مجلسِ عامہ
دُعا کرو، وہ موجُود ہے
مجلسِ عامہ اپریل 2024


دُعا کرو، وہ موجُود ہے

مَیں آپ کو دعوت دیتی ہُوں یہ جاننے کے لیے دُعا کریں کہ آسمانی باپ موجُود ہے، اُس کی مانِند بننے کے لیے بڑھوتی کے لیے دُعا کریں اور دُوسروں سے اُس کی محبّت کے اِظہار کے لیے دُعا کریں۔

بہنو اور بھائیو، میرے لیے بچّوں سے بات کرنے کے ہر ایک تاثر کا جواب دینا باعثِ مَسرت ہوتا ہے!

بچّو اور بچّیو، آپ دُنیا میں جہاں کہیں بھی ہیں، مَیں آپ کو کُچھ بتانا چاہتی ہُوں۔

ہمارا آسمانی باپ آپ سے محبّت کرتا ہے! آپ اُس کے بچّے ہیں۔ وہ آپ کو جانتا ہے۔ وہ آپ کو برکتوں سے نوازنا چاہتا ہے۔ مَیں اپنے سارے دِل سے دُعاگو ہُوں کہ آپ اُس کی محبّت محسُوس کریں۔

کیا آپ کو تحائف لینا پسند ہے؟ مَیں آپ سے اِنتہائی خاص تُحفے کے بارے میں بات کرنا چاہتی ہُوں جو آسمانی باپ نے آپ کی مدد کے لیے آپ کو دِیا ہے۔ یہ تُحفہ ہے دُعا۔ دُعا بُہت بڑی نعمت ہے! ہم دُعا کے ذریعے سے کہیں بھی کسی بھی وقت، آسمانی باپ سے بات کر سکتے ہیں۔

شبیہ
یِسُوع بچّوں کے ساتھ۔

جب یِسُوع مسِیح اِس دُنیا میں تھا، تو اُس نے ہمیں دُعا کرنا سِکھایا۔ اُس نے کہا، ”مانگو، تو تُم پاؤ گے۔“1

آپ کن کن نعمتوں کے لیے دُعا مانگتے ہیں؟ بُہت ساری نعمتیں موجُود ہیں، مگر مَیں تین کا تذکرہ کرنا چاہتی ہُوں:

  1. جاننے کے لیے دُعا کرنا۔

  2. بڑھوتی کے لیے دُعا کرنا۔

  3. اِظہار کرنے کے لیے دُعا کرنا۔

آئیے ہر ایک کی بابت بات کریں۔

پہلا، جاننے کے لیے دُعا کرنا

آپ کے لیے کیا جاننا ضرُوری ہے؟

پرائمری کے بچّے دُنیا بھر میں دُعا کی بابت یہ گیت گاتے ہیں۔ جو ایک سوال سے شُروع ہوتا ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں وہ کون سا گیت ہے؟ اگر مَیں واقعی دلیر ہوتی، تو مَیں آپ کے لیے یہ گاتی!

”آسمانی باپ، کیا آپ درحقیقت موجُود ہیں؟ کیا آپ ہر بچّے کی دُعا سُنتے اور جواب دیتے ہیں؟“2

آپ کیسے جانتے ہیں کہ آسمانی باپ درحقیقت موجُود ہے، اگرچہ آپ اُسے دیکھ نہیں سکتے؟

صدر رسل ایم نیلسن نے آپ کو دعوت دی ہے کہ ”اپنے دِل اپنے آسمانی باپ کے سامنے کھول کر رکھ دیں۔ … اور پھر غور سے سُنیں!“3 آپ اپنے دِل میں جو محسُوس کرتے اور آپ کے ذہن میں جو خیال آتے ہیں اُنھیں سُنیں۔4

آسمانی باپ گوشت اور ہڈیوں کے جلالی بدن کا حامل ہے اور وہ ہماری رُوحوں کا باپ ہے۔ چُوں کہ آسمانی باپ ساری قُدرت کا مالک ہے وہ ساری باتوں کو جانتا، سب بچّوں کو دیکھتا5 اور سُنتا ہے اور ہر دُعا کا جواب دیتا ہے۔ آپ بھی جان سکتے ہیں کہ وہ موجُود ہے اور وہ آپ سے محبّت کرتا ہے۔

جب آپ یہ جان لیتے ہیں کہ درحقیقت آسمانی باپ موجود ہے اور وہ آپ سے محبّت کرتا ہے، تو آپ ہمت اور اُمید کے ساتھ جیتے ہیں! ”دُعا کرو، وہ موجُود ہے؛ بولو، وہ سُنتا ہے۔“6

