مجلسِ عامہ
کہانت کیسے نوجوانوں کو برکت بخشتی ہے
مجلسِ عامہ اپریل ۲۰۲۰


کہانت کیسے نوجوانوں کو برکت بخشتی ہے

ہمیں فرشتوں کی مانند خدمت گزاری کرنے، زمین کے تمام براعظموں پر اِنجیل کی منادی کرنے اور جانوں کو مسِیح کے پاس لانے میں مدد کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔

بھائیو اور بہنو، کہانت کے مُقدّس تحفے اور اِس زمانہ میں نوجوانوں کو برکت دینے کی اِس کی شاندار قوت کے بارے میں اِس تاریخی شام آپ سے بات کرنے کے لیے میں حقیقی طور پر شکر گزار ہوں۔ میں دُعا کرتا ہوں کہ میری خامیوں کے باوجود، سچائی کی تعلیم دینے میں رُوح میری معاونت کرے۔

صدارتِ اوّل نے ہارونی کہانت کے حاملین کو یاد دہانی کروائی ہے کہ ”آپ بڑے مواقعوں اور مشکلات کے دور میں رہتے ہیں—ایسا وقت جب کہانت بحال ہو چکی ہے۔ آپ کو اختیار ہے کہ ہارونی کہانت کی رسومات ادا کر سکیں۔ جب آپ دُعاگو ہو کر اور اہل طور پر اِس اِختیار کا اِستعمال کرتے ہیں، تو آپ اپنے ارد گرد کے لوگوں کی زِندگیوں کے لیے بڑی برکت کا باعث ہوں گے۔“۱ کلیسیا میں نوجوان لڑکوں کے طور پر، ہمیں یہ بھی یاد دلایا جاتا ہے کہ ہم ”خُدا کے عزیز [بَیٹے] ہیں اور اُس کے پاس [ہمارے] کرنے کو کام ہے،“۲ اور ہم ”انسان کو لافانیت اور ابدی زندگی بخشنے“(موسیٰ ۱: ۳۹) میں خُداوند کے معاون ہیں۔

کہانت نجات دہندہ کی اِنجیل کی رسوم اور عہود اُن لوگوں کو بہم پہنچانے کا نام ہے جو اُنہیں پانے کے اہل ہیں۔ ان کہانتی رسومات اور مُقدّس عہود کے ذریعے نِجات دہندہ کے کفّارے کی مکمل برکات دستیاب ہوتی ہیں، جو ہماری مدد کرتی ہیں کہ ہم اپنا الہی مقامِ مقصود پائیں۔

جوزف سمتھ ایک نوجوان لڑکا تھا جسے خُدا نے یِسُوع مسِیح کی اِنجیل بحال کرنے کی بُلاہٹ بخشی اور، اِسی مقصد کے لیے، اُسے کہانت عطا کی گئی، جسے اُس نے تمام نبی نوع انسان کو برکت دینے کے لیے استعمال کیا۔ عقائد اور عہود ۱۳۵ میں بہت سی برکات درج ہیں جو جوزف سمتھ نے اِس زمانے کے نوجوانوں کو بخشی ہیں۔ یوں مرقوم ہے: ”جوزف سمتھ … نے اِنسان کی نِجات کے لیے، سوائے یِسُوع کے، زمین پر بسے کسی بھی شخص سے بڑھ کر کام کیا ہے۔ … وہ مورمن کی کتاب کو سامنے لایا … ؛ ابدی اِنجیل کی معموری کو … دُنیا کے چاروں کونوں میں بھیجوایا؛ مُکاشفے اور احکام سامنے لایا جو عقائد اور عہود میں شامل ہیں … ؛ ایامِ آخر کے ہزار ہا مُقدّسین کو اکٹھا کیا، … اور ایسا نام اور مقام چھوڑ گیا جسے مٹایا نہیں جا سکتا۔“(عقائد اور عہود ۱۳۵: ۳

