مجلسِ عامہ
تمام چیزیں ہماری بھلائی کے لیے ہیں
مجلسِ عامہ اپریل 2024


تمام چیزیں ہماری بھلائی کے لیے ہیں

فانیت اور اَبَدیت میں، تخلیق کا مقصد اور خُود خُدا کی فِطرت یہ ہے کہ سب چیزیں مِل کر ہمارے لیے بھلائی پیدا کریں۔

آج 6 اپریل ہے، یِسُوع مسِیح کی اپنی کلِیسیائے آخِری ایّام کو بحال کرنے کی سالگِرہ اور اِیسٹر کے تہوار کے حِصّہ کے طور پر جب ہم شادمانی سے یِسُوع مسِیح کی حیاتِ کامِل، کفّارہ بخش قُربانی، اور پُرجلال جی اُٹھنے کی گواہی دیتے ہیں۔

ایک چینی کہانی کا آغاز ایک شخص کے بیٹے کو خُوب صُورت گھوڑا مِل جانے سے ہوتا ہے۔

”کیسی خُوش بختی ہے،“ پڑوسی کہتے ہیں۔

”ہم دیکھیں گے،“ وہ شخص کہتا ہے۔

پھر بیٹا گھوڑے سے گِر جاتا ہے اور مُستقل طور پر گھائل ہو جاتا ہے۔

”کیسی بَد قِسمتی ہے،“ پڑوسی کہتے ہیں۔

”ہم دیکھیں گے،“ وہ شخص کہتا ہے۔

بھرتی کرنے والی فوج آتی ہے مگر گھائل بیٹے کو مُنتخب نہیں کرتی۔

”کیسی خُوش بختی ہے،“ پڑوسی کہتے ہیں۔

”ہم دیکھیں گے،“ وہ شخص کہتا ہے۔

یہ مُتذبذب جہان اَکثر کھلبلی، بے یقینی، بعض اوقات خُوش بخت، اور—اَکثر و بیشتر—بَد بخت—محسُوس ہوتا ہے۔ پھر بھی، مُصیبت بھری اِس دُنیا میں،1 ”ہم کو معلُوم ہے کہ سب چیزیں مِل کر خُدا سے محبّت رکھنے والوں کے لیے بھلائی پیدا کرتی ہیں۔“2 دَرحقیقت، جب ہم راستی سے چلتے اور اپنے عہُود کو یاد رکھتے ہیں تو، ”سب چیزیں مِل کر تُمھارے لیے بھلائی پیدا کریں گی۔“3

تمام چیزیں ہماری بھلائی کے لیے ہیں۔

ایک زبردست وعدہ! خُود خُدا کی جانب سے تسلّی بخش یقین دِہانی! مُعجزانہ اَنداز میں، تخلیق کا مقصد اور خُدا کی فِطرت اِبتدا اور اِنتہا کو جاننا ہے،4 وہ سب کُچھ کرنا جو ہماری بھلائی کے لیے ہے، اور یِسُوع مسِیح کے فضل اور کفّارے کے وسیلے سے پاک صاف اور مُقدّس بننے میں ہماری مدد کرنا ہے۔

یِسُوع مسِیح کا کفّارہ ہمیں گُناہ سے رہائی اور مُخلصی دے سکتا ہے۔ مگر یِسُوع مسِیح ہمارے ہر دَرد، تکلیف، بیماری،5 غم، جُدائی کو بھی بَخُوبی سمجھتا ہے۔ فانیت اور اَبَدیت میں، موت اور جہنم پر اُس کی فتح سب چیزوں کو دُرست بنا سکتی ہے۔6 وہ شِکستہ اور حقیروں کو شِفا بخشتا، رَنجیدہ اور تقسیم شدہ لوگوں کی صُلح کراتا، تنہا اور اَلگ تھلگ لوگوں کو تسلّی دیتا، بے یقین اور ناکامِل لوگوں کی حوصلہ اَفزائی کرتا، اور اَیسے مُعجزات برپا کرتا ہے جو فقط خُدا کے وسیلہ سے ہو سکتے ہیں۔

