مجلسِ عامہ
آئیں اور حصّہ بنیں
مجلسِ عامہ اپریل ۲۰۲۰


آئیں اور حصّہ بنیں

ہم دُنیا بھر میں خُدا کے تمام بچّوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اِس عظیم کاوِش میں ہمارے ساتھ شامل ہوں۔

میرے پیارے بھائیو اور بہنوں، میرے عزیز دوستوں،ہر ہفتے کلیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسینِ آخِری ایّام کے اَرکان دُنیا بھر میں ہمارے پیارے آسمانی باپ، کائنات کے خُدا اور بادشاہ، اور اُس کے پیارے بَیٹے، یِسُوع مسِیح کی پرستش کرتے ہیں۔ ہم یِسُوع مسِیح کی زِندگی اور تعلیمات پر غور کرتے ہیں—اِس زمین پر بسنے والی واحد بے گناہ جان، خُدا کا بے داغ برّہ۔ جتنے زیادہ مواقع میسر ہوں، ہم اُس کی قربانی کی یادگاری میں عشائے ربانی میں حصّہ لیتے ہیں اور تسلیم کرتے ہیں کہ وہ ہماری زِندگیوں کا مرکز ہے۔

ہم اُس سے محبّت رکھتے ہیں اور ہم اُس کی تعظیم کرتے ہیں۔ اُس کی بے انتہا اور دائمی محبّت کی وجہ سے، یِسُوع مسِیح نے آپ کے لیے اور میرے لیے دکھ سہے اور مؤا۔ اُس نے موت کے پھاٹکوں کو کھول دیا، دوستوں اور پیاروں کے درمیان جُدائی کی دِیوار کو جو بِیچ میں تھی ڈھا دیا،۱ اور نااُمید لوگوں کو اُمید، بیماروں کو شِفا اور قَیدیوں کو رہائی بخشی۔۲

اُسی کے لیے ہم اپنے دِل، اپنی زِندگیاں اور اپنی روز مرہ کی عِبادت کو وقف کرتے ہیں۔ اِسی وجہ سے،”ہم مسِیح کی بات کرتے ہیں، مسِیح میں شادمان ہوتے ہیں، [اور] ہم مسِیح کی منادی کرتے ہیں، … تاکہ ہماری اولاد جان سکے کہ وہ اپنے گُناہوں کی مُعافی کے لیے کون سا وسیلہ تلاش کریں۔“۳

شاگِردی کی مشق کرنا

البتہ، یِسُوع مسِیح کے شاگِرد ہونے کے ناطے ہمیں مسِیح کی بات اور منادی سے کہیں زیادہ کام کرنا ہے۔ نِجات دہندہ نے خود ہی اپنی کلیسیا کو بحال کیا تاکہ اُس کی مانند بننے کی راہ میں ہماری مدد کرے۔ کلیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسینِ آخِری ایّام شاگِردی کے بنیادی اُصولوں پر عمل کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے تشکیل دی گئی ہے۔ کلیسیا میں ہماری شرکت کے ذریعے، ہم رُوحُ القُدس کی سرگوشیوں کو پہچاننا اور اُن پر عمل کرنا سیکھتے ہیں۔ ہم دُوسروں کے ساتھ ہمدردی اور شفقت کے ساتھ پیش آنے کا مزاج اپناتے ہیں۔

یہ زِندگی بھر کی کوشش ہے، اور اِس کی مشق درکار ہوتی ہے۔

کامیاب کھلاڑی اپنی کھیلوں کی بنیادی تربیتی مشق میں اَن گنت گھنٹے صرف کرتے ہیں۔ نرسیں، نیٹ ورکرز، نیوکلیئر انجینئرز، اور یہاں تک کہ میں ہیریئٹ کے باورچی خانے میں ایک مسابقتی شوقیہ کھانا پکانے والا صرف اُسی وقت باصلاحیت اور ماہر بنتے ہیں جب ہم تندہی سے اپنی مہارت کی مشق کرتے ہیں۔

