مجلسِ عامہ
”خاطِر جمع رکھو، اور جان لو کہ مَیں خُدا ہُوں“
مجلسِ عامہ اپریل 2024


”خاطِر جمع رکھو، اور جان لو کہ مَیں خُدا ہُوں“

ہم خاطِر جمع رکھ سکتے ہیں اور جان سکتے ہیں کہ خُدا ہمارا آسمانی باپ ہے، ہم اُس کے فرزند ہیں، اور یِسُوع مسِیح ہمارا نجات دہندہ ہے۔

خُداوند کے نئے گھر کے لیے حالیہ اوپن ہاؤس اور میڈیا ڈے کے دَوران میں، مَیں نے صحافیوں کے گروپ کو پاک ہَیکل کا دَورہ کرانے میں راہ نُمائی کی۔ مَیں نے اُنھیں کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسینِ آخری ایّام میں ہَیکلوں کے مقاصد کو بیان کِیا اور اُن کے کئی بہترین سوالوں کے جواب دِیے۔

سیلیسٹیئل گاہ میں داخل ہونے سے پہلے، مَیں نے وضاحت کی کہ خُداوند کے گھر کا یہ مخصُوص کمرہ علامتی طور پر آسمانی گھر کی امن اور خُوب صُورتی کی پیش کش ہے جہاں پر ہم اِس زِندگی کے بعد واپس جاتے ہیں۔ مَیں نے اپنے مہمانوں کو بتایا کہ سیلیسٹیئل گاہ میں ہم بات چیت نہیں کریں گے، بلکہ اِس زیارت کے اگلے مقام پر جانے کے بعد مَیں آپ کے کسی بھی سوال کا خُوشی سے جواب دُوں گا۔

سیلیسٹیئل گاہ سے باہر نِکلنے کے بعد جیسے ہی ہم اگلے مقام پر اِکٹھے ہُوئے، تو مَیں نے اپنے مہمانوں سے پُوچھا کہ اگر اُنھوں نے مُشاہدہ کِیا ہے جِس کو وہ بیان کرنا چاہتے ہوں۔ اُن میں سے ایک صحافی عظیم حساسیت سے بولا، ”مَیں نے کبھی اِس طرح کا تجربہ نہیں کِیا ہے۔ مُجھے معلوم نہ تھا کہ اِس دُنیا میں کوئی ایسا مقام موجُود ہے؛ مُجھے یقین نہیں آ رہا کہ ایسی تسلّی پانا مُمکن تھا۔“

مَیں اُس شخص کے خلُوصِ بیاں اور عاجزی دونوں سے بڑا متاثر ہُوا۔ اور صحافی کے ردِ عمل نے تسلّی پانے کے ایک اہم پہلُو پر روشنی ڈالی—ہمارے ماحول کے ہنگامہ پر قابو پانا اور اِس کو درُست کرنا۔

جب مَیں نے بعد میں صحافی کے تبصرے پر اور ہماری جدید زِندگیوں کی مصرُوف ترین رفتار پر غَور کِیا—مصروفیت، شوروغُل، انحراف، بدحواسی، اور مُتبادل راستے جو اکثر ہمارے توجہ طلب ہوتے ہیں—میرے ذہن میں یہ صحیفہ آیا: ”خاطِر جمع رکھو، اور جان لو کہ مَیں خُدا ہُوں۔“1

مَیں دُعا کرتا ہُوں کہ جب ہم اپنی زِندگی میں تسلّی پانے کی اعلیٰ اور مُقدس حدُود پر غَور کریں تو رُوحُ القُدس ہم میں سے ہر ایک کو مُنّور کرے گا—جان کی باطنی رُوحانی تسلّی جو کہ ہمیں جاننے اور یاد رکھنے کے لائق بناتی ہے کہ خُدا ہمارا آسمانی باپ ہے، ہم اُس کے فرزند ہیں، اور یِسُوع مسِیح ہمارا نجات دہندہ ہے۔ یہ شان دار نعمت کلِیسیا کے اُن تمام ارکان کے لیے مُیسر ہے جو وفاداری سے ”خُداوند کے عہد کے لوگ“ بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔2