ہم ہیلیلُویاہ گاتے ہیں اور ہوشعنا کا نعرہ لگاتے ہیں! اَبَدی قُوت اور لامحدُود بھلائی کے ساتھ، خُدا کے خُوشی کے منصُوبے میں، سب چیزیں مِل کر ہمارے لیے بھلائی پیدا کر سکتی ہیں۔ ہم خوف کی بجائے اِعتماد کے ساتھ زِندگی کا مُقابلہ کر سکتے ہیں۔

اپنے تئیں، شاید ہم اپنی بھلائی کو نہ جان سکتے۔ جب ”مَیں خُود کا چُناؤ کرتا ہُوں،“ تو مَیں اپنی ہی حدُود، کمزوریوں، کوتاہیوں کا اِنتخاب کر رہا ہوتا ہُوں۔ بالآخر، سب سے زیادہ بھلائی کرنے کے لیے، ہمیں بھلا ہونا پڑے گا۔7 چُوں کہ خُدا کے سِوا کوئی بھی بھلا نہیں ہے،8 ہم یِسُوع مسِیح میں کاملیت کے خواہاں ہوتے ہیں۔9 ہم صِرف اُسی وقت اپنی حقیقی، بہترین شخصیت بنتے ہیں جب ہم نفسانی مَرد یا عورت کو ترک کرتے اور خُدا کے حُضُور بچّے کی مانِند بنتے ہیں۔

خُدا پر ہمارے توّکل اور اِیمان کے ساتھ، آزمایشیں اور مُصیبتیں ہماری بھلائی کے واسطے تقدیس کی جا سکتی ہیں۔ یُوسف، کو مِصر میں بطور غُلام بیچا گیا، بعد اَزاں اُس نے اپنے خاندان اور قوم کو بچایا۔ لِبرٹی جیل میں نبی جوزف سمِتھ کی اَسیری نے اُسے یہ باتیں سِکھائیں کہ ”یہ تُجھے تجربہ دیں گی، اور تیرے بھلے کے لیے ہوں گی۔“10 اِیمان، آزمایشوں اور قُربانیوں کے ساتھ گُزاری گئی زِندگی جس کا ہم کبھی اِنتخاب نہیں کریں گے وہ ہمیں اور دُوسروں کو اِس طور سے برکت دے سکتی ہے جس کا کبھی تصور بھی نہیں کِیا گیا۔11

ہم خُداوند پر اِیمان اور توّکل کو بڑھاتے ہیں کہ جب ہم اَبَدی تناظر پاتے ہیں تو سب چیزیں مِل کر ہمارے لیے بھلائی پیدا کر سکتی ہیں؛12 سمجھیں کہ ہماری یہ آزمایشیں ”مگر دَم بھر کی“13 ہیں؛ پہچانیں کہ مُصیبتیں ہمارے فائدے کے لیے تقدیس کی جا سکتی ہیں؛14 تسلیم کریں حادثات، بے وقت موت، کم زور کرنے والے مَرض اور بیماری فانیت کا حِصّہ ہیں؛ اور بھروسا رکھیں ہمارا پیارا آسمانی باپ سزا یا عدالت کی غرض سے آزمایشیں نہیں دیتا۔ وہ روٹی مانگنے والے کو پتھر نہیں دے گا اور نہ ہی مچھلی مانگنے والے کو سانپ دے گا۔15

جب آزمایشیں آتی ہیں، تو اَکثر ہم سب سے زیادہ یہ چاہتے ہیں کہ کوئی ہماری بات سُنے اور ہمارے سَنگ ہو۔16 اُس لمحے میں، غیر مُخلص جواب بے کار ہو سکتے ہیں، البتہ اُن کے عزّم کو تسلّی دیتے ہیں۔ بعض اوقات ہم کسی اَیسے شخص کی حسرت کرتے ہیں جو ہمارے ساتھ غمگین ہو، دَرد سہے اور روئے؛ آئیے ہم دَرد، مایُوسی، حتیٰ کہ بعض اوقات غُصے کا اِظہار کریں؛ اور اپنے تئیں تسلیم کریں کہ اَیسی چیزیں ہیں جن کو ہم نہیں جانتے۔

