مجلسِ عامہ
دو بڑے حُکموں پر پُل باندھنا
مجلسِ عامہ اپریل 2024


دو بڑے حُکموں پر پُل باندھنا

یِسُوع مسِیح کی پیروی کی ہماری صلاحیت کا انحصارہماری ہمت اور قُوت پر ہے کہ ہم پہلے اور دُوسرے حُکموں پر توازن اور یکساں عقیدت کے ساتھ عمل کریں۔

تعارف

جب میری اَہلیہ لیزا، اور مَیں سپُرد کردہ ذِمہ داری کے لیے پُوری دُنیا میں سفر کرتے، تو ہم آپ کی بڑی اور چھوٹی کلِیسیاؤں سے مُلاقات کے موقع سے خُوش ہوتے ہیں۔ خُداوند کے لیے آپ کی عقیدت اور یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی گواہی ہمیں حوصلہ بخشتی ہے۔ ہم ہر سفر سے یہ سوچتے ہُوئے گھر واپس آتے ہیں کہ آیا ہم نے اُسی قدر دِیا ہے جِس قدر ہم نے پایا۔

شبیہ
رین بو برج
شبیہ
ٹیسنگ ما برج
شبیہ
ٹاور برج

دورانِ سفر، ہمارے پاس سیر و تفریح کے لیے بُہت کم وقت ہوتا ہے۔ بہرحال جب مُمکن ہو، مَیں اپنے مخصُوص شوق کے لیے چند لمحے صَرف کرتا ہُوں۔ مُجھے فنِ تعمیر اور نقشہ تیار کرنے اور خاص طور پر مُجھے پُلوں کے ساتھ خاص دِل چسپی ہے۔ زنجیروں اور رسّوں سے لٹکتے ہُوئے پُلوں سے مَیں بڑا مُتاثر ہوتا ہُوں۔ چاہے وہ ٹوکیو کا رینبو پُل ہو، ہانگ کانگ کا تسنگ ما پُل ہو، لندن کا ٹاور پُل ہو، یا دیگر جو مَیں نے دیکھے ہیں، مَیں اِن پیچیدہ ساخت کی اندرونی تعمیری انجینئرنگ کی مہارتوں کو دیکھ کر حیران ہوتا ہُوں۔ پُل ہمیں ایسے مقامات تک پُہنچا دیتے ہیں جہاں پر ہم پُہنچ نہیں پاتے۔ (جاری رکھنے سے پہلے، مَیں بتانا چاہتا ہُوں کہ، بالٹی مور میں پُل گرنے کا المناک حادثہ پیش آنے سے پہلے، یہ پیغام تیار کیا جا چُکا تھا۔ ہم جانی نقصان پر غم زدہ ہیں اور مُتاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہیں۔)

ستُون کے بغیر شان دار پُل

حال ہی میں، کانفرنس کے سلسلے میں مُجھے کیلیفورنیا جانا پڑا، جہاں مَیں نے ایک بار پھر مشہور گولڈن گیٹ برج کو عبُور کِیا، جِسے دُنیا کا اِنجینئرنگ عجوبہ سمجھا جاتا ہے۔ یہ شاہکار خُوب صُورت ساخت فعال مقصد، اور تعمیراتی مہارت کو آپس میں جوڑتا ہے۔ یہ اَن مول پُل دونوں طرف تاروں کے جال سے، بڑے پیمانے کے بند کی مدد سے بنا ہُوا ہے۔ سمُندر کے اُوپر بُلندی پر، ہم پلہ دو ستُون بڑے بھاری بھرکم وزن اُٹھانے والے تعمیر کِیے جانے والے پہلے عناصر تھے۔ مرکزی تاروں کے جال اور عمُودی تاروں کے جال ایک ساتھ مل کر دونوں طرف سے ستُونوں کے درمیانی وسیع حصّہ کو اُٹھائے ہُوئے ہیں، جو کہ نیچے سڑک کے راستے کا گہوارہ ہیں۔ غیر معمولی استحکام کی صلاحیت—ستُون کی طاقت—پُل کی انجینئرنگ کے پیچھے جادُو ہے۔

شبیہ
گولڈن گیٹ برج زیرِ تعمیر۔

گولڈن گیٹ برج ڈسٹرکٹ

پُل کی اِبتدائی تعمیر کی تصاویر تعمیراتی اُصُول کی گواہی دیتی ہیں۔ پُل کے دونوں مماثل ستُون، باہمی خُود اِنحصاری سے ایک دُوسرے سے جُڑ کر ہر حصّے کا وزن اُٹھانے میں مدد دیتے ہیں۔

