مجلسِ عامہ
ہَیکلیں، دَھرتی کو معمُور کرتے خُداوند کے گھر
مجلسِ عامہ اپریل 2024


ہَیکلیں، دَھرتی کو معمُور کرتے خُداوند کے گھر

جب آپ لائق اور دُعا گو ہو کر اُس کے پاک گھر میں آتے ہیں، تو آپ اُس کی قُدرت سے لیس ہوں گے۔

کیا آپ کو یہ خُوب صُورت اَلفاظ پسند آئے جو ہم نے اَبھی گائے ہیں؟ ”مَیں تُجھے مضبُوط کرُوں گا، تیری مدد کرُوں گا، اور تیرے کھڑا ہونے کا سبب بنُوں گا، … اپنے راست، اور قادرِ مُطلق ہاتھ کے وسیلے سے۔“1 خُداوند ہر عُمر کے اپنے مُقدّسین کو مضبُوط کر رہا ہے جب وہ اُس کے مُقدّس گھر میں آتے ہیں۔ کِنشاسا سے لے کر زولی کوفِن سے فُوکُو اوکا سے آوکلینڈ تک، نوجوانوں نے، خُود سے پہل کرتے ہوئے، ہماری ہَیکلوں کے بپتسما خانوں کو کھچا کھچ بھر دیا ہے۔ ماضی میں، بُہت سے پیارے کارکُنانِ رُسُوم عُمر رسیدہ ہوتے تھے—لیکن اَب اَیسا نہیں ہے۔ بُلاہٹ یافتہ مُناد، خِدمتی مُناد، اور گھر واپس لوٹے مُناد ہر جگہ موجُود ہیں۔ دُنیا جہان میں، بڑھتا ہُوا احساس ہمیں خُداوند کے گھر کی جانب راغب کر رہا ہے۔

صِرف ایک برس قبل، ایک عزیز خاندانی دوست، جس کی عُمر 95 سال ہے، جو ریاست ہائے مُتحدہ اَمریکہ کے مشرقی ساحل پر رہتی ہے، جسے 70 سالوں سے مُناد تعلیم دے رہے تھے، اُس نے اپنی بیٹی سے کہا، ”مَیں تُمھارے ساتھ ہَیکل جانا چاہتی ہُوں۔“

اُس کی بیٹی نے جواب دِیا، ”ٹھیک ہے، ماں، مگر آپ کو پہلے بپتِسما لینا ہو گا۔“

شبیہ
بُزرگ بہن کا بپتِسما۔

اُس نے جواب دِیا، ”اچّھا،“ ”پھر مَیں بپتِسما پانا چاہتی ہُوں۔“ اُس نے بپتِسما لے لِیا۔ چند روز بعد، وہ بڑے اَدب سے ہَیکل کے بپتِسما خانہ میں داخِل ہُوئی۔ اور صِرف ایک ماہ قبل، اُس نے اپنی ودیعت اور مُہربندی پائی ہے۔ ”خُدا کا عِلم اور قُدرت پھیل رہے ہیں؛ زمین پر سے پَردہ پھٹنے لگا ہے۔“2

شبیہ
بُزرگ بہن ہَیکَل کے باہر کھڑی ہے۔

کیا آپ نے غور کِیا ہے کہ خُداوند کیوں اپنے نبی کو ہدایت دیتا ہے کہ وہ اَبھی دَھرتی کو اُس کی مُقدّس ہَیکلوں سے معمُور کرے؟3 وہ کیوں اِس خاص وقت پر، اپنی موعُودہ اُمّت کو ضرُوری خُوش حالی عطا کرتا ہے تاکہ اُن کی پاک دَہ یکی کے ذریعے، خُداوند کے سینکڑوں گھر تعمیر کیے جا سکیں؟