ایک ایئر لائن کپتان کی حیثیت سے، میں نے اکثر فلائٹ سمیلیٹر کا اِستعمال کرتے ہوئے پائلٹوں کو تربیت دی تھی—ایک نفیس الطبع مشین جو پرواز کے تجربے کو دہراتی ہے۔ سمیلیٹر نہ صرف پائلٹوں کو پرواز کے بنیادی اُصول سیکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے؛ اِس سے اُنھیں غیر متوقع واقعات کا تجربہ کرنے اور پھر ردعمل دینے کا بھی موقع ملتا ہے جن کا سامنا وہ حقیقی طیارے کی کمان سنبھالتے ہوئے کرسکتے ہیں۔

یِسُوع مسِیح کے شاگِردوں پر بھی یہی اُصول لاگو ہوتے ہیں۔

کلیسیائے یِسُوع مسِیح اور اِس کے بہت سارے مواقعوں میں فعال طور پر حصہ لینے سے ہمیں زِندگی کے بدلتے ہوئے حالات کے لیے بہتر طور پر تیار رہنے میں مدد ملتی ہے، خواہ وہ جتنے بھی غیر معیّن اور سنجیدہ ہوں۔ کلیسیا کے اَرکان کے طور، ہمیں عتیق اور جدید، اُس کے نبِیوں کے ذریعہ حاصل ہونے والے خُدا کے کلام میں غرق ہونے کی ترغیب دی جاتی ہے۔ اپنے آسمانی باپ سے خلوصِ دل اور عاجزانہ دُعا کے ذریعے، ہم رُوحُ القُدس کی آواز کو پہچاننا سیکھتے ہیں۔ ہم خدمت کرنے، تعلیم دینے، منصوبے بنانے، خدمت گزاری کرنے اور انتظام چلانے کی بُلاہٹوں کو قبول کرتے ہیں۔ رُوح، ذہن اور کردار کے لحاظ سے یہ مواقعے ہمیں بڑھوتی بخشتے ہیں۔

وہ مُقدّس عہود باندھنے اور اُن پر قائم رہنے کی تیاری میں ہماری مدد کریں گے جو ہمیں اِس زِندگی اور آنے والی زِندگی میں برکت دیں گے۔

آئیں، ہمارے ساتھ شامل ہوں!

ہم دُنیا بھر میں خُدا کے تمام بچّوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اِس عظیم کاوِش میں ہمارے ساتھ شامل ہوں۔ آئیں اور دیکھیں! حتیٰ کہ کووڈ-۱۹ کے اِس مشکل وقت کے دوران بھی، ہم سے آن لائن رابطہ کریں۔ ہمارے مبلغین سے آن لائن ملیں۔ اِس کلیسیا کے بارے میں خود سے جانیں! جب یہ مشکل وقت گزر جائے، تو ہمارے گھروں اور ہماری عبادت گاہوں میں ہم سے ملیں!

ہم آپ کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں اور مدد کریں! آئیں اور ہمارے ساتھ خدمت کریں، خُدا کے بچّوں کی خدمت گزاری، نِجات دہندہ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے، اور اِس دُنیا کو ایک بہتر جگہ بناتے ہوئے۔

آئیں اور حصّہ بنیں! آپ ہمیں مضبوط بنائیں گے۔ اور آپ بھی بہتر، مہربان اور مسرور ہوجائیں گے۔ آپ کا اِیمان مزید گہرا اور مضبوط ہوگا—زِندگی کے ہنگاموں اور غیر متوقع آزمائشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے زیادہ اہلیت کا حامل۔