شبیہ
گولڈن گیٹ برج زیرِ تعمیر۔

گیٹی اِیمجز/انڈروُڈ آرکئیوز

جب پُل مکمل ہو جاتا ہے، دونوں ستُون مضبُوطی سے اپنی اپنی جگہ پر، اور بند کی تہہ میں لنگر انداز ہوتے ہیں، یہ طاقت اور خُوب صُورتی کی تصویر ہے۔

شبیہ
گولڈن گیٹ برج۔

آج مَیں آپ کو اِس عالی شان پُل کو—اِنجِیلی تناظُر میں دیکھنے کی دعوت دیتا ہُوں—اِس کے ہم پلہ بُلند ستُونوں کے ساتھ جِن کی تعمیر مضبُوط بُنیاد پر کی گئی ہے۔

اِس زمین پر یِسُوع مسِیح کی خِدمت گُزاری کے آخِری دُھندلکے میں، جِسے اَب ہم پاک ہفتہ کہتے ہیں، ایک فریسی جو شرح کا عالم تھا نجات دہندہ سے سوال پُوچھتا ہے جِس کا جواب وہ سمجھتا تھا کہ نامُمکن ہو گا: ”اَے اُستاد کون سا حُکم بڑا ہے؟“ عالمِ شرح، ”اُسے آزمانے“ اور بظاہر دھوکا دہی کی نِیّت کے ساتھ، شرعی جواب پانے کا مُشتاق ہُوا، یِسُوع مسِیح سے مُستند، پاک، اور اِلہامی جواب پا لیتا ہے۔

”یِسُوع نے اُس کو کہا، تُو خُداوند اپنے خُدا سے اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان اور اپنی ساری عقل سے محبّت رکھ۔

”بڑا اور پہلا حُکم یہی ہے۔“ پُل کی ہماری مثال پر دھیان دیں، پہلا ستُون!

”اور دُوسرا اِس کی مانند یہ ہے کہ اپنے پڑوسی سے اپنی طرح محبّت رکھ۔“ یہ دُوسرا ستُون ہے!

”اِن دو حُکموں پر توریت اور انبیا کے صحیفوں کا دارومدار ہے۔“ پُل کے بقیہ عناصر!

آئیے دونوں بڑے حُکموں کا باری باری جائزہ لیں، جو یِسُوع مسِیح کے جواب میں نازِل ہُوئے اور پڑھے گئے۔ جب ہم اَیسا کرتے ہیں، تو اِس عالی شان سسپینشن پُل کی تصویر کو اپنی چشمِ تصّور میں گُونج پَیدا کرنے دیں۔

خُداوند سے محبّت رکھ

پہلا، خُداوند کو اپنے سارے دِل، اور اپنی ساری جان، اور اپنی ساری عقل سے محبّت رکھ۔

اِس جواب میں، یِسُوع مسِیح پُرانے عہد نامہ کی مُقدّس تعلیمات میں موجُود شریعت کا خلاصہ بیان کرتا ہے۔ خُداوند سے محبّت سب سے پہلے آپ کی فطرت—آپ کے دِل میں گھر کرتی ہے۔ خُداوند کہتا ہے کہ تُو اپنی ساری جان سے محبّت کر—اپنے سارے مُختص وجُود سے—اور آخِر میں، اپنی ساری عقل سے محبّت کر—اپنی فہم و فراست اور عقل و ذہانت سے۔ خُدا کے لیے محبّت کی کوئی حد بندی یا حدُود نہیں ہیں۔ یہ لامحدُود اور اَبَدی ہے۔

میرے لیے، بعض اوقات پہلے بڑے حُکم کو لاگو کرنا خیالی سا لگتا ہے، حتیٰ کہ بُہت مُشکل۔ شُکر گُزاری کے ساتھ، جب مَیں یِسُوع کے اُس کلام پر غَور کرتا ہُوں جو اُس نے اپنے شاگِردوں سے کِیا، تو یہ حُکم اِنتہائی قابلِ فہم بن جاتا ہے: ”اگر تُم مُجھ سے محبّت رکھتے ہو تو میرے حُکموں پر عمل کرو گے۔“ مَیں یہ کر سکتا ہُوں۔ مَیں یِسُوع مسِیح اور آسمانی باپ سے محبّت کر سکتا ہُوں، جو پھر دُعا، صحیفائی مُطالعہ، اور ہَیکل میں عِبادت کی جانب راہ نُمائی کرتا ہے۔ ہم دہ یکی ادا کرنے، سبت کا دِن پاک رکھنے، نیک اور پاکیزہ زندگی گُزارنے اور فرماں بردار رہنے سے آسمانی باپ اور اُس کے بیٹے سے محبّت کرتے ہیں۔

