مجلسِ عامہ
اِس کی سُنو!
مجلسِ عامہ اپریل ۲۰۲۰


اِس کی سُنو!

ہمارا آسمانی باپ جانتا ہے کہ جب ہم خوف اور غیریقینی کی صورت میں گرفتار ہوتے ہیں، تو سب سے بڑھ کر اپنی اپنی مدد کے لیے اُس کے بیٹے کی سُنیں۔

میرے پیارے بھائیو اور بہنو، مَیں اِس کے لیے کس قدر شُکرگُزار ہُوں کہ، ٹیکنالوجی کے وسیلے سے، ہم اِس اِتوار کی صبح کو عبادت کرنے کے لیے اِکٹھے ہونے کے قابل ہُوئے ہیں۔ ہم کس قدر مُبارک ہیں یہ جان کر کہ یِسُوع مسِیح کی اِنجیل اِس دُنیا میں بحال ہو چُکی ہے!

گُزشتہ چند ہفتوں میں، ہم میں سے اکثر اپنی اپنی ذاتی زندگیوں میں افراتفری کا شِکار ہُوئے ہیں۔ زلزلے، آگ، سیلاب، وبائیں، اور اُن کے اثرات نے معمولاتِ زندگی کو درھم برھم کر دیا اور خُوراک، ضروری اَشیا اور جمع شُدہ پُونجی کی قِلت پیدا کر دی ہے۔

اِن سبھی کے بیچ، ہم آپ کی توصیف کرتے ہیں آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ افراتفری کے عالم میں خُداوند کا کلام سننے کے لیے مجلسِ عامہ میں ہمارے ساتھ شامل ہوئے۔ مصیبت کے ساتھ ساتھ بڑھتی ہوئی تاریکی میں یِسُوع مسِیح کا نُور اور زیادہ تجلی ظاہر کرتا ہے۔ ذرا اُس نیکی کے بارے میں سوچئے کہ ہم میں سے ہر ایک اِس عالمی بُحران کے دوران میں کر سکتا ہے۔ نجات دہندہ پر آپ کا اِیمان اور محبت کسی کے واسطے شاید مسِیح کی اِنجیل کی معموری کی تلاش کا سبب ہو سکتی ہے۔

پچھلے دو برسوں میں، سسٹر نیلسن اور مَیں پُوری دُنیا میں آپ جیسے لاکھوں لوگوں سے مِل چُکے ہیں۔ ہم نے آپ کے ساتھ بڑے بڑے میدانوں اور ہوٹلوں کے بڑے جلسہ گاہوں میں مُلاقات کی ہے۔ ہر مقام پر، مَیں نے محسوس کیا کہ مَیں خُداوند کے برگُزیدہ لوگوں کی موجودگی میں ہُوں اور کہ مَیں اپنی آنکھوں کے سامنے اِسرائیل کو اِکٹھا ہوتا ہُوا دیکھ رہا تھا۔

ہم ایسے دَور میں رہتے ہیں ”جس کا ہمارے اَباواجداد نے بے چینی سے اِنتظار کیا ہے۔“۱ جو کچھ نیفی نبی نے صرف رویا میں دیکھا، اُس کی جیتی جاگتی گواہی پانے کے لیے ہمارے پاس صفِ اَوّل کی نِشستیں ہیں جہاں سے خُدا کے برّے کی ایسی قُدرت ”خُداوند کے موعودہ لوگوں پر نازل ہُوئی جو تمام روئ زمین پر پھیلے ہُوئے تھے۔ اور وہ راست بازی اور خُدا کی قدرت کے بڑے جلال سے لیس تھے۔“۲

آپ، میرے بھائیو اور بہنو، اُن مردوں، عورتوں، اور بچّوں میں شامِل ہیں جنھیں نیفی نے دیکھا تھا۔ اِس کے بارے میں سوچیں!