آج صُبح، صدر ڈیلن ایچ اوکس نے پُوری دُنیا میں زیرِ تعمیر ہَیکلوں کا خُوب صُورت نظارہ دِکھایا۔ کیتھی اور مَیں حال ہی میں فلپائن میں تھے۔ اِس مُعجزے کی بابت سوچیں: 1984 میں مَنیلا ہَیکل کی تقدِیس کی گئی تھی۔ سِیبو شہر میں، دُوسری ہَیکل کی تکمیل 26 برس بعد، 2010 میں ہُوئی۔ اَب، 14 سال بعد، 11 ہَیکلیں تعمیر، ڈیزائن، یا تقدِیس کے لیے تیار کی جا رہی ہیں۔ شُمال سے جنُوب تک: لوایگ، ٹوگیگرو، سینٹی یاگو، اُردا نیتا، الابنگ، ناگا، ٹیکلوبان شہر، اِلو اِلو، باکا لوڈ، کاگا یانڈی اَورو، اور ڈا وہ۔ خُدا کے کَرِشماتی کاموں کو دیکھنا اِنتہائی پُرجلال ہے!

شبیہ
فِلپائن میں ہَیکلیں۔

دُنیا بھر میں، خُداوند کے گھر ہمارے قریب آ رہے ہیں۔ ہمارے ایّام میں کیوں؟

آخِری ایّام

خُداوند نے خبردار کِیا کہ آخِری ایّام میں، قوموں کے درمیان مُصیبت ہو گی،4 لوگ ”خُود غرض“ ہوں گے،5 ”سب چیزیں اَبتری میں ہوں [گی]،“6 اُلجھن بڑھ جائے گی،7 اور ”آدمیوں کی جان میں جان نہ رہے [گی]۔“8 ہم نے یقیناً مَردوں اور عَورتوں کی جانیں تباہ ہوتے دیکھی ہیں: دُنیا کی دِل فریبیاں، دِل کش صداؤں کا خلل، رُوحانی نشوونُما سے غفلت، شاگِردی کے تقاضوں کی تھکاوٹ۔9 شاید آپ دُکھی ہُوئے ہوں جب آپ نے کسی اَیسے پیارے کو دیکھا ہو، جو کبھی مُخلصانہ طور پر یِسُوع مسِیح پر اپنے اِیمان کی بات کرتا تھا، مورمن کی کِتاب کی گواہی دیتا تھا، اور خُدا کی بادشاہی کی تعمیر میں مدد کرنے کے لیے بڑی مُعاونت کرتا تھا، مگر اَب اچانک عارضی طور پر، اپنے عقائد سے دُور ہوتے ہُوئے کلِیسیا میں غیرسَرگرم ہے۔ آپ کے لیے میرا مشورہ ہے کہ مایُوس مَت ہوں! سب بہتر ہے۔ کیوں کہ جو قَول خُدا کی طرف سے ہے، وہ ہرگز بے تاثِیر نہ ہو گا۔10

دُنیا میں نبُوت کی گئی اَفراتفری اور بے اِعتقادی کے ساتھ، خُداوند نے وعدہ فرمایا ہے کہ ایک موعُودہ اُمّت ہو گی، لوگ بے تابی سے اُس کی واپسی کے مُنتظر ہوں گے، اَیسے لوگ جو مُقدّس جگہوں پر کھڑے ہوں گے اور جُنبِش نہ کھائیں گے۔11 اُس نے دُشمن کی فریب کاریِوں پر غالِب آنے، اپنے اِیمان کو مُضبوط کرنے، اپنی سوچ آسمانی رکھنے، اور نجات دہندہ یِسُوع مسِیح پر مُکمل طور پر توّکل کرنے والی راست باز اُمّت کی بابت بات کی۔

خُداوند اَب اپنی سینکڑوں ہَیکلیں ہمارے قریب کیوں لا رہا ہے؟ ایک وجہ یہ ہے کہ دُنیا کی ہنگامہ آرائیوں اور آزمایشوں کے درمیان، اُس نے اپنے موعُودہ مُقدّسِین کو تقویت دینے اور برکت دینے کا وعدہ فرمایا ہے، اور اُس کے وعدے پُورے ہو رہے ہیں!