جب ہم اپنے واسطے خُدا اور اُس کی محبّت پر بھروسا رکھتے ہیں، حتٰی کہ ہماری سب سے بڑی دِل شِکنی بھی، آخِرکار، سب مِل کر ہمارے لیے بھلائی پیدا کر سکتی ہے۔

مُجھے وہ دِن یاد ہے جب مُجھے ایک سنگین کار حادثے کی خبر مِلی جس میں وہ لوگ شامِل تھے جن سے مَیں پیار کرتا ہُوں۔ اَیسے اوقات میں، تکلیف اور اِیمان کے ساتھ، ہم ایوب کی مانِند فقط یہ کہہ سکتے ہیں کہ، ”خداوند نے دِیا، خُداوند نے لِیا، خُداوند کا نام مُبارک ہو۔“17

عالمی سطح پر کلِیسیا میں، لگ بھگ 3,500 سٹیک اور ڈِسٹرکٹ اور تقریباً 30,000 وارڈز اور برانچیں پناہ اور تحفُظ فراہم کرتی ہیں۔18 لیکن ہماری سٹیکوں اور وارڈز میں، بُہت سے وفادار خاندان اور اَفراد مُشکل چنوتیوں کا سامنا کرتے ہیں، حتیٰ کہ یہ جانتے ہُوئے کہ (یہ جانے بغیر کہ کیسے) چیزیں مِل کر ہمارے لیے بھلائی پیدا کریں گی۔

ہڈرزفِیلڈ، اِنگلینڈ میں، بھائی سیموئیل برِج سٹاک کو نئے صدرِ سٹیک کی بُلاہٹ پانے سے کُچھ دیر قبل، چوتھے درجے کے کینسر کی تشخیص ہُوئی تھی۔ مَرض کی سنگینی کو دیکھتے ہُوئے، اُس نے اپنی اہلیہ، آنا سے پُوچھا، کہ وہ اِنٹرویو کے لیے کیوں جائے۔

”کیوں کہ،“ بہن برِج سٹاک نے کہا، ”آپ بطور صدرِ سٹیک بُلائے جائیں گے۔“

شبیہ
برِج سٹاک خاندان۔

اِبتدائی طور پر اُسے زِندہ رہنے کے لیے محض ایک یا دو سال کا وقت دِیا گیا تھا، مگر صدر برِج سٹاک (جو آج یہاں موجُود ہیں) اَب اپنی خِدمت کے چوتھے سال میں ہیں۔ اُس پر اچھے اور بُرے دِن آئے۔ اُس کی سٹیک اَفزُوں اِیمان، خِدمت، اور شفقت کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ یہ آسان نہیں ہے، لیکن اُس کی زوجہ اور اہلِ خانہ اِیمان، تشکُر، اور قابلِ فہم اُداسی کے ساتھ زِندگی گُزار رہے ہیں جس پر اُن کا بھروسا ہے کہ یہ یِسُوع مسِیح کے کفّارہ کی بحالی کے وسیلے سے اَبَدی خُوشی بن جائے گی۔19

جب ہم ساکت، کُھلے دِل کے اور با اَدَب ہوتے ہیں، تو ہم خُداوند سے عہد کی وابستگی کی خُوب صُورتی، مقصد اور سُکُون کو محسُوس کر سکتے ہیں۔ مُقدّس لمحات میں، وہ ہمیں اُس بڑی اَبَدی حقیقت کی جھلک دے سکتا ہے جو ہماری روزمرّہ کی زِندگیوں کا حِصّہ ہے، جہاں معمُولی اور سادہ چیزیں اِکٹھے مِل کر دینے اور لینے والے کے لیے بھلائی پیدا کرتی ہیں۔