اِس بات سے قطع نظر کہ آپ کہاں رہتے ہیں یا آپ کے حالات کیسے ہیں، خُداوند یِسُوع مسِیح آپ کا نجات دہندہ ہے، اور خُدا کا نبی، جوزف سمتھ آپ کا نبی ہے۔ وہ بِنایِ عالَم سے پیش تر آخِری زمانے کا نبی ہونے کے لیے مُقرر کیا گیا تھا، جب مُقّدسین سے”کچھ بھی روک کر نہ رکھا جائے گا۔“۳ بحالی کے اِس جاری عمل کے دوران میں خُداوند کی طرف سے مُکاشفے کا سلسلہ جاری ہے۔

آپ کے لیے اِس کے کیا معنی ہیں کہ یِسُوع مسِیح کی اِنجیل کو زمین پر بحال کردیا گیا ہے؟

اِس سے مُراد ہے کہ آپ اور آپ کا خاندان ہمیشہ کے لیے اِکٹھے مُہر بند ہو سکتے ہیں! اِس کا مطلب یہ ہے کیوں کہ آپ نے کسی ایسے شخص سے بپتسمہ پایا ہے جس کو یِسُوع مسِیح سے اِختیار مِلا ہے اور اُس کی کلیسیا میں اِستحکام پایا ہے، آپ رُوحُ القُدس کی مستقل رفاقت سے فیض یاب ہو سکتے ہیں۔ وہ آپ کی راہ نمائی اور حفاظت کرے گا۔ اِس کا مطلب ہے کہ آپ کو کبھی بےیارومددگار نہیں چھوڑا جائے گا یا آپ کی مدد کے لیے قُدرتِ اِلہٰی کی رسائی نہیں رُکے گی۔ اِس کا مطلب ہے کہ جب آپ ضروری رُسوم پاتے اور خُدا کے ساتھ عہد باندھتے، اور اُن پر چلتے ہیں تو کہانت کی قُدرت آپ کو برکت دے سکتی ہے۔ کیسا آسرا ہیں یہ سچّائیاں ہماری جانوں کے واسطے، بالخصوص اِن وقتوں میں جب طوفان شدید ہو رہا ہے۔

مورمن کی کِتاب دو بڑی آفاقی تہذیبوں کا تذکرہ کرتی ہے۔ اُن کی تاریخ سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگوں کی اکثریت کے لیے خُدا کو فراموش کرنا، خُداوند کے نبیوں کی تنبیہات کو مسترد کرنا، اور طاقت، شُہرت اور جسمانی لذتوں کی تلاش کرنا کتنا آسان ہے۔۴ بار بار، قدیم نبیوں نے ”لوگوں کے واسطے ارفع اور حیرت انگیز باتوں کی مُنادی کی، جس کا اُنھوں نے یقین نہ کیا۔“۵

ہمارے دَور میں کچھ مختلف نہیں ہے۔ برسوں کے دوران میں، پوری دُنیا کے تخصیصی منبروں سے بڑی ارفع اور حیرت انگیز باتیں سنی گئیں۔ اِس کے باوجود زیادہ تر لوگ اِن سچائیوں کو قبول نہیں کرتے—یا تو وہ نہیں جانتے کہ اُنھیں کہاں ڈھونڈنا ہے۶ یا اِس وجہ سے کہ وہ اُن لوگوں کی باتیں سن رہے ہیں جن کے پاس پُوری سچائی نہیں ہے یا اِس وجہ سے کہ اُنھوں نے دُنیاوی دوڑ دھوپ کوزیادہ ترجیح دے کر سچّائی کو ٹُھکرا دیا ہے۔

شیطان بہت چالاک ہے۔ وہ ہزاروں برس سے نیکی کو بدی اور بدی کو نیکی بنا رہا ہے۔۷ اُس کے پیغامات پُرشور، پُرزور، اور شیخی بگھارنے والے ہوتے ہیں۔

بہرکیف، ہمارے آسمانی باپ کے پیغامات بہت ہی مختلف ہیں۔ وہ سادگی سے، خاموشی سے، اور اِس قدر صاف گوئی سے کلام کرتا ہے کہ ہم اُس کو غلط تعبیر نہ کر سکیں۔۸

مثال کے طور پر، جب بھی اُس نے اپنے اِکلوتے بیٹے کو دُنیا میں فانی اِنسان سے مُتعارف کرایا ہے، اُس نے بہت ہی کم اَلفاظ کے ساتھ ایسا کیا ہے۔ تبدیلیِ صورت کے پہاڑ پر پطرس، یعقوب، اور یُوحنا کو خُدا نے فرمایا، ”یہ میرا پیارا بیٹا ہے: اِس کی سُنو۔“۹ قدیم شہر فراوانی میں خُدا نے نیفیوں سے یوں کلام کیا ”دیکھو میرا پیارا بیٹا، جس سے مَیں بہت خُوش ہُوں، جس سے مَیں نے اپنے نام کو جلال دیا ہے—تُم اِس کی سُنو۔“۱۰ اور جوزف سمتھ سے، اِس عمیق اعلان میں، جس نے اِس زمانے کو کھول دیا، خُدا نے سیدھے سیدھے اَلفاظ میں فرمایا،”یہ میرا محبوب بیٹا ہے۔ اِس کی سُنو!11