کرٹ لینڈ ہَیکل سے وعدے

یہ مُقدّس گھر کیسے ہمیں تقویت، تسلّی اور مُحافظت بخشتے ہیں؟ کرٹ لینڈ ہَیکل کی تقدِیس میں ہمیں نبی جوزف سمِتھ کی اِلتجاؤں میں سے جواب مِلتا ہے۔ اِسی ہَیکل میں مُقدّسِین نے یہ گیت گایا تھا، ”ہم گائیں گے اور آسمانی لشکروں کے ساتھ نعرہ لگائیں گے۔12 نجات دہندہ خُود وہاں ظاہر ہُوا، قدیم اَنبیا بھی آئے، اور بحال شُدہ اِنجِیل کے لیے اِضافی کہانتی کُنجیاں عطا کِیں۔13

کرٹ لینڈ ہَیکل کے اُس مُقدّس موقع پر، نبی نے دُعا کی کہ خُداوند کے پاک گھر میں، مُقدّسِین قُدرتِ خُدا سے ملبُوس ہوں، کہ یِسُوع مسِیح کا نام اُن پر ہو، کہ اُس کے فرِشتوں کی نگہبانی اُن پر ہو، اور وہ خُداوند میں فروغ اور ”رُوحُ القُدس کی معمُوری پائیں۔“14 یہ قوّی اِلتجائیں ہماری زِندگیوں میں پُوری ہوتی ہیں جب ہم خُداوند کے گھر میں وفاداری سے عِبادت کرتے ہیں۔

قُدرت سے لیس

اُس کے گھر میں، ہمیں حقیقتاً قُدرتِ اِلہٰی کی سعادت نصیب ہوتی ہے۔15 یِسُوع مسِیح پر ہمارا اِیمان اور ہماری محبّت مُستحکم اور مُحکم ہوتی ہے۔ ہمیں رُوحانی طور پر اپنی حقیقی شناخت اور زِندگی کے مقاصد کے مُتعلق یقین دِہانی کرائی جاتی ہے۔16 جب ہم وفادار ہوتے ہیں، تو ہمیں آزمایشوں اور خلل سے تحفُظ کی برکت مِلتی ہے۔ ہم اپنے مُنّجی کی محبّت کو محسُوس کرتے ہیں جب وہ ہمیں ہماری مُشکلات اور غموں سے چُھڑاتا ہے۔ ہم قُدرتِ خُدا سے لیس ہو جاتے ہیں۔

اُس کا نام ہمارے اُوپر

اُس کے مُقدّس گھر میں، ہم مُکمل طور پر اُس کا نام اپنے تئیں لیتے ہیں۔ جب ہم بپتِسما لیتے ہیں، تو ہم اُس پر اپنے اِیمان اور اُس کے حُکموں پر عمل کرنے کی اپنی آمادگی کا اِقرار کرتے ہیں۔ ہَیکل میں، ہم اپنے عہُود کے وسیلے، ہمیشہ اُس کی پیروی کرنے کا مُقدّس وعدہ کرتے ہیں۔