اکثر روزمرہ چھوٹے چھوٹے کاموں میں، عہد کے راستے پر چلنے سے: نوجوانوں کے لیے، سوشل میڈیا کو دُوسروں کی حوصلہ شِکنی کرنے کی بجائے حوصلہ افزائی کرنے کے لیے اِستعمال کرنا؛ پارٹی، فلم، یا اَیسی سرگرمیوں کو چھوڑنا، جہاں اپنے معیار پر سمجھوتا کرنے کی بجائے؛ مُقدّس چیزوں کا احترام کرنا، خُداوند کی جانب محبّت میں بڑھوتی ہے۔

اِس شفقت بھری مثال پر غَور کریں۔ روزہ کے اِتوار کے دِن جب ویَنس اور مَیں نے چھوٹے، معمُولی سے گھر کے دروازہ پر دستک دی۔ ہم اور جماعت میں موجُود دیگر ڈیکن اِن اَلفاظ کی توقع لیے آئے تھے، ”براہِ کرم اندر آ جائیں،“ بھاری جرمن لہجے میں گرم جُوش پُکار جو دروازہ سے سُنی گئی تھی۔ سسٹر میولر وارڈ میں مُتعدد تارکین وطن بیواؤں میں سے ایک تھیں۔ وہ بُہت آسانی سے دروازہ پر دستک کا جواب نہیں دے سکتی تھی، کیوں کہ نابِینا تھی۔ جُونہی ہم نے مدھم روشنی والے گھر کے اندر قدم رکھا، اُس نے شفقت بھرے سوالات کے ساتھ ہمارا اِستقبال کِیا: آپ کے نام کیا ہیں؟ آپ کا کیا حال ہے؟ کیا آپ خُداوند سے محبّت کرتے ہیں۔ ہم نے جواب دیا اور بتایا کہ ہم اُس کا روزہ کا ہدیہ لینے آئے ہیں۔ چھوٹی عمر میں بھی، ہم پر اُس کے معمُولی حالات آسانی سے ظاہر ہو گئے تھے، اور اُس کا اِیمان سے بھرپور جواب گہرا اثر ڈالنے والا تھا: ”مَیں نے آج صبح کاؤنٹر پر دس پیسے رکھے تھے۔ مَیں شُکر کرتی ہُوں کہ اپنے روزہ کا ہدیہ دیتی ہُوں۔ کیا آپ اِس کو لفافے میں ڈالنے اور میرے روزہ کے ہدیہ کی رسید کو پُر کرنے کی مہربانی کریں گے؟ خُداوند کے واسطے اُس کی محبّت نے ہر بار ہمارے اِیمان کو بڑھایا جب بھی ہم اُس کے گھر سے نِکلے۔

بِنیامین بادشاہ نے پہلے بڑے حُکم کی پیروی کرنے والے لوگوں سے اعلیٰ و افضل قُدرت کا وعدہ کِیا۔ بِنیامین بادشاہ کا قول ہے: ”مَیں یہ بھی چاہتا ہُوں کہ تُم اِن کی بابرکت اور مسرُور حالت پر غَور کرو جو خُدا کے حُکموں کو مانتے ہیں۔ وہ ساری باتوں میں مُبارک ہیں، … اور اگر وہ آخِر تک وفادار رہیں گے تو آسمان پر اُن کا اِستقبال ہوگا … کبھی نہ ختم ہونے والی اِقبال مندی کی حالت میں۔“

خُداوند سے محبّت اَبدی شادمانی کی جانب راہ نُمائی کرتی ہے!