اور ہم آغاز کیسے کر سکتے ہیں؟ بہت سے ممکنہ طریقے ہیں۔

ہم آپ کو مورمن کی کتاب پڑھنے کی دعوت دیتے ہیں۔ اگر آپ کے پاس یہ کتاب موجود نہیں ہے تو، آپ اِسے ChurchofJesusChrist.org۴ پر پڑھ سکتے ہیں یا بُک آف مورمن ایپ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ مورمن کی کتاب یِسُوع مسِیح کی بابت ایک اور عہد نامہ ہے اور پرانے اور نئے عہد نامے کا رفیق۔ ہمیں اِن تمام مُقدّس صحائف سے محبّت ہے اور ہم اِن سے سبق حاصل کرتے ہیں۔

ہم آپ کو دعوت دیتے ہیں کہ یہ جاننے کے لیے کہ کلیسیا کے اَرکان کیا تعلیم دیتے ہیں اور کِن چیزوں پر اِیمان رکھتے ہیں ComeuntoChrist.org پر کچھ وقت گزاریں۔

جہاں بھی ممکن ہو مبلغین کو دعوت دیں کہ وہ آپ کے ساتھ آن لائن رابطہ کریں یا آپ کے گھروں میں آپ کو ملیں—وہ اُمید اور شِفا کے پیغام کے حامل ہیں۔ یہ مبلغین ہمارے بیش قیمت بَیٹے اور بَیٹیاں ہیں جو اپنے وقت اور وسائل کا اِستعمال کرتے ہوئے دُنیا بھر میں بہت سی جگہوں پر خدمات سرانجام دیتے ہیں۔

کلیسیائے یِسُوع مسِیح، ایسے لوگوں کا ایک خاندان ہے جو آپ سے زیادہ مختلف نہیں ہیں۔ یہاں آپ کو ایسے لوگ ملیں گے جن کو آپ کی مدد کی ضرورت ہے اورجب آپ اپنا بہترین ورژن بننے کی کوشش کریں گے تو اِس کام میں یہ آپ کی مدد کرنا چاہتے ہیں—ویسا شخص بننے میں مدد فراہم کریں گے جیسا خُدا چاہتا ہے کہ آپ بنیں۔

نِجات دہندہ کی شفقت سب کے لیے دستیاب ہے

آپ شاید یہ سوچ رہے ہوں گے، ”مَیں نے اپنی زِندگی میں غلطیاں سرزد کی ہیں۔ مجھے یقین نہیں ہے کہ میں کبھی بھی خود کو کلیسیائے یِسُوع مسِیح کا حصّہ تصّور کرسکوں۔ خُدا مجھ جیسے شخص میں دلچسپی نہیں رکھ سکتا۔“

یِسُوع المسِیح، اگرچہ وہ ”بادشاہوں کا بادشاہ“ ہے،۵ مُمسوح، ”زِندہ خُدا کا بَیٹا،“۶ خُدا کے تمام بچّوں کی دِل کی گہرائی سے پرواہ کرتا ہے۔ اُسے کسی شخص کی حیثیت سے قطع نظر سب کی پرواہ ہے—خواہ کوئی کتنا غریب ہو یا امیر، کتنا نامکمل یا کامیاب۔ اپنی فانی زِندگی کے دوران، نِجات دہندہ نے سب کی خدمت کی: خوش و خرم، شکستہ حال اور کھوئے ہوئے، اور نا اُمید لوگوں سب کی۔ اکثر، جن لوگوں کی اُس نے خدمت اور مدد کی وہ امتیاز، خوبصورتی یا دولت کے حامل افراد نہیں تھے۔ اکثر، جن لوگوں کو اُس نے سربلند کیا اُن کے پاس بدلے میں پیش کرنے کے لیے بہت کم تھا مخص تشکّر، عاجز دِل، اور اِیمان رکھنے کی خواہش کے۔

اگر یِسُوع نے اپنی فانی زِندگی ”اِن سب سے چھوٹوں“۷ کی خدمت میں صرف کی ہے تو، کیا وہ آج اِن سے پیار نہیں کرتا؟ کیا خُدا کے تمام بچّوں کے لیے اُس کی کلیسیا میں جگہ نہیں ہے؟ یہاں تک کہ اُن لوگوں کے لیے بھی جو خود کو نااہل، فراموش، یا تنہا محسوس کرتے ہیں؟

