نام اپنے اُوپر اوڑھنا چاہیے؟“

تین نام میرے ذہن میں آئے، اور مَیں نے اُنھیں لکھ لِیا۔ اُن تینوں ناموں میں سے ہر ایک میں مسِیح جیسی صفات شامل تھیں جن کو مَیں مزید مُکمل طور پر فروغ دینا چاہتا تھا ۔ اِس کے بعد والے ہفتے میں، مَیں نے اُن تینوں ناموں پر توجّہ مرکوز کی اور اُن کی متعلقہ صفات اور خصوصیات کو اپنانے کی کوشش کی۔ اُس وقت سے، مَیں نے اپنی ذاتی عبادت کے حصہ کے طور پر یہ سوال پوچھنا جاری رکھا: ”اِس ہفتے مُجھے یِسُوع کا کون سا نام اپنے اُوپر اوڑھنا چاہیے؟“ اِس سوال کا جواب دینے اور مسِیح جیسی صفات کو فروغ دینے کی کوشش نے میری زندگی کو بابرکت کِیا ہے۔

اپنی عظیم شفاعتی دُعا میں، یِسُوع نے اِس اہم سچائی کا اظہار کِیا: ”اور ہمیشہ کی زِندگی یہ ہے، کہ وہ تُجھ خُدائے واحِد اور برحق کو، اور یِسُوع مسِیح کو، جِسے تُو نے بھیجا ہے جانیں۔“۲ آج مَیں آپ کے ساتھ اُن برکات اور قُوت کا اشتراک کرنا چاہوں گا جو یِسُوع مسِیح کو اُس کے بہت سے ناموں سے جاننے سے ملتی ہیں۔

کسی کو جاننے کا ایک آسان طریقہ اُس کا نام جاننا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ”کسی شخص کا نام اُس شخص کے لیے کسی بھی زبان میں سب سے پیاری اور اہم ترین آواز ہوتی ہے۔“ ۳ کیا آپ کو کبھی کسی کو غلط نام سے پکارنے یا اُس کا نام بھولنے کا تجّربہ ہُوا ہے؟ میری بیوی، ایلیکسِس، اور مَیں، کبھی کبھار، ہمارے بچوں میں سے ایک کو ”لولا “ کہتے تھے۔ بد قسمتی سے، جیسا کہ آپ نے اندازہ لگایا ہو گا، لولا ہمارا کُتا ہے! بہتر یا بدتر، کسی کا نام بھول جانا اُس شخص کو بتاتا ہے کہ شاید آپ اُسے اچھی طرح سے نہیں جانتے۔

یِسُوع لوگوں کو نام سے جانتا اور بُلاتا تھا۔ قدیم اِسرائیل سے، خُداوند نے کہا، ”خوف نہ کر کیونکہ مَیں نے تیرا فِدیہ دِیا ہے، مَیں نے تیرا نام لے کر تُجھے بُلایا ہے؛ تُو میرا ہے۔“۴ اِیسٹر کی صبح، جی اُٹھے مسِیح کے بارے میں مریم کی گواہی مُستحکم ہُوئی جب یِسُوع نے اُسے نام لے کر پُکارا۔۵ اِسی طرح، خُدا نے جوزف سمِتھ کو اُس کی ایمان کی دُعا کے جواب میں اُسے نام سے پُکارا ۔۶

بعض واقعات میں، یِسُوع نے اپنے شاگردوں کو نئے نام دِیے جو اُن کی فطرت، صلاحیت، اور اِستعداد کی طرف اشارہ کرتے تھے۔ یہوواہ نے یعقوب کو اِسرائیل کا نیا نام دِیا، جس کا مطلب ہے کہ ”وہ جو خُدا پر غالب آتا ہے“ یا ”خُدا کو غالب آنے دو۔“۷ یِسُوع نے یعقوب اور یوحنا کو بُوانِرگِس کا نام دِیا، جس کا مطلب تھا ”گرج کے بیٹے۔“۸ اُس کی مستقبل کی قیادت کو دیکھتے ہُوئے، یِسُوع نے شمعون کو کیفا یا پطرس کا نام دِیا، جس کا مطلب چٹان ہے۔۹