اپنے پڑوسی سے پیار کر

یِسُوع نے پِھر کہا، ”اور دُوسرا اِس کی مانند یہ ہے کہ، اپنے پڑوسی سے اپنے برابر محبّت رکھ۔“ یہ پُل کا دُوسرا ستُون ہے۔

یہاں یِسُوع مسِیح ہمیں اُوپر آسمانی نِگاہوں سے جوڑتا ہے، خُداوند سے محبّت کرنے کے لِیے، ہماری زمِینی ظاہری نِگاہوں سے ہم عصر مردوں اور عورتوں سے محبّت کرنے کے لِیے۔ اِن کا ایک دُوسرے پر باہمی اِنحصار ہے۔ اگر ہم اپنے پڑوسی کو نظر انداز کرتے ہیں تو ہم خُداوند سے پُوری طرح محبّت نہیں کرتے۔ دُوسروں سے محبّت کا مطلب ہے خُدا کے سب بچّوں سے محبّت کرنا کسی جِنس، سماجی طبقے، نسل، جنسی پہچان، آمدنی، عُمر، یا قومیت کا اِمتیاز کِیے بغیر۔ ہم اُن تک پُہنچیں جو پشیمان، شکستہ، اور پست حال ہیں، پَس ”خُدا کی نظر میں سب ایک جیسے ہیں۔“ ہم ”کم زوروں کی دست گیری کریں، اور اُن ہاتھوں کو اُٹھائیں جو ڈِھیلے ہیں، اور ناتواں گھٹنوں کو توانا کریں۔“

اِس مثال پر غَور کریں، بھائی ایوانز کو تعجب ہُوا جب اُس نے اپنی گاڑی کو روکنے اور کسی اجنبی خاندان کے اَنجان دروازے پر دستک دینے کی ترغیب پائی۔ دس بچّوں کی بیوہ ماں نے دروازہ کھولا، تو اُن کے حالات اور ضرُوریات فوراً اُس پر ظاہر ہو گئیں۔ پہلی آسان تھی، اُن کے گھر کا رنگ روغن، جِس کے بعد کئی برسوں تک دُنیاوی اور رُوحانی خِدمت گُزاری کی گئی تھی۔

بعد ازاں اِس شُکر گُزار ماں نے خُدا کی طرف سے بھیجے گئے مُحسِن کے بارے میں لِکھا: ”آپ نے اپنی زنِدگی ہم جیسے ضرُورت مندوں تک پُہنچنے میں صَرف کی ہے۔ خُداوند آپ کو جو کام کرنے کے لیے کہتا ہے مَیں اُن کی بابت کس قدر سُننا پسند کرتی ہُوں کیوں کہ اُن لوگوں کی بابت جِنھیں فقط آپ اور وہ ہی جانے گا آپ کی نیکوکاری اور رُوحانی امداد کے لیے وہ اپنی محبّت کا اِظہار کرتا ہے۔ آپ کے بھیجے ہُوئے مِشنریوں کا، … کئی طریقوں سے ہمیں برکتیں عطا کرنے کا شُکریہ۔ … مَیں اکثر سوچتی ہُوں کیا خُداوند نے آپ کو اِمتیازی طور پر چُنا ہے، یا محض آپ نے سُن لِیا تھا۔“

مسِیح کی مانِند رحم دِل اور خِدمت کے کام کرنے میں اپنے پڑوسی سے محبّت کرنا بھی شامل ہے۔ کیا آپ رنجشوں کو ختم کر سکتے ہیں، دُشمنوں کو مُعاف کر سکتے ہیں، اور اپنے پڑوسیوں کا خیر مَقدّم اور خِدمت گُزاری کر سکتے ہیں، بوڑھوں کی مدد کر سکتے ہیں؟ جب آپ اپنے پڑوسی سے محبّت کا ستُون تعمیر کریں گے تو آپ سب اِلہام پائیں گے۔

صدر رسل ایم نیلسن نے سِکھایا: ”دُوسروں کی مدد کرنا—دُوسروں کے بارے میں فکر کرنے کا باضمیر فیصلہ ہوتا ہے جیسے کہ جتنی زیادہ یا اپنی فکر سے زیادہ دُوسروں کی فکر کرنا—ہماری خُوشی ہے۔ خاص طور پر … جب یہ آسان نہیں ہوتا ہے اور جب یہ ہمیں ہمارے حلقہِ آسودگی سے باہر لے جاتا ہے۔ اِس دُوسرے بڑے حُکم پر عمل کرنا یِسُوع مسِیح کے سچّے شاگرد بننے کی کلید ہے ۔“

