مجلسِ عامہ
جُرات مندی کی میراث
مجلسِ عامہ اکتوبر ۲۰۲۲


جُرات مندی کی میراث

مَیں آپ کی حوصلہ افزائی کرتا ہُوں کہ آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح کے پاس واپس آنے کے لیے لیاقت سے بھرپُور کوشش جاری رکھیں۔

میرے پیارے بھائیو اور بہنو، کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام کی اِس مجلسِ عامہ میں آپ کے ساتھ اِکٹھے ہونے پر شُکر گُزار ہُوں۔ آپ جہاں جہاں بھی ہیں ہم نے آپ کے اِیمان اور آپ کی محبت کو محسُوس کیا ہے۔ ہم نے اِلہامی تعلیم، اِیمان افروز گواہیوں، اور رُوح پرور حمدوثنا کے ذریعے سے رُوحانی رِفعت پائی ہے۔

مَیں آپ کی حوصلہ افزائی کرتا ہُوں کہ آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح کے پاس واپس آنے کے لیے لیاقت سے بھرپُور کوشش جاری رکھیں۔ آپ عہد کے راستے پر جہاں بھی ہیں، آپ کو فنا پذیری کی حالت میں دُنیاوی آزمایشوں یا شیطان کی دُشمنی کے خِلاف لڑنا پڑے گا۔

جِس وقت مَیں نے کسی بات شکایت کی کہ یہ کتنی مُشکل ہے، تب میری ماں نے مجھے کہا، ”اوہ، ہال، یقیناً یہ مُشکل ہے۔ اِسے ہونا بھی چاہیے۔ زِندگی اِک اِمتحان ہے۔“

وہ یہ پیار سے بھی کہہ سکتی تھی، یعنی مُسکراہٹ بکھیرتے ہُوئے، چُوں کہ وہ دو چیزیں جانتی تھی۔ اِس کش مکش سے قطع نظر، جو چیز سب سے زیادہ اہم تھی وہ اپنے آسمانی باپ کے ساتھ قیام کے لیے گھر آنا ہے۔ اور جانتی تھی کہ اپنے نجات دہندہ پر اِیمان کے وسِیلے سے وہ ایسا کر سکتی ہے۔

اُس کو احساس تھا کہ وہ خُداوند کے قریب تھی۔ ان دِنوں میں جب اُسے عِلم تھا کہ وہ قرِیب اُلمرگ ہے، وہ اپنے بستر پر پڑی پڑی مُجھ سے نجات دہندہ کے بارے میں بات کرتی تھی۔ اُس کے بِستر کے قریب دُوسرے کمرے کا دروازہ تھا۔ وہ مُسکرائی اور دروازے کی طرف دیکھا جب اُس نے بڑے اِطمِینان سے کہا کہ وہ خُداوند کو جلد دیکھے گی۔ اُس دروازے کو دیکھنا اور اُس کے پیچھے والے کمرے کا تصُّور کرنا مُجھے اب تک یاد ہے۔

اب وہ عالمِ اَرواح میں ہے۔ برسوں کے دُنیاوی اور ذاتی مصائب کے باوجُود وہ اپنی نظریں اُس انعام پر رکھنے میں کامیاب رہی جو وہ چاہتی تھی۔

جُراَت افزائی کی میراث جو اُس نے ہمارے لیے چھوڑی ہے اُس کو مرونی ۷ میں، موّثر انداز میں بیان کِیا گیا ہے، جہاں مورمن اپنے بیٹے اور اپنی اُمّت کی ہمت افزائی کرتا ہے۔ یہ آیندہ کی نسل کے لیے حوصلہ افزائی کی میراث ہے جیسے میری والدہ کی اپنے خاندان کے لیے تھی۔ مورمن نے حوصلہ افزائی کی اِس وراثت کو اُن سب لوگوں تک پہنچایا جو اپنی ساری اَخلاقی آزمایشوں میں سے گُزرتے ہُوئے، اَبَدی زِندگی کے لیے لائق ہونے کا عزم رکھتے ہیں۔

مورمن مرُونی ۷ کی اِبتدائی آیات میں یِسُوع مسِیح، فرِشتوں اور مسِیح کے رُوح کی گواہی کے ساتھ آغاز کرتا ہے، جو ہمیں نیکی اور بدی کو پہچاننے اور راست فیصلہ کرنے کے لائق بناتا ہے۔