اب، میرے پیارے بھائیو اور بہنوں،اِن بیان کردہ تین واقعات کی حقیقت پر غور کریں کہ، باپ کا بیٹے کو مُتعارف کرانے سے عین پہلے، وہ لوگ خوف کی حالت اور، کسی حد تک مایوسی کا شکار تھے۔

رُسول خوف زدہ تھے جب اُنھوں نے یِسُوع مسِیح کو تبدیلیِ صورت کے پہاڑ پر بادل سے گھِرا ہُوا دیکھا۔

نیفی خوف زدہ تھے کیوں کہ وہ کئی دِنوں سے بربادی اور تاریکی میں تھے۔

جوزف سمتھ عین آسمان کُھلنے سے پہلے قوتِ تاریکی کے شکنجے میں تھا۔

ہمارا آسمانی باپ جانتا ہے کہ جب ہم خوف اور غیریقینی کی صورت میں گرفتار ہوتے ہیں، تو سب سے بڑھ کر اپنی اپنی مدد کے لیے اُس کے بیٹے کی سُنیں۔

کیوں کہ جب ہم اُس کے بیٹے کو سُننے—واقعی سُننے—کی کوشش کرتے ہیں تو، ہمیں یہ جاننے کی ہدایت کی جائے گی کہ کسی بھی حال میں کیا کرنا ہے۔

عقائد اور عہود کا سب سے پہلا لفظ ہے سُنو.۱۲ اِس کا مطلب ہے ”سُننا اِس نیت سے کہ عمل کرنا۔“۱۳ سُننا کا مطلب ہے کہ ”اُس کی سُنو“—کہ سُنو نجات دہندہ کیا فرماتا ہے اور اُس کی مشاورت پر دھیان دو۔ اِن دو لفظوں میں—”اُس کی سُنو“—خُدا ہمیں اِس زندگی میں کام یابی ، خُوشی اور شادمانی کا نمونہ دیتا ہے۔ ہمیں خُداوند کے کلام کو سُننا ہے، اُن کی تعمیل کرنا ہے، اور جو کچھ اُس نے ہمیں بتایا ہے اُس پر دھیان دینا ہے!

جب ہم یِسُوع مسِیح کے شاگرد بننے کے مُشتاق ہوتے ہیں، تو ہماری کوششوں کو اُس کو سُننے کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ قصداً ہونے کی ضرورت ہے۔ اُس کے کلام، اُس کی تعلیم، اُس کی سچائیوں سے اپنی اپنی روزمرہ کی زندگی کو بھرنے کے لیے شعوری اور متواتر کاوِش کی ضرورت پڑتی ہے۔

ہم محض ایسی معلومات پر انحصار نہیں کرسکتے ہیں جو ہمیں اچانک سوشل میڈیا پر مِل جاتی ہے۔ شیطان کی فسادی اور مذموم کرتوتیں آن لائن اَربوں اَلفاظ کے ساتھ اور تشہیر سے بھری دُنیا میں مسلسل درانداز ہوتی ہیں، ہم اُس کی سُننے کے لیے کہاں جا سکتے ہیں؟

صحائف کی طرف رجوع کر سکتے ہیں۔ وہ ہمیں یِسُوع مسِیح اور اُس کی اِنجیل، اُس کے کفارہ کی وسعت اور ہمارے باپ کی خُوشی اور فدیہ کے عظیم اُلشان منصوبے کے بارے میں تعلیم دیتے ہیں۔ روحانی بقا کے لیے خُدا کے کلام میں روزانہ ڈُوبنا نہایت ضروری ہے خاص طور پر بڑھتی ہوئی اَفراتفری کے اِن دنوں میں اہم ہے۔ جب ہم مسِیح کے کلام پر روزانہ ضیافت مناتے ہیں تو، مسِیح کا کلام ہمیں بتائے گا کہ اُن مُشکلات پر قابو کیسے پائیں جن کا سامنا کرنے کے بارے میں کبھی سوچا نہ تھا۔

