مجلسِ عامہ
دُشمن کے خِلاف مزاحم زِندگی کی تعمیر کرنا
مجلسِ عامہ اکتوبر ۲۰۲۲


دُشمن کے خِلاف مزاحم زِندگی کی تعمیر کرنا

مَیں دُعا کرتا ہوں کہ ہم اپنے آسمانی باپ کی طرف سے تحریر کردہ اِلٰہی ڈیزائن کے منصُوبوں اور تکنیکی خصوصیات کے مطابق اپنی زِندگیوں کی تعمیر جاری رکھیں۔

کانفرنس سنٹر کے اِس خُوب صُورت منبر سے کئی برسوں سے، ہم نے شاندار مشورت، اِلہام، ہدایت، اور مکاشفہ حاصل کِیا ہے۔ کبھی کبھار، مُقررین نے یِسُوع مسِیح کی اِنجیل کے اصول کو واضح اور قوّی طور پر بیان کرنے کے لیے اپنے عِلم اور تجَربے کے شعبوں سے وابستہ موازنوں کا استعمال کیا ہے۔

اِس طرح، مثال کے طور پر، ہم نے ہوائی جہازوں اور پروازوں کے بارے میں سیکھا ہے جن میں ایک چھوٹا سا ابتدائی اِنحِراف ہمیں اپنی اصل مَنزِل سے بہت دُور مقام پر لے جا سکتا ہے۔۱ اِسی طرح، ہم نے اپنے جسمانی دِل کے فعل کے موازنے سے سیکھا ہے کہ خُداوند کی پیروی کرنے کی دعوت کو قبول کرنے کے لیے دِل کی بڑی تبدیلی کی ضرورت ہوتی ہے۔۲

اِس بار، مَیں بڑی فروتنی سے اپنی پیشہ ورانہ تیاری کے شعبے میں سے ایک اِلہامی موازنہ شامل کرنا چاہوں گا۔ مَیں سِول انجینئرنگ کی دُنیا کا حوالہ پیش کر رہا ہوں۔ اپنی یونیورسٹی کی پڑھائی کے آغاز سے ہی، مَیں نے اُس دِن کا خواب دیکھا تھا جب مَیں کلاس لینے کے لیے اہل ہونے کی شرائط کو پُورا کرُوں گا جو مُجھے یہ سِکھائے گی کہ عمارتوں اور دیگر ڈھانچوں کو کیسے ڈیزائن کرنا ہے جِن کو پِھر ” زلزلہ مخالف “ تصور کِیا جا سکے۔

آخرکار اِس مضمُون پر میری پہلی کلاس کا دِن آ پہنچا۔ پروفیسر کے پہلے الفاظ درج ذیل تھے: ”آپ یقیناً اِس کورس کو شروع کرنے اور زلزلہ مخالف ڈھانچوں کو ڈیزائن کرنے کا طریقہ سیکھنے کے لیے بے چین ہیں،“جس پر ہم میں سے بہت سے لوگوں نے بے تابی سے سَر ہلایا۔ پھر پروفیسر نے کہا، ”مُجھے آپ کو یہ بتاتے ہوئے افسوس ہو رہا ہے کہ یہ مُمکن نہیں ہے، کیونکہ مَیں آپ کو یہ نہیں سِکھا سکتا کہ ایسی عمارت کو کیسے ڈیزائن کِیا جائے جو ’بَر خلاف‘ ہو-، جو کہ مخالف ہو، یا جو زلزلے کے بَرعکس ہو۔ اِس کا کوئی مطلب نہیں،“ اُس نے کہا ”کیونکہ زلزلے بہرحال آئیں گے، چاہے ہم اِنھیں پسند کریں یا نہ کریں۔“

پِھر اُس نے مزید کہا، ” مَیں آپ کو یہ سِکھا سکتا ہوں کہ ایسے ڈھانچے کو کیسے ڈیزائن کِیا جائے جو زلزلے سے مزاحم ہوں، ایسے ڈھانچے جو زلزلے سے آنے والی قُوتوں کے خلاف مزاحمت کر سکیں، تاکہ ڈھانچہ بغیر کسی شدید نقصان کے کھڑا رہے اور پھر خِدمت کی پیشکش جاری رکھ سکےجس کے لیے یہ تعمیر کِیا گیا تھا۔“