شبیہ
ہیبر ویلی یوٹاہ ہَیکل کی پیش کش۔

اِس کلِیسیا کے نوجوان حیرت انگیز ہیں۔ اِس کٹھن جہان میں، وہ مسِیح کا نام اپنے تئیں لیتے ہیں۔ ہیبر سِٹی، یُوٹاہ میں، تعمیر کے لیے منصُوبہ کی گئی ہَیکل کی تفصیلات پر تبادلہِ خیال کرنے کے لیے ایک عوامی اِجلاس مُنعقد کِیا گیا۔ تین سو نوجوانوں نے متجوزہ ہَیکل کے لیے اپنی حمایت کا اِظہار کرنے کے لیے مُلحقہ پارک کو بھر دِیا۔ ایک نوجوان نے، کُھلے فورم میں حُکومتی راہ نُماؤں سے بات کرتے ہُوئے، بڑی دلیری سے وضاحت کی، ”مَیں اُمید کر رہا ہُوں کہ اِس ہَیکل میں بیاہ کرُوں۔ [ہَیکل میری معاونت کرے گی] خُود کو پاک اور صاف رکھنے میں۔“ ایک اور شخص نے ہَیکل کو نُور اور اُمید کی علامت کے طور پر بیان کِیا۔ دُنیا بھر سے کلِیسیا کے فرزندان اور دُختران یِسُوع مسِیح کے نام کو قُبُول کر رہے ہیں۔17

شبیہ
ہیبر سِٹی میں پارک بھرتے ہُوئے نوجوان۔

فرشتے ہمارے ہمراہ

کرٹ لینڈ ہَیکل میں، نبی جوزف سمِتھ نے دُعا کی کہ ”فرِشتے [اُس کے مُقدّسین] [کی] نگہبانی کریں۔“18 ہَیکل میں اپنے آباؤاَجداد کے لیے باقاعدگی سے رُسُوم اَدا کرنا شیریں اور یقینی اِستحکام لاتا ہے کہ زِندگی پردے کی دُوسری جانب بھی جاری و ساری ہے۔

اَگرچہ خُداوند کے گھر میں ہمارے بُہت سے تجربات اِتنے مُقدّس ہوتے ہیں کہ عوامی طور پر بیان نہیں کِیے جاتے، مگر کُچھ کا ذِکر کِیا جا سکتا ہے۔ چالیس برس قبل، فلوریڈا میں رہتے ہُوئے، کیتھی اور مَیں اَٹلانٹا، جارجیا ہَیکل کی زیارت کو گئے۔ بُدھ کی رات، 9 مئی، 1984 کو، جب ہم نے ہَیکل میں عِبادت مُکمل کی، تو ایک کارکُنِ رُسُوم میرے پاس آیا اور پُوچھا کہ کیا میرے پاس اِبتدائی تیاری کی ایک رَسم اَدا کرنے کا وقت ہے۔ جس شخص کی مَیں نُمایندگی کر رہا تھا اُس کا نام غیر معمُولی تھا۔ اُس کا نام علیزر سَرسی تھا۔

اَگلے روز، ہَیکل مُقدّسین سے بھری ہُوئی تھی۔ جب مَیں نے اُس دِن کی دُوسری ودیعت اَنجام دینے کی تیاری کی، تو مُجھے اُس شخص کا نام دِیا گیا جس کی مجھے نُمایندگی کرنی تھی۔ حیرت اَنگیز طور پر، یہ نام ایک گزشتہ رات والے شخص ہی کا تھا، یعنی علیزر سَرسی۔ جب ودیعت مُکمل ہو گئی تو مَیں نے رُوحِ خُداوندی کو محسُوس کِیا۔ دوپہر کے بعد، جب ہم ہَیکل میں موجُود تھے، تو کیتھی نے ایک بُزرگ خاندانی دوست، بہن ڈولی فرنینڈیز کو دیکھا، جو اَب اَٹلانٹا میں رہتی تھی۔ اُس کے ساتھ خاندان کا کوئی مَرد رُکن نہ ہونے کی وجہ سے، اُس نے مجھ سے پُوچھا کہ کیا مَیں مُمکنہ طور پر اُس کے والد کی اُس کے والدین کے ساتھ مُہربندی کرنے میں مدد کر سکتا ہُوں۔ مَیں نے یقیناً اِس بات کو باعثِ فخر جانا۔