ہم ہیکل میں بھی اُس کو سُن سکتے ہیں۔ خُداوند کا گھر آموزش کا گھر ہے۔ وہاں خُداوند اپنے طریقے سے تعلیم دیتا ہے۔ وہاں ہر رسم نجات دہندہ کے بارے میں تعلیم دیتا ہے۔ وہاں ہم کیسے پردے کو ہٹانا اور عالمِ بالا سے زیادہ واضح طریقے سے ہم کلام کرنا سیکھتے ہیں۔ وہاں ہم سیکھتے ہیں کہ کس طرح شیطان کی سرزنش کریں اور کس طرح اپنے عزیزوں اور خُود کو تقویت دینے کے لیے خُداوند کی کہانت کی قُدرت کو بروئے کار لائیں۔ ہم میں سے ہر کسی کو وہاں پناہ لینے کے لیے کس قدر بے تاب ہونا چاہیے۔

جب COVID-19 کی عارضی پابندیاں ختم ہوجاتی ہیں، تو براہ کرم ہیکل میں عبادت اور خدمت کے لیے باقاعدہ وقت طے کریں۔ اُس گھڑی کا ہر لمحہ آپ کو اور آپ کے اہلِ خانہ کو ایسے وسیلوں سے برکت دے گا جو کوئی نہیں کرسکتا ہے۔ جب آپ وہاں موجود ہوتے ہیں تو جو کچھ آپ سنتے اور محسوس کرتے ہیں اُس پر غوروفکر کے لیے وقت صرف کریں۔ خُداوند سے دُعا گو ہوں کہ آسمان کے دریچوں کو کھولنا سِکھائےاپنی زندگی اور اُن لوگوں کی زندگیوں میں برکت لانے کے لیے جن سے آپ محبت کرتے ہیں اور جن کی خدمت کرتے ہیں۔

اگرچہ اِس وقت ہیکل میں عبادت ممکن نہیں ہے، مگر مَیں آپ کو خاندانی تاریخ میں اپنی شمولیت بڑھانے کی دعوت دیتا ہوں، بشمول خاندانی تاریخ کی تحقیق اور ترتیب وار فہرست کی تیاری۔ مَیں وعدہ کرتا ہُوں کہ جب آپ ہیکل اور خاندانی تاریخ کے فرائض میں اپنا زیادہ وقت وقف کریں گے تو، اُس کو سُننے کی صلاحیت مؤثر اور وافر ہوگی۔

ہم اور بھی زیادہ واضح طور پر اُس کی سُنتے ہیں جب ہم رُوحُ القُدس کی سرگوشیوں کو پہچاننے کی صلاحیت کو بہتر بناتے ہیں۔ اِس بارے میں جاننا کہ رُوح آپ سے کیسے کلام کرتا ہے کبھی اِتنا ناگُزیر نہیں رہا جتنا اب ہے۔ الُوہیت میں، رُوحُ القُدس پیام بر ہے۔ وہ آپ کے دماغ میں خیالات لائے گا جو باپ بیٹا چاہتے ہیں کہ آپ پائیں۔ وہ مدد گار ہے۔ وہ آپ کے دِل میں تسّلی کا احساس دلائے گا۔ وہ سچّائی کی گواہی دیتا ہے اور جب آپ خُداوند کا کلام سنتے اور پڑھتے ہیں تو وہ سچّ کو مُستحکم کرے گا۔

مَیں آپ سےاَز سرِ نو اِلتجا کرتا ہُوں کہ شخصی مُکاشفہ پانے کے واسطے اپنی رُوحانی لیاقت کو بڑھانے کے لیے جو کچھ بھی ہو سکتا ہے کرو۔

ایسا کرنے سے آپ کو یہ جاننے میں مدد ملے گی کہ آپ نے اپنی زندگی میں کیسے آگے بڑھنا ہے، بُحران کے وقت کیا کرنا ہے، اور کس طرح شیطان کے وسوسوں اور فریب کاریوں کو سمجھنا اور بچنا ہے۔

اور، بالآخر، ہم اُس کی سنتے ہیں جب ہم نبیوں، رویا بینوں اور مُکاشفہ بینوں کی باتوں پر دھیان دیتے ہیں۔ یِسُوع مسِیح کے مُقرر کردہ رُسول ہمیشہ اُس کی گواہی دیتے ہیں۔ وہ اُس راستے کی نشاندہی کرتے ہیں جب ہم اپنے بشری معاملات وحالات کی دریدہِ دِل بُھول بُھلیوں میں سے اپنا راستہ بناتے ہیں۔

