صحائف
عقائد اور عہُود ۶


فصل ۶

اَپریل ۱۸۲۹، ہار مونی، پنسلوانیا میں، نبی جوزف سمِتھ اور اولیور کاؤڈری کو دیا گیا مُکاشفہ۔ ۷ اَپریل ۱۸۲۹ کو اولیور کاؤڈری نے مورمن کی کِتاب کے ترجمے میں بطور کاتب خدمات شُروع کیں۔ اُس نے نبی کی گواہی کی سچّائی کا اِلہامی ظُہُور پہلے ہی حاصل کر لیا تھا اُن اَوراق سے مُتعلّق جِن پر مورمن کی کِتاب کُندہ تھی۔ نبی نے اوریم اور تمیم کے وسِیلے سے خُداوند سے دریافت کِیا اور یہ جواب پایا۔

۱–۶، خُداوند کے کھیت کے مزدُور نجات پاتے ہیں؛ ۷–۱۳، نجات کی نعمت سے بڑھ کر کوئی نعمت نہیں؛ ۱۴–۲۷، سچّائی کی گواہی رُوح کی قُدرت سے ملتی ہے؛ ۲۸–۳۷، مسِیح پر بھروسا رکھو، اور ہمیشہ نیکی کرو۔

۱ اَرفع اور نِرالا کام بنی آدم کے درمیان رُونما ہونے کو ہے۔

۲ دیکھو، مَیں خُدا ہُوں؛ میرے کلام پر توجہ دو، جو کہ زِندہ اور مؤثر، دو دھاری تلوار سے زیادہ تیز، بند بند اور گُودے گُودے کو دو لخت کر کے گُزر جاتا ہے؛ پَس میرے کلام پر توجہ دو۔

۳ دیکھو، فصل کٹائی کے لیے پہلے ہی پک گئی ہے؛ جو کوئی کاٹنے کا خواہاں ہے، وہ پُوری قُوّت سے درانتی چلائے اور دِن کے ختم ہونے تک کٹائی کرے، تاکہ وہ اپنی رُوح کی اَبَدی نجات کے لیے خُدا کی بادِشاہی میں جمع کر سکے۔

۴ ہاں، جو کوئی اپنی درانتی چلائے گا اور کاٹے گا، وہی خُدا کی طرف سے بُلایا ہُوا ہے۔

۵ پَس، اگر تُم مُجھ سے مانگو گے تُم پاؤ گے؛ اگر کھٹکھٹاؤ تو تُمھارے واسطے کھولا جائے گا۔

۶ اب، کیوں کہ تُم نے مانگا ہے، دیکھو، مَیں تُم سے کہتا ہُوں، میرے حُکموں کو مانو، اور صِیُّون کی تیاری اور قیام کے دعویٰ کو تلاش کرو؛

۷ دَولت کی نہیں بلکہ حِکمت کی تلاش میں رہ، اور دیکھ، خُدا کے بھید تُجھ پر آشکار کیے جائیں گے، اور پھِر تُو اَبَدی دَولت سے مالا مال کِیا جائے گا۔ دیکھ، وہ جِس کے پاس اَبَدی زِندگی ہے دَولت مند ہے۔

۸ مَیں تُجھ سے، سچّ، سچّ کہتا ہُوں، جَیسا تُو مُجھ سے چاہے گا وَیسا تیرے لیے ہوگا؛ اور اگر تُو چاہتا ہے، تُو اِس نسل کے لیے بُہت زیادہ نیکی کا وسِیلہ بنے گا۔

۹ اِس نسل سے توبہ کے سِوا کُچھ نہ کہنا؛ میرے حُکموں کو مان، اور میرے حُکموں کے مُطابق، میرے کام کی تیاری میں مدد کر، اور تُو برکت پائے گا۔

۱۰ دیکھ تیرے پاس نعمت ہے، اور اِس نعمت کی بدولت تُو مُبارک ہے۔ یاد رکھ یہ مُقَدَّس ہے اور عالمِ بالا سے آتی ہے—

۱۱ اور اگر تُم دریافت کرو گے تو تُم وہ بھید جان جاؤ گے جو عظیم اور نِرالے ہیں؛ اِس لیے اپنی نعمت کو اِستعمال کرو گے، تاکہ بھیدوں کو جان سکو، کہ تُم بُہتیروں کو سچائی کے عِلم کی طرف لاؤ، ہاں، اُن کی غلط روِشوں کی ملامت کرو۔