جب مَیں نے قُربان گاہ پر اُس مُقدّس رَسم کے لیے گُھٹنے ٹیکے، تو مَیں نے ایک دفعہ پھر وہ نام سُنا جو اَب میرے ذہن میں نقش تھا، یعنی اُس کا باپ، علیزر سَرسی۔ مُجھے یقینِ کامِل ہے کہ اِس زِندگی کے بعد، مَیں ایک اَیسے شخص سے مِلوں گا اور گلے لگاؤں گا جسے اُس کی فانی زِندگی میں علیزر سَرسی کے نام سے جانا جاتا تھا۔

خُداوند کے گھر میں ہمارے زیادہ تر تجربات ڈرامائی مداخلت سے زیادہ پُر مَسرت اِطمینان اور پُر سُکُون مُکاشفہ لاتے ہیں۔ مگر یقین رکھیں: کہ فرِشتے ہمارے نگہبان ہیں!

رُوحُ القُدس کی معمُوری

جب ہم کلِیسیا کے رُکن کی حیثیت سے اِستحکام پاتے ہیں تو ہمیں رُوحُ القُدس کی نعمت عطا کی جاتی ہے۔ ہر ہفتے جب ہم مُنّجی کی یادگاری میں روٹی اور پانی میں شریک ہوتے ہیں، تو ہم سے وعدہ کِیا جاتا ہے کہ اُس کا رُوح ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے گا۔19 جب ہم رضامند دِلوں کے ساتھ خُداوند کے گھر میں آتے ہیں، جو دَھرتی پر سب سے مُقدّس جگہ ہے، تو ہم خُداوند میں ترقی اور ”رُوحُ القُدس کی معمُوری پا سکتے ہیں۔“20 رُوحُ القُدس کی قُدرت کے وسیلے سے، ہم اِطمینان اور خُوشی اور ناقابلِ بیان اُمید سے بھر جاتے ہیں۔21 ہم اُس کے شاگِرد بنے رہنے کے لیے قُوت پاتے ہیں حتیٰ کہ جب ہم خُود کو مُقدّس مقامات سے باہر پاتے ہیں۔

صدر رسل ایم نیلسن نے اِعلان کِیا ہے کہ: ”ہمارا مُنّجی اور مُخلصی دینے والا، یِسُوع مسِیح، اَب سے لے کر اپنی دُوسری آمد کے درمیان میں بڑے بڑے عظیمُ القدر کام اَنجام دے گا۔ ہم بڑے عجیب و غریب نِشان دیکھیں گے کہ خُدا باپ اور … یِسُوع مِسیح … اِس کلِیسیا کی صدارت حَشمت اور جلال کے ساتھ کرتے ہیں۔22 دَھرتی کو خُداوند کے گھروں سے معمُور کرنا بڑا عظیمُ القدر اور مُعجزانہ نِشان ہے۔23

میرے عزیز دوستو، اگر ہم اِس قابل ہیں اور ہَیکل میں پہلے سے زیادہ اپنی حاضری کو نہیں بڑھا پائے، تو آئیے ہم باقاعدگی سے خُداوند کے گھر میں پرستِش کرنے کے لیے مزید وقت نِکالیں۔ آئیے ہم اُن ہَیکلوں کے لیے دُعا کریں جن کا اِعلان کِیا گیا ہے، تاکہ کلِیسیائی جائیدادیں خریدی جا سکیں، کہ حُکومتیں ہمارے منصُوبوں کی منظُوری دیں، کہ باصلاحیت کارکُنان اپنے توڑوں کو پھلتا پُھولتا دیکھیں، اور مُقدّس تقدِیسات اِلہٰی منظُوری اور فرِشتوں کی زیارت کو مُمکن بنائیں۔

وعدے

ہَیکل واقعی خُداوند کا گھر ہے۔ مَیں آپ سے وعدہ کرتا ہُوں کہ جب آپ لائق اور دُعاگو ہو کر اُس کے قُدّوس گھر میں آتے ہیں، تو آپ اُس کی قُدرت سے ملبُوس ہوں گے، اُس کا نام آپ پر ہو گا، اُس کے فرِشتوں کی نِگہبانی آپ پر ہو گی، اور آپ رُوحُ القُدس کی برکت میں آگے بڑھیں گے۔