جب آپ زیادہ توجہ کے ساتھ سُنتے، غور سے سُنتے، اور دھیان دیتے ہیں کہ نجات دہندہ نے کیا فرمایا ہے اور جو اب وہ اپنے نبیوں کے وسیلے سے فرما رہا ہے تو کیا ہوگا؟ مَیں وعدہ کرتا ہُوں کہ آزمایش، کش مکش، اور کم زوری سے نمٹنے کے لیے آپ کو مزید تقویت کی برکت نصیب ہوگی۔ مَیں آپ کے ازدواجی تعلقات، خاندانی رشتوں، اور روز مرہ کے کاموں میں معجزوں کا وعدہ کرتا ہُوں۔ اور مَیں وعدہ کرتا ہُوں کہ آپ کی احساسِ شادمانی کی حس بڑھے گی بےشک آپ کی زندگی میں اَفراتفری پھیلتی ہے۔

اپریل ۲۰۲۰ کی مجلسِ عامہ اُس واقعہ کی یادگار منانے کا وقت ہے جس نے دُنیائے تاریخ کو بدل ڈالا۔ چوں کہ ہم جوزف سمتھ کی پہلی رویا کی ۲۰۰ویں سال گرہ کے مُنتظر تھے، اِس لیے صدارتِ اَوّل اور بارہ رسُولوں کی جماعت نے غوروخوص کیا کہ اِس یکتا و منفرد واقعے کے جشن کو واجب طریقے سے منانے کے لیے ہمیں کیا کرنا چاہیے۔

اُس اِلہٰی دیدار نے یِسُوع مِسیح کی اِنجیل کی بحالی کی بُنیاد رکھی اور زمانوں کی معموری کا آغاز ہُوا۔

ہم نے خیال کیا کہ کوئی یاد گار تعمیر کی جانی چاہیے۔ لیکن جب ہم نے پہلی رویا کے مُنفرد تاریخی پہلوؤں اور اُس کے دُنیا پر اثرات کے جائزہ لیا تو، ہم نے محسوس کیا کہ سنگِ مرمر یا قیمتی پتھر کی نہیں بلکہ اَلفاظ کی یاد گار تعمیر کریں—پاک اور سنجیدہ اَلفاظ کا اعلان—لکھا ہُوا، ”پتھر کی لوحوں“ پر کندہ کرنے کے لیے نہیں بلکہ اپنے دِلوں کی ”گوشتین لوحوں“ پر نقش کرنے کے واسطے۔۱۴

جب سے کلیسیا قائم ہُوئی ہے، صرف پانچ فرمان جاری ہُوئے ہیں، سب سے آخِر میں، ”خاندان: دُنیا کے لیے فرمان،“ ۱۹۹۵ میں صدر گورڈن بی ہنکلی نے جاری کیا۔

اب جب ہم دُنیائے تاریخ کے معنی خیز زمانے اور یِسُوع مسِیح کی آمدِ ثانی کی تیاری کے لیے پراگندہ اِسرائیل کو اِکٹھا کرنے کے حکمِ خُداوندی پر غور کرتے ہیں تو، ہم، صدارتِ اَوّل اور بارہ رسُولوں کی جماعت درج ذیل فرمان جاری کرتے ہیں۔ اِس کا عنوان ”یِسُوع مسِیح کی معموریِ اِنجیل کی بحالی: دُنیا کے لیے دو صد سالہ فرمان“ ہے۔ اِس کی تصنیف کلیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقّدسینِ آخِری ایّام کی صدارتِ اَوّل اور بارہ رسُولوں کی جماعت نے انجام دی ہے۔ اِس کی تاریخ اپریل ۲۰۲۰ ہے۔ آج کی پیش کش کے لیے، مَیں نے اِس فرمان کو مُقّدس جُھنڈ میں ریکارڈ کرایا، جہاں جوزف سمتھ نے باپ اور بیٹے کو پہلی بار دیکھا تھا۔