خاطِر جمع رکھو

1833 میں، مُقدسین کو میزُوری میں ظُلم و تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ جیکسن کاؤنٹی میں بلوائیوں نے اُنھیں گھروں سے بھگا دِیا تھا، اور کلِیسیا کے کُچھ ارکان نے اپنے آپ کو دیگر قریبی ضلعوں میں قائم کرنے کی کوشش کی۔ مگر ظُلم و تشدد جاری رہا، اور موت کی کئی دھمکیاں دی جاتی رہیں۔ اِن مُشکل حالات میں، خُداوند نے کرٹ لینڈ، اوہائیو میں نبی جوزف سمتھ کے لیے درج ذیل ہدایات نازل فرمائیں:

”پَس، صِیُّون کے بارے میں اپنے دِلوں میں تسلّی رکھو؛ کیوں کہ سارے بشر میرے ہاتھوں میں ہیں؛ خاطِر جمع رکھو اور جان لو کہ مَیں خُدا ہُوں۔“3

میرا اِیمان ہے کہ ”خاطِر جمع رکھو“ خُداوند کی نصیحت فقط بات چیت نہ کرنے یا مُتحرک نہ ہونے سے کہیں بڑھ کر ہے۔ شاید اُس کا اِرادہ ہے کہ ہم اُس پر اور اُس کی قُدرت پر بھروسا کریں اور یاد رکھیں ”ہر وقت اور ہر چیز میں، اور ہر جگہ جہاں پر [ہم] ہوں گے۔“4 یُوں، ”خاطِر جمع رکھو“ ہمیں یاد دلانے کا طریقہ ہو سکتا ہے کہ ہم نہایت وفاداری سے نجات دہندہ پر توجہ مرکُوز کریں کیوں کہ رُوح کی رُوحانی تسلّی کا حتمی وسِیلہ وہی ہے جو ہمیں مُشکل کاموں کو کرنے اور اُن پر سبقت پانے کی قُوت بخشتا ہے۔

چٹان پر تعمیر کرنا

سچّا اِیمان خُداوند یِسُوع مسِیح پر اور اُس میں ہوتا ہے—اُس میں، الہی ہستی اور باپ کے اِکلوتے بیٹے کے طور پر اور اُس پر اور اُس کے مخلصی دینے والے اِرادہ پر جو اُس نے پُورا کیا۔

”پَس اُس نے شریعت کے تقاضوں کو پُورا کر دیا، اور وہ سب جو اُس پر اِیمان لاتے ہیں، وہ اُن پر دعوی رکھتا ہے، اور وہ جو اُس پر ایمان رکھتے ہیں ہر اچھی چیز کو تھامے رکھیں گے؛ پس وہ بنی آدم کے لیے وکالت کرتا ہے اور وہ اَبَد سے اَفلاک پر مُقیم ہے۔“5

یِسُوع مسِیح ہمارا مُنجّی،6 ہمارا ثالث،7 اور اَبَدی باپ کے ساتھ ہمارا درمیانی8 اورہماری چٹان ہے جس پر ہمیں اپنی زِندگیوں کی رُوحانی بُنیاد تعمیر کرنی چاہیے۔

ہیلیمن نے واضح کِیا، ”یاد رکھو، یاد رکھو، لازِم ہے کہ تُمھاری نِیّو کی بُنیاد مُخلصی بخشنے والے کی چٹان پر رکھی جائے؛ یعنی اِبنِ خُدا، جو مسِیح ہے؛ تاکہ جب اِبلِیس وحشت ناک طُوفانی ہَوائیں بھیجے، ہاں، بگُولوں میں اپنے نیزے، ہاں، جب اُس کے سب اولے برسیں گے اور خَوف ناک طُوفان تُم سے ٹکرائیں گے، تو تُم پر بدحالی کی خلِیج اور دائمی پژمُردگی غالِب نہ آئے گی، چُوں کہ تُمھاری نِیّو کی بُنیاد اُس چٹان پر رکھی گئی ہے، جو مُحَکم بُنیاد ہے، جِس پر اگر اِنسان نِیّو رکھیں تو وہ گِر نہیں سکتے۔“9