وہ یِسُوع مسِیح کو پہلی ترجیح دیتا ہے، وہ اُن سب لوگوں کو جو اپنے آسمانی گھر کی راہِ عرشِ بریں کی جانب گام زن ہیں اُنھیں حوصلہ دینے میں کامیاب ہوتا ہے:

”چُوں کہ مسِیح کے کلام کے مُطابق کوئی شخص نجات نہیں پا سکتا، بجُز اُن کے جو اُس کے نام پر اِیمان لائیں گے، پَس، اگر یہ باتیں موقُوف ہو گئی ہیں تو پھر اِیمان بھی موقُوف ہو چُکا ہے اور اِنسان ہولناک حالت میں ہے، چُناں چہ اُن کی حالت اَیسی ہے گویا مُخلصی دی ہی نہیں گئی۔

”بلکہ دیکھو، میرے پیارے بھائیو، مَیں تُمھاری بابت زیادہ پسندِیدہ صفات کا جائزہ لیتا ہُوں، پَس مَیں طے کرتا ہُوں کہ تُم اپنی فروتنی کے باعث مسِیح پر اِیمان لائے ہو ؛چُوں کہ اگر تُم اُس پر اِیمان نہ لاتے تو پھر تُم اُس کی کلِیسیا کے لوگوں کے ساتھ شمُار کیے جانے کے لائق نہ ہوتے۔“۱

مورمن نے اُن کے اِیمان کی مضبُوطی کے ثبوت کے طور پر فروتنی کو دیکھا۔ اُس نے دیکھا کہ اُنھیں نجات دہندہ پر توّکل کا احساس ہو گیا تھا۔ اُس نے اُن کا اَیسا اِیمان دیکھ کر اُن کی حوصلہ افزائی فرمائی۔ مورمن نے اُنھیں یہ دِکھانے کے لیے اُن کی جُرات افزائی کا سِلسِلہ جاری رکھا کہ اُن کا اِیمان اور فروتنی اُن کی جدوجہد میں کام یابی کے واسطے اُن کے اعتقاد اور اُن کے اعتماد کو پَیدا کرے گا:

”اور پھر میرے پیارے بھائیو، مَیں اب اُمید کے مُتعلق تُم سے کلام کروں گا۔ یہ کیسے ہو کہ تُم بغیر اُمید رکھے اِیمان پاؤ؟

”اور کس بات کی تُمھیں اُمید رکھنا ہے؟ دیکھو میں تُم سے کہتا ہوں کہ تُم مسِیح کے کفارے کے وسیلے سے اور اُس کے جی اُٹھنے کی قُدرت سے اُمِید پاؤ گے،کہ اَبَدی زِندگی میں اُٹھائے جاؤ، اور یہ اُس وعدے کے مُطابق اُس پر تُمھارے اِیمان کی بدولت ہے۔

”پَس، اگر اِنسان اِیمان لاتا ہےتو اُسے یقیناً اُمید بھی ہونی چاہیے؛ کیوں کہ اِیمان کے بغیر اُمِید قائم نہیں ہو سکتی۔

”اور پھر، دیکھو مَیں تم سے کہتا ہُوں کہ وہ اِیمان اور اُمید نہیں پا سکتا، جب تک وہ مُنکسرالمزاج، اور دِل کا فروتن نہ ہو۔“۲

پھر مورمن یہ گواہی دے کر اُن کی ہمت افزائی کرتا ہے کہ وہ اُس نعمت کو پانے کے لیے گام زن ہیں جو اُن کے دِلوں کو مسِیح کے سچّے عِشق سے معمُور کرتی ہے۔ وہ اُن کے لیے یِسُوع مسِیح میں اِیمان، حلیمی، عاجزی، رُوحُ القُدس، اور اَبَدی زِندگی کے حصُول کی پختہ اُمید کے مُعاملات کو ایک ساتھ باندھتا ہے۔ وہ اِس طرح اُن کی جُراَت افزائی کرتا ہے:

