مجلسِ عامہ
خُداوند یِسُوع مسِیح کو پہن لو
مجلسِ عامہ اپریل 2024


خُداوند یِسُوع مسِیح کو پہن لو

اپنے عہُود کی پاس داری کرنے سے، ہم خُدا کو اِس قابل بناتے ہیں کہ وہ اُن عہُود سے وابستہ موعُودہ برکات کو کثرت سے ہم پر اُنڈیلے۔

جیسے جیسے میرے سب سے چھوٹے دو بچّے بڑھ رہے تھے، مَیں نے اَیسی کتابیں دریافت کِیں جو تفریحی اور دِل فریب تھیں مگر اُن کی کہانیوں میں علامتوں کا اِستعمال بھی کِیا جاتا تھا۔ جب ہم شام کو اِکٹھے پڑھتے تھے، تو مُجھے اپنے بچّوں کی علامات سمجھنے میں مدد کرنا پسند تھا جو مُصنف گہرے اُصُولوں، حتیٰ کہ اِنجِیلی اُصُولوں کو سِکھانے کے لیے اِستعمال کر رہا تھا۔

جب میرا چھوٹا بیٹا اِبتدائی نوعُمری میں تھا تو مَیں جانتی تھی کہ ایک دِن وہ کُتب پڑھنے کو پُوری طرح سمجھ جائے گا۔ اُس نے ایک نئی کِتاب شُروع کی تھی اور محض کہانی سے لُطف اَندوز ہونا چاہتا تھا، مگر اُس کا ذہن ہر چیز کے گہرے معانی ڈھُونڈنے کی کوشِش کرتا رہا جو وہ پڑھ رہا تھا۔ وہ مایُوس تھا، لیکن مَیں مَن ہی مَن میں مُسکرا رہی تھی۔

یِسُوع نے کہانیوں اور علامتوں کے ذریعے سے تعلیم دی1—اِیمان کی قُوت سِکھانے کے لیے رائی کا دانہ،2 جانوں کی قدر و قِیمت سِکھانے کے لیے کھوئی ہُوئی بھیڑ،3 خُدا کا کِردار سِکھانے کے لیے مُصرف بیٹا۔4 اُس کی تماثیل اَیسی علامتیں تھیں جن کے وسیلے سے وہ اُن لوگوں کو گہرے اَسباق سِکھا سکتا تھا جن کے پاس ”سُننے کو کان“ تھے۔5 لیکن وہ جو گہرے معانی کے مُتلاشی نہیں ہوتے وہ سمجھ نہیں پائیں گے،6 جس طرح بُہتیرے لوگ بالکل وہی کِتابیں پڑھتے تھے جو مَیں اپنے بچّوں کے لیے پڑھتی تھی مگر وہ کبھی بھی نہیں جانتے تھے کہ اُن کہانیوں کے گہرے مفہُوم اور بُہت زیادہ معانی ہیں۔

جب خُدا باپ نے اپنے اِکلوتے بیٹے کو ہمارے واسطے قُربانی کے طور پر پیش کِیا، تو یِسُوع مسِیح بذاتِ خُود ہم میں سے ہر ایک کے واسطے ہمارے آسمانی باپ کی لازوال محبّت کی اعلیٰ ترین علامت بن گیا۔7 یِسُوع مسِیح خُدا کا برّہ بن گیا۔8

ہمیں خُدا کے ساتھ عہد کے رِشتے میں دعوت پانے کا شَرف اور برکت حاصِل ہے، جس میں ہماری اپنی زِندگیاں اُس عہد کی علامت بن سکتی ہیں۔ عہُود اِس قِسم کے رِشتے اُستوار کرتے ہیں جو خُدا کو وقت کے ساتھ ہمیں ڈھالنے اور بدلنے اور ہمیں مزید مُنّجی کی مانِند بننے، ہمیں اُس کے اور ہمارے باپ کے پہلُو میں آنے9 اور آخِر کار اُن کی حُضُوری میں داخِل ہونے کے لیے تیار کرنے کی اِجازت دیتے ہیں۔

زمِین پر ہر ایک فرد خُدا کا پیارا بیٹا یا بیٹی ہے۔10 جب ہم کسی عہد کا حِصّہ بننے کا چُناؤ کرتے ہیں، تو یہ اُس کے ساتھ ہمارے رِشتے کو تقویت بخشتا اور مزید گہرا کرتا ہے۔ صدر رسل ایم نیلسن نے سِکھایا ہے کہ جب ہم خُدا کے ساتھ عہُود باندھنے کا فیصلہ کرتے ہیں، تو اُس کے ساتھ ہمارا رِشتہ ہمارے عہد باندھنے سے پہلے کی نِسبت بُہت زیادہ قریب ہو سکتا ہے، اور یہ اُسے اِس قابل بناتا ہے کہ وہ ہمیں اپنے رحم اور محبّت کے اِضافی پیمانہ سے برکت دے، ایک عہد کی محبّت جس کو عبرانی زُبان میں حیسَڈ کے طور پر جانا جاتا ہے۔11 راہِ عہد خُدا کے ساتھ ہمارے رِشتہ کی بابت ہے اُس کے ساتھ—ہمارا حیسَڈ کا تعلق ہے۔12

