مجلسِ عامہ
سّچ کیا ہے؟
مجلسِ عامہ اکتوبر ۲۰۲۲


سّچ کیا ہے؟

خُدا کُل سچّائی کا منبع ہے۔ کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام تُمام سچّائیوں کو قبُول کرتی ہے جو خُدا اپنی اُمّت تک پہنچاتا ہے۔

میرے پیارے بھائیو اور بہنو، اِس رُوح پرور عِبادت کے لیے سب کا شُکریہ! گُزشتہ اپریل میں ہماری مجلِسِ عامہ کے بعد سے، ہم نے بہت سے عالمی واقعات دیکھے ہیں، جن میں دِل شِکن آلام سے لے کر دِل کش اِلہام تک شامل ہیں۔

ہمیں دُنیا بھر میں نوجوانان کے بڑے بڑے دُعائیہ اجلاس کے انعقاد کی اِطلاعات سے خُوشی ہوئی ہے۔۱ اِن عِبادات میں، ہمارے شرِیف اُلنفس نوجوان یہ سِیکھ رہے ہیں کہ اُن کی زِندگی میں چاہے کُچھ بھی ہو جائے، اُن کی سب سے بڑی ہمت خُداوند کی طرف سے آتی ہے۔۲

ہمیں خُوشی ہے کہ دُنیا بھر میں مزید ہَیکلیں تعمیر ہو رہی ہیں۔ ہر نئی ہَیکل کی تخصیص و تقدِیس کے ساتھ، مزید اِلہٰی قُدرت ہمیں مضبُوط کرنے کے لیے دُنیا میں وارد ہوتی ہے اور دُشمن کے مکار ہتھکنڈوں کا مقابلہ کرتی ہے۔

بدسلوکی دُشمن کے غلبہ کو جنم دیتی ہے۔ یہ سنگین گُناہ ہے۔۳ کلِیسیا کے صدر کی حیثیت سے، مَیں اِس مسئلے پر خُداوند یِسُوع مسِیح کی تعلیم کی توثِیق کرتا ہُوں۔ مَیں بالکل صاف صاف بتاتا ہُوں: عورتوں، بچّوں، یا کسی کے ساتھ کسی بھی قسم کی بدسلوکی خُداوند کے نزدیک مکروہ ہے۔ وہ رنجِیدہ ہوتا ہے اور مَیں غمگین ہوتا ہُوں جب بھی کسی کو تکلیف ہوتی ہے۔ وہ ماتم کرتا ہے، اور ہم سب نوحہ کناں ہوتے ہیں ہر اُس شخص کے لیے جو کسی بھی قسم کی زیادتی کا شکار ہُوا ہے۔ جو لوگ اِن گھناؤنی حرکتوں کے مُرتکب ہوتے ہیں وہ نہ صرف اِنسانی قوانین کے سامنے جواب دہ ہیں بلکہ خُدائے قادِرِمُطلق کے غضب کا بھی سامنا کریں گے۔

اب کئی دہائیوں سے، کلِیسیا نے خاص طور پر بچّوں کو بدسلوکی سے بچانے کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کیے ہیں۔ کلِیسیا کی ویب سائٹ پر بہت سی معاون معلومات موجُود ہیں۔ مَیں اُن کا مُطالعہ کرنے کی دعوت دیتا ہُوں۔۴ یہ راہ نما خطوط بے گُناہوں کی حفاظت کے لیے موجُود ہیں۔ مَیں سب سے گُزارش کرتا ہُوں کہ کسی ایسے شخص سے ہوشیار رہیں جس کی وجہ سے بدسلوکی کا خطرہ ہو اور اُن کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کریں۔ نجات دہندہ بدسلوکی کو برداشت نہیں کرے گا، اور اُس کے شاگردوں کی حیثیت سے، نہ ہم برداشت کر سکتے ہیں۔

دُشمن کے پاس دیگر اَلم ناک ہتھکنڈے بھی ہیں۔ کیا سچّ ہے اور کیا سچّ نہیں اِن کے درمیان میں فرق کو دُھندلا کرنا اُس کی بڑی کوششوں میں سے ایک ہے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ ہماری اُنگلیوں پر دستیاب معلُومات کا سیلاب، اِس بات کا تعین کرنا مُشکل کر دیتا ہے کہ سچّ کیا ہے۔

یہ مسئلہ مُجھے سسٹر نیلسن اور میرے تجربے کی یاد دِلاتا ہے جب ہم کسی ایسے ملک میں کسی اعلیٰ عُہدیدارسے ملنے گئے تھے جہاں نسبتاً کم لوگوں نے یِسُوع مسِیح کے بارے میں سُنا تھا۔ یہ عزیز عُمر رسِیدہ دوست حال ہی میں کافی بیمار تھا۔ اُس نے ہمیں بتایا کہ بستر پر کئی دنوں سے، وہ اکثر چھت کی طرف دیکھتا اور پوچھتا، ”سچّ کیا ہے؟“

آج دُنیا میں بُہت سے لوگ ”صرف سچّائی سے اِس لیے دُور ہیں کیوں کہ وہ نہیں جانتے کہ اُسے کہاں تلاش کریں۔“۵ کُچھ لوگ ہمیں یہ ماننے پر مجبور کریں گے کہ سچّائی اِضافی ہے—کہ ہر شخص کو اپنے لیے خُود فیصلہ کرنا چاہیے کہ سچّ کیا ہے۔ ایسا عقیدہ اُن لوگوں کی پسندیدہ سوچ ہے جو غلطی سے یہ سمجھتے ہیں کہ وہ خُدا کے سامنے جواب دہ نہیں ہوں گے۔

پیارے بھائیو اور بہنو، خُدا ساری سچّائی کا سرچشمہ ہے۔ کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام تُمام سچّائیوں کو قبُول کرتی ہے جو خُدا اپنی اُمّت تک پہنچاتا ہے، چاہے وہ سائنسی تجربہ گاہ میں سیکھی گئی ہو یا اُس کی طرف سے براہ راست مُکاشفہ کے وسِیلے سے نازِل کی گئی ہو۔

اِس منبر سے آج اور کل آپ سچّ سُنتے رہیں گے۔ براہ کرم اِن خیالات کو نوٹ کریں جو آپ کی توجہ کے حامل ہوتے ہیں اور جو آپ کے ذہن میں آئیں اور آپ کے دِل میں بس جائیں۔ سنجِیدگی سے خُداوند سے اِس بات کی سچّائی جاننے کے لیے پُوچھیں کہ جو کُچھ آپ نے سُنا ہے آیا وہ سچّ ہے۔

میرے عزیز بھائیو اور بہنو، مَیں آپ سے پیار کرتا ہُوں۔ مَیں دُعا کرتا ہُوں کہ یہ مجلِسِ عامہ اَیسی رُوحانی ضیافت فراہم کرے جِس کی آپ کو تلاش ہے۔ یِسُوع مسِیح کے مُقدّس نام پر، آمین۔