۱۲ اپنے عقیدے والوں کے سِوا کسی سے اپنی نعمت کے بارے میں نہ کہنا۔ مُقَدَّس چِیزوں کے ساتھ حقارت آمیز برتاؤ نہ کرنا۔

۱۳ اگر تُم نیکی کرو گے، ہاں، اور آخِر تک وفادار رہو گے، خُدا کی بادِشاہی میں بچائے جاؤ گے، جو کہ خُدا کی نعمتوں میں سے سب سے زیادہ افضل ہے؛ پَس نجات کی نعمت سے بڑھ کر کوئی نعمت نہیں ہے۔

۱۴ مَیں تُم سے سچّ، سچّ، کہتا ہُوں، تُم نے جو کِیا ہے اُس کے لیے مُبارک ہو؛ کیوں کہ تُم نے مُجھ سے دریافت کِیا ہے اور دیکھو، جتنی مرتبہ تُم نے مُجھ سے دریافت کِیا ہے تُم نے میرے رُوح سے ہدایت پائی ہے۔ اگر اَیسا نہ ہُوا ہوتا، تو تُم اِس مقام تک نہ آ پاتے جہاں تُم اِس وقت ہو۔

۱۵ دیکھ، تُو جانتا ہے کہ تُو نے مُجھ سے دریافت کِیا ہے اور مَیں نے تیرے ذہن کو مُنوّر کِیا؛ اور اب مَیں یہ باتیں تُجھ سے اِس لیے کہتا ہُوں کہ تُو جان لے کہ تُو سچّائی کے رُوح کے وسِیلے سے مُنوّر کِیا گیا ہے۔

۱۶ ہاں، مَیں تُجھے بتاتا ہُوں، کہ تُو جان لے کہ سِوا خُدا کے کوئی نہیں جو تیرے خیالوں اور دِل کے اِرادوں کو جانتا ہے۔

۱۷ مَیں یہ باتیں تُجھے گواہی کے طور پر بتاتا ہُوں—کہ کلام یا تصنیف جو تُو لِکھ رہا ہے وہ سچّ ہیں۔

۱۸ پَس مُستَعِد ہو؛ اور وفاداری سے، میرے خادِم جوزف کے ساتھ کھڑا رہ، چاہے وہ اِس کلام کی خاطر کیسے بھی مُشکل حالات میں ہو۔

۱۹ اُس کی غلطیوں میں اُس کی ملامت کر، اور اُس کی تادیب بھی قَبُول کر۔ صابر ہو؛ سنجیدہ رہو؛ متحمل مزاج بنو؛ صبر، اِیمان، اُمید، اور محبّت رکھو۔

۲۰ دیکھ، تُو اولیور ہے، اور مَیں تیری حسرت کے سبب تُجھ سے ہم کلام ہُوا ہُوں؛ پَس اِن باتوں کو اپنے دِل میں محفُوظ رکھ۔ خُدا کے حُکموں کو ماننے میں مُستَعِد اور وفادار رہ، اور مَیں اپنی محبّت کی بانہوں میں تُجھے جکڑ لُوں گا۔

۲۱ دیکھ، مَیں یِسُوع مسِیح ہُوں، خُدا کا بیٹا۔ مَیں وہی ہُوں جو اپنوں میں آیا اور میرے اپنوں نے مُجھے قَبُول نہ کِیا۔ مَیں نُور ہُوں جو تارِیکی میں چمکتا ہے اور تارِیکی اِسے قَبُول نہیں کرتی۔

۲۲ مَیں تُجھ سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، اگر تُو مزید گواہی چاہتا ہے، اُس رات کو یاد کر جب تُو نے اِن باتوں کی سچّائی جاننے کی بابت اپنے دِل میں مُجھ سے اِلتجا کی۔

۲۳ کیا مَیں نے تیرے ذہن کو اِس مُعاملے میں اِطمینان نہیں بخشا؟ اِس سے بڑھ کر اور کون سی گواہی تُو خُدا سے پا سکتا ہے؟