خُدا کے فضل کا اہل ہونے کے لیے کاملیت کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی۔ آسمان تک پہنچنے کے لیے آپ کی دُعاؤں کا باآوازِ بلند ادا کیا جانا یا فصیح البیان یا قواعدی طور پر درست ہونا ضروری نہیں۔

حقیقتاً، خُدا کسی کا طرفدار نہیں۸—دُنیا جن چیزوں کی قدر کرتی ہے خُدا کے سامنے وہ چیزیں بے معنی ہیں۔ وہ آپ کے دِل سے واقف ہے، اور وہ آپ کے لقب، کُل مالی حیثیت، یا انسٹاگرام کے فولوورز کی تعداد سے قطع نظر آپ سے پیار کرتا ہے۔

جب ہم اپنے دِلوں کو اپنے آسمانی باپ کی طرف مائل کرتے ہیں اور اُس کے قریب جاتے ہیں، تو ہم محسوس کریں گے کہ وہ ہمارے قریب آتا ہے۔۹

ہم اُس کے پیارے بچّے ہیں۔

حتیٰ کہ وہ بھی جو اُس کا انکار کرتے ہیں۔

یہاں تک کہ وہ لوگ، جو خود سر، اڑیل بچّے کی مانند، خُدا اور اُس کی کلیسیا سے ناراض ہوجاتے ہیں، اپنا بوریا بستر گول کرکے، اور زور سے دروازہ مارتے ہوئے اعلان کرتے ہیں کہ وہ گھر چھوڑ کر جا رہے ہیں اور کبھی واپس نہیں لوٹیں گے۔

جب کوئی بچّہ گھر سے بھاگتا ہے، تو کھڑکی سے جھانکنے والے فکر مند والدین اُس کی نظر سے چوک جاتے ہیں۔ نرم دِلوں سے، وہ اپنے بَیٹے یا بَیٹی کو جاتے ہوئے دیکھتے ہیں—یہ اُمید کرتے ہوئے کہ اُن کا بیش قیمت بچّہ اِس دِل دہلا دینے والے تجربے سے کچھ سیکھے اور شاید زِندگی کو نئے زوایے سے دیکھے—اور آخر کار گھر واپس لوٹ آئے۔

ہمارے پیارے آسمانی باپ کا بھی یہی حال ہے۔ وہ ہماری واپسی کا منتظر ہے۔

آپ کا مُنّجی، اپنی آنکھوں میں محبّت اور شفقت کے آنسو لیے، آپ کی واپسی کا منتظر ہے۔ یہاں تک کہ جب آپ خود کو خُدا سے دور محسوس کرتے ہیں، تب بھی اُس کی نگاہ آپ پر ہوگی؛ وہ آپ پر ترس کھائے گا اور دوڑ کر آپ کو گلے لگائے گا۔۱۰

آئیں اور حصّہ بنیں۔

خُدا ہمیں اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی اجازت دیتا ہے

ہم سفرِ ہستی کے مسافر ہیں جو معنی اور حتمی سچائی کی عظیم الشان تلاش میں بشریت کی راہ پر گامزن ہیں۔ اکثر، ہم مخص سیدھا راستہ دیکھتے ہیں—ہم نہیں دیکھ پاتے کہ سڑک کے موڑ ہمیں کہاں لے جائیں گے۔ ہمارے پیارے آسمانی باپ نے ہم پر ہر جواب عیاں نہیں کیا۔ وہ توقع کرتا ہے کہ ہم خود سے بہت سی چیزوں کا پتہ لگائیں گے۔ وہ توقع کرتا ہے کہ ہم یقین رکھیں—حتیٰ کہ جب ایسا کرنا مشکل ہو۔