ہمارا باپ اپنے تمام بیٹوں اور بیٹیوں کے ساتھ گہرا رِشتا چاہتا ہے،13 مگر یہ ہمارے چُناؤ پر مُنحصر ہے۔ جب ہم عہد کے رِشتے کے وسیلے سے اُس کے قریب تر ہونے کا اِنتخاب کرتے ہیں، تو یہ اُسے ہمارے قریب آنے14 اور ہمیں مُکمل طور پر برکت دینے کی اِجازت دیتا ہے۔

خُدا ہمارے باندھے گئے عہُود کی شرائط اور ذِمہ داریاں طے کرتا ہے۔15 جب ہم اُس رِشتے میں داخِل ہونے کا فیصلہ کرتے ہیں، تو ہم اُس کو ہر عہد کے، علامتی اَعمال کے ذریعے گواہی دیتے ہیں، کہ ہم اُن شرائط کی پاس داری کرنے کے لیے رضامند ہیں جو اُس نے طے کی ہیں۔16 اپنے عہُود کی پاس داری کرنے سے، ہم خُدا کو اِس قابل بناتے ہیں کہ وہ اُن عہُود سے وابستا موعُودہ برکات کو کثرت سے ہم پر اُنڈیلے،17 ہمیں بدلنے اور اپنے نجات دہندہ کی مانِند بننے کی ترقی بخش قُوت سمیت۔ یِسُوع مسِیح ہمارے تمام عہُود کا مرکز ہے، اور اُس کی کفارہ بخش قُربانی کی بدولت موعُودہ برکات کو مُمکن بنایا گیا ہے۔18

غوطے کا بپتِسما علامتی دروازہ ہے جس کے ذریعے ہم خُدا کے ساتھ عہد کے رِشتے میں داخِل ہوتے ہیں۔ پانی میں غوطہ زن ہونا اور دوبارہ اُوپر آنا نجات دہندہ کی موت اور نئی زندگی میں جی اُٹھنے کی علامت ہے۔19 جب ہم بپتِسما لیتے ہیں، تو ہم علامتی طور پر مَرتے اور مسِیح کے خاندان میں دوبارہ پیدا ہوتے ہیں اور ظاہر کرتے ہیں کہ ہم اُس کا نام اپنے تئیں لینے کے لیے رضامند ہیں۔20 ہم خُود اُس عہد کی علامت میں مُجسم ہو جاتے ہیں۔ عہدِ جدید میں ہم پڑھتے ہیں، ”پَس جِتنوں نے مسِیح میں شامِل ہونے کا بپتِسما لِیا مسِیح کو پہن لِیا۔“21 اپنے بپتِسما کے ساتھ ہم علامتی طور پر مسِیح کو پہن لیتے ہیں۔

عِشائے ربّانی کی رسم بھی مُنّجی کی جانب اِشارہ کرتی ہے۔ روٹی اور پانی مسِیح کے گوشت اور خُون کی علامت ہیں جو ہمارے واسطے بہایا گیا۔22 اُس کے کفّارے کی نعمت علامتی طور پر ہمیں ہر ہفتے پیش کی جاتی ہے جب کہ ایک کہانتی حامِل، خُود مُنّجی کی نُمایندگی کرتا، اور ہمیں روٹی اور پانی پیش کرتا ہے۔ جب ہم اُس کے گوشت اور خُون کی علامتیں کھانے اور پینے کے عمل سے اَنجام دیتے ہیں، تو علامتی طور پر مسِیح ہمارا حِصّہ بن جاتا ہے۔23 جب ہم ہر ہفتے ایک نیا عہد باندھتے ہیں تو ہم پھر سے مسِیح کو پہن لیتے ہیں۔24

جب ہم خُداوند کے گھر میں خُدا کے ساتھ عہُود باندھتے ہیں، تو ہم اُس کے ساتھ اپنے رِشتے کو مزید گہرا کرتے ہیں۔25 ہر اَمر جو ہم ہَیکل میں اَنجام دیتے ہیں وہ ہمارے لیے ہمارے باپ کے منصُوبے کی جانب اِشارہ کرتا ہے، جس کا مرکز نجات دہندہ اور اُس کی کفّارہ بخش قُربانی ہے۔26 خُداوند ہمیں حُکم پر حُکم سِکھائے گا27 رُسُوم اور عہُود کی علامتوں کے ذریعے جب ہم اپنے دِل کھولتے ہیں اور دُعاگو ہو کر گہرے معانی کو سمجھنے کے طلب گار ہوتے ہیں۔

