صحائف
ایلما ۶


باب ۶

ضریملہ کی کلِیسیا کو پاک صاف اور مُنظم کِیا جاتا ہے—ایلما جدعون میں مُنادی کے لِیے جاتا ہے۔ قریباً ۸۳ ق۔م۔

۱ اور اب اَیسا ہُوا کہ ایلما کے ضریملہ میں قائم کی گئی کلِیسیا کے لوگوں سے کلام کرنے کے بعد، اُس نے کاہنوں اور بُزرگوں کے سروں پر خُدا کے طریق کے مُطابق ہاتھ رکھ کر کلِیسیا کی سربراہی اور نگہبانی کے لِیے اُنھیں مخصُوص کِیا۔

۲ اور اَیسا ہُوا کہ کلِیسیا سے تعلُق نہ رکھنے والے جِس شخص نے بھی اپنے گُناہوں سے تَوبہ کی، اُنھیں تَوبہ کا بپتسما دِیا گیا اور کلِیسیا میں اُنھیں قبُول کِیا گیا۔

۳ اور ایسا بھی ہُوا کہ جو کوئی کلِیسیا سے تعلُق رکھتا تھا اور جِس نے اپنی بدیوں سے تَوبہ نہ کی اور خُدا کے سامنے اپنے آپ کو فروتن نہ کِیا—میری مُراد اُن سے ہے جو اپنے ہی دِل کے غرور میں مُتکبر تھے—وہی رد کر دیے گئے اور اُن کے نام مِٹا ڈالے گئے تاکہ اُن کے نام راست بازوں کے ساتھ شُمار نہ ہوں۔

۴ اور یُوں اُنھوں نے ضریملہ کے شہر میں کلِیسیا کو قائم کرنا شُروع کِیا۔

۵ اب مَیں چاہتا ہُوں کہ تُم سمجھو کہ سب کے لِیے خُدا کا کلام فیاضی کے ساتھ تھا تاکہ کوئی بھی اِکٹھے جمع ہو کر خُدا کے کلام کو سُننے کے حق سے محرُوم نہ رہے۔

۶ تاہم خُدا کے بچّوں کو حُکم دِیا گیا کہ وہ آپس میں اکثر مِلا کریں اور اُن جانوں کی بھلائی کے حق میں جو خُدا کو نہیں جانتیں، روزے رکھیں اور جوش سے دُعائیں کِیا کریں۔

۷ اور اب اَیسا ہُوا کہ جب ایلما یہ ضوابط بنا چُکا تو وہ اُن میں سے روانہ ہُوا، ہاں اُس کلِیسیا سے جو ضریملہ کے شہر میں تھی، اور دریاے صیدون کے مشرق کی طرف جدعون کی وادی میں گیا، جہاں ایک شہر بنایا گیا تھا، جِس کا نام جدعون کا شہر تھا اور جدعون نامی وادی میں تھا جِس کا نام اُس آدمی کے نام پر رکھا گیا جو نحُور کے ہاتھوں تلوار سے قتل ہُوا تھا۔

۸ اور ایلما گیا اور وادی ِجدعون میں قائم کلِیسیا میں، مُکاشفے کی سچّائی کے اُس کلام کے مُطابق جو اُس کے باپ دادا نے کِیا، اور نبُوّت کی رُوح کے مُطابق جو اُس میں تھی، خُدا کے بیٹے یِسُوع مسِیح کی گواہی کے مُطابق، جو اپنے لوگوں کو گُناہوں سے مُخلصی دینے آئے گا، اور پاک طریق کے وسِیلے جِس کے تحت وہ بُلایا گیا خُدا کے کلام کی مُنادی کرنے لگا۔ اور یہ اِسی طرح لکھا ہے۔ آمین۔