”اگر ایسا ہے، تو اُس کا اِیمان اور اُمید بے فائدہ ہے، کیوں کہ خُدا کے سامنےمنکسر المزاج اور دل کے فروتن کے سِوا کوئی بھی قابلِ لائق نہیں؛ اور اگر اِنسان منکسر المزاج اوردِل کا فروتن ہو، اوررُوحُ القُدس کی قُدرت سے اِقرار کرے کہ یِسُوع اَلمسِیح ہے، ضرُور ہے کہ اُس میں محبت ہو، پس اگر اُس میں محبت نہیں وہ کُچھ بھی نہیں؛ پَس ضرُور ہے کہ اُس میں محبت ہو۔“۳

پِیچھے مُڑ کر، اب مَیں دیکھتا ہُوں کہ محبّت کی اُس نعمت نے—مسِیح کا سچّا عِشق—نے کس طرح میری ماں کو اصلی گھر جانے کی جدوجہد میں تقویت عطا کی، ہدایت بخشی، تھامے رکھا اور تبدِیل کِیا۔

”محبّت صابِر ہے، اور مِہربان ہے، اور حَسد نہیں کرتی، اور شَیخی نہیں مارتی، اور اپنی بِہتری نہیں چاہتی، بدگُمانی نہیں کرتی، بدکاری سے خُوش نہیں ہوتی بلکہ راستی سے خُوش ہوتی ہے، سب کُچھ سہہ لیتی ہے، سب کُچھ یقِین کرتی ہے، سب باتوں کی اُمِّید رکھتی ہے، سب باتوں کی برداشت کرتی ہے۔

”پَس، میرے پیارے بھائیو، اگر تُم میں محبّت نہیں، تُم کُچھ بھی نہیں، چُوں کہ محبّت کو زوال نہیں۔ لہٰذا محبّت سے لِپٹے رہو، جو اِن سب سے افضل ہے، کیوں کہ سب چِیزیں ضرُور موقُوف ہو جائیں گی—

”بلکہ محبت مسِیح کا سچّا عِشق ہے اور یہ ہمیشہ تک برداشت کرتی ہے اور یومِ آخِر کو جس میں یہ ہو گی اُس کا بھلا ہو گا۔

”پَس، میرے پیارے بھائیو، باپ سے اپنے دِل کی ساری طاقت کے ساتھ دُعا کرو، کہ تُمھیں اِس محبّت سے سرشار کر دے، جو اُس نے اُن سب کو عطا کی ہُوئی ہے جو اُس کے بیٹے، یِسُوع مسِیح، کے سچّے شاگِرد ہیں؛ تاکہ تُم خُدا کے فرزند بن سکو؛ تاکہ جب وہ ظاہر ہو تو ہم اُس کی مانِند ہوں، پَس ہم اُس کو وَیسا دیکھیں گے جَیسا وہ ہے؛ چُناں چہ ہم اِس اُمِّید کو پا سکیں؛ کہ ہم اُسی طرح پاک کِیے جا سکیں جِس طرح وہ پاک ہے۔“۴

مَیں مورمن کی جُراَت افزائی کی تعلیم اور مثال کا شُکر گُزار ہُوں۔ مَیں اپنی والدہ کی میراث سے بھی فیض یاب ہُوا ہوں۔ آدم سے لے کر موجُودہ نبِیوں کی تعلیم اور نمونے سے مُجھے تقویت مِلی۔

جن لوگوں کو میں ذاتی طور پر جانتا ہُوں اور اُن کے خاندانوں کے احترام میں، مُیں نے اُن کی پریشانیوں کی تفصیلات کی تصدیق کرنے یا اُن کی ارفع و اعلیٰ نعمتوں کے بارے میں عوامی سطح پر بات نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پھر بھی جو کچھ مَیں نے دیکھا ہے اُس نے میری جُراَت افزائی کی ہے اور میری بھلائی کے لیے بدل دیا ہے۔

مَیں اپنی اَہلیہ کی جُراَت افزائی کی مُختصر کہانی شامِل کروں گا، اُس کی خلوّت میں مداخلت کا خطرہ مُول لیتے ہُوئے۔ مَیں بڑی احتیاط برتُوں گا۔ وہ اِنتہائی خلوّت پسند شخص ہے جو نہ تو تعریف کی طلب گار ہوتی ہے اور نہ پسند کرتی ہے۔