خُداوند نے وعدہ فرمایا ہے ”ہر جان جو اپنے گُناہوں کو ترک کرتی اور میرے پاس آتی، اور میرا نام پُکارتی، اور میری آواز کی فرماں برداری کرتی، اور میرے حُکموں کو مانتی ہے، مُجھے رُوبَرُو دیکھے گی اور جانے گی کہ مَیں ہُوں۔“24 مسِیح کا چہرہ دیکھنے کے بُہت سے مُختلف طریقے ہیں، مگر اُس کے مُقدّس گھر سے بہتر کوئی اور مقام نہیں ہے۔25

اَبتری اور اَفراتفری کے اِس دَور میں، مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ ہَیکل اُس کا مُقدّس گھر ہے اور یہ ہمیں محفُوظ رکھتا، ہماری مُحافظت کرتا، اور ہمیں اُس جلالی دِن کے لیے تیار کرنے میں مدد کرتا ہے جب، اپنے تمام مُقدّس فرِشتوں کے ساتھ، ہمارا مُنّجی حَشمت، قُدرت، اور عظیمُ الشان جلال میں واپس آئے گا۔ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔

حوالہ جات

  1. ”کِتنی پُختہ بُنیاد ہے،“ گیت، نمبر 85۔

  2. ”خُدا کا رُوح،“ گیت نمبر 2۔

  3. اِس وقت 182 فعال ہَیکلیں موجُود ہیں۔ چھ تزئین و آرایش کے مراحِل میں ہیں۔ سات تقدِیس کی مُنتظر ہیں، جس کے ساتھ ایک اور تقدِیسِ نَو کی مُنتظر ہے۔ 45 زیرِ تعمیر ہیں اور 94 مزید ہیں جن کا اِعلان کِیا گیا یا منصُوبہ سازی اور ڈیزائن بنایا گیا ہے۔

  4. دیکھیے لُوقا ۲۱:‏۱۰۔

  5. ۲ تیمتھیس ۳:‏۲۔

  6. عقائد اور عہُود ۸۸:‏۹۱۔

  7. ایلڈر ڈیوڈ اے بیڈنار نے کہا کہ: ”اِنجِیل کے اُصُول میرے لیے اور آپ کے لیے اَیسے ہیں جَیسے جہاز کی پَتوار کے پہیّے۔ دُرست اُصُول ہمیں اپنا راستا ڈھُونڈنے اور مُستحکم، ثابت قدم، اور اَٹل کھڑے رہنے کی قابلیت فراہم کرتے ہیں تاکہ ہم اپنا توازن کھو نہ دیں اور اِن قہر آلُود آخِری ایّام کے تارِیک اور بوکھلاہٹ کے طُوفانوں کا شِکار نہ ہو جائیں“ (”میری اِنجِیل کے اُصُول،“ لیحونا، مئی 2021، 126)۔

  8. عقائد اور عہُود ۴۵:‏۲۶۔

  9. ”اگر کوئی میرے پیچھے آنا چاہے تو اپنی خُودی کا اِنکار کرے اور اپنی صلیب اُٹھائے اور میرے پیچھے ہو لے“ (متّی ۱۶:‏۲۴

  10. دیکھیے لُوقا ۱:‏۳۷۔

  11. دیکھیے عقائد اور عہُود ۸۷:‏۸۔

  12. گِیت، نمبر 2۔

  13. دیکھیے عقائد اور عہُود ۱۱۰۔ اِس وقت سے پہلے، نبی جوزف سمِتھ نے یُوحنّا بپتِسما دینے والے سے ہارُونی کہانت اور اِس کی کُنجیاں پائیں، اور پطرس، یعقُوب اور یُوحنّا رَسُولوں سے ملکِ صِدق کی کہانت اور اِس کی کُنجیاں پائیں (دیکھیے عقائد اور عہُود ۱۳‏:۱؛ ۲۷:‏۱۲–۱۳