ہَیکلی ودیعت کے حِصّہ کے طور پر، ہم مُقدّس کہانت کا لِباس پہننے کے مَجاز ہوتے ہیں۔ یہ مُقدّس ذِمہ داری اور مُقدّس اِعزاز دونوں ہیں۔

بُہت سی مذہبی روایات میں، خاص ظاہری لِباس کسی شخص کے عقائد اور خُدا سے وابستگی کی علامت کے طور پر پہنے جاتے ہیں،28 اور رُسُوماتی لِباس اَکثر عِبادت کی قیادت کرنے والے پہنتے ہیں۔ وہ مُقدّس ملبُوسات اُن لوگوں کے لیے گہرے معانی رکھتے ہیں جو اُنھیں زیب تَن کرتے ہیں۔ ہم صحائف میں پڑھتے ہیں کہ زمانہِ قدیم میں، ہَیکلی رُسُوم کے ساتھ ساتھ مُقدّس رُسُوماتی لِباس بھی پہنے جاتے تھے۔29

کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسینِ آخِری ایّام کے اَرکان کی حیثیت سے، ہم میں سے وہ جنھوں نے خُداوند کے گھر میں خُدا کے ساتھ عہُود باندھنے کا انتخاب کِیا ہے وہ ہَیکل کی عِبادت کے دوران میں مُقدّس رُسُوماتی ظاہری لِباس پہنتے ہیں، جو ہَیکل کی قدیم رُسُوم میں پہنے جانے والے لِباس کی علامت ہے۔ ہم مُقدّس کہانت کا لِباس بھی پہنتے ہیں، جسے ہم ہَیکل کی عِبادت کے دوران اور اپنی روزمرّہ کی زِندگیوں میں اِستعمال کرتے ہیں۔30

پاک کہانت کا لِباس اِنتہائی علامتی ہے اور نجات دہندہ کی طرف اِشارہ بھی کرتا ہے۔ جب آدم اور حوّا نے پھل کھایا اور اُنھیں باغِ عدن سے نِکلنا پڑا، تو اُنھیں اپنے آپ کو ڈھانپنے کے لیے چمڑے کے کُرتے دِیے گئے۔31 اَیسا لگتا ہے کہ چمڑے کے کُرتے بنانے کے لیے کسی جانور کی قُربانی دی گئی تھی—جو ہمارے واسطے نجات دہندہ کی اپنی قُربانی کی علامت ہے۔ کَفارہ کے لیے کَفار بُنیادی عبرانی لفظ ہے، اور اِس کا ایک معانی ”ڈھانپنا“ ہے۔32 ہمارے ہَیکلی زیرِ جامہ ہمیں یاد دِلاتے ہیں کہ نجات دہندہ اور اُس کے کفّارہ کی برکات زِندگی بھر ہمیں ڈھانپتی ہیں۔ جب ہم ہر روز پاک کہانت کے زیرِ جامہ پہنتے ہیں، تو وہ خُوب صُورت علامت ہمارا حِصّہ بن جاتی ہے۔

عہدِ جدید کی رومیوں کی کِتاب میں ہم پڑھتے ہیں: ”رات بُہت گُزر گئی ہے، اور دِن نِکلنے والا ہے: پَس آؤ ہم تاریکی کے کاموں کو ترک کر کے، اور روشنی کے ہتھیار باندھ لیں۔ … خُداوند یِسُوع مسِیح کو پہن لو۔“33

مَیں زِندگی بھر مُقدّس کہانت کے زیرِ جامہ کو پہننے کے اِس شَرف کے لیے بُہت شُکر گُزار ہُوں جو مُجھے یاد دِلاتا ہے کہ مُنّجی اور اُس کے لامحدُود کفّارے کی برکات مُجھے میرے فانی سفر میں مُستقل طور پر ڈھانپتی ہیں۔ یہ مُجھے یہ بھی یاد دِلاتا ہے کہ جب مَیں خُداوند کے گھر میں خُدا کے ساتھ باندھے گئے عہُود پر قائم رہتی ہُوں، تو مَیں علامتی طور پر مسِیح کو پہن لیتی ہُوں، جو خُود روشنی کا بکتر ہے۔ وہ مُجھے بُرائی سے بچائے گا،34 مُجھے قُوت اور ترقی بخش صلاحیت دے گا،35 اور اِس دُنیا کی تاریکی اور مُشکلات میں میرا نُور اور راہ نُما36 بنے گا۔