۲۴ اور اب، دیکھو، تُم نے گواہی پائی ہے؛ پَس اگر مَیں نے تُمھیں وہ باتیں بتائی ہیں جِنھیں کوئی آدمی نہیں جانتا تو کیا تُم نے گواہی نہیں پائی؟

۲۵ اور، دیکھ، اگر تُو مُجھ سے چاہتا ہے، مَیں تُجھے، اپنے خادِم جوزف کی مانِند، ترجمہ کی نعمت بخشتا ہُوں۔

۲۶ مَیں تُجھ سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، کہ نوِشتے ہیں جِن میں میری بُہت ساری اِنجِیل ہے، جو لوگوں کی بدکاری کے سبب پوشیدہ رکھی گئی؛

۲۷ اور اب مَیں تُجھے حُکم دیتا ہُوں، کہ اگر تیرے اِرادے نیک ہیں—آسمان پر اپنے لیے خزانہ جمع کرنے کی آرزُو—تُو اپنی نعمت کے وسیلے سے، میرے صحائف کے اُن حِصّوں کو جو بدی کے سبب پوشیدہ رکھے گئے تھے، ظاہر کرنے میں مدد کرے گا۔

۲۸ اور اب، دیکھ، مَیں تُجھے، اور اپنے خادِم جوزف کو اِس نعمت کی کُنجیاں دیتا ہُوں، جو اِس خدمت کو ظاہر کرے گی؛ اور دو یا تین گواہوں کی زبان سے ہر بات ثابت ہو جائے گی۔

۲۹ مَیں تُم سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، اگر وہ میرے کلام، اور میری اِنجِیل اور خدمت کے اِس حِصّے کو رَدّ کرتے ہیں، تو تُم مُبارک ہو، کیوں کہ وہ تُمھیں مُجھ سے زیادہ رد نہیں کر سکتے۔

۳۰ اور اگر وہ تُم سے وَیسا ہی کرتے ہیں جَیسا میرے ساتھ کِیا تھا، مُبارک ہو تُم، پَس تُم جلال میں میرے ساتھ سکُونت کرو گے۔

۳۱ بلکہ اگر وہ میرے کلام کو رَدّ نہیں کرتے، جو دی گئی گواہی کے سبب قائم ہوگا، وہ مُبارک ہیں، اور تب تُم اپنی محنتوں کے پھل میں خُوشی پاؤ گے۔

۳۲ مَیں تُم سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، جَیسا مَیں نے اپنے شاگِرد وں سے کہا تھا، جہاں دو یا تین میرے نام پر اِکٹھے ہوتے ہیں کسی بات پر اِتفاق کرنے کے واسطے، دیکھو، وہاں مَیں اُن کے بیچ میں ہُوں—جَیسے مَیں تُمھارے بیچ میں ہُوں۔

۳۳ میرے بیٹو نیکی کرنے سے مت ڈرو، کیوں کہ جو کُچھ تُم نے بویا، تُم وہی کاٹو گے؛ پَس، اگر تُم نے نیکی بوئی تو اپنے اَجر کے لیے تُم نیکی ہی کاٹو گے۔

۳۴ پَس، اَے چھوٹے گَلّے، نہ ڈر؛ نیکی کر؛ دُنیا اور دوزخ کو اپنے خِلاف اِکٹھے ہونے دے اگر تُو نے میری چٹان پر اپنا گھر بنایا ہے، تو وہ غالِب نہیں آ سکتے۔

۳۵ دیکھو، مَیں تُمھیں سزا وار نہیں ٹھہراتا؛ جاؤ اور پھِر گُناہ نہ کرنا؛ جِس اَمر کو پُورا کرنے کا مَیں نے تُمھیں حُکم دیا ہے اُسے سنجیدگی سے انجام دینا۔

۳۶ ہر بات میں مُجھ پر بھروسا رکھنا، شک نہ کرنا، نہ ڈرنا۔

۳۷ دیکھو یہ زخم جِن سے میری پسلی چھِد گئی، اور میرے ہاتھوں اور پیروں میں کِیلوں کے نِشان بھی؛ وفادار بنو، میرے حُکموں کو مانو، تو پھِر تُم آسمان کی بادِشاہی کے وارِث بنو گے۔ آمین۔