  14. عقائد اور عہُود ۱۰۹‏:۱۵؛ مزید دیکھیے آیت ۲۲۔

  15. صدر رسل ایم نیلسن نے فرمایا کہ: ”ہَیکل ہماری مُہم جوئی میں ہماری مدد کر سکتی ہے۔ وہاں ہمیں خُدا کی قُدرت ودیعت کی جاتی ہے، جو ہمیں شَیطان پر قابُو پانے کی توفِیق دیتی ہے، جو ہر قِسم کے فِتنہ و فساد بھڑکانے والا ہے“ (”صالحِین کی ضرُورت ہے،“ لیحونا، مئی 2023، 101)۔

  16. دیکھیے رسل ایم نیلسن، ”اَبَدیت کے لیے اِنتخابات“ (عالم گیر عِبادت برائے نوجوان بالغِیں، 15 مئی، 2022)، گاسپل لائبریری۔

  17. ایلڈر کولِن سٹافر، ذاتی خط و کِتابت، 30 جنوری، 2024۔

  18. عقائداور عہُود ۱۰۹:‏۲۲۔

  19. دیکھیے عقائد اور عہُود ۲۰:‏۷۷، ۷۹۔

  20. عقائداور عہود ۱۰۹:‏۱۵۔

  21. دیکھیے رومیوں ۱۵:‏۱۳۔

  22. رسل ایم نیلسن، ”کلِیسیا کے لیے مُکاشفہ، ہماری زِندگیوں کے لیے اِلہام،“ لیحونا، مئی 2018، 96۔

  23. صدر بریگھم ینگ نے کہا کہ، ”ہمارے پاس سینکڑوں ہَیکلیں اور ہزاروں مَرد و خواتین ہوں گے جو سوئے ہُوؤں کے لیے اَمُور اَنجام دے گے، جنھیں اِنجِیل کو سُننے اور اِس پر عمل کرنے کا موقع نہیں مِلا“ (کلِیسیائی صدُور کی تعلیمات: بریگھم ینگ [1997]، 312)۔ اور صدر عزرا ٹافٹ بینسن نے کہا کہ: ”ہمارے اَجداد نے نبُوت کی ہے کہ ہَیکلیں شُمالی اور جنُوبی اَمریکہ، جزائر بحرُ الکاہل، یورپ اور ہر جاہ دَھرتی کو معمُور کریں گی۔ اگر اِس مُخلصی بخش کام کو بڑے پیمانے پر کرنا دَرکار ہو، تو سینکڑوں ہَیکلوں کی ضرُورت ہو گی“ (عزرا ٹافٹ بینسن کی تعلیمات، [1988]، 247)۔

  24. عقائد اور عہُود ۹۳:‏۱۔

  25. ایلڈر ڈیوڈ بی ہیٹ نے کہا:

    ”یہ سچ ہے کہ بعض نے درحقیقت نجات دہندہ کو دیکھا ہے، لیکن جب کوئی لغت کو دیکھتا ہے، تو وہ سیکھتا ہے کہ لفظ دیکھنا کے اور بھی بہت سے معانی ہیں، جیسے کہ اُس کو جاننا، اُس کو سمجھنا، اُس کو پہچاننا اور اُس کے کام کو پہچاننا، اُس کی اہمیت کا اِدراک پانا، یا اُس کو سمجھنا شُروع کرنا۔

    ”اَیسی آسمانی روشن خیالی اور رحمتیں ہم میں سے ہر ایک کے لیے دستیاب ہیں“ (”ہَیکلیں اور اِن میں فرائض،“ انزائن، نومبر 1990، 61)۔