میرے پہلے صدرِ مِشن کی بیٹی، رِبیقاہ، نے بتایا کہ کیسے خُداوند نے کسی اور کی دُعا کا جواب دینے کے غیر متوقع موقع کے ساتھ تسلّی کے واسطے اُس کی دُعا کا جواب دِیا۔

شبیہ
رِبیقاہ نے اُس عورت کو اپنی ماں کی آکسیجن مشین دے دی۔

ایک شام کے پہر میں، رِبیقاہ، اپنی والدہ کی حالیہ وفات پر غم زدہ تھی، اُسے ایک واضح تاثر مِلا کہ اُٹھے اور اپنی کار کے لیے پٹرول خریدنے جائے۔ جب وہ سٹیشن پر پُہنچی، تو اُس کی مُلاقات ایک بُزرگ خاتُون سے ہُوئی جو آکسیجن کے بڑے ٹینک کے ذریعے مُشکل سے سانس لے رہی تھی۔ بعد اَزاں، رِبیقاہ اُس عورت کو اپنی ماں کی پورٹیبل آکسیجن مشین دینے کے قابِل ہُوئی۔ اُس بہن نے شُکریہ اَدا کرتے ہُوئے کہا، ”آپ نے مُجھے میری آزادی واپس کر دی ہے۔“ چیزیں مِل کر بھلائی پیدا کرتی ہیں جب ہم یِسُوع مسِیح کی مانِند خِدمت گُزاری کرتے ہیں۔

ایک والد کو اپنے مُعلم کی عُمر کے بیٹے کے ساتھ خِدمت گُزار ساتھی کے طور پر مُقرر کِیا گیا جس نے واضح کِیا، ”خِدمت گُزاری یہ ہے کہ جب ہم پڑوسیوں سے بڑھ کر جو صِرف کُوکِیز کا تبادلہ کرتے ہیں سے قابلِ بھروسا دوست، اور پہلے رُوحانی جواب دہندگان بن جاتے ہیں۔“ یِسُوع مسِیح سے عہد کی وابستگی تسلّی دیتی، جوڑتی، اور تقدِیس کرتی ہے۔

حتیٰ کہ کسی حادثہ میں بھی، رُوحانی تیاری ہمیں آسمانی باپ کی یاد دِلا سکتی ہے جب ہم نے خُود کو سب سے زیادہ کم زور اور تن تنہا محسُوس کِیا تھا۔ مثلاً، ایک اَیسا خاندان جن کے بچّے کو ہسپتال لے جایا گیا بعد میں رُوحُ القُدس کو یاد کر کے تسلّی پائی جس نے پہلے سے ہی سرگوشی کی تھی کہ کیا توقع کی جائے۔

کبھی کبھار خُداوند ہمیں جس بڑی اَبَدی حقیقت کا احساس دِلاتا ہے اُس میں پردہ کے اُس پار خاندان بھی شامِل ہے۔ ایک بہن نے یِسُوع مسِیح کی بحال شُدہ اِنجِیل کی طرف رُجُوع لانے میں خُوشی پائی۔ پھر بھی دو حادثات نے اُس کی زِندگی کو گہرے طور پر مُتاثر کِیا تھا—کشتی کا حادثہ دیکھنا اور اَلم ناک طور پر اپنی ماں کو خُود کُشی کی وجہ سے کھو دینا۔

شبیہ
بہن اپنے خوف پر غالِب آئی اور بپتسما پایا۔

پھر بھی اِس بہن نے غوطے سے بپتِسما لینے کے لیے پانی کے خوف پر غلبہ پایا۔ اور وہ نہایت خُوش کُن دِن بن گیا، جس دِن اُس نے کسی کو، ہَیکل میں اپنی مرحُوم والدہ کے لیے، نیابتی بپتِسما لیتے ہُوئے دیکھا۔ ”ہَیکلی بپتِسما نے میری والدہ کو شِفا بخشی، اور مُجھے بھی آزاد کِیا،“ بہن نے کہا۔ ”یہ پہلا موقع تھا جب مَیں نے اپنی ماں کے اِنتقال کے بعد اِطمینان محسُوس کِیا۔“