ہمارے بیاہ کو ۶۰ برس بِیت چُکے ہیں۔ اُس تجربے کی وجہ سے مَیں اب اِن صحیفائی نوِشتوں کے معانی سمجھتا ہُوں: اِیمان، اُمِید، فروتنی، برداشت، اپنی بہتری نہ چاہنا، راستی میں خُوش ہونا، نہ بدی کا سوچنا، اور سب سے افضل محبت ہے۔۵ اِس تجربے کی بِنا پر، مَیں گواہی دے سکتا ہُوں کہ اِنسان اِن تمام اعلیٰ اِقدار کو اپنی روزمرہ کی زِندگی میں اپناسکتا ہے جب وہ زِندگی سے لڑنے کے لیے اُٹھ کھڑے ہوتے ہیں۔

لاکھوں سُننے والوں آپ اَیسے لوگوں کو جانتے ہو۔ آپ میں سے بُہت سے لوگ اَیسے ہی ہیں۔ ہم سب کو ایسی جُراَت افزا مثالوں اور محبّت کرنے والے دوستوں کی ضرُورت ہے۔

جب آپ کسی کے ساتھ اُن کی خدمت گُزار بہن یا بھائی کی حیثیت سے بیٹھتے ہیں، تو آپ خُداوند کی نمایندگی کرتے ہیں۔ سوچیں کہ وہ کیا کرے گا یا کہے گا۔ یِسُوع مسِیح سب کو اپنے پاس آنے کی دعوت دے گا۔ وہ اُن کی جُراَت افزائی کرے گا۔ وہ اِن تبدیلیوں کے آغاز کو دیکھے گا اور اُن کی تعریف کرے گا جِنھیں اپنانے کی ضرُورت ہوگی۔ اور وہ اُن کی تقلید کے لیے کامِل نمونہ ہوگا۔

ابھی تک کوئی بھی مکمل طور پر اِیسا نہیں کر سکتا، لیکن اِس مجلِس کو سُن کر، آپ جان سکتے ہیں کہ آپ اُسی طرف گام زن ہیں۔ نجات دہندہ آپ کی پریشانیوں کو تفصیل سے جانتا ہے۔ وہ آپ کے اِیمان، اُمِید، اور محبّت میں بڑھنے کی بڑی صلاحیت کو جانتا ہے۔

جو احکام اور عہُود وہ آپ کو عطا کرتا ہے وہ آپ کو زیرِدست کرنے کے لیے اِمتحان نہیں ہیں۔ وہ عطا ہیں جو آپ کو خُدا کی ساری نعمتیں پانے اور ہمارے آسمانی باپ اور خُداوند کے پاس واپس لے جانے کے لیے ہیں، جو آپ سے محبت کرتے ہیں۔

یِسوع مسِیح نے ہمارے گُناہوں کی قیمت ادا کی۔ ہم ہمیشہ کی زِندگی کی نعمت کا دعویٰ کر سکتے ہیں اگر ہم توبہ کرنے کے لیے اُس پر کافی اِیمان لاتے اور چھوٹے بچّے کی مانِند بنتے ہیں، اور خُدا کی سب سے زیادہ اعلیٰ و ارفع نعمتوں کو پانے کے لیے پاک ہوتے اور تیاری کرتے ہیں۔

مَیں دُعا کرتا ہُوں کہ آپ اُس کی دعوت کو قبُول کریں گے اور آپ اِس کو ہمارے آسمانی باپ کی دیگر اُمّتوں پیش کریں گے۔

مَیں دُنیا بھر میں اپنے مُبلغین کے لیے دُعا کرتا ہوں۔ وہ ہر اُس شخص کو طلب گار ہونے اور اِیمان لانے کی جُراَت افزائی کے لیے اِلہام پائیں چُوں کہ دعوت یِسُوع مسِیح کی طرف سے اُس کے بندوں کے وسِیلے سے ہے جنھوں نے اپنے تئیِں اُس کا نام اپنایا ہے۔

مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ وہ زِندہ ہے اور اپنی کلِیسیا کی ہدایت فرماتا ہے۔ مَیں اُس کا شاہِد ہُوں۔ صدر رسل ایم نیلسن ساری دُنیا کے واسطے خُدا کے زِندہ کے نبی ہیں۔ مَیں جانتا ہُوں کہ یہ سچّ ہے۔ یِسُوع مسِیح کے مُقدّس نام پر، آمین۔