باہمی اِنحصاری

یِسُوع نے مزید سِکھایا، ”دو حُکموں پر توریت اور انبیا کے صحیفوں کا دارومدار ہے۔“ یہ نہایت سبق آموز ہے۔ ایک دُوسرے سے محبّت اور خُداوند سے محبّت کے درمیان میں ایک اہم باہمی اِنحصاری ہے۔ گولڈن گیٹ برِج کے لِیے اپنی طرزِتعمیر کی کارکردگی کو سر انجام دینے کے لیے، دونوں ستُون یکساں مضبُوط ہیں اور تاروں کے جال، سڑک کے راستا اور پُل سے گُزرنے والی ٹریفک کا یکساں وزن برداشت کرتے ہیں۔ اِس تعمیراتی ہم آہنگی کے بِنا، پُل خطرے کا باعث ہو سکتا تھا، حتیٰ کہ گِرنے کا باعث۔ کسی بھی پُل کو اپنے تعمیر کردہ مقصد کو پُورا کرنے کے لیے، اُس کے ستُونوں کی مُکمل ہم آہنگ کارکردگی لازم ہوگی۔ اُسی طرح، یِسُوع مسِیح کی پیروی کی ہماری صلاحیت کا انحصارہماری ہمت اور قُوت پر ہے کہ ہم پہلے اور دُوسرے حُکموں پر توازن اور یکساں عقیدت کے ساتھ عمل کریں۔

شبیہ
گولڈن گیٹ برج۔

البتہ دُنیا میں بڑھتا ہُوا فِتنہ و فساد بتاتا ہے، کہ ہم بعض اوقات اِسے دیکھنے یا یاد رکھنے میں ناکام رہتے ہیں۔ بعض لوگ حُکموں پر عمل کرنے میں اِتنے متوجہ ہیں کہ جِن کو وہ کم راست باز دیکھتے ہیں اُن سے وہ کم رواداری کا مُظاہرہ کرتے ہیں۔ بعض لوگوں کو اُن سے محبّت کرنے میں مُشکل پیش آتی ہے جو عہد کی راہ پر نہ چل کر زندگی بسر کرنے یا حتیٰ کہ کسی بھی مذہبی شرکت سے دُور رہنے کو چُنتے ہیں۔

دُوسری طرف، ایسے لوگ بھی ہیں جو دُوسروں سے محبّت کرنے کی اہمیت کو تسلیم کِیے بغیر زور دیتے ہیں کہ ہم سب خُدا کے حُضُور جواب دہ ہیں۔ بعض اِس تصّور کی مُکمل نفی کرتے ہیں کہ مُطلق سچائی، یا صحیح اور غلط جیسی کوئی چیز ہے، اور کہ ہم سے فقط جو چیز درکار ہے وہ دُوسروں کے چُناؤ کی مُکمل رواداری اور قبُولیت ہے۔ اِن میں سے کوئی بھی عدم توازن آپ کے رُوحانی پُل کے لُڑھکنے یا گرنے کا سبب بن سکتا ہے۔

صدر ڈیلن ایچ اوکس نے بیان کِرتے ہُوئے یہ کہا: ”ہمیں ہر ایک سے محبّت کرنے کا حُکم دِیا گیا ہے، یِسُوع کی نیک سامری کی تمثیل سِکھاتی ہے کہ ہر کوئی ہمارا پڑوسی ہے۔ البتہ دوسرے حُکم پر چلنے کے جوش و جذبے کی وجہ سے، ہمیں اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان اور اپنی ساری عقل سے اپنے خُدا سے محبّت رکھنے کے پہلے حُکم کو بھولنے کی ضرُورت نہیں۔“

انجام

لہٰذا ہم سب کے لیے سوال یہ ہے، کہ ہمیں اپنے پُل کے ستُونوں—دونوں خُدا اور اپنے پڑوسی سے محبّت کو بُلند کھڑا کرتے ہُوئے اپنے اِیمان اور عقیدت کے پُل کی تعمیر کیسے کرنی ہے؟ چلیں، ہم ابھی آغاز کرتے ہیں ہماری اِبتدائی کاوِشیں نیپ کِن کی پُشت پر کوئی منصُوبہ ہو سکتا ہے یا پُل کی اِبتدائی مرحلہ کے نقشے کی طرح نظر آ سکتے ہیں جس کو بنانے کی ہمیں اُمید ہے۔ چند حقیقت پسندانہ اہداف خُداوند کی اِنجِیل کو زیادہ سے زیادہ سمجھنے کی کوشش کرنے یا دُوسروں پر کم تنقید کرنے کے اِس عہد پر مُشتمل ہو سکتے ہیں۔ اِن پر عمل کرنے کے لِیے نہ کوئی اِتنا چھوٹا یا اِتنا بوڑھا ہے۔