ہماری مُقدّس موسیقی اُس کی یقین دِہانی کی گونج ہے کہ سب چیزیں مِل کر ہمارے لیے بھلائی پیدا کر سکتی ہیں۔

میری جان، ذرا ٹھہر: تیرا خُدا کام ہے کرتا

مُستقبل کی راہبری کے لیے جیسا کہ اُس نے ماضی میں کِیا۔

تیری اُمید، تیرا اِعتماد کُچھ ٹُوٹنے نہ دے؛

اَبھی جو ہے پُراَسرار آخِر میں ہو گا روشن۔20

آؤ آؤ اَے، مُقدّسو، نہ بوجھ سے گھبراؤ؛

خُوشی سے اپنی راہ پہ جاؤ۔

گرچہ ہو مُشکل تُمھارے لیے سفر،

فضل ہو دورانِ سفر۔ …

اِختتامِ سفر گو مَر بھی جائیں ہم،

مُبارک ہو گا دِن! سب بہتر!21

مورمن کی کِتاب اِس بات کا ثُبوت ہے کہ ہم اِسے اپنے ہاتھ میں تھام سکتے ہیں کہ یِسُوع اَلمسِیح ہے اور خُدا اپنی نبُوتوں کو پُورا کرتا ہے۔ اِلہامی نبیوں نے تحریر کِیا جِنھوں نے ہمارے دَور کو دیکھا تھا، مورمن کی کِتاب کا آغاز قدرتی حالات کے ڈرامے سے ہوتا ہے—ایک خاندان جس میں گہرے اِختلافات تھے۔ پھر بھی، جب ہم ۱ نیفی ۱ سے مرونی ۱۰ تک پڑھتے اور اِس پر غور و فِکر کرتے ہیں، تو ہم مضبُوط گواہی کے ساتھ یِسُوع مسِیح کی طرف مبذُول ہوتے ہیں کہ وہاں جو کُچھ ہُوا اور پھر ہمیں یہاں اور وہاں ہر سُو برکت دے سکتا ہے۔

جیسا کہ خُداوند، اپنے زِندہ نبی کے وسیلے، خُداوند کے مزید گھر مزید جگہوں کے قریب تر لا رہا ہے، ہَیکل کی برکات باہم مِل کر ہمارے لیے بھلائی پیدا کر رہی ہیں۔ ہم خُدا اپنے باپ اور یِسُوع مسِیح کے ساتھ عہد اور رَسم کے وسیلے سے آتے ہیں اور فانیت کے مُتعلق اَبَدی تناظر پاتے ہیں۔ ایک ایک کر کے، نام بہ نام، اہلِ خانہ—آباؤاَجداد—کوہِ صیُون پر نجات دہندہ کے اِلہٰی نمُونے میں مُنّجی کی مُقدّس رُسُوم اور موعُودہ برکات پیش کرتے ہیں۔22

جب کہ ہَیکلیں بُہت سی جگہوں پر ہمارے قریب آ رہی ہیں، تو ہَیکل کی قُربانی جو ہم دے سکتے ہیں وہ خُداوند کے گھر میں زیادہ کثرت سے قُدّوسیت کے طلب گار ہونا ہے۔ کئی برسوں سے، ہم نے ہَیکل میں جانے کے لیے پیسے بچائے، منصُوبہ بنایا، اور قُربانی دی ہے۔ اَب، جیسے حالات اِجازت دیں، براہِ کرم خُداوند کے حُضُور زیادہ کثرت سے اُس کے مُقدّس گھر میں جائیں۔ ہَیکل کی باقاعدہ عِبادت اور خِدمت کو اپنے اور اپنے اہلِ خانہ کو برکت دینے، تحفُظ فراہم کرنے، اور اِلہام بخشنے دیں—وہ اہلِ خانہ جو آپ کے پاس ہیں یا گھرانہ جو آپ کو مِلے گا اور خاندان جس کو آپ تشکیل دیں گے۔