جس طرح یِسُوع ہم میں سے ہر ایک کو نام سے جانتا ہے، ایک طریقہ جس سے ہم بہتر طور پر یِسُوع کو جان سکتے ہیں وہ اُس کے بہت سے ناموں کو سیکھنا ہے۔ اِسرائیل اور پطرس کے ناموں کی مانند، یِسُوع کے بہت سے نام ایسے عنوانات ہیں جو ہمیں اُس کے مِشن، مقصد، کردار، اور صفات کو سمجھنے میں مدد دیتے ہیں۔ جب ہم یِسُوع کے بہت سے ناموں کو جانیں گے، تو ہم اُس کے اِلٰہی مِشن اور اُس کے بےلوث کردار کو بہتر طور پر سمجھیں گے۔ اُس کے بہت سے ناموں کو جاننا ہمیں مزید اُس کی مانند بننے کی تحریک دیتا ہے— مسِیح جیسی صفات کو فروغ دینے کے لیے جو ہماری زِندگیوں میں خُوشی اور مقصد لاتی ہیں۔

چند سال پہلے، صدر رسل ایم نیلسن نے عنواناتی گائیڈ میں یِسُوع مسِیح سے متعلق تمام صحائف کا مطالعہ کِیا۔۱۰ پھر اُس نے نوجوان بالغین کو اِنہی صحائف کا مطالعہ کرنے کی دعوت دی۔ یِسُوع کے بہت سے ناموں کے بارے میں، صدر نیلسن نے کہا کہ، ”ہر بات کا مطالعہ کریں جو یِسُوع مسِیح ہے دُعاگو ہو کر بھرپور طریقے سے یہ سمجھنے کی کوشش کریں کہ اُس کے مختلف القاب اور ناموں میں سے ہر ایک کا ذاتی طور پر آپ کے لیے کیا مطلب ہے۔“۱۱

صدر نیلسن کی دعوت کی پیروی کرتے ہُوئے، مَیں نے یِسُوع کے بہت سے ناموں کی اپنی فہرست تیار کرنا شروع کی۔ میری ذاتی فہرست میں اب ۳۰۰ سے زائد نام ہیں، اور مُجھے یقین ہے کہ ابھی بہت سے ایسے ہیں جو مَیں نے ابھی تک دریافت نہیں کئے ہیں۔

اگرچہ یِسُوع کے کچھ نام ہیں جو صرف اُسی کے لیے مخصوص ہیں،۱۲ مَیں پانچ نام اور القاب بتانا چاہوں گا جن کا اطلاق ہم میں سے ہر ایک پر ہوتا ہے۔ جب آپ یِسُوع کو اُس کے بہت سے ناموں سے جانتے ہیں تو مَیں آپ کو اپنی فہرست تیار کرنے کی دعوت دیتا ہوں۔ ایسا کرنے سے، آپ جانیں گے کہ دُوسرے نام بھی ہیں—اُن کے متعلقہ مسِیح جیسی صفات کے ساتھ —جو آپ خُود پر یِسُوع کے موعودہ شاگرد کے طور پر اوڑھنا چاہیں گے۔۱۳

پہلا، یِسُوع اچھا چرواہا ہے۔۱۴ اِس طرح، یِسُوع اپنی بھیڑوں کو جانتا ہے،۱۵ ”اپنی بھیڑوں کو نام سے بُلاتا ہے،“۱۶ اور ؛ جیسے خُدا کے برّے نے، اپنی بھیڑوں کے لئے اپنی جان دے دی۔۱۷ اِسی طرح، یِسُوع چاہتا ہے کہ ہم اچھے چرواہے بنیں، خاص طور پر اپنے خاندانوں میں اور خدمت گزار بھائیوں اور بہنوں کے طور پر۔ ایک طریقہ جس سے ہم یِسُوع کے لیے اپنی مَحبّت کا مظاہرہ کرتے ہیں وہ اُس کی بھیڑوں کو چرانا ہے۔۱۸ اُن بھیڑوں کے لیے جو بھٹک رہی ہوں، اچھے چرواہے کھوئی ہُوئی بھیڑوں کو ڈھونڈنے کے لیے بیابان میں جاتے ہیں اور پھر اُن کے ساتھ رہتے ہیں جب تک کہ وہ دوبارہ محفوظ نہ ہوجائیں۔۱۹ اچھے چرواہے کی حیثیت سے اور اگر مقامی حالات اجازت دیں، تو ہمیں لوگوں کی اُن کے گھروں میں خدمت گزاری کرنے میں زیادہ وقت گزارنے کے خواہاں ہونا چاہیے۔ ہماری خدمت گزاری میں، ٹیکسٹنگ اور ٹیکنالوجی کا استعمال ذاتی رابطے کو بڑھانے کے لیے، کِیا جانا چاہیے، نہ کہ متبادل کے طور پر۔۲۰