مُقدّس کہانت کے ملبُوسات اور مسِیح سے اِس کے تعلق میں گہرے اور خُوب صُورت علامتی معانی ہیں۔ میرا اِیمان ہے کہ پاک زیرِ جامہ پہننے کے لیے37 میری آمادگی اُس کے لیے میری علامت بن جاتی ہے۔38 یہ خُدا کے واسطے میرا شخصی نِشان ہے، نہ کہ دُوسروں کے لیے کوئی علامت۔39

مَیں اپنے نجات دہندہ، یِسُوع مسِیح کے واسطے بہت شُکر گُزار ہُوں۔40 ہمارے واسطے اُس کی کفّارہ بخش قُربانی اُس کی اور ہمارے آسمانی باپ کی ہم میں سے ہر ایک کے لیے لامحدُود محبّت کی عظیم ترین علامت بن گئی،41 اُس محبّت اور قُربانی کی ٹھوس علامتوں کے ساتھ—نجات دہندہ کے ہاتھوں، پاؤں، اور پَسلی میں نِشان—اُس کے جی اُٹھنے کے بعد بھی باقی رہتے ہیں۔42

جب مَیں خُدا کے ساتھ اپنے عہُود اور فرائض پر قائم رہتی ہوں، بشمُول پاک کہانت کے زیرِ جامہ کو پہننے سے، میری زِندگی ہی میری محبّت اور میرے نجات دہندہ، یِسُوع مسِیح کے لیے گہری شُکرگُزاری اور اُسے ہمیشہ اپنے ساتھ رکھنے کی میری حسرت کی شخصی علامت بن سکتی ہے۔

اگر آپ نے اَبھی تک اَیسا نہیں کِیا ہے، تو مَیں آپ کو دعوت دیتی ہُوں کہ خُداوند کے گھر میں اُس کے ساتھ عہُود باندھ کر خُدا کے ساتھ گہرے تعلق کا اِنتخاب کریں۔ ہمارے نبی کے خطابات کا مُطالعہ کریں (اُن کے خطابات کے حاشیہ جات میں خُوب صُورت دَرس و تدریس سمیت، جن میں مجلِسِ عامہ کے زیادہ تر خطابات شامِل ہیں)۔ اُنھوں نے برسوں سے اور بالخصُوص کلِیسیا کا صدر بننے کے بعد سے عہُود کی بابت بار بار کلام کِیا ہے۔ اُن کی تعلیمات سے اُن خُوب صُورت برکات اور اِضافی قُدرت اور صلاحیت کی بابت سیکھیں جو خُدا کے ساتھ عہُود باندھنے اور اُن پر قائم رہنے کے ذریعے آپ کی ہو سکتی ہیں۔43

عمُومی راہ نُما کِتاب بیان کرتی ہے کہ ہَیکلی عہُود باندھنے کے لیے مِشنری بُلاہٹ یا منگنی شُدہ ہونا ضرُوری نہیں ہے۔44 ایک شخص کو کم اَز کم ۱۸ سال کا ہونا چاہیے، ہائی سکول یا اِس کے مساوی میں نہ جاتے ہوں، اور کم اَز کم ایک سال سے کلِیسیا کے رُکن بنیں ہوں۔ ذاتی پاکیزگی کے معیارات بھی دَرکار ہیں۔45 اگر آپ خُداوند کے گھر میں مُقدّس عہُود باندھ کر اپنے آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح کے ساتھ اپنے تعلق کو گہرا کرنے کے آرزُو مند ہیں، تو مَیں آپ کو دعوت دیتی ہُوں کہ اپنے بِشپ یا صدرِ برانچ سے بات کریں اور اُنھیں اپنی خواہشات کی بابت بتائیں۔ وہ آپ کی یہ جاننے میں مُعاونت کریں گے کہ اُن عہُود کو پانے اور اُن کی تعظيم کرنے کے لیے کیسے تیاری کی جائے۔

خُدا کے ساتھ عہد کے رِشتے کے وسیلے سے، ہماری اپنی زِندگیاں ہمارے آسمانی باپ کے لیے ہماری وابستگی اور گہری محبّت کی زِندہ علامت بن سکتی ہیں، اُس کے لیے ہمارا حیسَڈ،46 اور ہماری ترقی اور بالآخر ہمارے نجات دہندہ کی مانند بننے کی تمنّا، اِک روز اُن کی حُضُوری میں داخِل ہونے کے لیے تیار ہوتے ہُوئے۔ مَیں گواہی دیتی ہُوں کہ موعُودہ رِشتے کی عظیم برکات قابلِ قدر ہیں۔ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