جوزف کی سی موثر خدمت کرنے کے لیے، ہمیں اہل طور پر خُداوند کی کہانتی قوت کو استعمال کرنے کے قابل ہونا ہے۔ مورمن کی کتاب کا ترجمہ کرتے ہوئے، جوزف اور اولیور کاؤڈری بپتسمہ پانا چاہتے تھے، لیکن اُن کے پاس مناسب اِختیار نہیں تھا۔ ۱۵ مئی، ۱۸۲۹، کو وہ دُعا میں گھٹنے ہوئے اور یُوحنّا بپتِسمہ دینے والا اُن پر ظاہر ہوا، جس نے ہارونی کہانت کی کنجیاں اور اِختیار یہ کہتے ہوئے اُنہیں عطا کیا، ”میرے رفیق خادموں، ممسوح کے نام سے میں تمہیں ہارون کی کہانت عطا کرتا ہوں، جو فرشتوں کی خدمت گزاری اور توبہ کی اِنجیل اور گناہوں کی معافی کے لیے غوطے کے بپتسمے کی کنجیاں رکھتی ہے“ (عقائد اور عہود ۱۳: ۱

ہمیں فرشتوں کی مانند خدمت گزاری کرنے، زمین کے تمام براعظموں پر اِنجیل کی منادی کرنے اور جانوں کو مسِیح کے پاس لانے میں مدد کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔ یہ خدمت ہمیں یُوحنّا بپتِسمہ دینے والے، مرونی، جوزف سمتھ، صدر رسل ایم نیلسن اور خُداوند کے دیگر جانفشاں خادموں کی صف میں لا کھڑا کرتی ہے۔

اُس کی کہانت میں اور اِس کے ساتھ ہماری خدمت اُن لوگوں کو اکٹھا کرتی ہے جو خُداوند کی تعلیمات کی قطعی طور پر پیروی کرنے اور اُن کے مطابق جینے کا تہیہ کرتے ہیں، میں ذاتی طور پر جانتا ہوں کہ جوانی کی مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے ایسا کرنا مشکل ہے۔ لیکن کارِ خُداوندی کی تکمیل کے لیے خُداوند کے اِن رفیق خادموں کے ساتھ اتحاد ہمیں مخالف کی آزمائشوں اور چالوں کے خلاف مضبوطی بخشے گا۔ آپ اُن سب کے لیے روشنی کا مینارہ ہو سکتے ہیں جو اپنے آپ میں بے یقینی کے مارے ہیں۔ آپ کا نورِ باطن اِس قدر روشن ہو گا کہ آپ کے ساتھ تعلق میں آنے والا ہر ایک صرف آپ کے ساتھ ہونے سے ہی برکت پا لے گا۔ بعض اوقات اپنے ساتھ کے روحانی رفیقوں کی موجودگی کا اقرار کرنا مشکل ہوتا ہے، لیکن میں یہ جان کر شکر گزار ہوں کہ میں کہانت کے ایک وفادار کورم کا رکن ہوں جن کے ساتھ مصروفِ عمل ہو کر میں مسِیح کے قریب تر ہو سکتا ہوں۔

ہمارے احباب اور خاندان کے ساتھ ساتھ، رُوحُ الُقدس ہمارا سب سے وفادار اور قابلِ بھروسا رفیق ہے۔ لیکن اُس کی مستقل رفاقت کو مدعو کرنے کے لیے، ضروری ہے کہ ہم خود کو ایسے حالات اور مقامات پر رکھیں جہاں وہ موجود ہونا چاہے گا۔ جب ہم روزانہ بطور خاندان مُطالعہِ صحائف اور دُعا میں حصہ لیتے ہیں، اور اِس سے بھی ضروری یہ کہ جب ہم ذاتی طور پر مُطالعہِ صحائف اور ذاتی دُعا کرتے ہیں تو اِس کا آغاز ہمارے گھروں سے ہو سکتا ہے جب ہم اِنہیں مُقدّس مقامات بنانے کے لیے کام کرتے ہیں۔