دُوسرا، یِسُوع آنے والی اچھی چیزوں کا سردار کاہن ہے۔۲۱ یہ جانتے ہوئے کہ اُس کی مصلوبیت صرف چند گھنٹے دُور تھی، یِسُوع نے کہا: ”یہ باتیں مَیں نے تُم سے کہی ہیں ، تاکہ تُم مُجھ میں اطمینان پاؤ۔ تُم دُنیا میں مُصیبت اُٹھاتے ہو: لیکن خاطر جمع رکھو؛ مَیں دُنیا پر غالِب آیا ہُوں۔“۲۲ آج ، جیسے جیسے ہماری دنُیا اکثر یکطرفہ اور منقسم ہوتی ہے، ہمارے لیے مثبتیت، خُوش اندیشی، اور اُمید کی مُنادی اور مشق کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ماضی میں کسی بھی چنوتیوں کے باوجود، ایمان ہمیشہ مستقبل کی طرف اشارہ کرتا ہے،۲۳ اُمید سے معمور، جو ہمیں یِسُوع کی خاطر جمع رکھنے کی دعوت کو پورا کرنے کی اجازت دیتا ہے۔۲۴ خُوشی سے اِنجِیل کے مطابق زِندگی گزارنے سے ہمیں آنے والی اچھی چیزوں کے شاگرد بننے میں مدد ملتی ہے۔

یِسُوع کے القاب میں سے ایک یہ ہے کہ وہ کل، آج ، اور ابد تک یکساں ہے۔۲۵ مستقل مزاجی مسِیح جیسی صفت ہے۔ یِسُوع نے ہمیشہ اپنے باپ کی مرضی کو پُورا کِیا،۲۶ اور اُس کا بازُو ہمیں بچانے، مدد کرنے اور شفا دینے کے لیے مستقل طور پر پھیلا ہُوا ہے۔۲۷ جب ہم اِنجِیل کے مطابق زِندگی گزارنے میں زیادہ مستقل رہتے ہیں، تو ہم مزید یِسُوع کی مانند بن جائیں گے۔۲۸ اگرچہ دُنیا اپنی مقبولیت کے پینڈولم میں بڑے بڑے جھوکوں کا تجّربہ کرے گی جب کہ لوگ ہر ایک تعلیم کے جھوکے سے موجوں کی طرح اُچھلتے بہتے پِھریں گے،۲۹ مسلسل اِنجِیل کے مطابق زِندگی گزارنا زِندگی کے طوفانوں کے دوران ثابت قدم اور غیر متزلزل ہونے میں ہماری مدد کرتا ہے۔۳۰ ہم صدر نیلسن کی ”خُداوند کے لیے وقت نکالنے“ کی دعوت قبول کر کے بھی مستقل مزاجی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔۳۱ عظیم رُوحانی مضبوطی چھوٹی اور سادہ چیزوں سے۳۲ حاصل ہوتی ہے جیسے کہ روزانہ کی دُعا، توبہ ، مطالعۂ صحائف، اور دُوسروں کی خدمت کی ”پاک عادات اور راست معمولات“۳۳ کو فروغ دینے سے۔

چوتھا، یِسُوع اِسرائیل کا قُدُّوس ہے۔۳۴ یِسُوع کی زِندگی قُدُّوسیت کا ایک نمونہ تھی۔ جب ہم یِسُوع کی پیروی کرتے ہیں، تو ہم اسرائیل کے ایک قُدُّوس بن سکتے ہیں۔۳۵ جب ہم باقاعدگی سے ہیکل میں جاتے ہیں تو ہم قُدُّوسیت میں اضافہ کرتے ہیں، جہاں ”خُداوند کے لیے قُدُّوسیت“ ہر داخلی دروازے کے اُوپر کندہ ہوتی ہے۔ جب بھی ہم ہیکل میں عبادت کرتے ہیں، تو ہم اپنے گھروں کو قُدُّوسیت کی جگہ بنانے کے لیے زیادہ قوت سے ودیعت پاتے ہیں۔۳۶ جس کے پاس فی الحال مُقدس ہیکل میں داخل ہونے کا اجازت نامہ موجود نہیں ہے، مَیں آپ کو دعوت دیتا ہوں کہ اپنے اُسقف سے ملاقات کریں اور خُود کو اِس مُقدس مقام پر داخل ہونے یا واپس جانے کے لیے تیار کریں ۔ ہیکل میں گزارا وقت ہماری زِندگیوں میں قُدُّوسیت کو بڑھائے گا۔