شبیہ
دادی ہَیکل کے باہر۔

اِس کے عِلاوہ، جہاں آپ کے حالات اِجازت دیں، اَز راہِ کرم اپنے خُود کے ہَیکلی زیرِ جامہ حاصِل کرنے کی برکت پر غور کریں۔23 ایک فروتن گھرانے سے تعلق رکھنے والی ایک دادی نے دُنیا کی کسی بھی چیز، سے زیادہ چاہت اپنے لیے ہَیکلی زیرِ جامہ پانے کی بابت دِکھائی۔ اُس کے پوتے نے بتایا، ”دادی نے سَرگوشی کی کہ، ’مَیں اپنے ہَیکلی ملبُوسات میں خِدمت کرُوں گی، اور مَرنے کے بعد، تو مَیں اِنھی کو پہنے دَفن ہونا چاہُوں گی۔‘“ اور جب اُس کا وقت آیا، تو اَیسا ہی کِیا گیا۔

جیسے صدر رسل ایم نیلسن نے سِکھایا کہ، ”ہر چیز جس پر ہمارا اِیمان ہے اور ہر وعدہ جو خُدا نے اپنی موعُودہ اُمّت سے کِیا اُن کا اِدراک ہَیکل میں مِلتا ہے۔“24

فانیت اور اَبَدیت میں، تخلیق کا مقصد اور خُود خُدا کی فِطرت یہ ہے کہ سب چیزیں مِل کر ہمارے لیے بھلائی پیدا کریں۔

یہ خُداوند کا اَبَدی مقصد ہے۔ یہ اُس کا اَبَدی تناظر ہے۔ یہ اُس کا اَبَدی وعدہ ہے۔

جب زِندگی بے قابُو ہو جاتی ہے، اور مقصد واضح نہیں ہوتا، جب آپ بہتر زِندگی گُزارنا چاہتے ہیں مگر نہیں جانتے کہ کیسے، تو براہِ کرم خُدا ہمارے باپ اور یِسُوع مسِیح کے پاس آئیں۔ بھروسا رکھیں کہ وہ زِندہ ہیں، آپ سے پیار کرتے ہیں، اور آپ کی بھلائی کے واسطے سب چیزیں چاہتے ہیں۔ مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ وہ لامحدُود اور اَبَدی طور پر، موجُود ہیں، یِسُوع مسِیح کے پاک اور پَوِتر نام پر، آمین۔

حوالہ جات

  1. دیکھیے یُوحنّا ۱۶:‏۳۳۔

  2. رومیوں ٨:‏۲۸۔

  3. عقائد اور عہُود ۹۰:‏۲۴۔ مقبُول فِقرہ ”سب اچھا ہے“ اَکثر اِس کا مطلب سب چیزیں ٹھیک اور ترتیب میں ہیں، مگر اِس سے لازمی یہ مُراد نہیں کہ وہ دَراصل ہماری بھلائی کے لیے ہیں۔

  4. دیکھیے مُوسیٰ ۱:‏۳۔

  5. دیکھیے ایلما ۷:‏۱۱۔

  6. دیکھیے ۲ نیفی ۹:‏۱۰–۱۲۔ خُدا اِخلاقی مُختاری کا احترام کرتا ہے، کبھی کبھار دُوسروں کے ناراست اَعمال کو بھی ہم پر اَثر اَنداز ہونے کی اِجازت دیتا ہے۔ لیکن جب ہم خُوشی سے اپنی پُوری کوشِش کرنے کے خواہاں ہوتے ہیں، تو یِسُوع مسِیح کا فضل اور اُس کی قابل بنانے اور کفارہ بخش قُدرت پاک صاف کرتی، شِفا بخشتی، خُود سے اور ایک دُوسرے کے ساتھ باندھتی، پردہ کے دونوں اَطراف میل مِلاپ کرا سکتی ہے۔

  7. دیکھیے مرونی ۷:‏۶، ۱۰–۱۲۔ پروفیسر ٹیری وارنر اِس موضُوع پر اِدراک سے لکھتے ہیں۔