شبیہ
برج کے نقشہ کا خاکہ

وقت گزرنے کے ساتھ، دُعا اور غَور و فِکر سے کی گئی منصُوبہ بندی سے، بے ہنگم خیالات کو بہتر بنایا جاتا ہے۔ نئے اعمال عادتیں بن جاتی ہیں۔ اِبتدائی مسّودے بہتر نقشے بن جاتے ہیں۔ ہم اپنے دِل اور عقل کو وقف کرنے سے اپنے ذاتی رُوحانی پُل کی تعمیر کرتے ہیں آسمانی باپ اور اُس کے اِکلوتے بیٹے کے ساتھ ساتھ اپنے بھائیوں اور بہنوں کے لیے جِن کے ساتھ ہم کام کرتے، کھیلتے، اور رہتے ہیں۔

آنے والے دِنوں میں، جب آپ ایسے عالی شان، بُلند ستُونوں کے ساتھ کسی پُل سے گُزریں یا کوئی تصویر دیکھیں، تو مَیں آپ کو دو بڑے حُکم جو یِسُوع مسِیح نے نئے عہد نامہ میں بیان کِیے یاد رکھنے کی دعوت دیتا ہُوں۔ خُداوند کی ہدایات ہمارے لیے مؤثر ثابت ہوں۔ کاش ہمارے دِل اور عقل خُداوند سے محبّت کرنے کے لیے اُوپر کی جانب بُلند ہوں، اور اپنے پڑوسی سے محبّت کرنے کے لیے باہر کی جانب مُڑیں۔

کاش یہ یِسُوع مسِیح اور اُس کے کفّارے پر ہمارے اِیمان کو مضبُوط کرے جس کی مَیں گواہی دیتا ہُوں، یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔

حوالہ جات

  1. ”نئے عہد نامہ میں، [اصطلاح عالمِ شرع ] وکیل، کے مترادف تھی، جو پیشے سے شرع کا طالب عِلم اور اُستاد تھا، بشمول توریت کے تحریری آئین، اور ’بزرگوں کی روایات‘ (متّی. ۲۲:‏۳۵؛ مرقس. ۱۲:‏۲۸؛ لُوقا. ۱۰:‏۲۵)“ (لُغتِ بائِبل، ”عالمِ شرع“)۔

  2. قدیم، یہُودی عُلما نے توریت میں 613 حُکم شُمار کِیے ہیں اور سرگرمی سے ایک دُوسرے کے مقابل نسبتی اہمیت پر بحث کی تھی۔ البتہ شرح کے عالم نے یِسُوع کے جواب کو اُسی کے خِلااف اِستعمال کرنے کا اِرادہ کِیا تھا۔ اگر وہ کہتا کہ ایک حُکم دُوسرے سے زیادہ اہم ہے، تو یہِ یِسُوع پر شریعت کے دُوسرے پہلو کو نظر انداز کرنے کا اِلزام لگانے کا مُرتکب ہوتا۔ مگر نجات دہندہ کے جواب نے اُن لوگوں کے مُنہ بند کر دِیے جو اُسے بُنیادی بیان کے ساتھ پھنسانے کے لیے آئے تھے جو کہ، آج، کلِیسیا میں جو کُچھ ہم کرتے ہیں اُس کی بُنیاد ہے۔

  3. متّی ۲۲:‏۳۶–۴۰۔

  4. دیکھیں عقائد اور عہُود ۸۸:‏۱۵۔

  5. یُوحنّا ۱۴:‏۱۵۔

  6. رازداری کے تحفظ کی خاطر دونوں نام تبدیل کر دیے گئے ہیں۔

  7. مضایاہ ۲:‏۴۱۔

  8. متّی ۲۲:‏۳۹۔

  9. ۲ نیفی ۲۶:‏۳۳۔

  10. عقائد اور عہود ۸۱:‏۵۔

  11. رازداری کے تحفظ کی خاطر نام تبدیل کر دیا گیا۔

  12. رسل ایم نیلسن، ”دُوسرا سب سے بڑا حُکم،لیحونا، نومبر. 2019، 100۔

  13. متّی ۲۲:‏۴۰۔

  14. ڈیلن ایچ اوکس، ”دو عظیم حُکم،“ لیحونا، نومبر 2019، 73–74۔