یِسُوع کا ایک آخری نام یہ ہے کہ وہ وفادار اور سچا ہے۔۳۷ جس طرح یِسُوع ہمیشہ وفادار اور ہمیشہ سچّا تھا، اُس کی دِل سوز آرزُو یہ ہے کہ ہم اپنی زِندگیوں میں اُن خوبیوں کو ظاہر کریں۔ جب ہمارا ایمان کمزور ہو جاتا ہے، تو ہم یِسُوع کو پُکار سکتے ہیں، ”خُداوند، مُجھے بچا،“ بالکل پطرس کی مانند جب وہ گلیل کی طوفانی جھیل میں ڈوبنے لگا۔۳۸ اُس دِن، یِسُوع ڈوبتے ہُوئے شاگرد کو بچانے کے لئے پہنچا۔ اُس نے میرے لیے بھی ایسا ہی کِیا ہے، اور وہ آپ کے لیے بھی ایسا ہی کرے گا۔ کبھی بھی یِسُوع کو ترک نہ کریں—وہ کبھی بھی آپ کو نہیں چھوڑے گا!

جب ہم وفادار اور سچّے ہوتے ہیں، تو ہم یِسُوع کی ”مُجھ میں قائم رہو“ کی بُلاہٹ کی پیروی کرتے ہیں، جس کا یہ مطلب بھی ہو سکتا ہے کہ ”میرے ساتھ رہو۔“۳۹ جب ہم سوالات کا سامنا کرتے ہیں، جب ہمارے ایمان کا مذاق اُڑایا جاتا ہے، جب دُنیا کی عظیم اور وسیع عمارات میں لوگ ہم پر لعن طعن کی اُنگلیاں اُٹھاتے ہیں، تو ہم وفادار رہتے ہیں اور ہم سچّے رہتے ہیں۔ اِن لمحات میں، ہمیں یِسُوع کی التجا یاد آتی ہے: ”ہر بات میں مُجھ پر بھروسا رکھنا؛ شک نہ کرنا، نہ ڈرنا۔“۴۰ جب ہم ایسا کرتے ہیں، تو وہ ہمیں ہمیشہ کے لیے اپنے ساتھ رہنے کے لیے ضروری ایمان، اُمید، اور مضبُوطی بخشتا ہے۔ ۴۱

پیارے بھائیو اور بہنو ، یِسُوع چاہتا ہے کہ ہم اُس کو جانیں کیونکہ آسمان کے تلے صرف اُسی کا واحد نام ہے جس سے ہم بچائے جا سکتے ہیں۔۴۲ یِسُوع راہ، حق، اور زِندگی ہے—کوئی بھی اُس کے وسیلہ کے بغیر باپ کے پاس نہیں لوٹ سکتا۔۴۳ یِسُوع ہی واحد راستہ ہے! اِسی وجہ سے، یِسُوع بُلاتا ہے، ”میرے پاس آؤ،“۴۴ ”میرے پیچھے ہو لے،“۴۵ ”میرے ساتھ چلو،“۴۶ اور ”مُجھ سے سیکھو۔“۴۷

اپنے پورے دِل کے ساتھ، مَیں یِسُوع مسِیح کی گواہی دیتا ہوں—کہ وہ زِندہ ہے، کہ وہ آپ سے پیار کرتا ہے، اور یہ کہ وہ آپ کو نام سے جانتا ہے۔ وہ خُدا کا بیٹا ہے،۴۸ باپ کا اِکلوتا۔۴۹ وہ ہماری چٹان، ہمارا قلعہ، ہماری ڈھال، ہماری پناہ گاہ، اور ہمارا رہائی بخشنے والا ہے۔۵۰ ”وہ نُور ہے جو تاریکی میں چمکتا ہے۔“۵۱ وہ ہمارا مُنجّی۵۲ اور ہمارا مُخلصی دینے والا ہے۔۵۳ وہ قیامت اور زِندگی ہے۔۵۴ میری دِل سوز آرزُو یہ ہے کہ آپ یِسُوع کو اُس کے بہت سے ناموں سے جانیں اور آپ اُس کی مانند بنیں جب آپ اپنی زِندگی میں اُس کی اِلٰہی صفات کی مثال پیش کرتے ہیں۔ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔

حوالہ جات

  1. عقائد اور عہُود ۲۰:‏۷۷۔

  2. یوحنا ۳: ۱۷؛ تاکید کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اِس دُعا کے بارے میں، صدر ڈیوڈ او مَکے نے سِکھایا: ”یہ متن نہایت جلالی دُعاؤں میں سے ایک سے لیا گیا ہے—میرے خیال میں سب سے بڑی دُعا—جو اِس دُنیا میں کبھی کی گئی ہے، ماسوائے دُعائے ربانی کے۔ یہ مسِیح کی دُعا تھی جو اُس نے اپنے پکڑوانے والی رات گتسمنی باغ میں داخل ہونے سے عین پہلے کی تھی۔ … مَیں بائبل کے اِس سے زیادہ اہم باب کے بارے میں نہیں جانتا“ (مجلسِ عامہ کی رپورٹ میں، اکتوبر ۱۹۶۷، ۵)۔

  3. ڈیل کارنیگی، دوست کیسے جیتیں اور لوگوں پر اثر انداز ہونا ریو۔ ایڈ۔ ( ۱۹۸۱ )، ۸۳۔

  4. یسعیاہ ۴۳: ۱؛ تاکید کا اضافہ کیا گیا ہے۔

  5. دیکھیں یوحنا۲۰:‏۱۶۔

  6. دیکھیں جوزف سمِتھ—تاریخ ۱: ۱۷۔

  7. دیکھیں لغتِ بائِبل، ”اِسرائیل۔“

  8. مرقس ۳:‏۱۷۔

  9. دیکھیں لوقا ۶: ۱۴؛ یوحنا ۴۲:۱۔

  10. دیکھیں رسل ایم نیلسن”مَیں نے چھ ہفتوں میں مُنجّی کے بارے میں ۲۲۰۰ سے زائد صحائف کا مطالعہ کِیا: مَیں نے جو سیکھا اُس میں سے تھوڑا سا یہاں ہے،“ الہام (بلاگ)، فروری ۲۸، ۲۰۱۷، ChurchofJesusChrist.org ۔ اِس تجربے کے بعد، صدر نیلسن نے اعلان کیا، ”میں ایک مختلف انسان ہوں!“ (”یِسُوع مِسیح کی قُدرت کو اپنی زِندگیوں میں سمونا،“ لیحونا، مئی ۲۰۱۷، ۳۹)۔

  11. رِسل ایم نیلسن، ”اَنبیا، قیادت، اور الہیٰ قانون“ (بین الاقوامی رُوحانی اجلاس برائے نوجوان بالغین، ۸ جنوری، ٢٠١۷)، broadcasts.ChurchofJesusChrist.org۔

  12. مثال کے طور پر، یِسُوع ممسُوح، مسِیح، عظیم یہوواہ، مُردوں میں پہلوٹھا اور خُدا کا اِکلوتا بیٹا ہے۔

  13. صدر نیلسن کی موضوعاتی گائیڈ میں یِسُوع سے متعلق صحائف کا مطالعہ کرنے کی دعوت کے علاوہ، آپ ”مسیح کے نام“ کے تحت لغتِ بائبل کا حوالہ دے کر یِسُوع کے بہت سے ناموں کا مطالعہ بھی کرسکتے ہیں۔ آپ بُزرگ جیفری آر ہالینڈ کی کتاب اُس کے ناموں کے گواہ (۲۰۱۹) اور بُزرگ رونلڈ اے ریسبینڈ کے ایک عبادتی خطاب کا مطالعہ کرنے کی خواہش بھی کرسکتے ہیں جس کا عنوان ہے ”سب ناموں سے اعلیٰ نام“ ( بریگھم ینگ یونیورسٹی–ہوائی عبادت، ۲۰ اکتوبر، ۲۰۲۰)، speeches.byuh.edu ۔