وہ توقع کرتا ہے کہ ہم اپنے کندھوں کو سیدھا کریں اور تھوڑا پُر عزم ہوں—ریڑھ کی ہڈی میں تھوڑی سی پختگی پیدا کریں—اور ایک اور قدم آگے بڑھیں۔

سیکھنے اور بڑھنے کا یہی طریقہ ہے۔

کیا آپ کو حقیقاً ہر چیز کی ہر تفصیل چاہیے؟ کیا آپ کو حقیقاً ہر سوال کا جواب چاہیے؟ وضاحت سے ضبط تحریر چاہیے؟

اگر آسمان معمولی سی چیزوں میں بھی مداخلت کرنے لگے تو مجھے یقین ہے کہ ہم میں سے بیشتر بہت جلدی تنگ پڑ جائیں گے۔ تجربے کے ذریعہ ہم زِندگی کے اہم سبق سیکھتے ہیں۔ اپنی غلطیوں سے سیکھنے کے ذریعے۔ تَوبہ کرنے اور خود سے جاننے کے ذریعہ کہ ”بدی میں کبھی خوشی نہ تھی۔“۱۱

یِسُوع مسِیح، خُدا کا بَیٹا، اِس واسطے مؤا تاکہ ہماری غلطیاں ہمیں مجرم نہ ٹھہرائیں اور ہماری ترقی میں ہمیشہ رکاوٹ نہ بنیں۔ اُس کی بدولت، ہم تَوبہ کر سکتے ہیں، اور ہماری غلطیاں مزید عظمت کے حصول میں معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔

آپ کو اِس راہ پر اکیلے چلنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہمارے آسمانی باپ نے ہمیں اندھیرے میں بھٹکنے کے لیے اکیلا نہیں چھوڑا ہے۔

اِسی وجہ سے، ۱۸۲۰ کے موسمِ بہار میں، وہ اپنے بَیٹے، یِسُوع مسِیح کے ساتھ، ایک نوجوان لڑکے، جوزف سمتھ پر ظاہر ہوا۔

ایک لمحے کے لیے اِس پر غور کریں! کائنات کا خُدا اِنسان پر ظاہر ہوا!

خدا اور دیگر آسمانی ہستیوں کے ساتھ جوزف کی بہت سی ملاقاتوں میں یہ سب سے پہلا واقعہ تھا۔ جوزف کو بولے گئے اُن الہٰی ہستیوں کے اِلفاظ کلیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسینِ آخِری ایّام کے صحائف میں قلمبند ہیں۔ اُن تک رسائی آسان ہے۔ کوئی بھی اِن کو پڑھ سکتا ہے اور ہمارے ایّام کے لیے خُدا کے پیغام کو خود سے جان سکتا ہے۔

ہم آپ کو خود سے اِن کا مُطالعہ کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔

جوزف سمتھ نے جب یہ مُکاشفے حاصل کیے تب وہ کافی جوان تھا۔ اِن میں سے زیادہ تر ۳۰ سال کی عمر سے پہلے حاصل ہوئے تھے۔۱۲ اُس کے پاس تجربے کی کمی تھی، اور کچھ لوگوں کے نزدیک، وہ شاید خُداوند کے نبی ہونے کا اہل نہ تھا۔

اور پھر بھی خُداوند نے اُسے بُلاہٹ دی—ایسے نمونے کی پیروی کرتے ہوئے جو تمام تر صحائف میں پایا گیا ہے۔

خُدا نے اپنی اِنجیل کی بحالی کے لیے کسی کامل شخص کا انتظار نہیں کیا۔

اگر ایسا ہوتا، تو وہ اب بھی انتظار ہی کر رہا ہوتا۔

نمایاں طور پر جوزف آپ کی اور میری مانند تھا۔ اگرچہ جوزف نے غلطیاں سرزد کیں، خُدا نے اُسے اپنے عظیم مقاصد کو پورا کرنے کے لیے استعمال کیا۔