انجینئر ایسا حساب کِتاب کرتا ہے جو بُنیادوں، ستُونوں، شہتیروں، کنکریٹ کی سلیبوں اور ڈیزائن کیے جانے والے دیگر ساختی عناصر کے طُول و عرض، معیار اور خصوصیات کی نشاندہی کرتا ہے۔ یہ نتائج منصُوبوں اور تکنیکی خصوصیات میں ڈھالے جاتے ہیں، جن پر معمار کو سختی سے عمل پیرا ہونا چاہیے تاکہ کام کو عملی جامہ پہنایا جا سکے اور یُوں اُس مقصد کو پورا کِیا جا سکے جس کے لیے اِسے ڈیزائن کیا گیا تھا اور بنایا جا رہا ہے۔

اگرچہ زلزلہ مخالف انجینئرنگ کی پہلی کلاس کو ۴۰ سال سے زائد بیت چکے ہیں، مُجھے وہ لمحہ بالکل یاد ہے جب مَیں نے اِس ضروری اہمیت کے بارے میں مزید گہری، اور زیادہ مُکمل سمجھ حاصل کرنا شروع کی تھی کہ یہ تصور اُس ڈھانچے میں موجود ہوگا جو مَیں اپنی مستقبل کی پیشہ ورانہ زِندگی میں ڈیزائن کرُوں گا۔ نہ صرف یہ، بلکہ اِس سے بھی زیادہ اہم—یہ کہ یہ مستقل طور پر میری اپنی زندگی کی اصلاح میں اور اُن لوگوں میں موجود رہے گا جن پر مَیں مثبت اثر ڈال سکتا ہوں۔

ہم کتنے مُبارک ہیں کہ ہم آسمانی باپ کی طرف سے تخلیق کردہ نجات کے منصُوبے کے عِلم کو، یِسُوع مسِیح کی بحال شُدہ اِنجیل کو پاتے، اور زِندہ نبیوں کی اِلہامی ہدایت پر بھروسا کرتے ہیں ! تمام سابقہ چیزیں اِلٰہی طور پر ڈیزائن کردہ ”منصُوبوں“ اور ”تکنیکی خصوصیات“ پر مُشتمِل ہیں جو ہمیں واضح طور پر سِکھاتی ہیں کہ کِس طرح خُوش گوار زِندگیوں کی تعمیر کی جاتی ہے—ایسی زِندگیاں جو گناہ کے خلاف مزاحم، آزمایش کے خلاف مزاحم، شیطان کے حملوں کے خلاف مزاحم ہوں، وہ جو شدّت سے کوشاں ہے کہ ہماری ابدی تقدیر کو مایوس کرے جو کہ ہمارے آسمانی باپ کے ساتھ اور ہمارے پیارے خاندانوں کے ساتھ رہنا ہے۔

نجات دہندہ خُود، اپنی خدمت کے آغاز میں، ”اِبلیس کی آزمایش میں پڑنے کے لیے چھوڑ دِیا گیا تھا۔“۳ لیکن یِسُوع اِس عظیم آزمایش سے کامیاب ہو کر نکلا۔ شیطان مخالف یا آزمایش مخالف رویہ رکھنے سے اُس کی مدد کیسے ہُوئی تھی؟ جس چیز نے یِسُوع کو اِن مُشکل ترین لمحات سے فاتحانہ طور پر نکلنے میں مدد کی وہ اُس کی رُوحانی تیاری تھی، جس نے اُسے دُشمن کی آزمایشوں کے خلاف مزاحمت کرنے کی حالت میں رہنے کی اِجازَت دی۔

وہ کون سے چند عوامل تھے جنھوں نے نجات دہندہ کو اِس اہم لمحے کے لیے تیار رہنے میں مدد کی؟