  14. دیکھیں یوحنا ۱۰:‏۱۱۔

  15. دیکھیں یُوحنّا ۱۰:‏۱۴۔

  16. یوحنا 10: 3۔

  17. دیکھیں یوحنا ۱۰ : ۱۱ – ۱۵؛ ا نیفی ۱۱ : ۳۱ – ۳۳۔

  18. دیکھیں یوحنا ۲۱ :۱۵–۱۷۔

  19. مَیں خاص طور پر لوقا ۱۵ : ۴کا ترجمہ از جوزف سمِتھ پسند کرتا ہوں، جس میں تحریر ہے، ” تُم میں سے کون اَیسا آدمی ہے جِس کے پاس سَو بھیڑیں ہوں، اگر اُن میں سے ایک کھو جائے، تو ننانوے کو چھوڑ کر اُس کھوئی ہوئی کو ڈھونڈنے بیابان میں نہ جائے گا، جب تک وہ اُسے ڈھونڈ نہ پائے؟“ (میں لوقا ۱۵ : ۴، حاشیہ اے، تاکیدِ اضافی ہے)۔

  20. جیسا کہ بُزرگ ڈیوڈ اے بیڈنار نے مشاہدہ کِیا: ”ہر کوئی سوچتا ہے ایک ٹیکسٹ کافی ہے [خدمت گزاری کے لیے]۔ ایسے مواقع ہوتے ہیں جہاں آپ کو گھر میں ہونے کی ضرورت ہوتی ہے، اور آپ کو لوگوں کی آنکھوں میں دیکھنے کی ضرورت ہوتی ہے، کیوں کہ آپ گھر میں ایسے تاثرات اور الہام پائیں گے جو آپ کو کسی بھی دُوسرے راستے سے نہیں مل پائیں گے“ (”ایلڈر ڈیوڈ اے بیڈنار کے ہمراہ ایک شام،“ [ مذہبی اساتذہ کے لیے نشریات]، فروری ۷، ۲۰۲۰ ، broadcasts.ChurchofJesusChrist.org)۔

  21. دیکھیں عبرانیوں ۹:‏۱۱۔

  22. یوحنا ۱۶: ۳۳۔

  23. دیکھیں جیفری آر ہالینڈ، ”لُوط کی بیوی یاد ہے، ایمان مستقبل کے لیے ہے“ (برگھم ینگ یونیورسٹی عبادت، ۱۳ جنوری، ۲۰۰۹)، ۲، speeches.byu.edu۔ ”ایمان ہمیشہ مستقبل کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ ایمان کا تعلق ہمیشہ برکات اور سچائیوں اور واقعات سے ہوتا ہے جو ابھی تک ہماری زِندگیوں میں کارآمد نہیں ہُوئے۔“

  24. دیکھیں متی ۹ : ۲؛ مرقس ۶ : ۵۰؛ یوحنا ۱۶ : ۳۳؛ ۳ نیفی ۱ : ۱۳؛ عقائداور عہُود ۶۱ : ۳۶۔

  25. دیکھیں عبرانیوں ۱۳ : ۸؛ مزید دیکھیں لغتِ بائبل، ”مسِیح، کے نام۔“

  26. دیکھیں یوحنا ۲۹:۸۔

  27. دیکھیں ایلما ۵ : ۳۳؛ ۱۹ : ۳۶؛ ۳ نیفی ۹ : ۱۴۔

  28. دیکھیں، مثال کے طور پر، ڈیوڈ اے بیڈنار، ”گھر میں زیادہ محتاط اور فکر مند،“ لیحونا، نومبر ۲۰۰۹، ۲۰: ”جب ہم اپنی اِنفرادی زندگیوں میں عظیم کام کی بُنیاد رکھتے ہیں تو مُستقل مزاجی ایک بُنیادی اصول ہوتی ہے۔ … ہمیں اور زیادہ مستقل مزاج ہونے اور بننے کی ضرورت ہے۔“

  29. دیکھیں اِفسِیوں ۴:‏۱۴۔

  30. دیکھیں مضایاہ ۵: ۱۵۔

  31. رسل ایم نیلسن، ”خُداوند کے لیے وقت نکالیں“ لیحونا، نومبر ۲۰۲۱، ۱۲۰۔}

  32. دیکھیں ایلما ۳۷:‏۶۔

  33. یہ ایک فقرہ ہے جو صدر ڈیلن ایچ اوکس نے اپنی خدمت میں کئی بار دہرایا ہے۔ دیکھیں، مثال کے طور پر، ”وائے ایس اے فیس ٹُو فیس ہمراہ بُزرگ اوکس اور بُزرگ بیلرڈ“ (بالغ نوجوانوں کے لیے نشریات، نومبر ۱۹، ۲۰۱۷)، ChurchofJesusChrist.org ۔