ہم باضابطہ طور پر اعلان کرتے ہیں کہ دُنیا کی ہر قوم میں اپنی اُمت سے پیار کرتا ہے۔ خُدا باپ نے ہمیں اِلہٰی جنم، لاثانی زندگی، اور اپنے پیارے بیٹے یِسُوع مسِیح کی لامحدود کفارے کی قُربانی عطا کی ہے۔ باپ کی قُدرت کے وسیلے سے یِسُوع دوبارہ جی اُٹھا اور موت پر فتح پائی۔ وہ ہمارا نجات دہندہ ،ہمارا مثالی نمونہ، اور فدیہ دینے والا ہے۔

دو سو برس قبل، ۱۸۲۰ کے موسمِ بہار کی خُوب صورت صبح کو نوجوان جوزف سمتھ، یہ جاننے کی کوشش کر رہا تھا کہ کون کلیسیا میں شامل ہو، اِس لیے ریاستہائے مُتحدہ امریکہ کی ریاست نیویارک کے شمال میں اپنے گھر کے قریب جنگل میں دُعا کرنے کے لیے گیا۔ اُس نے اپنی جان کی نجات کے بارے میں سوال کرنے تھے اور اُس نے توّکل کیا کہ خُدا اُس کی ہدایت فرمائے گا۔

”فروتنی کے ساتھ، ہم اعلان کرتے ہیں کہ اُس کی دُعا کے جواب میں، خُدا باپ اور اُس کا بیٹا، یِسُوع مسِیح، جوزف پر ظاہر ہُوئے اور کلامِ مُقّدس میں پیش گوئی کے مطابق، ’ہر چیز کی بحالی‘ (اعمال ۳:‏۲۱)کا باضابطہ آغاز کیا۔ اِس رویا میں، اُسے عِلم ہُوا کہ اِبتدائی رسُولوں کی وفات کے بعد مسِیح کے عہدِ جدید کی کلیسیا کو زمین پر سے اُٹھا لیا گیا تھا۔ جوزف اُس کی واپسی کے لیے وسیلہ ہوگا۔

”ہم اِقرار کرتے ہیں کہ باپ اور بیٹے کی زیرِ ہدایت، آسمانی پیام بر جوزف کو تعلیم دینے اور یِسُوع مسِیح کی کلیسیا کو پھر سے قائم کرنے کے لیے نازِل ہُوئے۔ جی اُٹھے بپتسما دینے والے یُوحنا نے گُناہوں کی توبہ کے واسطے غوطے کے ذریعے سے بپتسما دینے کا اِختیار بحال کیا۔ اِبتدائی بارہ رسُولوں میں سے تین—پطرس، یعقوب، اور یُوحنا—نے رسالت اور کہانت کی کُنجیوں کا اِختیار بحال کیا۔ دُوسرے بھی نازِل ہُوئے، بشمول اَیلیاہ، جس نے خاندانوں کو موت سے ماورا ابدی رِشتوں میں ہمیشہ کے لیے اِکٹھے پیوستہ کرنے کا اِختیار بحال کیا۔

”ہم مزید گواہی دیتے ہیں کہ جوزف سمتھ کو قدیم صحیفہ:مورمن کی کِتاب—یِسُوع مسِیح کا ایک اور عہدنامہ کا ترجمہ کرنے کے لیے خدا کی قُدرت اور نعمت عطا کی گئی تھی۔ اِس مُقّدس صحیفے کے صفحات میں یِسُوع مسِیح کی مغربی کُرہِ ارض کے باشندوں کے درمیان میں اپنے جی اُٹھنے کے فوراً بعد شخصی خدمت کا احوال شامل ہے۔ یہ مقصدِ حیات کی تعلیم دیتا ہے اور مسِیح کی تعلیم کی وضاحت کرتا ہے، جو اُس مفہوم کا مرکزی ہے۔ کلامِ مُقّدس کے رفیقِ کار کی حیثیت سے مورمن کی کِتاب گواہی دیتی ہے کہ کُل بنی نوع اِنسان پیارے آسمانی باپ کے بیٹے اور بیٹیاں ہیں، کہ ہماری زندگیوں کے واسطے اِلہٰی منصوبہ ہے، اور کہ یِسُوع مسِیح، اُس کا بیٹا، جیسے قدیم ایّام اُسی طرح آج بھی کلام کرتا ہے۔