مسِیح علامتی طور پر وہ ”چٹان“ ہے جس کو ہمیں اپنی زِندگیوں کی سب سے بہترین مثالی بُنیاد بنانا چاہیے۔ براہِ کرم اِس آیت پر توجہ دیں کہ نجات دہندہ بُنیاد نہیں ہے۔ بلکہ، ہمیں اُس پر اپنی ذاتی رُوحانی بُنیاد تعمیر کرنے کی تاکید گئی ہے۔10

بُنیاد عمارت کا وہ حصّہ ہے جو اِسے زمین سے جوڑتا ہے۔ مضبُوط بُنیاد قُدرتی آفات اور دیگر تباہ کُن طاقتوں سے حفاظت مُہیا کرتی ہے۔ مُناسب بُنیاد بڑے رقبے پر ڈھانچے کا وزن بھی تقسیم کرتی ہے تاکہ زیرِ زمین مٹی کو زیادہ بوجھ سے بچایا جائے اور تعمیر کے لیے ہموار سطح فراہم کی جائے۔

شبیہ
مضبُوط بُنیاد کے ساتھ گھر۔

اگر کسی ڈھانچے کو وقت کے ساتھ ساتھ مضبُوط اور مُستحکم رکھنا ہے تو زمین اور بُنیاد کے درمیان میں مضبُوط اور قابلِ اعتماد رابطہ لازِم وملزُوم ہے۔ تو مخصُوص قسموں کی تعمیرات کے لیے، لنگر کی نوک اور سٹیل کی سُلاخوں کو ”بجری کی تہہ“ سے عمارت کی بُنیاد سے جوڑنے کے لیے اِستعمال کیا جاتا ہے، جو سطح کے مواد جیسا کہ مٹی اور بجری کے نیچے سخت، ٹھوس چٹان ہے۔

شبیہ
گھر بُنیادی اُصُولوں پر لنگر انداز۔

اگر ہمیں مضبُوط اور ثابت قدم رہنا ہے تو بالکل اِسی طرح، ہماری زِندگیوں کی بُنیاد بھی مسِیح کی چٹان سے جُڑی ہونی چاہیے۔ نجات دہندہ کی بحال شُدہ اِنجِیل کے مُقدّس عہُود اور رسُوم کا موازنہ لنگر کی نوکوں اور سٹیل کی سُلاخوں سے کِیا جا سکتا ہے جو عمارت کو بجری کی تہہ سے جوڑنے کے لیے اِستعمال ہوتی ہیں۔ جب بھی ہم وفاداری سے اپنے پاک عہُود کو قبُول کرتے، اُن کا جائزہ لیتے، اُنھیں یاد رکھتے، اور اُن کی تجدید کرتے ہیں، تو ہمارا رُوحانی لنگر یِسُوع مسِیح کی ”چٹان“ پہلے سے بھی زیادہ مضبُوطی اور ثابت قدمی کے لیے پُختگی پکڑ لیتی ہے۔

”چُناں چہ، جو خُدا پر اِیمان لاتا ہے وہ بہتر جہان کی اُمِّید کرتا ہے، ہاں، حتیٰ کہ خُدا کے دہنے ہاتھ پر جگہ، جو اُمید اِیمان سے آتی ہے، وہ آدمیوں کی جانوں کے لیے ایک لنگر بناتی ہے، جو اُنھیں پُختہ اور ثابت قدم بنائے گا، خُدا کو جلال دینے کے لیے ہمیشہ بکثرت سے نیک کام کرنے کی طرف راہ نُمائی کرے گا۔“11

بتدریجی اور بڑھوتی ”وقت کے طریقہ کار میں،“12 ”نیکی ہمارے خیالوں کو پیہم سنوارتی ہے،“ ہمارا ”توکّل خُدا کی حُضُوری میں مضبُوط ہوتا“ اور ”رُوحُ القُدس [ہمارا] مُستقل ساتھی رہتا ہے۔“13 ہم زیادہ پُختہ ہوتے، جڑ پکڑتے، قائم ہوتے، اور مُستحکم بن جاتے ہیں۔14 جب ہماری زِندگیوں کی بُنیاد نجات دہندہ پر تعمیر ہوتی ہے، تو ہم ”خاطِر جمع رکھو“ کی نعمت سے نوازے جاتے ہیں—رُوحانی یقین دہانی پانے کے لیے کہ خُدا ہمارا آسمانی باپ ہے، اور ہم اُس کے فرزند ہیں، اور یِسُوع مسِیح ہمارا نجات دہندہ ہے۔