کیا آپ کبھی تنہا محسُوس کرتے ہیں؟ جب ہماری پوتی ایشلی چھ برس کی تھی، تو ایک دِن سکول کے کھیل کے میدان میں وہ اکیلی تھی اُس کے ساتھ کھیلنے کو کوئی دوست نہ تھا۔ وہاں کھڑے ہُوئے، وہ خُود کو معمُولی اور نظر انداز محسُوس کِرنے لگی، تو اُس کے ذہن میں فورا خیال آیا: ”ٹھہرو! مَیں اکیلی نہیں ہُوں! میرے ساتھ مسِیح ہے!“ ایشلی نے وہیں میدان کے درمیان میں گُھٹنے ٹیکے، ہاتھ جوڑے، اور آسمانی باپ سے دُعا کرنے لگی۔ اُسی لمحے جب اُس نے اپنی آنکھیں کھولیں، تو اُس کے پاس کھڑی ہم عُمر لڑکی نے اُسے پُوچھا کیا تُم میرے ساتھ کھیلنا چاہتی ہو۔ ایشلی نے جانا کہ، ”ہم خُداوند کے لیے اہم ہیں، اور ہم واقعی کبھی بھی تنہا نہیں ہوتے۔“

بعض اوقات آپ جاننا چاہتے ہیں کہ آپ کی زندگی میں مُشکل کیوں پیش آتی ہے یا آپ نے وہ برکت کیوں نہ پائی جس کے لیے آپ دُعا کرتے رہے۔ آسمانی باپ سے اکثر کیوں نہیں بلکہ کیا پُوچھنا بہتر سوال ہوتا ہے۔

کیا آپ کو یاد ہے جب نِیفی اور اُس کا خاندان بیابان میں سفر کے دَوران میں بُھوک سے تڑپ رہے تھے؟ جب نِیفی اور اُس کے بھائی خوراک کی تلاش میں گئے، تو نِیفی سے کمان ٹُوٹ گئی۔ لیکن اُس نے وجہ نہیں پوچھی۔

شبیہ
نِیفی لِحی سے پُوچھتا ہے خوراک کی تلاش کے لیے کہاں جائے۔

نِیفی نے نئی کمان بنائی اور اپنے باپ، لِحی، سے پُوچھا کہ وہ خوراک کی تلاش میں کس طرف جائے۔ لِحی نے دُعا کی، اور خُداوند نے اُنھیں دِکھایا کہ نِیفی کہاں جائے۔7 آسمانی باپ آپ کی بھی راہ نُمائی کرے گا اگر آپ اُسے پُوچھیں گے کہ آپ کیا کرسکتے اور آپ کیا سیکھ سکتے ہیں۔

دُوسری، بڑھوتی کے لیے دُعا کرنا

آسمانی باپ آپ کی بڑھوتی کے لیے مدد کرنا چاہتا ہے! وہ ہم سے اَیسی محبت رکھتا ہے کہ اُس نے ہمیں زندگی کا راستا دِکھانے کے لیے اپنے بیٹے، یِسُوع مسِیح، کو ہمارے پاس بھیجا۔8 یِسُوع نے دُکھ اُٹھائے، مُوا، اور دوبارہ جی اُٹھا تاکہ ہمارے گُناہ مُعاف کِیے جائیں اور ہم خُدا کی مانِند بننے کے لیے بڑھتے جائیں۔

کیا آپ اِیمان داری یا صبر میں بڑھنا چاہتے ہیں؟ کیا آپ کسی مہارت میں بڑھنا چاہتے ہیں؟ شاید آپ دُوسروں سے کتراتے ہوں اور ہمت میں بڑھوتی چاہتے ہوں۔ ”دُعا کرو، وہ موجُود ہے“! 9 اُس کے رُوح کے وسیلہ سے، آپ کے دِل بدل جاتے ہیں؛ اور آپ تقویت پاتے ہیں۔

میری نئی دوست جوناہ نے لِکھا، ”مَیں اکثر صُبح سکول جاتے ہُوئے راستے میں گھبراتی ہُوں۔ دیر ہونے، کُچھ بُھول جانے، اور اِمتحان جیسی چیزوں کے بارے میں فکر مند ہو جاتی ہُوں۔ جب مَیں 10 برس کی تھی، تو مَیں نے اپنی ماں کے ساتھ سکول سے واپسی پر دُعا کرنا شُروع کی تھی۔ مَیں اپنی ضرُورت کے لیے مدد مانگتی، اور اپنے خاندان کے لیے بھی دُعا کرتی۔ مَیں اُن چیزوں پر بھی غور کرتی ہُوں جِن کے لیے مَیں شُکر گُزار ہُوں۔ [آسمانی باپ سے دُعا] نے میری مدد کی ہے۔ کبھی کبھار جب مَیں گاڑی سے باہر نکلتی ہُوں تو مُجھے راحت محسُوس نہیں ہوتی، مگر جب مَیں اپنے کمرہِ جماعت تک پُہنچتی ہُوں تو مَیں پُرسکُون ہو جاتی ہُوں۔“10