اوّل، اُس نے ۴۰ دِن اور ۴۰ راتوں کا روزہ رکھا، ایک ایسا روزہ جس میں مُسلسل دُعا کے ساتھ ہونا ضروری تھا۔ پَس، اگرچہ وہ جسمانی طور پر کمزور تھا، مگر اُس کا رُوح بہت مضبُوط تھا۔ اگرچہ، خُوش قِسمتی سے، ہمیں اتنی مدت کے لیے روزہ رکھنے کو نہیں کہا گیا ہے—بلکہ صرف ۲۴ گھنٹے اور مہینے میں ایک بار—روزہ ہمیں رُوحانی مضبُوطی بخشتا ہے اور ہمیں اِس زِندگی کی آزمایشوں میں مزاحم ہونے کے لیے تیار کرتا ہے۔

دُوسری جگہ پر، نجات دہندہ کو جن آزمایشوں میں ڈالا گیا تھا، ہم دیکھتے ہیں کہ اُس نے ہمیشہ صحائف کو ذہن میں رکھتے ہُوئے شیطان کو جواب دیا، اُن کا حوالہ دیا، اور صحیح وقت پر اُن کا اطلاق کِیا۔

جب شیطان نے اُسے پتھروں کو روٹی میں بدلنے کے لیے آزمایا تاکہ وہ اپنے طویل روزے سے اپنی بھوک مِٹا سکے، تو خُداوند نے اُس سے کہا، ”لِکھا ہے کہ، اِنسان صِرف روٹی ہی سے جِیتا نہ رہے گا، بلکہ ہر اُس بات سے جو خُدا کے مُنہ سے نِکلتی ہے۔“۴ پھر، جب خُداوند ہیکل کے کنگرے پر تھا، اِبلیس نے اُسے آزمانے کی کوشش کی کہ وہ اپنی قُدرت کا مظاہرہ کرے، جس کا خُداوند نے اختیار کے ساتھ جواب دِیا: ”یہ بھی لِکھا ہے کہ، تُو خُداوند اپنے خُدا کی آزمایش نہ کر۔“۵ اور شیطان کی تیسری کوشش پر، خُداوند نے جواب دِیا، ”لِکھا ہے کہ، تُو خُداوند اپنے خُدا کو سِجدہ کر، اور صِرف اُسی کی عبادت کر۔“۶

زلزلے کا واقعہ اُن ڈھانچوں پر بھی اپنا نشان چھوڑتا ہے جو صحیح طریقے سے ڈیزائن اور تعمیر کیے گئے تھے—اِس کے نتیجے میں شاید کچھ دراڑیں، گِرے ہُوئے فرنیچر یا چھتیں، اور ٹوٹی ہُوئی کھڑکیاں۔ لیکن یہ اچھی طرح سے ڈیزائن اور اچھی طرح سے تعمیر شُدہ عمارت اپنے مکینوں کی حفاظت کے اپنے مقصد کو پورا کرے گی، اور کُچھ مرمت کے ساتھ، یہ اپنی اصل حالت میں بحال ہوجائے گی۔

اِسی طرح، کامل اِلٰہی ڈیزائن کے مُطابِق اپنی زِندگیوں کو تعمیر کرنے کی ہماری کوششوں کے باوجود، دُشمن کے مُسلسل حملے ہماری زِندگیوں میں ”دراڑوں،“ یا کچھ جُزوی نُقصان کا سبب بن سکتے ہیں۔ یہ ”دراڑیں“ غمگینی یا ندامت کے احساسات کے ذریعے خُود کو ظاہر کر سکتی ہیں کہ ہم نے کچھ غلطیاں کی ہیں اور ہر کام کامل طور پر نہیں کِیا، یا یہ محسوس کرنے کے لیے کہ ہم اُتنے اچھے نہیں جِتنے ہم بننا چاہتے ہیں۔

لیکن جو چیز واقعی متعلقہ ہے وہ یہ ہے کہ اِلٰہی طور پر ڈیزائن کردہ منصُوبوں اور خصوصیات، یعنی، یِسُوع مسِیح کی خُوشخبری، پر عمل کرنے کے باعث ہم ابھی تک کھڑے ہیں۔ دُشمن کی کوششوں یا ہمیں در پیش مُشکل حالات کی بدولت ہماری زِندگیوں کا ڈھانچہ تباہ نہیں ہُوا ہے؛ بلکہ، ہم آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں۔