مُقدس اوقات، پاک مقامات، اور گھر

خُدا ہماری مدد کرنے لیے مُقدس اوقات اور پاک مقامات مُہیا کرتا ہے تاکہ ہم اپنی جانوں کی اُس باطنی تسلّی کے بارے میں تجربہ اور اُس کو جان پائیں۔

مثال کے طور پر، سبت خُدا کا دِن، وہ مُقدس وقت ہے جو باپ کو اُس کے بیٹے کے نام پر یاد کرنے اور عِبادت کرنے، کہانتی رسُوم میں حصّہ لینے، اور مُقدس عہُود کو قبُول اور اُن کی تجدید کرنے کے لیے مخصُوص کِیا گیا ہے۔ ہر ہفتہ ہم اپنے گھر میں مُطالعہ کے دوران اور ”مُقدّسوں کے ہم وطن“15 بن کر عِشائے ربّانی اور دیگر عِبادات کے دَوران میں بھی خُداوند کی پرستش کرتے ہیں۔ اُس کے پاک دِن پر، ہمارے خیالات، اعمال، اور برتاؤ ایسی علامتیں ہیں جو ہم خُدا کے لیے صَرف کرتے ہیں جو اُس کے لیے ہماری محبّت کا اظہار ہے۔16 ہر اِتوار، اگر ہم چاہیں، تو ہم تسلّی پاتے اور جانتے ہیں کہ خُدا ہمارا آسمانی باپ ہے، ہم اُس کے فرزند ہیں، اور یِسُوع مسِیح ہمارا نجات دہندہ ہے۔

ہمارے سبت کے دِن کی مرکزی خصُوصیت ہے کہ ”ہم دُعا کے گھر میں جا کر [خُداوند] کے مُقدّس دِن پر [اپنی] نذریں گُزرانتے ہیں۔“17 وہ ”دُعا کے گھر“ جس میں ہم سبت کے دِن جمع ہوتے ہیں عِبادت گاہیں اور دیگر منظُور شُدہ عمارتیں—تعظیم، پرستش، اور سیکھنے کے پاک مقامات ہیں۔ ہر عِبادت گاہ اور سہُولت کہانتی اِختیار کے ذریعہ سے تقدیس کی گئی ہے ایسا مقام جہاں پرخُداوند کا رُوح سکُونت کرے اور جہاں پر خُدا کے فرزند ”اپنے مُخلصی دینے والے کا عِلم پائیں۔“18 اگر ہم چاہیں، تو ہم اپنے مُقدّس عِبادتی مقامات میں ”خاطِر جمع“ رکھ سکتے اور مزید یقینی طور پر جان سکتے ہیں کہ خُدا ہمارا آسمانی باپ ہے، ہم اُس کے فرزند ہیں، اور یِسُوع مسِیح ہمارا نجات دہندہ ہے۔

ہیکل اَیسا دُوسرا مُقدّس مقام ہے جو خصُوصی طور پر خُدا کی پرستِش اور خِدمت اور اَبَدی سچّائیاں سِیکھنے کے لیے مخصُوص ہوتا ہے۔ کسی بھی دُوسری جگہوں کی نسبت خُداوند کے گھر میں ہمارا طرزِ خیال، طرزِ عمل، اور طرزِ لِباس مُختلف ہوتے ہیں۔ اُس کے پاک گھر میں، اگر ہم چاہیں، تو ہم خاطِر جمع رکھ سکتے اور جان سکتے ہیں کہ خُدا ہمارا آسمانی باپ ہے، ہم اُس کے فرزند ہیں، اور یِسُوع مسِیح ہمارا نجات دہندہ ہے۔