  8. دیکھیے رومیوں ۳:‏۱۰؛ مرونی ۱۰:‏۲۵۔

  9. دیکھیے مرونی ۳۲:۱۰۔

  10. دیکھیے عقائد اور عہُود ۱۲۲‏:۴، ۷۔

  11. ہم اُن تجربات سے سیکھتے ہیں جو ہم کبھی نہیں چُنیں گے۔ بعض اوقات خُداوند کی مُعاونت سے بوجھ اُٹھانا اُن کو برداشت کرنے کی ہماری صلاحیت میں اِضافہ کر سکتا ہے؛ مُضایاہ ۲۴:‏۱۰–۱۵ خُداوند کے وعدے کی وضاحت کرتا ہے کہ ”اُن کی مُصیبتوں میں میری اُمّت کے پاس جاؤ“ اور ”اُنھیں مضبُوطی بخشو کہ وہ اپنے بوجھ اُٹھا سکیں۔“ ایلما ۳۳:‏۲۳ سِکھاتا ہے کہ ”اُس کے بیٹے کی خُوشی کے وسیلے سے بوجھ ہلکے ہو سکتے ہیں۔“ مُضایاہ ۱۸‏:۸ ہمیں یاد دِلاتا ہے کہ جب ہم ”ایک دُوسرے کا بوجھ اُٹھانے کے لیے تیار“ ہوتے ہیں تو وہ … ہلکے ہو سکتے ہیں۔“

  12. یسعیاہ نبی ممسُوح کی بابت بات کرتا ہے: ”خُداوند خُدا کی رُوح مُجھ پر ہے کیوں کہ اُس نے مُجھے مَسح کِیا تاکہ حلیموں کو خُوش خبری سُناوں، اُس نے مُجھے بھیجا ہے کہ شِکستہ دِلوں کو تسلّی دُوں، سب غمگینوں کو دِلاسا دُوں؛ صیُون کے غم زدوں کے لیے یہ مُقرر کردُوں، کہ اُن کو راکھ کے بدلے سہرا، اور ماتم کی جگہ خُوشی کا روغن، اور اُداسی کے بدلے ستایش کا خعلت بخشوں“ (یسعیاہ ۶۱:‏۱–۳)۔ اسی طرح، زبور نویس خُداوند کا وعدہ کردہ تناظر پیش کرتا ہے: ”رات کو شاید رونا پڑے، پر صُبح کو خُوشی کی نوبت آتی ہے“ (زبُور ۳۰:‏ ۵)۔ اِس میں پہلی قیامت کی صُبح صادقوں کے واسطے جلالی وعدے شامِل ہیں۔

  13. عقائد اور عہُود ۱۲۲:‏۴۔ یقین کرنے والی آزمایشیں اُس کے لیے ہو سکتی ہیں جو اَبَدیت میں ہے ”معمُولی لمحہ“ سے مُراد یہ نہیں ہے کہ ہم اِس زِندگی میں ہر دِن، ناقابلِ برداشت نیند کی راتوں، یا اِس کی پریشان کُن غیر یقینی صُورتِ حال کو کم کرنے یا کم کرنے کی کوشِش کرنے یا اِس اَذیت ناک دَرد یا تکلیف کو ہر نئے دِن چنوتی دینا نہیں ہے۔ شاید پیچھے مُڑ کر دیکھنے اور اپنے فانی دُکھوں کو خُدا کی شفقت اور اَبَدی نِگاہ کی روشنی میں دیکھنے کا وعدہ فانیت کے مُتعلق ہمارے فہم اور ہماری اُمید کو آخِر تک اِیمان اور توّکل کے ساتھ برداشت کرنے کے کُچھ نُقطہِ نظر میں اِضافہ کرتا ہے۔ اِس کے علاوہ، جب ہمارے پاس دیکھنے کی آنکھیں ہوتی ہیں، تو اُس وقت میں اَکثر بھلائی ہوتی ہے؛ ضرُوری نہیں کہ ہمیں بھلائی دیکھنے کے لیے مُستقبل کا اِنتظار کرنا پڑے۔