ہمارے وجود کے مقصد کے طور پر صحائف میں وعدہ کی گئی خُوشی۷ کا مطلب یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ ہمیں کوئی مُشکلات یا غم نہیں ہوں گے، کہ آزمایشوں، مُشکلات کے نتائج، یا ہماری زمینی زِندگی کی حقیقی آزمایشوں کے نتیجے میں ہمیں کوئی ”دراڑیں“ نہ ہوں گی۔

اِس خُوشی کا تعلُق نیفی کی زِندگی کے تناظر سے ہے جب اُس نے کہا، ”مَیں نے اپنی زندگی میں بُہت مُصِیبتیں دیکھی ہیں، تو بھی، مَیں اپنی ساری عُمر خُداوند کا زبردست منظُورِ نظر رہا ہُوں۔“۸ اپنی ساری عُمر! حتیٰ کہ وہ ایّام جب نیفی کو اپنے ہی بھائیوں کی نا سمجھی اور اِنکار کے دوران برداشت کرنا پڑا، یہاں تک کہ جب اُنھوں نے کشتی میں اُس کو باندھا، حتیٰ کہ اُس دن جب اُس کے باپ، لیحی، کا اِنتقال ہُوا، یہاں تک کہ جب لامن اور لیموئیل اُس کے لوگوں کے جانی دُشمن بن گئے۔ حتیٰ کہ اِن مُشکل ایّام میں بھی، نیفی نے اپنے آپ کو خُداوند کا زبردست منظُورِ نظر محسوس کِیا۔

ہم یہ جان کر سکون پا سکتے ہیں کہ خُداوند ہمیں کبھی بھی اِس سے زیادہ آزمایش میں پڑنے کی اجازت نہیں دے گا جس سے ہم مُقابلہ نہ کرسکیں۔ ایلما ہمیں ”ہوشیار رہنے اور مُسلسل دُعا کرنے کی، دعوت دیتا ہے، تاکہ [ہم] اُس آزمایش میں نہ پڑیں جو [ہماری] برداشت سے باہر ہو، اور یُوں حلیم، فروتن، فرماں بردار، صبر، محبت سے معمور اور سارے تحمّل کے ساتھ رُوحُ القُدس کی راہ نُمائی میں چلیں۔“۹

اِسی کا اطلاق زِندگی کی آزمایشوں پر بھی کِیا جا سکتا ہے۔ عمون ہمیں خُداوند کے کلام کی یاد دِلاتا ہے کہ:”جاؤ … اور صبر کے ساتھ اپنی مصیبتوں کو برداشت کرو، اور مَیں تُمھیں کامیابی دُوں گا۔“۱۰

جب ہم مصیبت، آزمایش، نا سمجھی، کمزوری، اور حتیٰ کہ موت کا سامنا کرتے ہیں تو خُداوند ہمیشہ ہمیں مدد فراہم کرتا ہے۔ اُس نے فرمایا ہے,”اور اب، مَیں تُم سے سچ کہتا ہُوں، اور جو کُچھ مَیں کِسی ایک سے کہتا ہُوں مَیں وہ سب سے کہتا ہُوں، خاطر جمع رکھو، چھوٹے بچو؛ کیوں کہ مَیں تمھارے درمیان میں ہوں، اور مَیں نے تُمھیں ترک نہیں کِیا ہے“۱۱ وہ ہمیں کبھی بھی ترک نہیں کرے گا!

مَیں دُعا کرتا ہوں کہ ہم اپنے باپ کی طرف سے تحریر کردہ اِلٰہی ڈیزائن کے منصُوبوں اور تکنیکی خصوصیات کے مطابق اپنی زِندگیوں کی تعمیر جاری رکھیں۔ پَس، اُس فضل کی بدولت جو ہمارے نجات دہندہ کے کفارے کے وسیلے سے ہم تک پہنچتا ہے، ہم گُناہ کے خلاف مزاحم زِندگی تعمیر کرنے میں کامیاب ہوں گے، آزمایش میں مزاحم ہوں گے، اور اپنی زِندگیوں میں اُداس، اور مُشکل اوقات کو برداشت کرنے کے لئے مضبُوط ہوں گے۔ اور مزید برآں، ہم اپنے باپ اور نجات دہندہ کی مُحبت کے ذریعے وعدہ کی گئی تمام برکات تک رسائی حاصل کرنے کی حالت میں ہوں گے۔ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