”ہم اعلان کرتے ہیں کہ ۶ اپریل، ۱۸۳۰ کو مُنظم کی گئی، کلیسیائے یسوع مسیح برائے مقدسینِ آخِری ایّام، مسِیح کی نئے عہد نامے کی بحال شُدہ کلیسیا ہے۔ یہ کلیسیا اپنے کونے کے سرے کے پتھر، یِسُوع مسِیح، کی کامِل زندگی، اور اُس کے لامحدود کفارے اور حقیقی قیامت میں لنگر انداز ہے۔ یِسُوع مسِیح نے ایک بار پھر رسُولوں کو بُلایا ہے اور کہانت کی قُدرت اُن کو عطا کی ہے۔ وہ ہم سب کو اپنے اور اپنی کلیسیا کے پاس آنے، رُوحُ القُدس پانے، نجات کی رُسوُم، اور دائمی راحت پانے کی دعوت دیتا ہے۔

”جب سے خُدا باپ اور اُس کے پیارے بیٹے یِسُوع مسِیح نے اِس بحالی کا آغاز کیا تھا اُس کے اب دو سو برس بیت چُکے ہیں پُوری دُنیا میں لاکھوں اَفراد نے اِن نَبُوّت کیے گئے واقعات کا عِلم قبول کرلیا ہے۔

”ہم بڑی مسرت کے ساتھ اعلان کرتے ہیں کہ موعودہ بحالی کا سلسلہ پیہم مُکاشفہ کے وسیلے سے آگے بڑھتا ہے۔ یہ زمین پھر کبھی دوبارہ ویسی نہ ہوگی، جب خُدا ’مسِیح میں سب چِیزوں کا مجمُوعہ‘ کرے گا (اِفسِیوں ۱:‏۱۰)۔

”عقیدت اور احترام کے ساتھ، بحیثیتِ رسُول سب کو یہ جاننے کی دعوت دیتے ہیں—جیسے ہم جانتے ہیں—کہ آسمان کے دریچے کُھلے ہیں۔ ہم اِقرار کرتے ہیں کہ خُدا اپنے پیارے بیٹوں اور بیٹیوں کے واسطے اپنی مرضی ظاہر کر رہا ہے۔ ”ہم اِقرار کرتے ہیں کہ جو سنجیدگی سے بحالی کے پیغام کا مطالعہ کرتے اور اِیمان کے ساتھ عمل کرتے ہیں وہ اِس کے الہامی ہونے اور اِس کے مقصد یعنی اِس زمین کو ہمارے خُداوند اور نجات دہندہ، یِسُوع مسِیح کی موعودہ آمدِ ثانی کے لیے تیار کرنے کے واسطے اپنی اپنی ذاتی گواہی پائیں گے۔“۱۵

پیارے بھائیو، بہنو، یِسُوع مسِیح کی معموریِ اِنجیل کی بحالی کے حوالے سے دُنیا کے سامنے ہمارا دو صد سالہ اعلان ہے۔ اِس کا ترجمہ ۱۲ زبانوں میں کیا جا چُکا ہے۔ دوسری زبانیں بہت جلد تقلید کریں گی۔ یہ کلیسیا کی ویب سائٹ پر فوراً فراہم ہو جائے گا، جہاں سے آپ کو اِس کی کاپی مل سکتی ہے۔ اپنے خاندان کے اَفراد اور دوستوں کے ساتھ اور شخصی طور پر اِس کا مُطالعہ کریں۔ سچّائیوں پر غوروفکر کریں اور سوچیں کہ اِن سچّائیوں سے آپ کی زندگی پر کیا اثرات مرتب ہوں گے اگر آپ اُن کو سُنیں گے، اُن کی تعمیل کریں گے اور اُن سے جُڑے حُکموں اور عہود پر دھیان دیں گے۔

مُجھے علم ہے کہ جوزف سمتھ اَزل سے مُقرر نبی ہے جس کو خُداوند نے اِس آخِری زمانے کو کھولنے کے لیے چُنا۔ اُس کے وسیلے سے خُداوند کی کلیسیا کو اِس دُنیا میں بحال کیا گیا تھا۔ جوزف نے اپنے خون سے اپنی گواہی پر مُہر لگا دی۔ مُجھے کس قدر اُس سے پیار اور عقیدت ہے!

خُدا زندہ ہے! یِسُوع المسِیح ہے! اُس کی کلیسیا بحال ہو چُکی ہے! وہ اور اُس کا باپ، ہمارا آسمانی باپ ہماری نگہ بانی کرتے ہیں۔ مَیں یہ گواہی یِسُوع مسِیح کے مُقّدس نام پر دیتا ہُوں، آمین۔