  34. دیکھیں 2 نیفی ۹: ۱۸- ۱۹، ۱ ۴۔

  35. حالیہ نوجوان بالغین کے لیے عالم گیر عبادت کے موقع پر، بہن وینڈی نیلسن نے ایک سوال اُٹھایا جو زندگیاں بدل سکتا ہے، اعتماد میں اضافہ اور اضطراب میں کمی لا سکتا ہے، حوصلہ افزائی کر سکتا ہے، تشکر میں اضافہ اور ذہنی دباؤ میں کمی لا سکتا ہے، آزمایشوں کے خلاف مزاحمت کرنے میں مدد دے سکتا ہے، اور خُوشی، تسلی، مَحبّت اور اطمینان لا سکتا ہے۔ یہ سوال تھا کہ ”ایک مُقدس نوجوان بالغ کیا کرے گا؟“ اِس کے بعد اُس نے مُسلسل تین دِنوں تک ہر روز صرف ایک صورت میں اِس سوال کے اطلاق کی حوصلہ افزائی کی۔ دیکھیں ”ایک سوال جو آپ کی زندگی کو بدل سکتا ہے“ (نوجوان بالغین کے لیے عالم گیر عبادت، ۱۵ مئی، ۲۰۲۲)، broadcasts.ChurchofJesusChrist.org۔

  36. دیکھیں عقائد اور عہُود ۹ ۱۰: ۱۲- ۱۳، ۲۲۔

  37. دیکھیں مکاشفہ ۱۱:۱۹۔

  38. متی ۳۰:۱۴۔

  39. یوحنا ۱۵: ۴۔ قائم رہو کا یونانی لفظ (مینیٹ یا مینو) ہے، جس کا مطلب ٹھہرنا یا قائم رہنا ہے۔

  40. عقائد اور عہُود ۶: ۳۶۔

  41. بُزرگ جیفری آر ہالینڈ نے ایک دفعہ یہ مشاہدہ کِیا تھا کہ، ہسپانوی زبان میں، انگریزی کا فقرہ ”مُجھ میں قائم رہو“ کا ترجمہ ”پرمانیسڈ این می“ کے طور پر کِیا گیا ہے۔ اُنھوں نے مزید کہا: ”تو اِس کا مطلب یہ ہے کہ ’قیام کرنا—مگر ہمیشہ کے لیے۔‘ … مستقل طور پر آئیں، آپ کی خاطر اور اُن تمام نسلوں کی خاطر جو لازمی آپ کی پیروی کریں، اور ہم آخر تک مضبُوط رہنے میں ایک دُوسرے کی مدد کریں گے“ (” مُجھ میں قائم رہو،“ لیحونا، مئی ۲۰۰۴، ۳۲)۔

  42. دیکھیں ۲ نیفی ۳۱: ۲۱۔

  43. دیکھیں یوحنا ۱۴: ۶۔

  44. متی ۱۱ : ۲۸؛ ۳ نیفی ۹ : ۱۴ ، ۲۲۔

  45. متی ۱۶ : ۲۴؛ لوقا ۱۸ : ۲۲؛ یوحنا ۲۱ : ۱۹؛ اور دیکھیں ۲ نیفی ۳۱ : ۱۰۔

  46. مکاشفہ ۳ : ۴؛ مُوسیٰ ۶ : ۳۴۔

  47. متی ۱۱ : ۲۹؛ عقائد اور عہُود ۱۹ : ۲۳۔

  48. دیکھیں ۳ نیفی ۹:‏۱۵۔

  49. دیکھیں یوحنا ۱۴:۱؛ ایلما ۴۸:۵۔

  50. دیکھیں ۲ سیموئیل ۲۲: ۲- ۳۔

  51. دیکھیں عقائد اور عہُود ۶:‏۲۱۔

  52. دیکھیں لُوقا ۱۱:۲۔

  53. دیکھیں عقائد اور عہُود ۱۱:۱۸–۱۳۔

  54. دیکھیں یوحنا ۱۱: ۲۵۔