شبیہ
اینزو اور اُس کی بہن
شبیہ
اینزو اور اُس کا خاندان

اس سال کے اوائل میں، مجھے ایک پُر جوش اور فروتن کرنے والا موقع ملا کہ اپنی چھوٹی بہن، اوشی این، کی مدد کروں کہ وہ بپتسمہ کی دعوت قبول کر کے راہِ عہد پر آگے بڑھے جو سیلیسٹیل بادشاہی میں داخل ہونے کی مقرر شدہ شرط ہے۔ اُس نے اپنا بپتسمہ میری بطور کاہن تقرری تک ایک ماہ موخر کیا، اور مجھے یہ اعزاز بخشا کہ میں یہ رسم ادا کروں، جبکہ کہانتی تفویض کے تحت کام کرتے ہوئے میری دوسری بہنوں کو یہ اعزاز بخشا گیا کہ وہ بطور شاہد کھڑی ہوں۔ جب ہم حوض کے مخالف جانب کھڑے پانی میں اترنے کے لیے تیار تھے، تو میں نے اُس کا ولولہ دیکھا، جو میرے جوش کا ہم پلہ تھا۔ اور میں نے اُس کے ساتھ احساسِ اتحاد محسوس کیا، دیکھ کر کہ وہ درست فیصلہ کر رہی تھی۔ کہانت کے استعمال کے اِس موقعے کا مطالبہ تھا کہ میں انجیل کے موافق زندگی گزارنے میں زیادہ احتیاطی اور کم اتفاقی رویہ اختیار کروں۔ اِس کی تیاری کے لیے، میں اُس ہفتے ہر روز ہَیکل میں گیا، اور مُردوں کے لیے بپتسمہ لینے میں میری ماں، نانی، اور بہن نے میری معاونت کی۔

اِس تجربے نے مجھے کہانت کے بارے میں بہت کچھ سکھایا اور یہ کہ میں اہل طور پر اِس کا استعمال کیسے کر سکتا ہوں۔ اگر ہم نیفی کی مثال پر عمل کرتے ہوئے ”جائیں اور عمل کریں“ تو میں جانتا ہوں کہ سب کہانتی حامل وہ چیزیں محسوس کر سکتے ہیں جو میں نے محسوس کیں (دیکھیں ۱ نیفی ۳: ۷)۔ ہم بے کار بیٹھے ہوئے یہ امید نہیں رکھ سکتے کہ خُداند ہمیں اپنے عظیم کام میں استعمال کرے۔ ہمیں یہ انتظار نہیں کرنا چاہیے کہ جنہیں ہماری ضرورت ہے وہ ہمیں ڈھونڈیں؛ کہانتی حاملین کے طور پر ہمارا فریضہ ہے کہ ہم مثالی ہوں اور خُدا کے گواہ ٹھہریں۔ اگر ہم ایسے فیصلے کر رہے ہیں جو ہماری ابدی ترقی کی راہ میں حائل ہوتے ہیں، تو ہمیں فوراً تبدیل ہونا ہے۔ شیطان اپنی پوری کوشش کرے گا کہ وہ ہمیں نفسانی حالت میں رکھے کہ ہم سادہ لذتوں کے متلاشی رہیں۔ لیکن میں جانتا ہوں کہ اگر ہم کوشش کریں، اُن لوگوں کو ڈھونڈیں جو ہماری معاونت کریں گے، اور روزانہ توبہ کریں، تو نتیجے میں ملنے والی برکات شاندار ہوں گی اور راہِ عہد پر آگے بڑھتے ہوئے ہماری زندگیاں ہمارے کے لیے بدل جائیں گی۔

میں جانتا ہوں کہ یہی یِسُوع مسِیح کی سچی کلیسیا ہے، جو ہمارا نجات دہندہ ہے اور اُس نے اپنے رسولوں کو کہانت کی کنجیاں بخشیں ہیں، جو خاص طور پر اِن مشکل ایّام میں، ہماری رہنمائی کرنے اور دُنیا کو اُس کی واپسی کے لیے تیار کرنے کے لیے اِن کا استعمال کرتے ہیں۔

میں جانتا ہوں کہ جوزف سمتھ بحالی کا نبی تھا اور کہ صدر نیلسن آج ہمارے زندہ نبی ہیں۔ میں ہم سب کو دعوت دیتا ہوں کہ اِن عظیم کہانتی حاملین کی زِندگیوں کا مُطالعہ کریں اور روزانہ خود میں بہتری لانے کی کوشش کریں تاکہ ہم اپنے خالق سے ملنے کے لیے تیار ہوں۔ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔

حوالہ جات

  1. صدارتِ اوّل Fulfilling My Duty to God (کتابچہ ۲۰۱۰)، ۵ میں۔

  2. Aaronic Priesthood quorum theme, in General Handbook: Serving in The Church of Jesus Christ of Latter-day Saints, 10.1.2, ChurchofJesusChrist.org.