مُقدس وقت اور پاک مقامات کے بُنیادی مقاصد بالُکل ایک جیسے ہیں: بارہا ہماری توجہ آسمانی باپ اور اُس کے منصُوبے، خُداوند یِسُوع مسِیح اور اُس کے کفّارہ، رُوحُ القُدس کی افادیت والی قُدرت، اور نجات دہندہ کی بحال شُدہ اِنجِیل کے ساتھ وابستہ مُقدس رُسُوم اور عہُود سے جُڑے وعدوں پر مرکُوز کرنا ہے۔

آج مَیں جس اُصُول کو دُہرا رہا ہُوں اُس کی مَیں نے پہلے ہی تاکید کی ہے۔ ہمارے گھر مُقدس وقت اور پاک مقام دونوں کا حتمی مجمُوعہ ہونا چاہیے جہاں پر افراد اور خاندان ”خاطِر جمع رکھیں“ اور جانیں کہ خُدا ہمارا آسمانی باپ ہے، ہم اُس کے فرزند ہیں، اور یِسُوع مسِیح ہمارا نجات دہندہ ہے۔ سبت کے دِن اپنے گھروں سے نِکلنا اور خُداوند کے گھر عِبادت کے لیے جانا یقیناً ضرُوری ہے مگر جب ہم اُن پاک مقامات اور سرگرمیوں میں مؤثر رُوحانی نُقطہ نظر اور تقویت کے ساتھ اپنے گھر واپس لوٹتے ہیں تو پھر ہی ہم فانی زِندگی کے بُنیادی مقاصد پر اپنی توجہ مرکُوز کرتے ہیں اور اپنی زوال پذیر دُنیا میں موجُود آزمایشوں پر غالب آتے ہیں۔

ہمیں خُدا میں اَبدی وعدوں کو اپنے جاری و ساری سبت، ہیکل، اور گھرانے کے تجربات رُوحُ القُدس کی قُدرت سے، باپ اور بیٹے کے لیے جاری و ساری اور مضبُوط عہد کے تعلّق سے، اور ”کامِل درخشاں اُمِید“19 سے مُستحکم کرنا ہے۔

جب گھر اور کلِیسیا مسِیح میں مُتحد ہو کر اِکٹھے ہوتے ہیں،20 تو ہو سکتا ہے ہمیں ہر طرف مُشکلات دِکھائی دیں، مگر ہمارے اپنے دِل و دماغ پریشان نہ ہوں گے۔ ہم اپنے حالات اور مسائل سے پریشان تو ہو سکتے ہیں، لیکن ہم مایُوس نہیں ہوں گے۔ ہم ستائے تو جاتے ہیں، مگر ہم یہ بھی جان پائیں گے کہ ہم اکیلے نہیں چھوڑے گئے ہیں۔21 ہم مضبُوط، ثابت قدم، اور سچّے بننے اور رہنے کے لیے رُوحانی قُوت پا سکتے ہیں۔

وعدہ اور گواہی

مَیں وعدہ کرتا ہُوں کہ جب ہم یِسُوع مسِیح کی ”چٹان“ پر اپنی زِندگیوں کی بُنیاد تعمیر کرتے ہیں، تو ہم جان کی اِنفرادی اور رُوحانی تسلّی پانے کے لیے رُوحُ القُدس کی نعمت سے نوازے جاتے ہیں جو ہمیں یہ جاننے اور یاد رکھنے کے لائق بناتا ہے کہ خُدا ہمارا آسمانی باپ ہے، ہم اُس کے فرزند ہیں، یِسُوع مسِیح ہمارا نجات دہندہ ہے، اور ہم مُشکل کام کرنے اور اُن پر سبقت پانے کے باعث برکت پاتے ہیں۔

مَیں خُوشی سے گواہی دیتا ہُوں کہ خُدا ہمارا آسمانی باپ ہے، ہم اُس کے فرزند ہیں، اور یِسُوع مسِیح ہمارا نجات دہندہ اور ہماری نجات کی ”چٹان“ ہے۔ مَیں خُداوند یِسُوع مسِیح کے مُقدّس نام پر یہی گواہی دیتا ہُوں، آمین۔