صدر تھامس ایس مانسن اکثر اِس مشورت کو دہراتے تھے: ”جسے خُداوند بُلاتا ہے، اُسے خُداوند اہل بھی بناتا ہے۔“۱۳

پَولُس رَسُول نے کرُنتھُس کے مُقدّسین کے سامنے یہ دلیل پیش کی: ”اَے بھائِیو اور بہنوں: اپنے بُلائے جانے پر تو نِگاہ کرو، کہ اِنسانی معیار سے بہُت سے حِکیم، بہُت سے اِختیّار والے، بہُت سے اشراف نہِیں بُلائے گئے۔“۱۴

خدا اپنے مقاصد کی تکمیل کے لیے کمزور اور سادہ کو اِستعمال کرتا ہے۔ یہ حقیقت اِس بات کی گواہی ہے کہ یہ خُدا کی قُدرت ہے، نہ کہ انسان کی، جو زمین پر اُس کے کام کی تکمیل کرتی ہے۔۱۵

اُس کی سُنیں، اُس کی پیروی کریں

جب خُدا جوزف سمتھ کے سامنے ظاہر ہوا، اُس نے اپنے بَیٹے، یِسُوع مسِیح کا تعارف کروایا، اور کہا، ”اِس کی سُنو!“۱۶

جوزف نے اپنی باقی کی زِندگی اُس کی سُننے اور پیروی کرنے میں وقف کردی۔

جوزف کی مانند، ہماری شاگِردی نِجات دہندہ یِسُوع مسِیح کی بات سُننے اور اُس کی پیروی کرنے کے ہمارے فیصلے سے شروع ہوتی ہے۔

اگر آپ اُس کی پیروی کرنا چاہتے ہیں، تو اپنے اِیمان کو اکٹھا کریں اور اپنی صلِیب اُٹھائیں۔

آپ جانیں گے کہ آپ واقعتاً اُس کی کلیسیا کا حصّہ ہیں—ہمدردی اور سلامتی کی ایک ایسی جگہ جہاں آپ شاگِردی اور خُوشی کے عظیم حصول میں شامل ہوسکتے ہیں۔

میں اُمید کرتا ہوں کہ، پہلی رویا کی اِس دو سالہ تقریب میں، یِسُوع مسِیح کی کلیسیا کی بحالی کے بارے میں سوچتے اور سیکھتے ہوئے، ہمیں احساس ہوگا کہ یہ مخص ایک تاریخی واقعہ نہیں ہے۔ آپ کا اور میرا اِس عظیم، جاری داستان میں ایک اہم کردار ہے۔

پھر، آپ کا اور میرا کیا حصّہ ہے؟

یِسُوع مسِیح کے بارے میں سیکھنا۔ اُس کے کلام کا مُطالعہ کرنا۔ اِس عظیم کام میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لیتے ہوئے اُس کی سُننا اور پیروی کرنا۔ میں آپ کو مدعو کرتا ہوں کہ آئیں اور حصّہ بنیں!

آپ کو کامل ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ صرف اپنے اِیمان کو فروغ دینے اور ہر دن اُس کے قریب آنے کے خواہاں ہوں۔

ہمارا حصّہ خُدا سے محبّت رکھنا اور اُس کی خدمت کرنا اور خُدا کے بچّوں سے پیار اور اُن کی خدمت کرنا ہے۔

ایسا کرنے کے باعِث، خُدا آپ کو اِس زِندگی میں اپنی محبّت، خُوشی اور کسی قدر رہنمائی سے گھیر لے گا، یہاں تک کہ انتہائی کٹھن حالات کے دوران بھی، اور حتیٰ کہ آئندہ زِندگی میں بھی۔

میں اِس کی گواہی دیتا ہوں، اور گہرے تشکّر اور محبّت سے آپ میں سے ہر ایک کو برکت دیتا ہوں، ہمارے نِجات دہندہ، ہمارے استاد—یِسُوع مسِیح کے مُقدّس نام پر، آمین۔