  14. دیکھیے ۲ نیفی ۲:۲۔

  15. دیکھیے متّی ۷:‏۹–۱۰۔ خُدا کو اپنی زِندگیوں میں غالِب آنے دینا غیر فعال طور پر جو بھی آئے اُسے قبُول کرنا نہیں ہے۔ آسمانی باپ اور ہمارے مُنّجی، یِسُوع مسِیح پر فعال طور پر اِیمان رکھنا صِرف اور صِرف وہی چاہنا ہے جو ہمارے واسطے بہتر ہو۔ جب کوئی سانحہ پیش آتا ہے، تو ہم اِیمان کے ساتھ پُوچھ سکتے ہیں، نہ کہ یہ کہیں کہ ”مَیں ہی کیوں؟“ بلکہ ”مَیں کیا سیکھ سکتا ہُوں؟“ اور ہم شِکستہ دِلوں اور پشیمان رُوحوں کے ساتھ یہ جانتے ہُوئے ماتم کر سکتے ہیں، اُس کے وقت اور طریق سے، عِوضی برکات اور مواقع آئیں گے۔

  16. ہم نے عہد باندھا ہے کہ ہم ماتم کرنے والوں کے ساتھ ماتم کریں گے اور اُنھیں تسلّی دیں گے جنھیں تسلّی کی ضرُورت ہے (دیکھیے مُضایاہ ۱۸:‏۹

  17. ایوب ۱:‏۲۱۔

  18. دیکھیے عقائد اور عہُود ۱۱۵:‏۶۔

  19. مُشکل کا سامنا کرنے میں اِیمان وجُودی تکلیف اور مایُوسی کے بَرعکس ہے مورمن کی کِتاب اُن لوگوں کے بارے میں بیان کرتی ہے جو ”خُدا پر لعنت کرتے ہیں، اور مَرنا چاہتے ہیں“ لیکن اِس کے باوجُود … وہ اپنی زِندگیوں کے لیے تلوار سے نبٹنا چاہیں گے“ (مورمن ۲:‏۱۴

  20. ”اَے میری جان، ذرا ٹھہر،“ گیت، نمبر 124۔

  21. ”آؤ، آؤ، اَے، مُقدّسو،“ گیت، نمبر 30۔ اِس پر بھی غور کریں:

    کِتنی عظیم حِکمت اور محبّت۔…

    مُخلصی کا عظیم منصُوبہ ہے،

    جہاں اِنصاف، محبّت اور رحم مِلتے ہیں

    اِلہامی ہم آہنگی سے!

    (”کِتنی عظیم حِکمت اور محبّت،“ گیت، نمبر 195۔)

    زِندگی کے غیر یقینی تناظر کے درمیان، ہم جانتے ہیں کہ مُخلصی کا عظیم منصُوبہ اِنصاف، محبّت، اور رحم کو ہماری بھلائی کے لیے اِکٹھا کرے گا۔

  22. دیکھیے عبدیاہ ۱:‏۲۱۔ نبی جوزف سمِتھ نے سِکھایا کہ: ”وہ [مُقدّسینِ آخِری ایّام] کوہِ صیون پر نجات دہندہ کی مانِند کیسے بن سکتے ہیں؟ اُن کی ہَیکلیں تعمیر کرنے سے، اُن کے بپتِسما کے حَوض کی تعمیر، اور آگے بڑھ کر اور تمام رُسُوم پا کر… اُن کی تمام نَسلوں کی جانب سے جو وفات پا گئی ہیں“ (کلِیسیائی صدُور کی تعلیمات: جوزف سمِتھ [2007]، 473)۔

  23. پہلی بار ہَیکل میں شریک ہونے والے اَرکان بڑی نُمایاں رعایت پر ہَیکلی ملبُوسات خرید سکتے ہیں۔

  24. رِسل ایم نیلسن، ”ہَیکل اور آپ کی رُوحانی بُنیاد،“ لیحونا، نومبر 2021، 94۔