روزانہ دُعا کرتے اور پھر آگے بڑھتے ہوئے جوناہ اِیمان میں بڑھوتی پا رہی ہے۔

تیسرا، اِظہار کرنے کے لیے دُعا کرنا

آپ دُوسروں سے آسمانی باپ کی محبّت کا اِظہار کرنے میں مدد کی دُعا کریں۔11 مسِیح کے رُوح کے وسیلہ سے، آسمانی باپ آپ کو کسی ایسے کی آگاہی کی مدد کرے گا جو اُداس ہو تاکہ آپ اُن کو تسلّی دیں۔ کسی کو مُعاف کرنے سے وہ اپنی محبّت کے اِظہار سے آپ کی مدد کرتا ہے۔ وہ آپ کو حوصلہ بخشتا ہے کہ آپ کسی کی خِدمت کریں اور اُنھیں بتائیں کہ وہ خُدا کے فرزند ہیں۔ جب آپ ایسا کرتے ہیں تو آپ کی کوششیں دُوسروں کی یِسُوع اور آسمانی باپ سے محبّت کرنے اور اُن کو جاننے میں مدد کرتی ہیں۔12

مَیں نے پُوری زندگی دُعا کی کہ میرے والد کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقّدسِینِ آخِری ایّام کے رُکن بن جائیں۔ حتیٰ کہ مَیں ایک نَو عُمر لڑکی کے طور پر، جانتی تھی کہ وہ کتنی برکتوں سے نوازے جا سکتے ہیں۔ ہمارا خاندان اَبَدیت کے لیے مُہربندی کی برکتیں پا سکتا تھا۔ میرا خاندان، دوست احباب، اور مَیں اکثر اُن کے لیے دُعا کرتے، مگر وہ کلِیسیا میں شامل نہ ہُوئے۔ آسمانی باپ کسی کی پسند پر زبردستی نہیں کرتا۔13 وہ ہماری دُعاؤں کے جواب فرق طریقوں سے بھی بھیجتا ہے۔

شبیہ
صدر پورٹر اپنے والدین اور بہن بھائی۔

جب مَیں نے ہوش سنبھالا، تو مَیں نے بطریقی برکت پائی۔ برکت میں بطریق نے مُجھے بتایا کہ جنت میں اپنے خاندان کی اِکٹھا رہنے میں مدد کے لیے مَیں سب سے بہتر کام یہ کرُوں کہ یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی مثال بنُوں۔ مَیں یہی کر سکتی تھی!

میرے والد نے 86 برس کی عُمر پائی۔ اُن کی وفات کے پانچ دِن بعد، مَیں نے خُوشی کا مُقدّس احساس پایا۔ آسمانی باپ نے اپنے رُوح کے وسیلہ سے مُجھے بتایا کہ میرے والد یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی نعمتوں کو قبُول کرنا چاہتے تھے! مَیں اُس دِن کو کبھی نہیں بُھولوں گی جب مَیں اپنی بہن اور بھائیوں کے ساتھ ہَیکل میں قُربان گاہ کے گِرد گُھٹنے ٹیک کر اپنے والدین کے ساتھ مُہربند ہُوئی تھی۔ پرائمری سے ہی مَیں نے اِس نعمت کے لیے دُعا شُروع کر دی تھی، اور اِس نعمت سے تب نوازی گئی جب مَیں دادی/نانی بن گئی۔

شاید آپ بھی اپنے خاندان اور دیگر پیاروں کے لیے برکتوں سے نوازے جانے کی دُعا کرتے ہوں۔ ہمت نہ ہاریں! آسمانی باپ آپ کو دِکھائے گا کہ آپ کیا کر سکتے ہیں۔

آپ کے دِل میں جو بھی ہے آسمانی باپ کو بتائیں۔14 جب آپ خلُوصِ دِل سے اُس کی مدد مانگتے ہیں، تو آپ کی راہ نُمائی کے لیے اُس کا رُوح آپ پر اُنڈیلا جائے گا۔15 روانہ دُعا کرنے سے آپ آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح کے ساتھ محبّت سے معمُور ہو جائیں گے۔ اپنی ساری زِندگی اُن کی پیروی کرنے میں یہ آپ کی مدد کرے گی!

تصّور کریں کہ افریقہ، جنوبی امریکہ، ایشیا، یورپ، شمالی امریکہ اور آسٹریلیا میں اگر تمام بچّے روزانہ دُعا کریں تو کیسا ہوگا۔ پُورا جہان خُدا کی محبّت سے مزید نوازا جائے گا!

شبیہ
پُوری دُنیا میں بچّے دُعا کرتے ہیں۔

مَیں آپ کو دعوت دیتی ہُوں یہ جاننے کے لیے دُعا کریں کہ آسمانی باپ موجُود ہے، اُس کی مانِند بننے کے لیے بڑھوتی کے لیے دُعا کریں اور دُوسروں سے اُس کی محبّت کے اِظہار کے لیے دُعا کریں۔ مَیں جانتی ہُوں کہ وہ زِندہ ہے اور آپ سے پیار کرتا ہے۔ ”دُعا کریں، وہ موجُود ہے۔“ یِسُوع مسِیح کے مُقدّس نام پر، آمین۔